محکمہ پولیس میں تبدیلیاں
۔4 افسروں کی اینٹی کورپشن بیورومیں تعیناتی
سرینگر//محکمہ پولیس میں تبادلوں کے دوران سوموار کو کئی افسراں کو اینٹی کورپشن بیورو میں تعینات کیا گیا۔ان میں آئی آر پی 17ویں بٹالین کے ڈپٹی کمانڈنٹ گرمیت سنگھ،جموں کشمیرآرمڈ پولیس کی13ویں بٹالین کے ڈپٹی کمانڈنٹ ابھیشیک شرما،جموں کشمیرآرمڈ پولیس کی14ویںبٹالین کے ڈپٹی کمانڈنٹ ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ شیوکمار اورلیکس اینڈ واٹر ویزڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ رمیزراجہ شامل ہیں۔اس دوران اینٹی کورپشن بیورو میں تعینات ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ پولیس کمل جیت سنگھ کا تبادلہ عمل میں لاتے ہوئے انہیں مزیداحکامات تک محکمہ داخلہ میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
بانہال میں سکوٹی سے گرکرلڑکی لقمۂ اجل
محمد تسکین
بانہال //بانہال میں اتوار کوایک لڑکی سکوٹی سے گر کر لقمہ اجل بن گئی۔اطلاعات کے مطابق 23برس کی اقراء جان اپنے والد محمد اقبال میاں ساکن تلہ باغ بانہال جموں سے بانہال اپنے گھرآرہی تھیں اور بانہال اور رام سو کے درمیان بھاری ٹریفک جام کی وجہ سے انہوں نے گھرپہنچنے کیلئے بانہال سے سکوٹی منگائی اوروہ ٹریفک جام میں سکوٹی پرآگے بڑھنے لگے کہ پیچھے بیٹھی اقراء جان سکوٹی سے گر کر زخمی ہوئی۔ٹریفک جام کی وجہ سے اُسے اسپتال پہنچانے میں تاخیر ہوئی اور اس دوران وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھی۔ایس ایچ او رام سو محمد عنایت کے مطابق زخمی لڑکی کو بانہال اسپتال پہنچانے پرڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
لائیگروکی محبوبہ مفتی کو مبارکباد
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے دوبارہ پارٹی صدرمنتخب ہونے پرانہیں مبارکباد دی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا لمحہ ہے ،نہ صرف میرے لئے ،بلکہ پی ڈی پی کے تمام رہنمائوں،کارکنوں اور کشمیرکے مجبورلوگوں کیلئے خوشی کادن ہے۔لائیگرونے امیدظاہر کی کہ وہ جموں کشمیرکے لوگوں کی نمائندگی کرتی رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحوم مفتی صاحب نے جموں کشمیرکے لوگوں کو مرہم لگایا اوراب کشمیر کے لوگوں نے محبوبہ مفتی سے امید یںلگارکھی ہیں۔پی ڈی پی رہنما نے کہا کہ کچھ بھی ہو ،وہ پارٹی کے صدر کی ہر قدم پر بلاتاخیر حمایت کریں گے۔
حضرت بلبل شاہ ؒ کا عرس عقیدت کے ساتھ منایا گیا
بلبل لنکر میں روح پرور مجلس کا اہتمام
حاجی پیر محمد قاری کے عرس پر درود اذکار کی مجالس
سرینگر// حضرت سید عبدالرحمان قلندر المعروف بلبل شاہؒ کے عرس کی اختتامی تقریب پر ان کے آستان عالیہ واقع بلبل لانکر نوا کدل میںایک روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا، جس میں درود واذکار ، ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی مجالس آراستہ ہوئیں ۔ اِس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی ،انسانیت کی بقا اور امن وامان کیلئے دعا کی گئی۔ادھر سید حاجی پیر محمد قاری کا عرس بھی منایا گیا جہاں درود و اذکار کی مجالس کا انعقاد ہوا۔مولانا شوکت حسین کینگ، مولوی خورشید احمد قانونگو اور پیرزادہ مولوی عبدالحق نے مجالس کی پیشوائی کی ۔
کنگن میں غیر قانونی طور کاٹی گئی عمارتی لکڑی ضبط
غلام نبی رینہ
کنگن// سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے جنگلات میں فارسٹ پروٹیکشن فورس کنٹرول مامر کی ایک ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر درد وڈر مامرکے کمپارٹمنٹ نمبر 23Cمیں ایک کارروائی کے دوران غیر قانونی طور کاٹی گئی 5.54مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کرلی ۔ ذرائع نے بتایا کہ سمگلر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ادھر فارسٹ پروٹیکشن فورس نے مانسبل رینج کے چھترگل کنگن میں ایک اور کارروائی کے دوران کمپارٹمنٹ نمبر 10سے 97 مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کرکے جنگل سمگلروں کی تلاش شروع کردی ۔ ذرائع نے بتایا کہ چھتر گل کے کمپارٹمنٹ 8 میںسر سبز درختوںکو کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
ہمیں بے روزگار نہ کیا جائے
کنٹریکچول اساتذہ کا پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ
سرینگر//کنٹریکچول لیکچرروں کے تئیں سرکارکی نئی پالیسی کے خلاف پریس کالونی سرینگر میں وادی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کنٹریکچول لیکچرروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا کہ محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز سے چلی آرہی کنٹریکچول پالیسی کو برقرار رکھا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگست 2019 سے پہلے یہاں 1700 لیکچرار معاہدے کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جن میں کشمیر صوبہ میں 900 اور جموں میں 800 تھے۔انہوں نے بتایا کہ کوئی باقاعدہ آرڈر جاری کئے بغیر ہی تمام کنٹریکچول لیکچرروں کو گھروںکا راستہ دکھا کر انہیں بے روزگار کردیا گیا ۔مظاہرین کے مطابق حکومت نے ان کے ساتھ ناانصافی کی ۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ انہوں نے محکمہ تعلیم میں اپنی تمام عمر وقف کی ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سال 2019 میں ان کی خدمات پر روک لگادی اور آج تک ان کی تنخواہوں کو واگذار نہیں کیا گیا اس طرح ان کی روزمرہ زندگی پر اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت استعمال کرواور پھینک دوپالیسی کے ذریعے کشمیر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کا استحصال کرتی ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ انہیں مزید پریشانی میں دھکیلنے کے بجائے دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں اپنا رول ادا کریں۔
کلنک پر کام کرتے ہوئے ڈاکٹر حرکت قلب بند ہونے سے فوت
عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میںسرینگر کے ایک ڈاکٹر کی موت حرکت قلت بند ہونے سے واقع ہوئی ۔عاشق حسین ساکن لال بازار سرینگر اننت ناگ میں اپنے کلنک پر تھا جب اُسے دل کا دورہ پڑا ۔اگر چہ ڈاکٹر کو فوری طورجی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے وہاںمردہ قرار دیا ۔چیف میڈیکل آفیسر مختار احمد شاہ نے ڈاکٹر کی موت کی تصدیق کی ہے ۔موصوف سب ڈسڑکٹ اسپتال شانگس میں تعینات تھا ۔
سوپور میں نقب زنی
دوکان سے سازو سامان اور نقدی اڑا لیا گیا
غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپورمیں نقب زنی کی ایک واردات کے دوران نقب زنوں نے ایک کریانہ دوکان سے سازوسامان اڑالیا ۔ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو اقبال مارکیٹ میں واقع حاجی عبدالرشید بدرو کی دوکان (ڈیلی نیڑذ) کی دوکان سے ہزاروں روپے کا سامان اور نقدی اڑالی۔ دوکان کے مالک حاجی عبدالرشید بدرو نے بتایا کہ اْسے نزدیکی ہمسایہ دوکانداروں نے فون پر اطلاع دی کہ اس کے دو منزلہ دوکان کے کچھ شٹر توڑے ہیں اور جب میں دوکان پر پہنچا تو وہاں دوکان کے اوپری دو شٹر توڑے ہوئے تھے اور دوکان میں کچھ قیمتی سامان اور کچھ موجود نقدی رقم کواڑا لیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کیا اور نقب زنوں کی تلاش شروع کردی۔اس سلسلے میں بیوپار منڈل سوپور اور اقبال مارکیٹ کے صدر حاجی محمد اشرف زرگر نے کہا کہ قصبہ میں چوریوں کی بڑھتی وارداتوں سے قصبہ کی تجارت میں کافی گراوٹ آئی ہے اور یہاں کے بیشتر تاجر نقب زنی کی وجہ سے اپنی تجارت چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور پولیس کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی اپیل کی۔
منشیات مخالف مہم، رفیع آباد میںدو افرادگرفتار
غلام محمد
سوپور//شمالی کشمیر کے رفیع آباد علاقہ میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دوافراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے نشیلی ادویات برآمد کی گئیں۔پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے پر ایک خصوصی ناکہ چیکنگ کے دوران ڈنگی وچھہ رفیع آباد میں ایک شہری کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے غیر قانونی شراب ضبط کی گئی جس کی شناخت طارق احمد خان ساکن رامپورہ اوڑی کے بطور کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص یہ نشیلی ادویات رفیع آباد میں تقسیم کرنے جارہا تھا۔پولیس نے کہا ہے کہ اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 28/2021 ڈنگی وچھہ تھانہ میں درج کی گئی ۔پولیس نے ایک اورواقع میں ایک اورشہری کو گرفتارکر لیا جس کے قبضے سے نشیلی ادویات ضبط کی گئیں۔پولیس نے اس کی شناخت مشتاق احمد خان ساکن ربن رفیع آباد کے بطور کی اور اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 27/2021 ڈنگی وچھہ تھانہ میں درج کی۔
دایرئہ ادب دلنہ اور محبوب کلچرل سوسائٹی کے اہتمام سے ادبی تقریب
سرینگر//مادری زبان کے عالمی دن کے سلسلے میں دایرئہ ادب دلنہ بارہمولہ اور محبوب کلچرل سوسائٹی بارہمولہ کے اہتمام سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بارہمولہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا اشتراک ضلع ٹیچرس فورم بارہمولہ نے کیا ۔ تقریب کی صدارت اردو اور کشمیری زبان کے قلمکار اور مصنف خالق پرویز نے کی جبکہ پروفیسر محمد رحب، محبوب کلچرل سوسائٹی کے کنوینر جی ایم ماہر، ٹیچرس فورم بارہمولہ کے ضلع صدر اشفاق احمد شاہ اور ددایرئہ ادب دلنہ کے سینئر ممبر ضمیر انصاری بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ اپنے استقبالیہ خطبے میں جی ایم ماہر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کشمیر ی زبان کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ادبی انجمنیں مادری زبانوں کی ترویج اور ترقی کے لیے ہرممکن کوشش کررہی ہیں۔ تقریب پر ضمیر انصاری نے مادری زبان کے حوالے سے ایک مفصل مقالہ پیش کیا۔ تقریب میں مادری زبان کے حوالے سے کشمیری نغمہ بھی پیش کیا گیا جسے بارہمولہ کے نوجوان گلوکار صوفی نعیم نے پیش کیا۔ تقریب پر نذیر احمد ناز نے مادری زبان کے موضوع پر ایک افسانہ پیش کیا۔ دایرئہ ادب دلنہ کے میڈیا سیکریٹری تاثیر افضل نے مادری زبان سے متعلق خصوصی نثری خاکہ پیش کیا جسے خوب سراہا گیا۔اس دوران ایک مختصر مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا، مشاعرے میں جن شعراء نے مادری زبان کو موضوع بناکر اپنا منظوم کلام پیش کیا اُن میں عبدالرحمان سیاح، نذیر طالب، میر طاہر رحمان، محمد سلطان مُغنی، مشتاق کرمانی، ماسٹر محمد اکرم، قاضی پرویز دلنوی اور گُل میر لڈوری شامل ہیں۔ تقریب پر جن دیگر شخصیات نے مادری زبان کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اُن میں سابق سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر رفیق مسعودی، ایڈوکیٹ اور قلمکار شبیر عارض، ہیومن ایڈ سوسائٹی بارہمولہ کے نمائندے بشیر احمد میر، ضلع صدر ٹیچرس فورم بارہمولہ اشفاق احمد شاہ اور پروفیسر محمدرجب شامل ہیں۔
درباغ ہارون میں محکمہ باغبانی کی جانب سے پودوں کی تقسیم کاری
ارشاد احمد
سرینگر//محکمہ باغبانی کی جانب سے ڈائریکٹر باغبانی کشمیر کی رہنمائی میں دربار باغ ہارون میں کسانوں کیلئے ایک روزہ بیداری کا کیمپ منعقد ہوا جس میںپودوں کی تقسیم کاری بھی انجام دی گئی۔ ہارون، شالیمار اور اس سے ملحقہ علاقوں سے کثیر تعداد میں کاشتکار اور سماجی کارکن پیر بلال اس موقع پرموجود تھے۔اس موقع پر چیف ہارٹی کلچر آفیسر سرینگر سی ایل شرما نے اپنے خطاب میں محکمہ باغبانی کی جانب سے جاری فائدہ مند اسکیموں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے فصلوں کی بیماریوں کے لئے گھریلو ساختہ کیڑے مار دوا ئی کے استعمال پر تفصیل سے کاشتکاروں کو جانکاری فراہم کی۔اس موقع پر محکمہ باغبانی کے ماہرین بھی موجود تھے جنہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ باہمی تال میل پر زور دیا۔چیف ہارٹی کلچر افسرنے محکمہ کی مختلف اسکیموں کی وضاحت کی اور انہیں اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر مرکزی اسکیم کے تحت شرکاء میںسیب ، بیر اور ناشپاتی کے 1300 مختلف اقسام کے پودے تقسیم کئے گئے۔ باغبانی کی ترقیاتی افسر صائمہ حمید نے اس موقع پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔واضع رہے کہ پودوں کی تقسیم کاری مہم ایچ ڈی او آفس شالیمار میں 5 مارچ 2021 ء تک جاری رہے گی۔
عوامی مجلس عمل کا غلام محمد میر المعروف ہوشیارکے انتقال پراظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل حلقہ چھتہ بل سرینگر کے زیر اہتمام تنظیم کے بانی رکن غلام محمد میر المعروف’ہوشیار‘ جن کا گزشتہ جمعہ کو بحریہ ٹائون پاکستان میں انتقال ہو گیا تھا نیز مرحوم کی ہمشیر ساکن بمنہ کی یاد میں ایک تعزیتی مجلس اور ایصال ثواب کی تقریب کا مرحوم کی رہائش گاہ چھانہ محلہ چھتہ بل میں انعقاد کیا گیا۔دعائیہ مجلس میں نظر بند رکھے گئے سربراہ تنظیم میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر مرکزی عہدیداروں میں محمد شفیع خان ، حاجی غلام قادر بیگ، مولانا ایم ایس رحمن شمس کے علاوہ مقامی تنظیمی کارکنوں اور شہر سرینگر کے مختلف تنظیمی حلقہ صدور، جمعیت ہمدانیہ کے جی ایم ساقی ، مشتاق احمد، محمد اشرف ، محمد سعید دیدہ مری ، شیخ بشیر احمد اور شبیر حسین کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تعزیتی اجلاس میں مرحوم غلام محمدمیر ہوشیار کی کشمیری سماج کے تئیں مسلسل سات دہائیوںپر مشتمل بے لوث خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا گیا اور یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ مرحوم نے انتہائی غیر معمولی اور نامساعد حالات میں جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل کے بینر تلے اور بانی تنظیم کی سربراہی میں جس طرح سے اپنی خدمات انجام دیں ،وہ ہر لحاظ سے قابل تقلید ہے۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کا اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی نے دارالعلوم داؤدیہ بٹہ مالو سرینگرکے مہتمم مولانا قاری محمد اسلم کے ماموں اور بارہمولا رفیع آ باد کے حافظ محمد صادق کی وفات پرغمزدہ کنبوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں مرحومین کے لئے جنت نشینی کی دعا کی۔