بغیرسرکاری امداد چلائے جارہے اسکولوں کا وفد مشیر بھٹناگرسے ملاقی
سرینگر//بجٹ ان ایڈڈ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن جموں اینڈ کشمیر ’بی یو پی ایس اے جے کے‘ کا ایک وفد یہاں لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر سے ملا ۔ اس موقعہ پر ناظمِ تعلیم کشمیر اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ وفد نے بغیر کسی سرکاری معاونت سے چلائے جا رہے پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مختلف مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا اور اُن کا فوری ازالہ طلب کیا ۔ وفد نے کووڈ 19 وباء کے پیش نظر سکولوں کو تسلیم کرنے اور منسلک کرنے کی مدت میں توسیع طلب کی ۔ انہوں نے صوبہ کشمیر کے سکولوں میں مارچ سیشن لاگو کرنے کی بھی مانگ کی اور تمام التوا میں پڑے معاملوں کو نمٹانے کی بھی درخواست کی ۔ وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مسائل اور مانگوں کا بغور جائیزہ لیکر اُن کو پورا کیا جائے گا ۔ مشیر بٹھناگر نے وفد کے ارکان سے کہا کہ کووڈ 19 وباء کے بعد سکولوں کو دوبارہ کھولنے کیلئے تمام لازمی پروٹوکولز پر سختی سے عمل پیرا رہیں اور سکولوں میں دیگر صحت رہنما خطوط کی عمل آوری یقینی بنائیں ۔
خانصاحب میں نقب زنی
سونے کے زیورات اورڈیڑھ لاکھ روپئے اڑالئے
ارشاد احمد
بڈگام// خانصاحب بڈگام میں چوری کی ایک واردات میں چوروں نے سونے کے زیورات اور ڈیڑھ لاکھ روپئے اڑالئے ہیں۔مقامی شہری محمد امین شاہ نے خانصاحب تھانہ میں شکایت درج کرائی کہ 24 اور 25 فروری کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے ان کی غیر حاضری میں رہائشی مکان میں موجود نقدی اور سونے کے زیورات اڑالئے ہیں۔مذکورہ شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ نقب زنوں نے 4 سونے کی انگوٹھیاں، ایک پونڈ ، 2 ہار( سیٹ) ، سونے کی زنجیر اور نقدی ایک لاکھ پچاس ہزار روپے اڑالئے ہیں۔ ایس ایچ اوخانصاحب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ محمد امین شاہ نامی شہری نے شکایت درج کی ہے اور اس سلسلے میںکیس زیر نمبر 18/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر/ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شہر کے معروف تاجر محمد یوسف خان(گھڑی ساز) ساکن گوگجی باغ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی ۔ ادھر پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر مبارک گل نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ
لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نے جائزہ لیا
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار نے سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ پر جاری پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے افسروں کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ، ایس ایس سی ایل ( ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ) ، کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن ، ایس ڈی اے اور لاوڈا کے وائس چیئر مین ، چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ ، چیف ٹاؤن پلانر کشمیر ، سپرنٹنڈنگ انجینئر کے پی ڈی سی ایل اور دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ سرینگر سمارٹ سٹی منصوبے کا مقصد سرینگر شہر کو ایک جدید اور معاشی طور فعال شہر کے طور پر ترقی دینا ہے ۔ انہوں نے افسروں کو اس منصوبے کی تکمیل متعینہ مدت کے اندر کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز کرنے پر بھی زور دیا ۔
سالورہ کے معروف استاد شیخ عبدالحمید فوت
ارشاد احمد
گاندربل// سالورہ گاندربل کے معروف استاد شیخ عبدالحمید مختصر علالت کے بعد میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ میں انتقال کرگئے۔ موصوف گردے کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باعث پچھلے ایک ہفتہ سے سکمز میں زیر علاج تھے جہاں وہ جمعرات کو فوت ہوئے۔اُن کے موت کی خبر سن کر گاندربل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے جنازے میں شرکت کی۔
اننت ناگ میں پرائیویٹ سیکورٹی اہلکاروں کا احتجاج
عارف بلوچ
اننت ناگ //گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں تعینات پرائیویٹ سیکورٹی اہلکاروں نے احتجاج کرتے ہوئے تنخواہیں واگزار کرنے کا مطالبہ کیا ۔احتجاجی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ لوگ گذشتہ 1 سال سے میڈیکل کالج میںسیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں لیکن گذشتہ 7 مہینے سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کی سیکورٹی کا ذمہ اب دوسری ایجنسی کو ملا ہے جس کے سبب ان رکی پڑی تنخواہیں ملنے پر خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔مظاہرین نے رکی پڑی تنخواہیں فوری طورواگذار کرنے کی مانگ کی ۔اس دوران افسران کی مداخلت کے بعد مظاہرین پر امن طور منتشر ہوئے۔
عرس ِ مبارک حضرت عباسؓ، حضرت علیؓاور شاہ ہمدانؒ
خانقاہوں میں تقاریب،درودواذکار کی مجالس آراستہ
سرینگر//حضرت عباسؓ ، حضرت علیؓ اور حضرت امیرکبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس مبارک ایک ساتھ پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی جہاں نماز ظہر کے بعد ختمات اور درودو اذکار کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام بقعہ عالیہ غلام محمد ہمدانی نے کی۔وادی کی دیگر خانقاہوں میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد ہوا جبکہ خانقاہِ فیض پناہ ڈورو شاہ آباد، ترال، وچی، سیر ہمدان، سوپور، چرار شریف، پانپور ، کھاگ اور خانقاہِ حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ میں بھی درود و اذکار کی مجالس آراستہ ہوئیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اپنے خطاب میں امت مسلمہ کو دینی اقدار کو پروان چڑھانے پر زور دیا۔