دستکاروں کے لئے نئی اسکیم
سرینگر میں 85کیسوں کو منظوری دی
سرینگر//ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر محمود احمد شاہ نے ڈسٹرکٹ لیول سلیکشن کمیٹی (ڈی ایل ایس سی) سرینگر کی جانب سے دستکاریوں اور کاریگروں کے لئے کریڈٹ کارڈ اسکیم (سی سی ایس) کے تحت 85 کیسوں کی منظوری دی ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس سرینگر جو کمیٹی کے ممبر سکریٹری ہیں، نے کہا کہ ڈی ایل ایس سی کی اگلی میٹنگ جلد ہی ہوگی اور اس محکمہ میں ہر ایسے کاریگر تک پہنچے گی جن کو سی سی ایس کے تحت مالی مدد کی ضرورت ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر دستکاری سرینگر نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ کاریگروں کے لئے ضلع بھر میں آگاہی کیمپوں کا انعقاد کررہا ہے اور اگلا کیمپ 13 فروری 2021 کو کمیونٹی ہال جڈیبل میں منعقد ہورہاہے۔سی سی ایس اسکیم کے تحت بینکوں سے قرض کی شکل میں 90 فیصد مالی امداد اور 10 فیصد شراکت داروں کو زیادہ سے زیادہ 2.00 لاکھ روپے تک یونٹوں کے قیام کے لئے شراکت فراہم کرتے ہیں۔ محکمہ پانچ سال کی مدت کے لئے رجسٹرڈ کاریگروں کو بینکوں کے ذریعہ پیش کردہ قرضوں پر 7فیصد سبسڈی بھی فراہم کرتا ہے۔
عرس حضرت نور شاہ بغدادی ؒ
ڈاکٹر فاروق کی عوام کو مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جنوبی کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت سید نور شاہ بغدادیؒ گنڈ قاضی گنڈ کے سالانہ عرس مبارک پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کاملین کے مشن سے ہی خطہ کشمیر اسلام سے فیضیاب ہوا۔ پارٹی کے سینئر لیڈران پیر زاہ احمد شاہ ، سکینہ ایتو، ڈاکٹر بشیر احمد ویری ، الطاف احمد کلو، عبدالمجید لارمی ، ایڈوکیٹ عبدالاحد تانترے اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی عرس پر مسلمانان کشمیر کو مبارک بادپیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کرے کشمیر میںامن کی فضا لوٹ آئے اور عالم اسلام کو سربلندی اورفتح و نصرت نصیب کرے۔
نادی ہل سوپورمیں پولیس کاعوامی دربار
سوپور//سوپور پولیس نے نادی ہل علاقے میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیاجس کی صدارت ایس ڈی پی او رفیع آباد اور ایس ایچ او پانزلہ نے کی ۔مقامی لوگوں کے علاوہ تاجروں ، مسجد کمیٹی ، سومو ایسوسی ایشن ، پنچوں اور سرپنچوں نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے منشیات کے استعمال ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور دیگر سماجی مسائل پر بات چیت کی۔پولیس افسران نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور دیگر سول انتظامیہ سے متعلق امور کو متعلقہ محکموں کے پاس اٹھائے جائیں گے۔شرکاء نے معاشرتی برائیوں سے نمٹنے میں پولیس کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آلوچی باغ میں آج مفتی نذیر احمد کا خطاب
سرینگر// دارالعلوم کے صدر مفتی، مفتی نذیر احمد قاسمی کا آج ایک اصلاحی بیان ہوگا۔ مفتی نذیر احمد قاسمی آج جمعہ کو نماز مغرب کے بعد مسجد عمر آلوچی باغ میں اصلاحی بیان کریں گے۔ فرزندان توحید سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بابرکت اصلاحی بیان میں شرکت کرکے خیردارین حاصل کریں۔
قاضی گنڈ میں ریچھ پکڑا گیا
عارف بلوچ
اننت ناگ//قاضی گنڈ میں محکمہ وائلڈ لائف نے ایک ریچھ کو پکڑا ۔ناگرس کنڈ میں گذشتہ کئی روز سے ریچھ گھوم رہا تھا جس کے سبب مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا تھا ۔ ریچھ کو پکڑنے کے لئے محکمہ وائلڈ لائف نے علاقہ میں پنجرہ نصب کیا تھاجس کے بعد ریچھ پنجرے میں پھنس گیا۔خبر پھیلتے ہی ریچھ کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد اُمڈ پڑی ۔محکمہ کے اہلکاروں نے ریچھ کو اپنی تحویل میں لے کر محفوط جگہ منتقل کیا
علاقہ ماور محکمہ بیکن سے نالا ں
ڈرین خستہ ہال ، نا قص مٹیرئل استعمال کرنے کا الزام
اشرف چراغ
کپوارہ//علاقہ ماور کے لوگو ں نے محکمہ بیکن پر الزام لگایا کہ انہو ں نے ہندوارہ بنگس نوگام سڑک پر ڈرین تعمیر کرنے کے دوران نا قص مٹیرئل کا استعمال کیا جس کی وجہ سے ڈرین جگہ جگہ خستہ ہو چکی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سڑک کو بارشوں کے پانی سے بچانے کے لئے بیکن کے199RCCنے منفی درجہ حرارت میں ہی ڈرین پرکام شروع کیا۔مقامی لوگو ں کاکہنا ہے کہ بیکن کے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا گیاکہ چلہ کلان میں مذکورہ سڑک کے کنارے ڈرین تعمیر نہ کی جائے لیکن انہو ں نے لوگو ں کی بات نہیں مانی اور چلہ کلان کے یخ بستہ ہوائو ں میں سڑک کے کنارے ڈرین بنائی لیکن اب یہ ڈرین جگہ جگہ خستہ حالت میں ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ چلہ کلان میں شدت کی سردی کے باجود محکمہ نے نا قص میٹیرئل کا استعمال کیا جس کی وجہ سے محض ایک ہی ماہ میں ڈرینج سسٹم تباہ ہو کر رہ گیا ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔
ایرانی انقلاب کی 42ویں سالگرہ
بڈگام میں سمینار،علماء اوردانشوروںکی شرکت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایران انقلاب کی42ویں سالگرہ کی مناسبت سے جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں ایک سمینار بعنوان’’انقلاب اسلامی اور ہم‘‘ منعقد کیا گیا۔ سمینار کی صدارت انجمن کے صدر آغا سید حسن نے کی۔ سمینار میں متعدد علماء ،دانشوروں اور مفکروں نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا ۔آغا حسن نے ایرانی انقلاب کو عصر حاضر کا کامیاب ترین اور ولولہ انگیز انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلاب نے نہ صرف ایران میں شہنشائی آمریت کا خاتمہ کرکے ایرانی قوم کوعزت و سربلندی کے اعلیٰ مقام پر فائز کیا بلکہ دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں اور مظلوم اقوام کی انسانی و دینی غیرت کو سر تازگی عطا کی ۔مقررین نے کہا کہ دنیا کے بیشتر انقلابات صرف اسی وجہ سے زیادہ دیر تک اپنا وجود قائم نہ رکھ سکے کیونکہ قومیں اور قیادتیں انقلابات کی حفاظت کے تقاضے پورا نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران انقلاب دنیا کا واحد انقلاب ہے جس کے رونما ہوتے ہی دشمن قوتوں نے اس خاتمے کے لئے پوری دنیا میں محاذ کھولے۔اس موقع پر امام خامنہ ای کی صحت و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ امام خامنہ ای کا جرات وکردار،تدبیر و تدبر اور خلوص و دور اندیشی انقلاب کی آن بان اور شان کا منفرد پہلو ہے۔
انجمن علماء کی جانب سے مفتی عتیق اللہ ضلع صدر منتخب
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کی مجلس عاملہ کا ایک اجلاس سرپرست اعلیٰ مفتی محمد قاسم قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں انجمن کوفعال اور مضبوط بنانے کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا ۔اجلاس میں ضلع اسلام آباد کیلئے مفتی عتیق اللہ ناظم جامع امام کبیر اسلام آباد کو متفقہ طور پر ضلع کے لئے صدر منتخب کیا گیا اور سابق ضلع صدر اسلام آباد مولانا محمد شفیع ترالی ناظم دارالعلوم نورالقران سنگم کے استعفیٰ کو قبول کیاگیا۔اجلاس میں مولانا موصوف کی سماجی ،دینی اور خاصکر انجمن علماء کے حوالے سے انکی کارکردگی کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر مولانا موصوف نے کہا ’’ میں تاحیات انجمن کے فورم سے علماء کرام وائمہ مساجد اور سماج کی مخلصانہ خدمات انجام دیتارہوں گا ‘‘۔
پرنگ کنگن میں آگ،رہائشی مکان خاکستر
غلام نبی رینہ
کنگن //چکی پرنگ کنگن میں آگ کی ایک واردات میں غلام محمد لون ولد محمد منور لون کا رہائشی مکان خاکستر ہوا ۔علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب غلام محمد لون کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوگئی جس نے رہائشی مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی لوگوں، پولیس اور فائر برگیڈ نے فوری طور پر آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجہ تاہم معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
نوجوان حرکت قلب بند ہونے سے فوت
جانباز پورہ بارہمولہ میں کہرام
فیاض بخاری
بارہمولہ//جانبازپورہ بارہمولہ میں جمعرات کو اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک نوجوان دل کادورہ پڑنے سے فوت ہوگیا ہے۔ طاہر احمد میر ولد عبدلقیوم گھر میں تھا اور اسے دل کادورہ پڑگیا ۔مذکورہ نوجوان کوضلع اسپتال بارہمولہ لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اس المناک واقعے سے علاقے میں کہرام مچ گیا اوربڑی تعدادمیں لوگوں نے طاہر قیوم میر کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔
مولانا محمد ہمدانی کو برسی پرخراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کے معروف عالم دین مولانا محمد یاسین ہمدانی کے یوم وصال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ مولانا ہمدانی اہم ملی، سماجی اور سیاسی شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے تبلیغ دین کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیم کو فروغ دینے میں کلیدی رول ادا کیا۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ،معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، حسنین مسعودی اور ایڈوکیٹ یاور مسعودی نے بھی مولانا محمد یاسین ہمدانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے جموں کشمیر میں تبلیغ اسلام کی اشاعت کے سلسلے میں کلیدی رول ادا کیا ۔ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر نوا ئے صبح کمپلیکس میں خراج عقیدت کی ایک مجلس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں مرحوم کو زبرست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیااور اُن کی ملی اور سیاسی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔