جموں میں191رہبرتعلیم اساتذہ کی مستقلی
ناظم تعلیم نے احکامات جاری کئے
سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے سروشکھشا ابھیان کے تحت تعینات کئے گئے 191رہبر تعلیم اَساتذہ کی مستقلی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ناظم تعلیم جموں انورادھا گپتا نے کہا کہ 191رہبر تعلیم اَساتذہ میں سے 140کو گریڈ ۔Iاور 51کو گریڈ ۔IIزمرے میں مستقل کیا گیا ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون کو اِس بارے میں کئی مطالبات اور یاداشتیں موصول ہوئیں تھی۔ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی ہدایت پر ناظم تعلیم کشمیر نے 155 رہبر تعلیم اَساتذہ کی مستقلی کے احکامات صادر کئے تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے سکولی تعلیم محکمہ کے جموں اور کشمیر کے ناظمین کو ہدایات دی ہیں کہ وہ رہبر تعلیم اَساتذہ کی مستقلی کے عمل میں سرعت لائیں۔
پولیس کابارہمولہ میں جیش جنگجوکی گرفتاری کا دعویٰ
بارہمولہ// فیاض بخاری// بارہمولہ پولیس نے چندوسہ علاقے سے جیش محمدسے وابستہ جنگجو کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے ۔ ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بدھ کی شام کو پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شملرن چندوسہ علاقے میں بشیر احمد بیگ نامی ایک مقامی جنگجو جو کہ حال ہی میں جنگجو صفوں میں شامل ہوا ہے، موجود ہے ۔ جس کے بعد بارہمولہ پولیس ، فوج کی 52 آر آر ، 161 ٹیری ٹوریل آرمی اور 176 سی آر پی ایف نے رات دیر گئے تک پورے علاقے اور اسکے ملحقہ دیہات کو محاصرے میں لیا ۔ ایس ایس پی کے مطابق اس دوران جس جگہ کی ہمیں اطلاع دی گئی تھی، وہاں کوئی نہیں تھا جس کے بعد فورسز نے علاقے میں تلاشی کاروائی کا دایرہ وسیع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران اندھیرے میں ایک شخص بھاگنے کی کوشش کررہا تھا ،کوپکڑا گیا جس کی شناخت بشیر احمد بیگ ساکن شیرپورہ کنڈی، کریری کے طور ہوئی۔ایس ایس پی کے مطابق اس کے قبضے سے ایک اے کے 47 رائفل ، دو میگزین اور 40 اے کے راؤنڈ برآمد ہوئے۔ایس ایس پی کے مطابق ا س سلسلے میں ایف آئی آرزیر نمبر 12/ 2020 تحت دفعہ 7/25 آئی اے ایکٹ 18,20,38 یو ،ایل ،اے، پی ایکٹ پولیس تھانہ چندوسہ میں درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جو مارچ 2020 کے آخری ہفتے میں علاقے کے دو نوجوان لڑکوں کو جنگجوصف میں شامل ہونے کے لئے آمادہ کرنے میں ملوث تھا۔
عوام کی مدد کے لئے پیش پیش :آئی جی سی آر پی ایف
امدادی مراکز میںافرادی قوت کو بڑھایا جائے گا
سرینگر//انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف رویش کمار نے کہا ہے کہ جنگجومخالف کارروائیاں اپنی جگہ لیکن عوام کو اس مشکل وقت میں مدد کے لئے وہ پیش پیش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پرہیلپ لائن ’’ مددگار‘‘میں مزید فون کنکشن کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے سرینگر میں غذائی اجناس کی تقسیم کاری کے موقع پر کہا کہ یہ عالمگیر وبا ء اس وقت سب کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے جس میں سب کو اپنے طریقے سے ایک دوسرے کے مدد کیلئے آگے آنا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہاکہ سی آر پی ایف کی جانب سے2017 میں ’’مددگار‘ نام سے ایک ہیلپ لائن چل رہی ہے جس کی مدد سے ضرورت مند لوگ مدد کے لئے ہم تک پہنچ پاتے ہیں ۔آئی جی سی آر پی ایف نے کہاکہ اب ان مشکلات حالات میں زیادہ سے زیادہ لوگ مدد کے لئے رابطہ کرتے ہیں جس کے بعد ضرورتمندافراد تک اشیائے ضروریہ کو پہنچایا گیا ۔
پی ڈی پی کامحبوبہ مفتی کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر//پی ڈی پی نے پارٹی سربراہ اورسابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت دیگرسیاسی لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے سینئرلیڈران محمد شفیع کندنگر،بشیر احمد اور عبدالقیوم بٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ8ماہ تک نظربندی کے بعد بھی سابق وزیر اعلیٰ کو رہا نہیں کیا گیا،جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اور اخلاقی بنیادوں پر مرکز کو چاہئے تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو میں تیزی کے ساتھ ہی محبوبہ مفتی کو رہا کیا جانا چاہئے تھالیکن اب اُن کے گھر کو ہی جیل میں تبدیل کیا گیا۔بیان میں محبوبہ مفتی کوفوری طور رہاکرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
حسنین مسعودی کاکھریوسانحہ پراظہار افسوس
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر اور رکن پارلیمان جسٹس(ر) حسنین مسعودی نے زن تراگ کھریو پانیور میں بیٹری دھماکے میں 25سالہ نوجوان اور انکی ہمشیرہ کی موت پرگہرے دکھ اور صدمے کا اظہارکیا۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر تے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ متاثرہ کنبے کو امداد فراہم کی جائے۔
انجمن نصرۃ الاسلام کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن نصرۃ الاسلام سرینگرنے انجمن کے ایک دیرینہ رکن خواجہ عبدالرشید جان (سابق ڈپٹی کنزرویٹر فارسٹس)ساکن ملک صاحب صفاکدل سرینگر کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی انجمن کے تعلیمی اداروں کے تئیںکردار کو سراہا۔انجمن کے مطابق موصوف اسلامیہ اسکول صفاکدل کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔بیان میںمرحوم کو ایک حساس ، فعال اور ملت کا درد رکھنے والا مخلص انسان قرار دیتے ہوئے ان کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
سماجی کارکن محمد رفیق لون کی والدہ فوت
سرینگر// جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن کے سابق چیئرمین محمد رفیق لون ساکن کاوچک کریری کی والدہ مختصر علالت کے بعد بدھ کوانتقال کرگئیں۔مرحومہ کے عزیز و اقارب نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ عالمی وباء کے پیش نظراُن کے گھر تعزیت کیلئے نہ آئیںبلکہ تعزیت کا اظہار کرنے کیلئے فون یا دیگر ذرائع کااستعمال کریں۔ دریں اثنا سماج کے مختلف طبقوں نے مرحومہکی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔اس دوران جموں کشمیر یتیم فائونڈیشن، پروفیشنل سٹوڈنٹس گلڈ ٹنگمرگ، ٹیچرس فورم، پی ایس سی لیکچررس فورم، کشمیر بزمِ ادب سنگرامہ، سابق ایجیک صدر عبدالقیوم وانی، ڈاکٹر گیر محمد اسحاق، ڈاکٹر شیخ شوکت حسین اور ناصر مرزانے سوگوار کنبے سے تعزیت کی ہے۔
بڈگام متاثرین کو مالی مدد فراہم کی جائے: نذیر ایتو
سرینگر // بڈگام میں زمین کھسکنے کی وجہ سے املاک کو پہنچے نقصان پر پی ڈی پی لیڈرانجینئر نذیر احمد یتو نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثر یںکو مدد پہنچائی جائے ۔ ایتو نے جمعرات کووانگاس نیل ناگ جاکر متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ‘‘پسیاں گرنے کی وجہ سے بہت سے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اہل خانہ ابھی بھی اپنی جان کو خطرہ میں ڈال کر وہاں بیٹھے ہیں ‘‘۔انہوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ بڈگام سے مطالبہ کیا ہے کہ اہل خانہ کو تب تک محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے جب تک متعلقہ محکمہ جات علاقے کا دورہ نہیں کرتے ۔
ہندوارہ میں بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا
اشرف چراغ
کپوارہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ نذیر احمد میر نے جمعرات کو ہندوارہ کے متعدد علاقوں کا دورہ کر کے بنیادی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران لوگو ں کو ہر قسم کی سہولیات جس میں اشیائے خوردنی کے علاوہ رسوئی گیس ،بجلی اور پینے کا پانی شامل ہے، دستیاب رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔انہوںنے لوگو ں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میںروسی مادہ سفیدو ں کی کٹائی شروع کریں اور اس کے لئے انہیں 4روز کی مہلت دی جاتی ہے ۔
معروف قانون دان اور سیاست دان ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدومی فوت
پیپلز کانفرنس ،بار ایسوسی ایشن اور انجمن شرعی شیعیان کا اظہار رنج
سرینگر// معروف قانون دان اورپیپلز کانفرنس کے سابق جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدونی85برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ایڈوکیٹ مخدومی نے کم وبیش16برسوں تک نظربندی کے ایام بھی کاٹے جبکہ50برس کی سیاست میں انہوں نے کئی اتار چڑھائو بھی دیکھے۔ گوجوارہ سرینگرسے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدومی گزشتہ کئی برسوں سے سرینگر میں کرایہ کے مکان میں اپنی زندگی بسر کر رہے تھے۔اہل خانہ کے مطابق مرحوم کے حق میںکوئی اجتماعی فاتحہ خوانی نہیں ہوگی جبکہ لوگوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہی گھرئوں سے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کریں۔اس دوران پیپلز کانفرنس ،بار ایسوسی ایشن اور انجمن شرعی شیعیان نے ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدومی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کر تے ہوئے پورے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ پیپلز کانفرنس کے ایک بیان میں پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری پیرحفیظ اللہ مخدومی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بہترین سیاستدان ،قابل قانون دان ،عوام دوست،مخلص اور شریف النفس انسانیت کے مالک تھے۔پارٹی لیڈرمحمد سلیمان بٹ نے مرحوم کے حق میں مغفرت اور سوگوار کنبے کے صبر جمیل کیلئے دعا کی ۔اس دوران پارٹی لیڈران عبدالغنی وکیل،رشید محمود،راجہ اعجاز علی اورایڈوکیٹ بشیر احمدکے علاوہ دیگر لوگوں نے بھی سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی ۔کشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے اپنے سینئر ساتھی ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدومی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور اُن کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انجمن شرعی شیعیان نے ایڈوکیٹ پیر حفیظ اللہ مخدومی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کی ۔تنظیم کے ترجمان نے مرحوم کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پیر حفیظ اللہ کافی مدت تک مرحوم خواجہ عبدالغنی لون کے ساتھ سیاسی خدمات انجام دیتے رہے اور اپنے پر خلوص کردار کی بنا پرخواجہ عبدالغنی لون کے پر اعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ترجمان نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ۔ ترجمان نے وادی کے معروف ماہر امراض اطفال ڈاکٹر امرجیت سنگھ سیٹھی کے انتقال پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔