بانڈی پورہ میں بھاجپا کارکنوں کا احتجاج | کووڈ۔19رقومات میں خرد بردکا الزام
عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کے چار شعبوں کو نسو علاقے میں زیر تعمیر نئی عمارت میں منتقل کیا گیاجس میں ایکسرے اورشعبہ دندان شامل ہیں ۔ان شعبوں کی منتقلی کے فوراً بعد ہسپتال کے صحن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے نمودار ہوگئے ۔انہوں نے ہسپتالی عملہ اورمحکمہ صحت بانڈی پورہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ19کیلئے مختص رقومات کا خردبردکیا گیا گیا۔انہوں نے کہا کہ طبی ونیم طبی عملہاپنے فرائض کو انجام دینے میں لاپرواہی برت رہی ہے۔ احتجاجی بھاجپا کارکنان کے ردعمل میں طبی ونیم طبی عملہ بھی ہسپتال کے صحن میں جمع ہوئے اوراحتجاجی افراد کے خلاف نعرہ بازی کرنے لگے۔انہوں نے کہاکہ احتجاجی افراد اُن پربے بنیاد الزام لگاکر ہسپتال کے نظم و ضبط کودرہم برہم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا اور بعد میں احتجاجی بھاجپا کارکنان چلے گئے اور ہسپتالی عملہ بھی خاموش ہوا ۔
سوپورمیں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد
سرینگر//سوپور پولیس نے لوگوں سے بہتر تعلوقات قائم کرنے کی خاطر ڈنگی وچھہ پولیس تھانہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا ۔ ایس ڈی پی او رفیع آباد کی صدارت میں منعقد ہوئی اس میٹنگ میں ایس ایچ او تھانہ ڈنگی وچھہ کے ہمراہ پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا۔اس میٹنگ میں ٹریڈرس فیڈریشن ، ٹرانسپورٹ یونین ، پنچوں ، سرپنچوں اور علاقے کے ذی عزت ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکاء نے پولیس اور دیگر سول محکموں سے متعلق مختلف امور زیر بحث لائے۔میٹنگ میں افسران نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عام لوگوں کو اس طرح کی میٹنگوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔ میٹنگ میں شریک افراد نے معاشرتی برائیوں سے نمٹنے کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
پہلگام میں بنیادی ڈھانچہ کی تجدیدلازمی:رفیع میر | لوگوں کو درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے اقدامات کئے جائیں
سرینگر//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے پہلگام کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں ہفتہ کے روز اننت ناگ میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے میر نے حلقہ انتخاب پہلگام اور مضافاتی علاقہ جات میں لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے ازالہ کے لئے اقدامات کو اُجاگر کیا۔ آڑو پہلگام، لاری پورہ، سالار، زائی گنڈ اور سرکٹ روڈ کی اراضی حصولیابی کیلئے محکمہ وائلڈ لائف سے کلیرنس اور زیر التوا معاملات کو اُجاگر کرتے ہوئے رُکے پڑے پروجیکٹوں کو شروع کرنے میں لیفٹیننٹ گورنر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی تاکہ لوگوں کے مشکلات حل ہوں۔ انہوں نے پہگال ، سالار اور عشمقام اسپتالوں کی تجدید اور وہاں بہتر سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔ میر نے ون پورہ سالار گاؤں میں پینے کے صاف پانی سے فراہمی پرزور دیا جس پر سالار واٹر سپلائی اسکیم میں نہ لایاگیاہے۔ انہوں نے گاؤں یانی آر میں کوارٹر گارڈ کے ساتھ فلٹریشن پلانٹ اور سالار واٹر سپلائی اسکیم کے ڈھانچہ کی تجدید پرزور دیا۔ انہوں نے پہلگام علاقہ میں آبپاشی سہولیات کے فقدان کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ سہہ گنڈ، سالار،لیور میں ہزاروں کنال اراضی کو آبپاشی سہولیات دستیاب نہیں۔ متعدد نہروں جن میں اور دچھن پورہ میں واؤن(آر)، آرکول پر ناجائزتجاوزات کی بھی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام میں ایچ ٹی/ایل ٹی نیٹ ورک میں بہتر لانے کی ضرورت ہے۔ میر نے زرعی اراضی پر تعمیرات کو روکنے میں انتظامیہ کی ناکامی پر گہری تشویش ظاہر کی اور جامع ہاؤسنگ پالیسی بنانے پرزور دیا۔ گوجر بکروال طبقہ کی فلاح بہبودی متعلق میر نے پورے جموں وکشمیر میں جنگلات قانون حقوق نافذ کرنے کو کہا۔ انہوں نے پہلگام میں ویٹرنری سینٹرز قائم کرنے کو کہا۔ انہوں نے کھلن، نالہ اویرا ، لہندجن ، شیخ پورہ ، ویل ناگبل اور گوجران بٹکوٹ میں اسکول ہائی اسکول قائم کرنے کی مانگ کی۔اپنی پارٹی لیڈر نے پہلگام حلقہ میں سرکاری سطح پر کھیل کو ڈھانچہ کو فروغ نہ دینے پر تشویش ظاہر کی اور سالار، باگوانی، سیر ہمدان، بڈرو اورپہلگام میں کھیل سہولیات کی تجدید کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے اکڈ پاک کی توسیع میں ناکام رہنے پر محکمہ سیاحت کو تنقید کا نشانہ بنایاجس کافیصلہ سال 2005میں کیاگیاتھا اور 70لاکھ روپے بھی مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے حضرت زین الدین سخی ؒ عشمقام اور مختلف مندروں اور گردواروں پر تعمیراتی کام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
لکھن پورہ میں غرقآب نوجوان کی لاش ابھی نہیں ملی | غمزدہ کنبے کی انتظامیہ سے مدد کی اپیل
سرینگر// لکھن پورہ میں غرقآب پکھر پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی لاش تین روز گزر نے کے بعد بھی نہیں ملی ۔اس دورا ن نوجوان کے افراد خانہ نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کی لاش بازیاب کرنے میں مدد کی جائے ۔ 18سالہ جاوید احمد ڈار ولد محمد عبد اللہ جمعہ کو دریائے راوی میں نہانے کے دوران ڈوب گیا تھا۔ اگر چہ مذکورہ نوجوان کی لاش کو بازیاب کرنے کیلئے انتظامیہ نے کافی کوشش کی تاہم ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے ۔
اوڑینہ سوناواری میں مجلس ملتوی:انجمن شرعی شیعیان
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے تمام عزاداروں کو مطلع کیا ہے کہ7 صفرا لمظفربمطابق24 ستمبر 2020 سے اوڑینہ سوناواری میں مجلس حسینیؑ و جلوس عزا وبائی صورتحال کے پیش نظر ومراجع کرام کے احکامات و ہدایات کی پیروی میں ملتوی کردئے گئے ہیں۔
اقتصادی ترقی میں خواتین کو بھی حصہ دار بنایاجائے:نمرتہ شرما
جموں//اپنی پارٹی صوبائی خواتین ونگ صدر جموں نمرتہ شرما نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ نوجوان تعلیم یافتہ خواتین کی کاروبار شروع کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے اور صنعت ، سیاحت اور مینوفیکچرنگ شعبہ میں اِس حوالے سے مخصوص پالیسیاں اور پروگرام بنائے جائیں۔ْضلع کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران خواتین کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نمرتہ شرما نے کہاکہ بہت ساری خواتین ہیں جوکہ کاروبار میں منفرد آئیڈیاز رکھتی ہیں اور آگے بڑھنا چاہتی ہیں، لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ ایسی خواتین کو اقتصادی طور بااختیار بنانے پر توجہ دی جائے۔ نمرتہ شرما نے ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ سیکٹر میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے حکومتی پروگرام کی تعریف کی اور اُمید ظاہر کی مزید اِس عمل کو صرف یہی تک محدود نہیں رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی اقتصادی تقری میں خواتین کو بھی حصہ دار بنایاجائے، اُن کے تجربات، تجاویز، مشورات اور منفرد آئیڈیاز کا فائیدہ اُٹھایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زندگی کے مختلف شعبہ جات خاص طور پر سرکاری شعبوں میں اہم عہدوں پرفائض رہ کر خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اس لئے کاروباری دنیا میں بھی انہیں خاص کر جموں وکشمیر کے اندر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
ترال کیلئے تحصیلدار تعینات
سید اعجاز
ترال// تحصیل ترال کیلئے سجاد احمد وانی کو تحصیلدار تعینات کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں چند روز قبل کشمیر عظمیٰ میں خبر شائع ہوئی تھی کہ سب ضلع ترال کے دو تحاصیل میں تحصیلداروں کی کرسیاں خالی ہیں جبکہ آئی ٹی آئی ترال میں 3سال سے کوئی سربراہ نہیں ہے۔رپورٹ شائع ہونے کے دوسرے دن متعلقہ محکمہ نے ضلع کے ایک سپر انٹنڈنٹ کو اضافی چارج دیا ہے جس پر ادارے میں تعینات عملہ اور طلبہ نے اطمنان کا اظہار کیا۔ادھر اتوار کی شام سیول سیکریٹریٹ سے حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں کئی دیگر علاقوںکے ساتھ ساتھ تحصیل ترال کیلئے سجاد احمد وانی کو تحصیلدار تعینات کیا گیا تاہم تحصیل آری پل کے لئے ابھی تک تحصیلدارکی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔