سویہ بگ کے کمسن لڑکے کی موت
حقانی ٹرسٹ کا اظہار افسوس، تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ نے سویہ بگ بڈگام میں کمسن لڑکے شاہد فاروق کی بہیمانہ موت پر انتہائی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے اس واقعہ پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12 سالہ شاہد فاروق ملک ولد فاروق احمد ملک ساکن شاہ محلہ سویہ بگ کا لاپتہ ہونا اور پھر درخت سے لٹکی ہوئی لاش نہ صرف اس کے والدین اور قرباء بلکہ ہم سب کیلئے ایک عظیم صدمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا مہذب کہلانے والا سماج بربریت کی تمام حدیں پھلانگ چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک کمسن کی یہ موت سماج کیلئے ایک بڑا طمانچہ ہے۔ ٹرسٹ ایسی مذموم حرکات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری ایجنسیوں سے اس واقع کی فوری تحقیقات کرنے اور قصور واروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
ڈورو میں فکی برآمد،ملزم گرفتار
عارف بلوچ
اننت ناگ // منشیات مخالف کارروائی کے دوران ڈورو میں پولیس نے ایک شخص کوفکی سمیت گرفتار کیا ہے۔ ڈی ایس پی اشانت گپتا اور ایس ایچ او نذیر اندرابی کی سربراہی میں گوٹلی گنڈ ویری ناگ میں پولیس نے ایک گاڑی زیر نمبر JK03f-2355 کو روک کر اُس کی تلاشی لی ۔تلاشی کارروائی کے دوران 14 کلو فکی برآمد کی گئی۔پولیس نے گاڑی کو ضبط کرکے ملزم شبیر احمد میر ساکن قمر شاہ آباد کپرن کو گرفتار کرکے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر05/21 ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس نے اس طرح کی کارروائیوں کو انجام دینے کی غرض سے عوام سے تعاون طلب کیا ہے۔ وہیں عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کی کافی ستائش کی ہے۔
سرینگر میںبصیر خان کا کل عوامی دربار
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان شکایتی سیل واقع چرچ لین سرینگر میں 12 ؍ فروری (جمعہ) صبح ساڑھے 10بجے کوعوامی شکایات کی شنوائی کریں گے ۔ عوامی وفود و افراد جو اپنی شکایات اور مانگیں حکومت کی نوٹس میں لانا چاہتے ہیں وہ مذکورہ مقام پر مشیر سے مل سکتے ہیں ۔ وفود و افراد جو مشیر سے ملنے کے خواہشمند ہوں، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اُن کے دفتری فون نمبرات 700622378اور 9419000800پر ملاقات کا تعین کر سکتے ہیں ۔ مشیر سے ملنے کیلئے مذکورہ جگہ آنے والے اشخاص کو کووِڈ۔ 19 رہنما خطوط اور پروٹوکول پر عمل پیرا رہنے اور وفود کا تین ارکان پر مشتمل ہونے کی درخواست کی گئی ہے ۔
نئے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے گاندربل میں مفت طبی کیمپ منعقد
گاندربل//ارشاد احمد//محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب سے جاری 32 واں سڑک تحفظ ماہ کے سلسلے میں نئی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے خواہشمند افراد کے لئے گاڑورہ میں موجود گورنمنٹ فزیکل کالج گاڑورہ میں مفت طبی معائنہ کا پروگرام منعقد کیا گیا.گزشتہ ماہ 18 جنوری سے محکمہ موٹر وہکیلز کی جانب سے 32 واں سڑک تحفظ مہینہ شروع کیا گیا جس کے دوران بدھ کے روز گورنمنٹ فزیکل کالج گاڑورہ میں محکمہ موٹر وہکیلز نے محکمہ صحت کے اشتراک سے ایک طبی معائنہ کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹروں نے نئی لائیسنس حاصل کرنے والے خواہشمند افراد کا باضابطہ طبی معائنہ کیا گیا جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل عارف احمد شاہ نے ڈرائیوروں کو گاڑی اور موٹر سکوٹر چلانے کے دوران ٹریفک قوانین کی عمل آوری پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا۔