مژھل میں تازہ برفباری
کیرن اور کرناہ سڑکیں پسیا ں گر آنے کی وجہ سے بند
اشرف چراغ
کپوارہ// مژھل میں تازہ برف باری اور موسلا داربارشوں کی وجہ سے میلیال کیرن اورچوکی بل کرناہ سڑکیں پسیاں گرآنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے ہنوزبندہیں۔ضلع کپوارہ میں موسلا دار بارشو ں کا سلسلہ کئی روز سے جاری تھا، تاہم بدھ کی شب کو حد متارکہ پر واقع مژھل کے اندرونی علاقوں میں 4انچ تا زہ برف جمع ہوئی جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر جمعرات کی صبح تک1فٹ سے زائد برف جمع ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے ، جس کے نتیجے میں سرکلی مژھل سڑک ہنوز بند ہے ۔اس دوران موسلا دار بارشو ں کی وجہ سے میلیال کیرن سڑ ک پر کئی مقامات پر بھاری پسیاں گر آئی ہیں جبکہ چوکی بل کرناہ سڑک پر بھی پسیا ں گر آنے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث ان علاقوں کو جانے والی شاہراہیں گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند پڑی ہیں ۔اس دوران جمعرات کو موسم یں بہتری کے ساتھ ہی کیرن اور کرناہ کی سڑکو ں پر پسیا ں ہٹانے کا کام شروع کیا گیا جو آخری طلاعات ملنے تک جاری تھا ۔بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی دوپہر تک ان سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے قابل بنایا جائے گا ۔
شیخ عمران کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے
ایس ایم سی کونسلروں کا مطالبہ
سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کچھ کونسلروں نے جمعرات کو مطالبہ کیا کہ ایس ایم سی کے سابق نائب میئر شیخ عمران کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جانا چاہئے۔ایک بیان میں مذکورہ کونسلروں نے کہا کہ یہ ا نتہائی بد قسمتی کی بات ہے کہ ایس ایم سی کا ایک منتخب نمائندہ گذشتہ سات ماہ سے زیادہ عرصہ سے اسیر ہے۔اگر چہ اکثر قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی گئی ، لیکن ایک مین سٹریم لیڈر جو دفعہ107کے تحت ایام اسیری کاٹ رہا ہے، کو ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا شیخ عمران کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جانا چاہئے کیونکہ اُس کے گھر میں اُس کے عمر رسیدہ والدین اور چھوٹے بچے ہیں ،جو موجودہ حالات میں اُس کی صحت کو لیکر تشویش میں مبتلاء ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے سابق نائب میئر شیخ عمران بینک فراڈ کیس کے سلسلے میں نظربند ہیں۔
گریزمیں برفانی تودے سے شہری کی لاش47روزبعد برآمد
بانڈی پورہ//عازم جان //ڈیڑھ ماہ قبل گریزمیں برف کے تودے کی زد میں آکر دب جانے والے شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔اس سال15فروری کوچک نالہ گریز میں برف کے تودے کی زدمیں آکر جاویداحمدلون ولدعبدالعزیزلون لاپتہ ہوگیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مرکوٹ گریز میں جمعرات کی صبح کودریائے کشن گنگا کے کنارے مقامی لوگوں نے ایک لاش دیکھی اور گریز پولیس کو مطلع کیا۔پولیس کی ایک ٹیم ڈاکٹر سمیت مرکوٹ روانہ ہوئی اور لاش کو برآمد کیا۔پولیس کے مطابق یہ لاش تلیل کے جاویداحمد لون کی تھی جو 47روز قبل15فروری کوایک برفانی تودے کی زد میں آکر دب گیا تھا۔قانونی لوازمات پورا کئے جانے کے بعد لاش کو لواحقین کے سپردکیاگیا
واسکوہ گاندربل ’بفرزون‘ قرار،13افراد کی رپورٹ منفی آئی
گاندربل//ارشاداحمد// دوروزقبل ریڈ زون قراردیئے گئے ، واسکورہ گاندربل کے 13شہریوں کی کروناٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کے بعد اس علاقے کو ’بفر‘ زون قراردیاگیا ہے ۔اس دوران گاندربل کے دواسپتالوں میں24افراد کو قرنطینہ میں رکھاگیا ہے ۔محکمہ صحت کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ضلع گاندربل میں اب تک درجنوں شہریوں کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھیجے گئے تھے جو کہ تمام منفی ثابت ہوئے ۔ادھر حال ہی میں ریڈ زون قرار دیئے گئے واسکورہ سے بھی 13 افراد کے نمونے حاصل کئے گئے تھے ،جن کے نتائج بھی منفی نکلے، جس کے بعد واسکورہ کو’بفر‘ زون قرار دیا گیا۔ضلع میں اس وقت بیرون کشمیر سے آنے والے 24 افراد کو وتہ لار اور وسن میں قائم کئے گئے آئسولیشن وارڑ وںمیں رکھا گیا ہے ۔ادھر ضلع کے مختلف علاقوں میں600کے قریب افراد،جو باہر کاسفر کرکے لوٹے ہیں، کو اپنے گھروں میں ہی 14 روز تک قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جن کی محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم روزانہ ملاحظہ کرتی ہے ۔
تیندوے کا حملہ
کوکرناگ اوردمحال ہانجی پورہ میں7 افرادزخمی،15بھیڑیں ہلاک
عارف بلوچ
اننت ناگ//جنوبی ضلع کولگام کے دمحال ہانجی پورہ میں اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب ایک خونخوار تیندوے نے سات افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا جن میں دو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ علاقے میں جمعرات کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک تیندوے نے سات افراد پر حملہ کرکے ان کو زخمی کر دیا ۔زخمی ہونے والے افراد کی شناخت عبد الحمید ڈار ولد ولی محمد ڈار ، عاشق حسین نائیک ولد علی محمد ، یاور احمد شاہ ولد ریاض احمد شاہ ، معشوق احمد شاہ ولد سراج الدین شاہ ، محمد امین ولد بشیر احمد ،عطاللہ ولد بشیر احمد نائیک او ر سیار احمد ولد محمد یوسف نائیک کے بطور ہوئی جنہیں پی ایچ سی مزگام علاج و معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا جہاں دو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ تیندوے کے حملے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار علاقے میں نمودار ہوئے جنہوں نے تیند وے کومار ڈالا ۔ ادھر وتناڑ کوکرناگ میں تیندوے نے دوران شب15 بھیڑبکریوں کو چیر پھاڑ دیا ۔بدھ و جمعرات کی درمیانی شب تیندوے نے غلام حسن تانترے کے گائو خانہ میں موجود15بھیڑبکریوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ کئی بھیڑیںابھی بھی لاپتہ ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس سلسلے میںمحکمہ وائلڈ لائف کو علاقہ میں تیندوے کی موجودگی سے باخبر کیا گیا تھاتاہم محکمہ نے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جس کے سبب ایک غریب کسان کو نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔ادھر ویری ناگ میں بھی لوگوں نے علاقہ میں تیندوے کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے تیندوا دوران شب بستیوں کی طرف رخ کر رہا ہے جس کے سبب مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا ہے ۔لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے تیندوے کو پکڑنے کی اپیل کی ہے ۔
کیرن اور مژھل میںلازمی اشیاء نایاب
عوام کو گوناگوں مشکلات کا سامنا
اشرف چراغ
کپوارہ// شمالی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر واقع کیرن ،مژھل اور جمہ گنڈ میں لاک ڈائون کے دوران لوگو ں کو اپنے ہی گھرو ں میں بندہیں اور لوگو ں کی نقل وحمل پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم ان علاقوں میں لاک ڈائون کی وجہ سے بازارو ں میں ضروریات زندگی کی چیزو ں کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔کیرن کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ یوں توانہیں ہر وقت ضروریات زندگی کی چیزیں حاصل کر نے کے لئے زبردست دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم لاک ڈائون کی وجہ سے اب یہا ں دکا نیں پوری طرح بند ہیں اورعلاقے میں آ ٹا ،سبزی اور دیگر اشیائے خوردنی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔لوگو ں نے کہا کہ وہ سرکاری احکامات من و عن عمل کررہے ہیں۔
سرینگر میں 3 قمار باز گرفتار
سرینگر //سرینگر پولیس نے مہاراج گنج علاقے میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین قمار بازگرفتار کرلئے ہیں جبکہدائو پر لگائی گئی رقم اور تاش کے پتے بھی برآمد کئے گئے۔پولیس نے اس موقع پر قمار بازوںسے 10500 روپئے اور تاش کے پتے برآمد کئے۔مہاراج گنج تھانہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 09/2020کومتعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا۔
گراں فروشی کا چلن
بانڈی پورہ میں 3دکانیں سربمہر،ٹنگمرگ میں وارننگ
عازم جان +مشتاق الحسن
بانڈی پورہ+ٹنگمرگ//بانڈی پورہ جہاں سبزیاں مہنگے داموںفروخت ہورہی ہیںوہیں گوشت600 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے جبکہ مرغ فروش 130روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس دوران تحصیلدار بانڈی پورہ عبدالرئوف نے ناجائز منافع خوری کی پاداش میںتین سبزی دکانیں سربمہر کردیں۔انہوں نے کہا کہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ادھرٹنگمرگ میں گراں فروشی کی شکایات موصول ہونے پر تحصیلدار ٹنگمرگ نثار رسول نے نائب تحصیلدار ٹنگمرگ بشیر احمد کے ہمراہ سب ڈویژن ٹنگمرگ کے کئی دیہات میں اشیائے ضرویہ فروخت کرنے والے دکانداروں سے تلقین کی کہ اضافی قیمتیں وصول کرنے سے اجتناب کریں جبکہ چیکنگ اسکارڈ نے سبزی فروشوں کو وارننگ دی کہ وہ کم منافع پر لوگوں کو سبزیاں فروخت کریں۔مقامی لوگوں نے تحصیل انتظامیہ سے مارکیٹ چیکنگ میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔