مزید خبرں

کرالہ گنڈ ہندوارہ میں ریچھ کی اُدھم

متعددبھیڑبکریوں کی چیرپھاڑ،علاقے میں خوف

اشرف چراغ 
 
کپوارہ // کرالہ گنڈ ہندوارہ میں ایک خونخوار ریچھ نے کئی روز سے ادھم مچا رکھی ہے اور جمعہ کی صبح اُس نے متعدد بھیڑ بکریوں کی چیر پھاڑ کر دی جس کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پایاجاتاہے ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کی صبح  ایک خونخوار ریچھ کرالہ گنڈ بستی میں داخل ہوا جبکہ خونخوار ریچھ ایک مقامی شہری محمد یاسین کے گا خانہ میں گھس گیا اور وہاں ان کے متعدد بھیڑ بکریوں کو چیر پھاڑ کر کے ہلاک کر دیا ۔مقامی لوگوں نے اگرچہ کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے ریچھ کا تعاقب کیا تاہم ریچھ دوبارہ بستی میں داخل ہوا جس کے نتیجے میں لوگ اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے ۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک عہدے دار نے لوگوں سے کہا کہ وہ چلنے پھرنے میں احتیاط برتیں اور انہوں نے ریچھ کو پکڑنے کے لئے کاروائی شروع کی ۔
 
 

کپوارہ میں45برس سے زائدعمرکے%98

اور18سے44برس کی عمر کے35.29%لوگوں کی ٹیکہ کاری

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے لوگوں اور مختلف محکموں کو ضلع کووِڈ وَبائی تخفیفی اقدامات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر نے  میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ صورت حال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ زائد اَز 45برس عمر کے 98.18فیصد اور 18برس عمر سے 44برس عمر تک کے گروپ کو 35.29فیصد لوگوںکو آج تک ٹیکے لگائے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مثبت معاملات کی شرح 0.2 فیصد رہ گئی ہے جبکہ صحتیابی کی شرح 98.6 فیصد تک پہنچ گئی جوضلع کے لئے اطمینان بخش علامت ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلعی لوگوں سے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور دیگر ایس او پیز پر مسلسل عمل کرنے کی اپیل کی۔اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ قریبی ٹیکہ کاری مراکز میں جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔ اِس موقعہ پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالغنی ڈار او رنوڈل آفیسر کووِڈ غلام نبی شیخ موجود تھے۔
 
 

محکمہ تعلیم کے14327تدریسی وغیرتدریسی عملہ کی ٹیکہ کاری: ناظم صحت

سرینگر // محکمہ تعلیم کے 14000تدریسی وغیرتدریسی عملہ کو ابھی تک کووِڈ- 19سے بچائو کا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ محکمہ نے وادی کے کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کیلئے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیکہ کاری کیمپوں کا انعقاد کیا، جس دوران 14327تدریسی و غیر تدریسی عملہ سے جڑے افراد کو ٹیکے لگائے گئے ۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ میں 934، بارہمولہ میں 395، بانڈی پورہ میں157، بڈگام میں 3425، گاندربل میں 314،کوگلام میں 596،کپوارہ میں 2872، پلوامہ میں 173، شوپیان میں 396اور سرینگر شہر میں 5156عملہ کے اراکین کو ٹیکے لگائے گئے ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز مشتاق احمد راتھر نے کہا ہے کہ وہ پوری وادی میں خصوصی مہم کو جاری رکھیں گے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے کہا ہے کہ ہم تعلیمی اداروں کے ساتھ لگاتار رابطے میں ہیں تاکہ بغیر ویکسین کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی نشاندہی کی جاسکے اور انہیں کورونا مخالف ویکسین دی جاسکے۔  انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط پر عمل آوری کے علاوہ یہ ٹیکہ کاری کورونا وائرس سے لڑنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری کا مقصد زیادہ سے زیادہ عملہ اور طلبہ کو کورونا مخالف ویکسین لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید کورونا مخالف ویکسین لگانے کیلئے خصوصی کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
 
 
 

محرم الحرام پرمعقول انتظامات کئے جائیں:حکیم یاسین

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ محرم الحرام کے سلسلے میں جموں وکشمیر بالخصوص بڈگام اور خانصاحب علاقوں میں تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ اس مقدس تقریب کو پورے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ احسن طریقے پر ادا کیا جا سکے۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے انتظامیہ پر زور دیا کہ محرم الحرام کی تقریب سعید کے سلسلے میں بالخصوص   شیعہ اکثریتی علاقوں میں بلا خلل بجلی و پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیںاور وہاں صفائی و ستھرائی کا خصوصی انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے مختلف امام بارگاہوں کو جانے والی سڑکوں اور گلی کوچوں میں صفائی اور روشنی کا معقول انتظامات کروانے پر بھی زور دیا ہے   تاکہ امام حسین علیہ السلام کے عقیدت مندوں و پرستاروں کو اپنا خراج عقیدت پیش کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے محرم الحرام کے پیش نظر صارفین کو  راشن ، کھانڈ ، تیل خاکی اور آٹے کا اضافی کوٹا فراہم کرنے کی بھی مانگ کی۔ حکیم یاسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کی تقریب ادا کرتے وقت وبائی بیماری کووڈ سے بچنے کے لئے عالمی صحت ادارے کی طرف سے مقرر کی گی سبھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
 

بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ کاتعزیتی اجلاس 

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //ضلع بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ نے وکیل اورسابق اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر کے رشتہ داروں کی وفات پر تعزیت کااظہار کیا ہے۔ ضلع بارایسوسی ایشن صدر ایڈوکیت ملک مشتاق کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میںایسوسی ایشن سے وابستہ وکلاء نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈوکیٹ اقبال ربانی کی ممانی اور سابق اسسٹنٹ پبلک پراسیکوٹر عادل رشید شیخ کے والد کی وفات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے تعزیتی قرارداد منظور کی۔اجلاس میں مرحومین کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمے برداشت کرنے کی دعا کی گئی۔  
 

پیر سید محمد شفیع گیلانی فوت

 الطاف بخاری کااظہار تعزیت

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے تحصیل اوڑی کے بٹنگی بونیار سے تعلق رکھنے والے پیر سید محمد شفیع گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں الطاف بخاری نے موصوف کو مشہور صوفی اسکالر قرار دیا جو ضلع بارہمولہ میں کافی مقبول تھے ۔ الطاف بخاری نے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ’’ شفیع صاحب شریف النفس شخص تھے جو علاقہ میں سخاوتی سرگرمیوں اور روحانی واخلاقی تعلیمات کے لئے جانے جاتے تھے، اُن کی دینی واخلاقی تعلیمات کو ایک لمبے عرصے تک یاد رکھاجائے گااور ہمیشہ ضرورتمند لوگوں کی مدد کی‘‘۔سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بخاری نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
 

ٹنگمرگ میں 11ویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی

 ٹنگمرگ //مشتاق الحسن //ٹنگمرگ میں گیارہویں جماعت کی طالبہ نے خودکو پھانسی پر لٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرڈالا ۔تفصیلات کے مطابق ٹنگمرگ قصبے کے نزدیکی گاوں فیروزپورہ میں جمعہ چار بجے اُسوقت کہرام مچ گیا جب گیارہویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ (نام مخفی) نے گھر کی بالکونی میں اپنے ڈوپٹے کو گلے کا پھندہ بنا کر خود کوپھانسی دی ۔جونہی گھر والوں نے اُسے بالکونی میں پھندے سے لٹکتے پایا، تو انہوں نے فوری طور اُسے سب ضلع اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا، تاہم فوری طور معلوم نہ ہوسکا کہ مذکورہ طالبہ نے کن وجوہات پر اس قدر انتہائی قدم اٹھایا۔  ٹنگمرگ پولیس نے اس حوالے سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔