مرحوم حسام الدین کی اہلیہ فوت
محبوبہ مفتی کی تعزیت پرسی
اننت ناگ//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کانگریس کے سینئر لیڈر مرحوم پیر حسام الدین کی اہلیہ حنیفہ بیگم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے اننت ناگ کے دمحال خاشی پورہ پہنچ کرغمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم پیر حسام الدین اُن کے والد اور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے خاص ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
انجمن علماء کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن علماء وائمہ مساجد جموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی ،نائب امیر مفتی توصیف الرحمن قاسمی، سیکریٹری سیدالمرسلین ایجوکیشن اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی جموں وکشمیر وخطیب مرکزی جامع مسجد شانگس ،تحصیل صدر پہلگام قاری محمد شفیع ، مجلس عاملہ کے رکن مولانا محمد شفیع ترالی اور صدرِ تحصیل کوکرناگ مولانا محمد خالد مظاہری نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں حافظ رفیق احمد مغلو زلنگام کوکرناگ کے دادا جان عبدالسلام کی وفات پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لئے جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعاء کی۔
امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزاء
امام موسیٰ کاظم ؑ کو خراج عقیدت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کے یوم شہادت پر امام باڑہ بڈگام میں ایک مجلس عزاء کا انعقاد ہوا جہاں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے امام عالیٰ مقامؑ کے تئیں والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر انجمن کے صدر آغا سید حسن نے عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کے کردار و عمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ انہوںنے کہا کہ امام موسیٰ کاظم ؑ کے دور امامت میں اسلامی سلطنت کا دائرہ کافی وسیع ہوچکا تھا تاہم خلافت اسلامیہ مکمل طور پر ملوکیت میں تبدیل ہو چکی تھی۔آغا حسن نے کہا کہ اکثر ائمہ معصومینؑ کی شہادتیں دینی معاملات میں وقت کے حکمرانوں کی شر انگیز مداخلت اور قرآن و سنت سے منافی پالسیوں کی وجہ ہے ۔اس موقع پر آغا حسن نے سماجی بدعات اور منشیات کی تباہ کاریوں سے آگا ہ کرتے ہوئے عوام سے تاکید کی کہ وہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لئے شرعی ذمہ داری کے عنوان سے متحرک ہوجائیں۔
کولگام اوررفیع آبادآتشزدگی
نیشنل کانفرنس کامتاثرین کی بازآبادکاری کی اپیل
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر حسنین مسعودی ، سینئر لیڈر سکینہ ایتو ، ضلع صدر ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے نہامہ کولگام میں ایک بھیانک واردات میں ایک شاپنگ کمپلیکس، رہائشی مکانات اور کئی دکانوں کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام سے اپیل کی کہ متاثرین کی بازآبادکاری اور فوری امدادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین اس آتشزدگی میں اپنا سب کچھ کھو بیٹھے ہیں اور ان کی بروقت امداد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کریںاور تاجروں کو کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ یہ اپنا کاروبار پھر سے شروع کرسکیں ۔ اس دوران شمالی کشمیر کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون اور ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار نے رفیع آباد میں 20دکانوں اور دیگر املاک کے خاکسترہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اپیل کی۔
اپنی پارٹی کاضلع سیکریٹری شوپیان سے اظہارِ تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے بدھ کو پارٹی ضلع سیکریٹری شوپیان اطہر ریشی ساکن وچی کی دادی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیغام میں منہاس نے مرحومہ کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک نیک سیرت اور مہمان نواز خاتون تھیں۔ منہاس نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ سے دعا کی کہ انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہو۔
منشیات مخالف مہم
سرینگر،بڈگام اور کولگام میں 5افراد گرفتار
اشرف چراغ
کپوارہ+بڈگام// کرالہ پورہ پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے نشیلی ادویات کو ضبط کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کو آلوسہ میں ایک شخص بلال احمد شاہ کو مشکوک حالت میں دیکھا جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لیا اور ان کی تحویل سے چرس بر آمد کیا۔پولیس نے بلال کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی۔اِدھرمنشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے بڈگام ،سرینگر اور کولگام میں5افراد کو گرفتار کرلیا ور ان کے قبضے سے نشیلی چرس اور دیگر نشیلی اشیاء برّمد کرلی ہیں۔ خانساحب بڈگام میں پولیس نے مرشید احمد شاہ اور محمد عالم میر ساکنان خانساحب کو ایک ناکہ پر گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ساڑھے گیارہ کلو چرس نشیلی مادہ ضبط کیا ہے۔دونوں افراد کے خلاف خانصاحب تھانے میں کیس زیر نمبر27/2021درج کرلیا ہے۔ادھر صورہ تھانے سے وابستہ پولیس پارٹی نے حافظ باغ کے نزدیک ایک ناکہ کراسنگ پر تلاشی کارروائی کے دوران عمر احمد دار عرف ہولڈر ساکن عمرہیر صورہ اور عثمان نجار ساکن عثمان آباد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے دونوں افرادسے نشیلی مادہ برآمد کرلیا ہے اور کیس زیر نمبر 11/2021درج کرلیا۔پولیس نے اس جرم میں استعمال میں لائی گئی سکوٹی کو بھی ضبط کرلیا۔اس دوران کولگام پولیس نے پولیس پوسٹ میر بازار ایک گاڑی زیر نمبر DL26W-7754سے فکی اور33بوتلیں شراب برآمد کرلیں اور ایک شخص طارق احمد بٹ ساکن کھڈونی کولگام کو گرفتار کرلیا۔اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر44/2021درج کرلیا ہے
سرسیار چاڈورہ میں تقریب
بڈگام//ضلع انتظامیہ بڈگام اورضلع سماجی بہبود محکمہ نے تلکل آرٹ میڈیا کولیکٹیو کے اشتراک سے ’نشہ مکت بھارت‘ ابھیان کے سلسلے میںسرسیار چاڈورہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔جس میں انتظامیہ سے وابستہ افسروںکے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے سماج میں تیزی سے بڑھتے ہوئے اس ناسور( منشیات )کوترک کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال پر روکتھام کی ضرورت ہے ۔تقریب کے دوران تلکل آرٹ میڈیا کولیکٹیو سے وابستہ فنکاروں نے نشہ مکت بھارت ابھیان عنوان پر ڈرامہ پیش کرکے نہ صرف لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ منشیات جیسے ناسور سے سماج اورانسانیت کو ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ بڈگام ،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیرآفس اور تلکل آرٹ میڈیا کولیکٹیو کے فنکاروں کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی علاقے میں ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو منشیات اور یگر سماجی برائیوں سے روکا جاسکے۔
کولگام میں محکمہ تعلیم کے عارضی ملازمین کااحتجاج
کم سے کم اُجرت قانون کے تحت تنخواہ کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
سرینگر// کولگام میں بدھ کو محکمہ تعلیم کے عارضی ملازمین نے کم از کم اجرت ایکٹ کے مطابق تنخواہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔محکمہ تعلیم سے وابستہ کنٹینجنٹ پیڈ ورکرز (سی پی ڈبلیو) نے ایس آر او 308 اور520 کو ان کے حق میں نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج کر رہے عارضی ملازمین نے ایس آر ائو 308 کے تحت محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی اور ایس آرائو520 کے تحت انہیں بھی کم از کم اجرت ایکٹ کے زمرے میں شامل کرنے کی مانگ کی۔انہوں نے کہا کہ ہم برسوں سے محکمہ تعلیم میں معمولی اجرت پر کام کرتے آ رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ان کی جائز مانگوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ نے انہیں ایس آر او 520 کے تحت کم از کم اجرت فراہم کرنے کے احکامات صادر کئے لیکن ان کے مطابق انتظامیہ نے اب تک اُنہیں اس زمرے میں شامل نہیں کیا ہے۔
کیموہ کولگام میں لاوارث بیگ سے مرد ہ بھیڑ برآ مد
سرینگر//کولگام سے گز ر نے والی سرینگر جموںو شاہراہ پر کچھ دیر کے لئے اس وقت ٹریفک کی نقل وحرکت مسدود ہو کر رہ گئی جب یہاں ایک بیگ پایا گیا بعد میں مذ کورہ بیگ میں ایک مردہ بھیڑ برآ مد کیا گیا۔سی این ایس کے مطابق بد ھ کی صبح سبحان پورہ، کیموہ کے نزدیک سرینگرجموں شاہراہ پر ایک روڈ اوپنگ پارٹی نے خون سے لت پت ایک بیگ لاوارث حالت میں پایا جس کے بعد پولیس اور فورسز اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور شاہراہ پردونوں اطراف سے ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گئی۔ بیگ برآ مد ہوتے ہی مذ کورہ شاہراہ پر سنسنی پھیل گئی اور بم ناکارہ بنانے والا اسکوارڈ جائے موقع پر پہنچا۔ بیگ کو چیک کرنے کے بعد اس میں ایک مردہ بھیڑپا یا گیا۔
اسکول آف اوپن لرننگ کشمیر یونیورسٹی
پروفیسر طارق چستی ڈین مقرر
سرینگر//فاصلاتی شعبہ تعلیم کے پروفیسر طارق احمد چستی نے بدھ وار کو کشمیر یونیورسٹی کے ڈین آف اسکول آف اوپن لرننگ کا عہدہ سنبھالا۔پروفیسر چستی جوفاصلاتی شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر ہیں،نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ریاضی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے اور متعدد کتابیں بھی تصنیف کی ہیں ۔وہ امریکن میتھمیٹیکل سوسائٹی کے ممبر ہونے کے علاوہ انڈین میتھ میٹیکل سوسائٹی اور رامانجن میتھ میٹیکل سوسائٹی کے ممبر بھی ہیں ۔ ان کے تحقیقی مقالے امریکہ ،جرمنی،ہنگری ،چین ،ترکی،سعودی عربیہ اور دیگر ممالک کی رسالوں میں شائع ہوئے ہیں ۔
اسکولوں کے بورڈ ترنگے کے پس منظر میں ڈائزاین کرنے کی ہدایت
سرینگر// حکام نے سرکاری تعلیمی اداروں میں30 اپریل تک رنگ و روغن کرنے اور ترنگا پس منظر والے معیاری ڈائزین کے بورڈ نصب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مدن گوپال شرما کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کئے گئے ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پلانگ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو اس سلسلے میں نوڈل افسر تعینات کیا گیا ہے کہ اسکولوں میں سفید اورسرمئی رنگ کیاجائے اور اسکولوں میں معیاری بورڈ نصب کرنے کی نگرانی کریں۔اسکولوں کے معیاری بورڈ کے پس منظر میں ترنگا کے تینوں رنگوں پر اسکول کی تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی سطح کی پیش رفت کو مکمل کرنے کیلئے30اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ ان سرگرمیوں میں پیش رفت کا خاکہ ہفتہ وار انتظامی سیکریٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پیش کیا جانا ہے۔