سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک اسلحہ برآمد
جموں//سکیورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک دو پستولیں اور اس کی پانچ میگزینیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے: 'فوج کی 6 جیکلائی اور پولیس نے جمعے کی صبح سانبہ کے راجپورہ علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک بیگ پایا جس کو پلاسٹک ٹیپ سے بند کیا گیا تھا'۔بیان میں مزید کہا گیا: 'اس بیگ کے اندر سے دو پستولیں، اس کی 5 میگزینیں، گولیوں کے 122 رائونڈز اور ایک سلنسر برآمد ہوا ہے'۔ایک سینیئر پولیس افسر نے نامہ نگاروں کو بتایا: 'یہاں پر فوج اور پولیس کو ایک مشترکہ تلاشن آپریشن کے دوران ایک مشتبہ بیگ ملا۔ مذکورہ بیگ کو جب بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کھولا تو اس کے اندر سے دو پستولیں اور ان کی پانچ میگزینیں ملیں'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'جس جگہ پر یہ بیگ ملا ہے وہ سرحد سے محض دو کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ یہ بیگ کہاں سے آیا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ اس بیگ کو ڈرون کی مدد سے گرایا گیا ہو۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے'۔
اپنی پارٹی او بی سی اور ایس ٹی ونگ میں عہدیداران کی تقرریاں
جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے او بی سی اور ایس ٹی ونگوں میں عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔ سلیم چوہدری کو ایس ٹی ونگ کا ریاستی صدر، دانش اقبال کو ریاستی جنرل سیکریٹری اور شبیر چوہدری کو ایس ٹی صوبائی صدر بنایاگیاہے۔ یہ تقرریاں صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ کی سفارش پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئیں۔او بی سی ونگ صوبہ جموں میں بھی عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ سوہن سنگھ سونی کو صوبائی کارڈی نیٹر او بی سی ونگ صوبہ جموںبنایاگیاہے۔