میمندر شوپیاں میں تیندوا نمودار
علاقہ میں خوف و ہراس
سرینگر//میمندرشوپیان میں تیندوا نمودار ہونے سے آبادی میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ۔کے این ایس کے مطابق میمندرمیں ایک تیندوا نمودار ہوا جس کے سبب وہاں افراتفر ی مچ گئی ۔ لوگوں نے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف اہلکاروں کو مطلع کیا۔محکمہ کی ٹیم گاوں میں پہنچ گئی اور تیندوے کی تلاش شروع کی۔ (کے این ایس)
پلوامہ میں جنگلی جانوروں سے میوہ باغات کو نقصان
ناظم باغبانی نے متاثرین کو مدد کی یقین دہانی کرائی
سرینگر //نیوز ڈیسک //جنگلی جانوروں کے ذریعے میوہ باغات کو پہنچے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ باغبانی کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے آئی جی سی لاسی پورہ پلوامہ کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔اس سے قبل یہ اطلاعات موصول ہوئی تھی کہ پلوامہ میں کئی ایک باغات میں جنگلی جانوروں نے تباہی مچا دی اور سبزیوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ سیب اور دیگر میوہ کے درختوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے جس کے بعد ڈائریکٹر نے فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ باغات کا دورہ کیااور ماتحت عملہ سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی تاکہ جنگلی جانوروں سے ہونے والے نقصانات کو روکا جاسکے۔ڈائریکٹر نے کہاکہ’ میں نے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے اوران سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں کسی بھی قسم کی امداد اور دیگر رہنمائی کیلئے سی ایچ او پلوامہ ، بڈگام سے رجوع کرنے کو کہاہے، تاکہ آئندہ جنگلی جانوروں سے درختوں کو بچانے کیلئے ان کی مدد کی جا سکے ۔
دل کا دورہ پڑنے سے سی آری پی ایف اہلکار ہلاک
سرینگر//ارشاد احمد//صنت نگر سرینگر میں سی آر پی ایف بٹالین 132 ایف کمپنی میں تعینات سلیکشن گریڈ کانسٹیبل ظالم سنگھ ساکنہ راجستھان حرکت قلب بند ہونے سے ہلاک ہوگیا۔ مذکورہ اہلکار ساڑھے 7بجے غش غش کھاکر گرپڑا اوراسے فوری طور پر صدر ہسپتال پہنچایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ڈاکٹروں کے مطابق اہلکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش رات بھر مردہ گھر میں رکھی گئی اورجمعہ کو گھر روانہ کیا جائے گی۔
جنگجو اور 3اعانت کاروں کیخلاف مجاز عدالت میں چالان پیش
گاندربل//ارشاد احمد//گزشتہ سال 14 ستمبر کو گاندربل پولیس نے ممنوعہ تنظیم حزب لمجاہدین کے 3اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی تھی جن کی شناخت ارشد احمد خان ولد محمد الطاف ساکنہ وائل وڈر، ماجد رسول راتھر ولد غلام رسول اورمحمد عاصف نجار ولد عبد لرزاق ساکنان بیہامہ کے طور پر ہوئی تھی۔پولیس بیان کے مطابق یہ تینوں نوجوان پاکستان میں مقیم کشمیری عسکریت پسند فیاض احمد خان ولد عبدل داؤد ساکنہ گوٹلی باغ گاندربل کے ساتھ رابطے میں تھے جس نے ان کو گاندربل میں تخریب کاری کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لئے سرحد پار سے ہی کنٹرول کررہا تھا،ان کے خلاف کیس زیر نمبر199/2020گاندربل تھانہ میں درج کیا تھا۔پولیس نے قانونی چارہ جوئی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد چاروں کے خلاف عدالت مجاز میں چالان پیش کیا۔
پنڈت برادری کی گھر واپسی کے منتظر:آغا حسن
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے پنڈت برادری کو ہیرت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تہوار کو کشمیری تہذیب و تمدن کی علامت ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور محبت و بھائی چارے کی تجدید اور کشمیریت کی شان و عظمت کا ایک نمایاں پہلو قرار دے رہے ہیں۔ آغا حسن نے پنڈت برادری کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بالخصوص پنڈت اور مسلمان اپنے مذہبی تہوار مل جل کر مناتے چلے آرہے ہیںاور موجودہ حالات بھی اس شاندار روایت کو متاثر نہیں کرسکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان آج بھی پنڈت برادری کی گھر واپسی کے منتظر ہیں ۔
پلوامہ میں شہری90کلو براؤن شوگر سمیت گرفتار
سرینگر// منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے ایک شہری کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے 90 کلو گرام برائون شوگر برآمد کرلیا۔گزشتہ روز ایس ایچ او راجپورہ تھانہ سرجان احمد کی ہدایت پر پولیس پارٹی نے چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 90کلوگرام براؤن شوگر برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت خالد حسین صوفی ساکن اقبال کالونی چرارشریف بڈگام کے بطو رہوئی ہے۔راجپورہ تھانہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 17/2021 درج کرلیا ہے۔
منشیات کے مضر اثرات
چرارونی بڈگام میں آگاہی کیمپ
سرینگر// ضلع انتظامیہ بڈگام کی طرف سے چرارشریف کے مضافات میں چرارونی کے مقام پر اسلامک ایجوکیشنل انسٹچوٹ میں ’’منشیات سے نجات‘‘کے موضوع پر ایک جانکاری کیمپ منعقد کیا گیا جس میں تحصیل سوشل ویلفیئر افسر وانی مختار احمد، سیکنڈ افسر طارق النسا اور دوسرے ذمہ داران موجود رہے۔ تقریب کے دوران منشیات کے مضر اثرات سے متعلق سامعین کو جانکاری دی گئی۔ تقریب میں بارشوں کے باوجود لوگوں کی بڑی تعدادنے شمولیت کی۔ سوشل ویلفیئر محکمہ بڈگام اور چرارشریف کے ذمہ داروں نے موضوع پر تقاریرکئے ۔
دچھنی پورہ میں سینچائی کیلئے پانی کا انتظام کیا جائے:اپنی پارٹی
سرینگر//حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے اپنی پارٹی لیڈر طارق احمد میرنے محکمہ اری گیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ دچھنی پورہ اننت ناگ میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے میوہ باغات میں سینچائی کے لئے کی پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے محکمہ اریگیشن کے اعلیٰ حکام سے اس حوالے سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔5ماہ سے ٹرانسفارمر خراب
کولگام میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
سرینگر//کولگام کے دمحال ہانجی پورہ کے متعدد دیہات میں لوگوں نے برستی بارش کے باوجود محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ5ماہ میںپانچ بارخراب ہوا ہے جبکہ ہر بار ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کے لئے انہوں نے چندہ جمع کیا۔ دمہال ہانجی پورہ کے تلوان پورہ قصبہ کھل اور چیک رمبیر پورہ نورآباد کے لوگوں نے جمعرات کو محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ چیک رمبیر پورہ کے لوگوں مطابق نومبر 2020 سے ان کے گاؤں میں 63 کے وی ٹرانسفارمر پانچ بار خراب ہوا ۔انہوں نے الزم لگایا کہ وہ چندہ کرکے ٹرانسفارمر کی مرمت کرارہے ہیں ۔ ادھر تلوان پورہ بھی پچھلے دومہینے سے بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ سے برقی رو سے محروم ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوںنے کئی بار اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر دمحال ہانجی پورہ اوردیگر افسران کو آگاہ کیا ہے تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔احتجاجی مظاہرین نے اس حوالے سے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔کے این ایس
ماگام میں کیریئر کونسلنگ پروگرام
مشتاق الحسن
ماگام // امامیہ اسلامک لائبریری ادارہ ابوالفضل عباس ماگام بڈگام کی جانب سے وادی کشمیر کے طالب علموں کے لئے کیرئر کونسلنگ پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔کونسلنگ پروگرام میں وادی کے متعدد طلبہ نے شرکت کی۔پروگرام میں مختلف مضامین کے ماہرین تعلیم بشمول کے اے ایس اور آئی اے ایس افسران نے طلاب کو اپنا کیریئر سنوارنے کیلئے مفید مشوروں سے نوازا۔ ماہرین نے طلباء کو ان باتوں کی جانکاری دی کہ بنیادی سطح پر طالب علموں کو کس طرح کے مضامین میں کیریئر بنانا ہے اور معاشرے میں آگے بڑھنا ہے۔طالب علموں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگراموں کو ہر جگہ منعقد کئے جانے چاہئیں۔ پروگرام کے اختتام پر دسویں اور بارہویں جماعت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو انعامات سے نوازا گیا۔
خواتین میں خون کی کمی
آرینز کے اہتمام سے ویبنار کا انعقاد
سرینگر// آرینزگروپ آف کالجز نے’’خواتین میں خون کی کمی ، اسباب ، علامات ، روک تھام اور علاج‘‘ کے موضوع پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹردیویا اوستھی ،ماہر امراض فورٹس ہسپتال موہالی نے انجینئرنگ ، نرسنگ ، فارمیسی ، قانون ، انتظام ، تعلیم اور زراعت کے فیکلٹی ممبران اور آریانز طلباء سے بات چیت کی اورخواتین میں خون کی کمی کے بارے میں بات کی۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ چیئرمین آریانز گروپ نے ویبنار کی صدارت کی۔ڈاکٹر اوستھی نے کہا کہ معمول کے خون کے ٹیسٹ میں خون کی کمی کو کم ہیموگلوبین بتایا جاتا ہے۔ آپ کے سرخ خون کے خلیوں میں ہیموگلوبن اہم چیزہے۔ یہ آکسیجن لے جاتا ہے اور آپ کے پورے جسم میں پہنچاتا ہے۔ اگر آپ میں خون کی کمی ہے تو آپ کی ہیموگلوبن سطح بھی کم ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین میںحمل کے دوران خون کی کمی اور خون کی فراہمی کے زیادہ تقاضوں کی وجہ سے آئرن کی کمی کا خطرہ ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ضلع ترقیاتی کمشنر و ایکسائز کمشنر مرحوم شیخ محمد حسین ساکن سالورہ گاندربل کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ ’جو نیشنل کانفرنس کے ساتھ جنرل سکریٹری مرحوم شیخ نذیر احمد کی خالہ زاد بہن تھیں‘کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے غمزدگان کے ساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، سینئر لیڈران میاں الطاف احمد، شیخ اشفاق جبار اور ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔