نالہ سندھ سے منسلک ملہ شاہی باغ نہر میں شگاف
صوبائی کمشنر نے جائزہ لیا ،مرمت کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت
گاندربل//صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ملہ شاہی باغ میںسندھ ایکسٹنشن کنال گاندربل میں اُس جگہ کا دورہ کیا جہاں اس میں شگاف پڑ گیا تھا۔ انہوں نے یہاں مرمت کے کام کا جائیزہ لیا ۔ نہر میں ہوئے شگاف کی وجہ سے سرینگر کے شمالی علاقوں کے علاوہ ضلع گاندربل کی کئی آبادیوں میں پینے کے پانی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی ۔صوبائی کمشنر کے ہمراہ ترقیاتی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری ، ڈی سی گاندربل شفقت اقبال، متعلقہ محکموں کے چیف انجینئران،اے ڈی سی گاندربل کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔شگاف کی جگہ پر مرمت کے کام کا جائیزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے متعلقین کو کام کے رفتار میں سُرعت لانے کے لئے اضافی مشینری اور افرادی قوت بروئے کار لانے کی ہدایت دی تاکہ کم سے کم مدت میں مرمت کا کام پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔اس موقعہ پر ایگزیکٹیو انجینئر اریگیشن و فلڈ کنٹرول نے صوبائی کمشنر کو مرمت کے کام کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ اس دوران بتایا گیا کہ اس نہر کے ذریعے سرینگر ضلع کی15لاکھ آبادی اور گاندربل کے ایک لاکھ لوگوں کومحفوظ پانی فراہم ہوتا ہے جبکہ کئی ہیکٹیر زرعی اراضی کوبھی اس نہر سے پانی میسر ہوتا ہے۔اس موقعہ پر متعلقہ افسران نے کووڈ۔19کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر میٹریل کی سپلائی میں مشکلات کے علاوہ دیگر کئی معاملا ت کو بھی اُبھارا۔ انہوں نے کہا کہ ان دقتوں کی وجہ سے کام کی پیش رفت متاثر ہورہی ہے۔ صوبائی کمشنر نے افسران کو یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ قایم کیا جائے گا۔ انہوں نے ترقیاتی کمشنر گاندربل کو ایک جامع پلان ترتیب دینے کے لئے کہا تاکہ شگاف کی مرمت کا کام مزید کسی تاخیر کے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔
میڈیکل سپلائز کارپوریشن | یشپال شرما منیجنگ ڈائریکٹر تعینات
جموں //حکومت نے ڈاکٹر یشپال شرما کو جموں وکشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر تعیناتی کو منظوری دی ہے ۔ محکمہ عمومی انتظامی کی طر ف سے اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایک حکمنامہ کے مطابق ڈاکٹر یشپال شرماکو شیو کمار گپتا کی جگہ میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کیاجاتاہے ۔ڈاکٹر شرما کے پاس ڈائریکٹر(کوآرڈی نیشن)نیو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن محکمہ کا اضافی چارج بھی رہے گا۔
منڈی سڑک حادثے میں شہری لقمۂ اجل
عشرت حسین بٹ
منڈی //تحصیل منڈی کے لورن علا قہ میں ایک ٹریکٹر حادثے میں ڈرائیور لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق لورن علا قہ میں ایک ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک 120فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کی وجہ سے ٹریکٹر ڈرائیور محمد سفیر ولد عبدالکریم شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی ڈرائیور کو پرائمری ہیلتھ سنٹر لورن منتقل کیا گیا تاہم وہ لورن پی ایچ سی میں ہی چل بسا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
دلی کے ہوسٹل میں درماندہ کشمیری طالبات کو مشکلات کا سامنا
ویڈیو وائرل ، واپس وادی پہنچانے کاسرکار سے مطالبہ
سرینگر//دلی کی ایک ہوسٹل میں درماندہ کشمیری طالبات کاایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں ان طالبات نے اُنہیں درپیش مشکلات کاخلاصہ بیان کیا ہے۔ دلی کے ’جائے سری حضوری خاص‘ہوسٹل میں درماندہ 5یا6کشمیری لڑکیوں کاایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں اِن طالبات نے کہا ہے کہ پردیس میں انہیں کافی مشکلات درپیش ہیں اور ان کی مدد کیلئے کوئی سامنے نہیں آرہا ہے۔ویڈیوں میں ان طالبات نے انہیں گھر پہنچانے کی سرکار سے اپیل کی ہے ۔کے این ایس کے مطابق ڈیڑھ منٹ کے اس ویڈیو میں ان طالبات نے کہاکہ گزشتہ ماہ سرکار نے حکمنامہ جاری کیا کہ ان طالبات کا ہوسٹل کرایہ معاف کیا جائے،تاہم اب کی بار ہوسٹل مالک اُن سے دوبارہ کرایہ مانگ رہا ہے،جس کواداکرنے کی اُن کی مالی سکت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہوسٹل میں کچھ طالبات گزشتہ دنوں بیمار ہوئی ،جس کے بعدانہوں نے دلی کی ہیلپ لائن نمبروں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی ،تونہ کسی نے ہیلپ لائن نمبراُٹھانے کی زحمت گوارا کی اور نہ کوئی مدد کیلئے آیا۔ان طالبات کا کہناتھا کہ ہوسٹل میں جو کھانا انہیں دیا جارہا ہے ،وہ اُس کے ساتھ سمجھوتہ کئے ہوئے ہیں ۔طالبات ویڈیو میں مزید کہتی ہیں کہ آپ یہاں اپنی ذمہ داری پر ہو ،ہم کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے بتا یااگر دیگر ریاستوں کی حکومتوں نے درماندہ طلاب کو گھر پہنچایا ، پھر ہماری سرکار اتنی بے بس اور غیر سنجیدہ کیوں ہے لڑکیوں کے معاملے میں؟ ۔وہ مزید کہہ رہی ہیں کہ ا نہوں نے اپنی مشکلات کے حوالے سے کئی ایڈیٹر صاحبان،اخبارت کے مالکان اورباقی میڈیا اداروں سے رابطہ قائم کیا،تاہم کسی نے ان کے مسئلہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کے بعد اب ان کے پاس اس ویڈیو کو بنانے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔انہوں نے جموں کشمیر سرکار اورانتظامیہ سے اس حوالے سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے انہیں گھر پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ راحت کی سانس لے سکیں۔
انتظامیہ کی وضاحت | وادی میں کافی ’ریڈزون‘ ہونے کی وجہ سے دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں
سرینگر//وادی کشمیر میں ریڈ زون کافی تعداد میں ہونے کی وجہ سے یہاں رہائشی علاقوں میں بھی دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر مرکزی سرکار کی ہدایت کے مطابق ڈھیل دی جائے گی تو یہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہا کہ تاہم ضروری سہولیات کیلئے کوئی رُکاوٹ نہیں ہوگی ۔سی این آئی کے مطابق اگرچہ مرکزی سرکار نے رہائشی علاقوں میں دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ،تاہم یوٹی جموں کشمیر حکومت بالخصوص وادی کشمیرکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہاں پر کافی ریڈ زون ہونے کی وجہ سے دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ حکومت نے ہفتہ کو وادی میں اسٹینڈ اسٹون شاپس کھولنے کے لئے حکومت ہند کی ہدایت پر عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ریڈ زون کی وجہ سے یہ اقدام نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر ، پی کے پولے نے بتایا کہ وادی میں ریڈ زون کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ پول نے کہا،’’محکمہ صحت سے علیحدہ علیحدہ ہدایات جلد ہی آئیں گی۔‘‘حکومت نے جموں و کشمیر میں کم از کم 90 ریڈ یا کنٹینمنٹ زون کی نشاندہی کی ہے ، جن میں سے 76 کشمیر میں آتے ہیں۔ادھر ضلع کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد چودھری نے سرینگر میں دکانیں کھولنے کے حوالے سے کہا ہے کہ 15 اپریل کے حکم کے مطابق ، لاک ڈاؤن کے دوران صرف ضروری خدمات کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے بعد آج پھر سرینگر میں پانچ کیس مثبت آئے ہیں اور ہم اس صورتحال کے پیش نظر کوئی خطرہ نہیں مول سکتے ۔چودھری نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر وزارت داخلہ کے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے فیصلے کی وضاحت کے لئے سری نگر ضلع کے ریڈ زون کا نقشہ شیئر کیا۔انہوںنے کہا ہے کہ لوگ ہم پر اعتماد کریں ہم لوگوں کی تمام ضروریات بہم رکھنے کے وعدہ بند ہے اور لاک ڈاون پر عمل لوگوں کے حق میں ہی ہے ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ صحت کی جانب سے جلدنئی ایڈو ائزری سامنے آئے گی جس کے بعد انتظامیہ کوئی فیصلہ لے سکتی ہے ۔
درماندہ طلاب کی واپسی کیلئے انتظامات کئے جائیں: تاریگامی
سرینگر//ملک اور بیرون ملک درماندہ جموں کشمیرکے طلاب کی حالت زار پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) رہنما یوسف تاریگامی نے انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ ان طلاب کو دیگر ریاستوں کی طرح واپس وادی پہنچانے کیلئے اقدام کریں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلسل خوف اور پریشانی کی وجہ سے بیرون ریاست جموں کشمیرکے درماندہ طلبہ کے اہلخانہ کو اُن کی صحت سلامتی کے بارے میں تشویش اور فکر مندی ہے ۔وہ حکومت ہند کی طرف سے کوروناوائرس کی روکتھام کیلئے پابندیوں کے عائد کئے جانے کی وجہ سے گھرواپس پہنچنے کیلئے مددکے طلبگارہیں.۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے مختلف شہروں میں درماندہ جموں وکشمیر کے طلاب گھر واپس آنا چاہتے ہیں اورحکومت سے مسلسل انہیں اِن شہروں سے واپس لانے کیلئے اپیلیں کررہے ہیں ۔متعددطلاب کو وہاں ، کوروناوائرس کی روکتھام کیلئے اعلان کئے گئے لاک ڈائون کی وجہ سے ان کے تعلیمی ادارے بند ہونے کے بعدمالی دشواریوں کا سامنا ہے۔متعددریاستوں نے اپنے طلاب کویاتوواپس لایا ہے یاانہیں ان طلاب کو واپس لانے کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں مزدور،شال پھیری والے،دستکاریوں کے بیچنے والے ملک کے مختلف مقامات پردرماندہ ہیں ۔انہیں وہاں کھانے پینے اور رہائش کی عدم دستیابی کا سامنا ہے اور انہوں نے کوکچھ کمایا تھا وہ سب ختم ہوگیا ہے۔تاریگامی نے کہا کہ ان مزدوروں کے کشمیر نہ آنے کی وجہ سے یہاں زراعت اور باغبانی کے شعبے کوشدیدنقصان پہنچ رہا ہے ۔تاریگامی نے کہا کہ حتی کہ جموں جو کشمیرکاہی حصہ ہے میں درماندہ کشمیریوں کو واپس وادی نہیں لایا جارہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان سبھی افراد کو واپس کشمیر لاکر لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے۔
کوروناوائرس | صف اول پرکام کرنے والے معالجین کا کام قابل سراہنا
بیماری کاعلاج نہ ہونے کے باوجود مریض صحتیاب ہوتے ہیں
سرینگر//کوروناوائرس کیلئے ابھی تک کوئی ادویات تیار نہ ہونے کے باوجود بھی وادی کشمیر میں ڈاکٹروں کی کاوشوں اور قابلیت سے کووِڈ19کے مثبت مریض صحتیاب ہورہے ہیں۔ صف اول پر کام کررہے اِن جانبازوں کا کام قابل سراہنا ہے اور قوم کو جانباز طبی عملہ کے تئیں عزت وخراج تحسین پیش کرنا چاہئے نہ کہ معمولی کوتاہی کو اُچھالنا چاہئے ۔سی این آئی کے مطابق کووڈ19سے جہاں عالمی سطح پر اب تک 2لاکھ سے زائد افراد ازجان ہوچکے ہیں اور لاکھوں اِس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس وائرس کا ابھی تک مکمل علاج دریافت نہیں ہواہے، اس کے باوجود بھی ڈاکٹراپنی قابلیت سے مریضوں کا علاج کرکے انہیں صحتیاب کررہے ہیں ۔ دیگر ممالک کی طرح جموں کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں بھی ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ اس وائرس سے لڑنے میںاہم رول اداکررہا ہے اور کوروناوائرس میں مبتلاء مریض ڈاکٹروں کی کاوشوں سے صحتیاب ہورہے ہیں ۔ آئے روز وادی میں درجنوں افراد اس مہلک مرض میں مبتلاء ہوجاتے ہیں تاہم اچھی خاصی تعداد میں مریض صحتیاب بھی ہورہے ہیں جو خوش آئند ہونے کے علاوہ وادی کے ڈاکٹروں کیلئے ایک قابل سراہنا بات ہے ۔ کئی عوامی حلقوں کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر بہرحال انسان ہی ہیں اور انسانوں سے ہی لغزش سرزد ہوسکتی ہے اسلئے معالجین کی جانب سے اگر کہیں پر کوتاہی ہوجائے تو اس بات کو اُچھالنا نہیں چاہئے بلکہ ان کی انسانیت کے تئیں قابل قدر خدمات کو یاد رکھا جانا چاہئے ۔ واضح رہے کہ کوروناوائرس نے عالمی سطح پر تباہی مچادی ہے اور اب تک اس وائرس میں مبتلاء افراد 2لاکھ افراد ازجان ہوچکے ہیں اور لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں
ساگر کو رہا کیا جائے:نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی قانونی سیل نے پارٹی جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل اسیری کی وجہ سے ان کی صحت بگڑ چکی ہے ۔ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کی قانونی سیل نے پارٹی جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر کی مسلسل اسیری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندی کی وجہ سے ان کی صحت کافی بگڑ چکی ہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے تئیں سخت گیرپالیسی کو ترک کرکے کشمیریوں کے بشریٰ حقوق سلب کرنے سے گریزکریں۔
دوران ِ کار محکمہ بجلی کے ملازم کی ہلاکت
معاملہ درج نہ کرنے پر ایمپلائز یونین برہم ،ایف آئی درج کرنے کا مطالبہ
سرینگر//محکمہ بجلی کے ملازمین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ترسیلی لائن کی مرمت کے دوران جان بحق ملازم بشیر احمد پرے کی ہلاکت سے متعلق کوئی بھی کیس درج نہیں کیا گیااور اس عمل سے اس کے اہل خانہ کو کوئی بھی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ سینٹرل نان گزیٹیڈ الیکٹرک ایمپلائز یونین نے کہا کہ جموں کشمیر محکمہ بجلی کے ملازمت سے متعلق ضوابط کے مطابق،جو بھی ملازم دوران ڈیوٹی ہلاک ہو جائے گا،اس سے متعلق24گھنٹوں کے اندر ایف آر آر درج کیا جانا چاہیے،جبکہ مہلوک ملازم کا پوسٹ مارٹم کیا جانا چاہیے،تاکہ اُس کے نزدیکی رشتہ دار کی باز آبادکاری کی جائے یا معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بشیر احمد پرے الیکٹر ڈویژن سوم شرین باغ میں لائن مین کی حیثیت سیے تعینات تھا اور بجلی کی ترسیلی لائن کی مرمت کے دوران پارمپورہ میں بجلی جھٹکے سے لقمہ اجل بن گیا۔ا نہوں نے واضح کیا کہ اس واقعے سے متعلق اگر کیس درج نہیں کیا جاتا ہے تو اس کے اہل خانہ لازمی مراعات سے محروم رہ جائیں گے۔ انجمن کا کہنا تھا کہ ہر سال عوامی خدمات کے دوران درجنوں ملازمین بجلی جان بحق ہوجاتے ہیں تاہم ابھی تک انتظامیہ ان ملازمین کو مکمل تحفظ اور ضروری ساز و سامان و حفاظتی آلات فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
پونچھ میں موسمی ہجرت کیلئے پرمٹ جاری کرنیکا سلسلہ شروع
خانہ بدوشوں نے متعلقہ محکمہ کے کام میں سست روی برتنے کا الزام عائد کیا
حسین محتشم
پونچھ //کورونا وائر س کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلہ میں لگائے گئے لاک ڈاون کے دوران خانہ بدوش طبقہ کو موسمی ہجرت کی اجازت تومل گئی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے روٹ پر مٹ جاری کرنے کیلئے لگائے جارہے وقت سے خانہ بدوش طبقہ نا خوش دکھائی دے رہا ہے ۔سماجی کارکن محمد امین نے الزام لگایا کہ ڈائریکٹر قبائلی امور کے اجازت نامے ملنے کے بعد بھی خانہ بدوشوں کو پرمٹ دینے میں زیادہ وقت لگایا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ خانہ بدوشوں کو پہلے ہی ہجرت کے سلسلے میں بہت تاخیر ہوچکی ہے اور اب انتظامیہ کی جانب سے پرمٹ بروقت نہ ملنے پر اور تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے خانہ بدوشوں کو پرمٹ جاری کئے جانے کے سلسلہ میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا۔ رابطہ کرنے پر متعلقہ محکمہ کے ضلع افسر ونود بھلہ نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس بار اس موسمی ہجرت میں کوئی زیادہ تاخیر نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا پونچھ کے رہنے والے کئی قبائل مال مویشیوں سمیت بالائی علاقوں کی طرف ہجرت کر ے ہیں جس کیلئے باضابطہ انہیں انتظامیہ سے اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا اطمینان بخش رپورٹ ملنے کے بعد خانہ بدوش کنبوں کو ہجرت کی اجازت دی جا رہی ہے۔موصوف نے بتایا کہ محکمہ ما ل ، محکمہ پولیس اور محکمہ جنگلات ان خانہ بدوشوں کی منتقلی میں مدد کر رہے۔انہوں نے کہا کورونا وائرس کے پیش نظر سماجی دوریوں کو یقینی بنا نے اور خانہ بدوشوں کو طبی سہولیات فراہم کیے جانے کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں 11 مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ خانہ بدوش کنبے مناسب صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور دوران سفر ماسک کا استعمال بھی کریں۔انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ پوری کوشش کر رہی ہے کہ خانہ بدوشوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ہجرت کے دوران انہیں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
بھاجپا خواتین ونگ کاکپوارہ کے درماندہ شہریو ں کی واپسی کا مطالبہ
کپوارہ/اشرف چراغ /بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین ونگ کپوارہ نے لاک ڈاون کے دوران لوگو ں کوبنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ضلع صدر مہیلا ونگ شکیلہ بیگم نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ مختلف ریاستوں میںدرماندہ کپوارہ کے شہریوںکی واپسی کیلئے اقدامات کریں تاکہ وہ ماہ رمضان میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہیں جو انتہائی پریشان ہیں ۔انہو ں نے مطالبہ دہرایا کہ ضلع کے بڑے ہسپتالو ںمیں مزید وینٹی لیٹر دستیاب رکھے جائیں تاکہ مریضوں کو مشکلات کاسامنا نہ کر نا پڑے ۔
بانڈی پورہ میںپوری آبادی کی سکریننگ ہوگی:ترقیاتی کمشنر
بانڈی پورہ//ضلع میں کووڈ19کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی طرف سے پورے ضلع میں وسیع پیمانے پرکووڈ ہیلتھ آڈٹ کیا جارہا ہے۔ اس پہل کے تحت ہیلتھ ورکر ہر شخص کے ساتھ رابطہ قائم کرکے اُس کی صحت اور تندرستی کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔ترقیاتی کمشنر شہباز احمد مرزا نے بتایا کہ سروے کا مقصد کرواناوائیرس کی چین کو توڑنا ہے ۔اس سلسلے میں تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی سطح کے تحت 300بوتھ لیول ورکروں پر مشتمل ٹیموں کو تشکیل دیا جائے گا۔ اُن ٹیموں میں آنگن واڑی اور آشا ورکر بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیمیںہر گھر کا دورہ کر کے امکانی طور پر وائیر س سے متاثرہ افراد کے بارے میں جانکاری حاصل کر یں گی۔ جبکہ یہ ٹیمیں احتیاطی تدابیر کے علاوہ ہیلتھ ایپ آروگیہ سیتو کے بارے میں لوگوں کو روشناس کریں گی۔ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کو آروگیہ سیتو موبائیل ایپ ڈاؤن لوڈکرنے کی بھی تلقین کی۔
بڈگام میں نمونوں کی جانچ پر زور
بڈگام//ترقیاتی کمشنر بڈگام طارق احمد گنائی نے ضلع میں کووڈ۔19کے تمام مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ پر زور دیاہے۔ ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران ترقیاتی کمشنر نے سواستھا ندھی کے ذریعے گھر گھر میں مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ پر زور دیا۔ میٹنگ میں اے ڈی سی ، سی ایم او، اے سی ڈی اور اے سی آر کے علاوہ تمام نوڈل افسران اور ایس ڈی ایز نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے دوگنی تعداد میں ٹیسٹنگ کے لئے متعلقین پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ رواں سال میں یکم اپریل سے رسپائیٹری ٹریک انفکیشن سے متاثر ہیں اُن کی کووڈ۔19کی ٹیسٹنگ کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیں۔ میٹنگ کے دوران حاملہ خواتین ، بزرگ شہریوں اور محکممہ صحت میں فرنٹ لائین ورکروں کی کووڈ۔19کے امکانی اثر کے بارے میں تشخیص کے لئے ٹیسٹنگ کی جانی چاہے۔ میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے کووڈ۔19کے پھیلاؤ کی روکتھام کے لئے کئے جارہے مجموعی اقدامات اور کوششوں کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع بڈگام میں صحتیابی کی شرح بہت حوصلہ افزاء ہے اور 14معاملات میں سے صرف 5مثبت ہیںجبکہ باقی صحتیاب ہو چکے ہیں۔
شاکوارہ فلٹریشن پلانٹ فوری طوربہتر بنایاجائے: نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شاکوارہ فلٹریشن پلانٹ سنگرامہ سے ملحقہ علاقوں میں آلودہ پانی سپلائی کئے جانے پر برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی اور غفلت شعاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے عوام کو مسلسل گندہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے ۔ پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے فلٹریشن پلانٹ کو صاف پانی کی سپلائی کے قابل بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس فلٹریشن پلانٹ سے کھری بلاک، سنگرامہ، کلنترا ، واگورہ اور دیگر علاقوں کو پانی سپلائی ہوتا ہے اور آلودہ پانی کی سپلائی سے ان علاقوں میں وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جہاں انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہسپتالوں اور طبی مراکز میں لوگوں کاآنا جانا کم ہو، ان علاقوں میں گندہ پانی سپلائی کرکے متعلقہ محکمہ مذکورہ آبادیوں کو جان بوجھ کر بیماریوں میں مبتلا کرنے کا مرتکب ہورہا ہے۔ دریں اثناء پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار نے اپنے ایک بیان میں ضلع سرینگر، بڈگام اور گاندربل میں اشیائے ضروریہ کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ لاک ڈائون اور رمضان المبارک کے پیش نظر لوگوں کو بنیادی سپلائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
آزادمیموریل فائونڈیشن کی طرف سے آن لائن مشاعرے کا اہتمام
سرینگر//آزاد میموریل فائونڈیشن نے ’وٹ از ایپ ‘کے ذریعے مختلف ادبی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے ۔فائونڈین کے وٹ از ایپ گروپ پر ایک نعتیہ محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیاجس میں کئی شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ جن مقتدر شعراء نے مشاعرے میںشرکت کی اْن میں عابد گوہر ، سکندر ارشاد، غلام محمد نوسوز ، فاروق فدا ، منظور یوسف ، سرور بلبل ، شکیل آزاد اور بشیر چراغ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ آزاد فائونڈیشن کے چیئرمین شکیل آزاد نے اس موقع پر کہا کہ ادبی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میںبھی آزاد فائونڈیشن ہر وقت اپنے مقدور کے مطابق اپنا دست تعاون پیش رکھے گا۔
منشیات مخالف مہم،سوپور میں دوافراد گرفتار
سرینگر//سوپور پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران دو افرادکونشیلی ادویات سمیت گرفتار کرلیا ۔ مین چوک سوپور کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک کار زیرنمبرJK05G-1730 کی تلاشی کے دوران روہت بشیر اور دانش جاوید ساکنان دلنہ بارہمولہ کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے نشیلی ادویات کو برآمدکیا گیا۔سوپورتھانہ نے اس سلسلے میں ایک کیس زیرایف آئی آر نمبر85/2020 درج کیا گیا۔
کنگن میں منافع خوری عروج پر
کنگن/غلام نبی رینہ/لاک ڈاؤن اور ماہ رمضان کے باوجود بھی کنگن میںمنافع خوری عروج پر ہے ۔ عوامی حلقوں کے مطابق گوشت فی کلو 550روپے مرغ 140، ساگ 50، ٹماٹر 60، تربوزہ 70، پیاز 50،ندرو 270اور پالک 50 روپے کے حساب سے فروخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگ سخت مشکلات سے دو چارہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے چیکنگ سکارڈ مامور ہیںلیکن زمینی سطح پر وہ کہیں دکھائی نہین دے رہے ہیں۔لوگوں نے مطالبہ کیا کہ تحصیل گنڈ اور کنگن میں چکنگ سکارڈ متحرک کئے جائیں۔
لاش کی پہچان کرنے میں مددکریں:پولیس
سرینگر//ارشاد احمد//پولیس نے اتوار کو دریا جہلم سے عالی کدل سرینگر کے مقام پر ایک لاش کو برآمد کیا جس کی شناخت کرنے کیلئے پولیس نے مدد طلب کی ہے ۔نعش کی لمبائی 5فٹ 7انچ ہے جس نے ٹریک سوٹ پہنا ہے۔پولیس نے 9596770880،9469418150یا کنٹرول روم سرینگر کے فون نمبرات 9596222550،یا 100 پر ڈایل کرکے لاش کی شناخت کے بارے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
جمعیت ہمدانیہ کاغلام احمد کاملی کوبرسی پر خراج عقیدت
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے سرکردہ عالم الدین مرحوم سید غلام احمد کاملی کی برسی پر انہیںخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے زندگی بھر تبلیغ دین کا فریضہ انجام دیا ۔ کئی کتابوں کے مصنف ہونے کے علاوہ مرحوم ماہنامہ تبلیغ بھی شائع کروایا اور ریاست کے کونے کونے میں تبلیغ دین کرتے رہے۔ جمعیت کے دیگر ذمہ داروں نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثناء مولانا خورشید احمد قانونگو اور مولانا شوکت حسین کینگ نے مرحوم کی اسلامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
حضرت فاطمہؓ کی سیرت ناقابل فراموش:مولانا قانونگو
سرینگر// انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے حضرت فاطمہ الزہراؓ کے یوم وسال پر اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا کہ بتول زہراؓ نے آغوش نبوت میں تربیت پاکر کامیاب دخترِ ملت ، زوجہ اور بحیثیت والدہ ہر شعبے میں ذمہ داریوں کی آبیاری کرتے ہوئے نسوان عالم کو مقامِ حیا و پردہ ، تابعداری ، تربیت اولاد کا عملی پیغام دیا ۔انہوں نے کہا ’ہم پر یہ ذمہ داری ہے کہ ہم حضرت فاطمہ ؓکے اعلیٰ سیرتی کردار پر چلنے کی اپنے اہل و عیال کو تلقین کریں‘‘۔
آرینز کالج میں زیر تعلیم طلاب محفوظ:کالج اانتظامیہ
سرینگر//آرینز کالج راجپورہ چندگہ گڑھ میں زیر تعلیم جموں کشمیر اور بہارکے طلاب جو اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے ہیں ،بونر،راجپورہ،پٹیالہ اور ٹرائی سٹی میں کسی پریشانی کے بغیر اپنے اپنے مقامات پر ماہ رمضان سے مستفید ہورہے ہیں۔ کالج کے ایک بیان کے مطابق آرینز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے سبھی طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لاک ڈائن ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔