کپوارہ میں چنائو مہم زوروں پر
عابدہ طارق نے گھرگھرجاکر ووٹ طلب کئے
اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ ضلع کے درگمولہ ،لولاب اور قادر آ باد ترہگام میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابی مہم جاری ہے جہا ں متعدد ا میدوار میدان میں ہیں ۔قادر آ باد ترہگام میں آزاد امیدوار عابدہ طارق لون نے بدھ کے روز مختلف علاقوں میں اپنی انتخابی مہم کے تحت جلسے منعقدکئے اور کئی عوامی جلسو ں سے خطاب کیا ۔عابدہ لون نے نے کہا کہ علاقہ کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔انہو ں نے لوگو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ بہتر نمائندگی کے لئے انہیں کامیاب بنا کر عوام کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کریں ۔عابدہ نے قادر آ باد حلقہ میں گھر گھر جاکر لوگوں سے اپنے حق میں ووٹ طلب کیا تاکہ علاقہ کے پسماندہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہو جائیں ۔
ہائیہامہ اور قاضی آ بادکپوارہ میں انتخابی مہم اختتام پذیر
اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے تیسرے مرحلے میںکپوارہ ضلع میں دو نشستو ں کے لئے انتخابی مہم بدھ کی شام کو اختتام کو پہنچ گئی اور ان نشستوں جن میں ہایہامہ اور قاضی آ باد لنگیٹ شامل ہیں ،میں 4دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔اس دوران ضلع میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ انتخابی بخار تیز ہوتا جارہا ہے اور پیپلز الائنس ،اپنی پارٹی ،بی جے پی ،اور آزاد امیدوار ووٹرو ں کو اپنی طرف را غب کرنے کی خوب کوششیں کرتے ہیں ۔گزشتہ کئی روز سے ہایہامہ اور قاضی آ باد میں امیدوار گھر گھرجاکر لوگوں سے ووٹ طلب کرتے تھے ۔4دسمبر کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے کل 42امیدوار میدان میں ہیں ،جن میں 27ہایہامہ اور15 امیدوار قاضی آ بادمیں ہیں جبکہ دونو ں نشستو ں پر کل 59236رائے دہند گان اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ان میں30815مرد اور 28615خواتین ووٹر شامل ہیں ۔ادھر دونو ں نشستو ں کے ساتھ ساتھ27سر پنچ اور 354پنچ امیدواروں کے لئے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔ہایہامہ اور قاضی آ باد نشستو ں پر دیگر پارٹیو ں کو چھو ڑ کر 36آ زاد امیدوار بھی انتخابی اکھاڑے میں ہیں اور اس طرح امیدوارو ں کی بھاری موجود گی سے انتخابی ماحول مزید دلچسپ بن گیا ہے ۔دو نشستو ں کے لئے 287پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 69ہایہامہ اور218قاضی آ باد نشست کے لئے ہیں ۔دونو ں نشستو ں کے لئے انتخابی مواد کو لیکر پولنگ عملہ مراکز تک پہنچانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔انتخابات کو پر امن طور منعقد کر نے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔
خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ، اوڑی میں فوجی گرفتار
ظفر اقبال
اوڑی/ اوڑی پولیس نے بدھ کو ایک فوجی اہلکار کو ایک خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ 173 ٹیریٹوریل انجینئرنگ سیکشن سے وابستہ حولدار پرویز حسین نامی فوجی اہلکار جو 18 مراٹھا لائی رجمنٹ بانڈی اوڑی میں تعینات ہے، کو پرنپیلاں اوڑی میں 36 سالہ خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف اوڑی پولیس سٹیشن میں ایک کیس زیر نمبر 168/20 u/s 457, 376, 511 of IPC درج کر کے مزید کاروئی شروع کر دی گئی ہے۔
لیفٹینٹ جنرل چودھری نے بارڈر روڈس کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی//لیفٹینٹ جنرل راجیوچودھری نے یہاں بارڈروڈس کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا۔1983میںلیفٹینٹ جنرل چودھری بھارتیہ ملٹری اکادمی دہرہ دون سے انجینئرنگ کارپس میں شامل کئے گئے تھے اورانہوں نے بھارتیہ ملٹری اکادمی کے تمام معززکورس مکمل کئے ہیں.۔بارڈرروڈس کے ڈائریکٹرجنرل کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ وزارت دفاع میں اہم عہدے پر فائزتھے۔
ہیرا نگر سیکٹر میں شدید گولہ باری
کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
نیوز ڈیسک
جموں // ہند پاک افواج کے مابین بدھ کو ایک مرتبہ پھر کھٹوعہ میںبین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجر س اور بی ایس ایف کے مابین شدید نوعیت کی گولہ باری ہوئی۔کھٹوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بی ایس ایف کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ صبح 9بجکر50منٹ پر کرول کرشنا،پنسر اور گرنام نامی اگلی چوکیوں پر گولہ باری کی گئی ۔ منگل کو بھی انہی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بدھ سہ پہر 4بجے تک یہ سلسلہ جاری رکھا گیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
لیفٹینٹ عمرفیاض کی یادمیں ایوارڈ مقرر
نئی دہلی // بھارتی فوج نے لیفٹینٹ عمر فیاض کی یاد میں ایک ایوارڈ شروع کیا ہے۔لیفٹینٹ عمر فیاض کو جنگجوئوں نے ساڑھے تین سال قبل اغوا کرکے ہلاک کردیا تھا ۔ ایوارڈ کو راجپوتانا رائفلز نے 22سالہ عمر فیاض کی یاد میں شروع کیا ہے جو 2راجپوتانا رائفلز کے ساتھ جموں کے اکھنور میں تعینات تھے۔ فوج افسران کا کہنا ہے کہ لیفٹینٹ عمر فیاض کی عظیم قربانی کشمیر میں نوجوانوں کو فوج میں شامل ہونے کی جانب راغب کرے گی۔9مئی سال 2017میں عمر فیاض اپنے ممیری بہن کی شادی میں شامل ہونے کیلئے بٹہ پورہ گئے تھے جہاں رات 10بجے جنگجوئوں نے انہیں اغوا کیا اوربعد میں اُن کی لاش بر آمد ہوئی۔ فوجی افسران کا کہنا ہے کہ 'Commandant's Motivation Award' عمر فیاض کی یاد میں شروع کیا گیا ہے۔ پہلا کمانڈنٹ موٹیویشن ایواڑ لیفٹینٹ عمر فیاض راجپوتانا رائفلز رجمنٹ ٹرافی اور اچھی کارگردی کیلئے کانسی کا تمغہ نیشنل ڈیفنس اکادمی139این ڈی اے کورس کے کیڈٹ وجے بہادر کو پونے میں دیا گیا ۔
ہرد میر ترال میں کریک ڈائون
سید اعجاز
ترال // ترال کے ہرد میر علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی کی گئی۔42 آرآر، 180بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے بددھ کی صبح گیارہ بجے کے قریب ترال کے ہردومیر گاؤں کو محاصرے میں لیا ۔تلاشی کارروائیوں کے دوران فوج نے گائوں کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کیا ۔ فورسز کو گائوں میں جنگجو ئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد محاصرے کیاگیا ۔کئی گھنٹوں تک تلاشی کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ کوئی قابل اعتراض چیز برآمد ہوئی۔