زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور25ہزار روپے امداددینے کی ہدایت
سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے پولیس کے تمام یونٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی پولیس اہلکار کے ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے کی صورت میں اُسے فوری طور مالی امداد دی جائے۔اس سلسلے میں پولیس ہیڈ کوارٹر سے ایک سرکیولربھی جاری کیا گیا۔سرکیولر کے مطابق تمام یونٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امن قانون کی صورتحال کو بنائے رکھنے یاکسی حملے یاجھڑپ یاحادثے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو 25000ہزارروپے کی مالی امداد فوری طور بہم کریں۔
ملک کی سلامتی اوریکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا
گاندربل اورکپوارہ اضلاع میں مثبت معاملوں میں مسلسل کمی
کووِڈ مناسب رویہ پر سختی سے عمل کرنے کی ڈپٹی کمشنروں کی تلقین
گاندربل// گاندربل اورکپوارہ اضلاع میں کووِڈ- 19مثبت معاملوں میں مسلسل کمی آرہی ہے۔اس بات کااظہار ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر کووِڈ مثبت معاملات کی شرح 0.43فیصد رہ گئی اور صحتیابی کی شرح 98.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے ٹیکہ کاری مہم کے حوالے سے کہا کہ 18برس عمر سے 44برس عمر تک کے گروپ کو 42فیصد ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور 45برس عمر سے اوپرکے لوگوں کو 47فیصد کووِڈ حفاظتی ٹیکے کی دوسری خوراک دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں ویکسینیشن آسانی سے جاری ہے اوراُنہوں نے لوگوں کے تعاون کی تعریف کی۔اُنہوں نے عوام الناس سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کی پیروی کرتے رہیں اور محرم کے متبرک ایام میں بڑے اجتماعات سے اجتناب کریں۔ادھرضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے ضلع کپواڑہ کے عوام او رشراکت داروں کا کووِڈ وَبائی مرض میں تخفیف کی کوششوں پر شکریہ اَدا کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ زائد اَز 45 برس عمر کے لوگوںصد فیصد کووِڈ حفاظتی ٹیکے دئیے جاچکے ہیںجس کے لئے اُنہوں نے ضلعی لوگوں کو مبارک باد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ 18برس عمر سے 44برس عمر تک کے گروپ کو 40.45 فیصد اَفراد ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مثبت معاملات کی شرح 0.37فیصد رہ گئی جبکہ صحت یابی کی شرح 98.6 فیصد تک پہنچ گئی جو ضلع کے لئے اطمینان بخش علامت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور قریبی ٹیکہ کاری مراکز میںجا کر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیںتاکہ وَبائی مرض سے بچاجاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ مناسب طرزِ زندگی ( سی اے بی ) کو اَپنانے سے ہم کووِڈ کی ممکنہ تیسری لہر کو دور رکھ سکتے ہیں۔
کوروناگائیڈ لائنزکی خلاف ورزیاں
۔2485افراد پر جرمانہ عائد
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے 2485افراد سے کووِڈ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر 232530روپے جرمانہ عائد کیا۔کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم وادی کے تمام اضلاع میں جاری ہے تاکہ کورونا وباء کے پھیلائوکوروکا جاسکے۔پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ رہنماخطوط کی سختی سے پاسداری کریں۔
پولیس کمانڈنٹ مقصودالزمان کی معطلی کا حکم
سرینگر//حکومت نے جموں کشمیر پولیس کے کمانڈنٹ آئی آر 8ویں بٹالین مقصودالزماں کو دوسرحدی بٹالینوں میں بھرتی کیلئے ریکروٹمنٹ بورڈ ممبرکے طوران کے نامناسب رویہ کیلئے انہیں معطل کیاہے۔اس سلسلے میں جاری ایک حکم کے مطابق انہیں پولیس ہیڈ کوارٹر کے ساتھ منسلک کیاگیا ہے اور معطلی کے دوران انہیں سبسسٹنس الائونس اور ڈے اے اداکیاجائے گا۔
کنگن اوررفیع آباد میں حادثے،ایک ہلاک ،نوزخمی
فیاض بخاری+غلام نبی رینہ
کنگن+بارہمولہ//کنگن اوررفیع آباد میں سڑک کے دوالگ الگ حادثوں میں ایک ہلاک اور نوزخمی ہوگئے۔کیلاڈورہ رفیع آباد میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا۔معلوم ہوا ہے کہ 19 سالہ وسیم احمد صوفی ولد عبدالمجید صوفی ساکنہ چکلو رفیع آباد کے ٹریکٹر کو ایک سومو گاڑی زیر نمبر JK05A-1098 نے لاڈورہ کے مقام پر ٹکر ماری جس کے نتیجے میں مذکورہ ٹریکٹر ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاںسے اُسے سرینگر منتقل کیاگیالیکن سرینگرمیں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس دوران پولیس نے سومو کو قبضے میں لیکر کیس درج کرلیا ہے۔ادھرو وسن کنگن میں پیر کی صبح ایک لوڈ کیریر الٹنے سے نو افراد ذخمی ہوگئے ۔ وسن کنگن میں منی گام سے کنگن کی طرف جارہا ایک لوڈ کیرئیر وسن کے مقام پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں لوڈ کیرئیر میں سوار نو افراد ذخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجہ کے لئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے دو ذخمیوں کو مزید علاج کے لئے سکمز صورہ منتقل کیا گیا۔
لالگام ترال میں ریچھ کی موجود گی سے دہشت
سید اعجاز
ترال// ترال کے لالگام میں پیر کو اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب گائوں میں ایک جسیم ریچھ نمودار ہوا ۔ مقامی لوگوں نے ریچھ کا تعاقب کیا جس کے بعد ریچھ نے ایک باغ میں پناہ لی۔محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے اطلاع ملتے ہی گائوں پہنچ ریچھ اپناکام شروع کیا ہے تاہم کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد محکمہ کو ریچھ کے پکڑ نے میں کوئی کامیابی نہیں ملی ۔محکمہ وائلڈ لائف کے انچارج محمد یوسف نے بتایا کہ تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی اور یہ ریچھ کسی باغ میں چھپ گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صبح اور شام کے اوقات میں باغات کی طرف رخ کرنے میں احتیاط سے کام لیں ۔خیال رہے کہ ترال کے ہی سیر علاقے میں گزشتہ روز3افراد کو ریچھ نے زخمی کر دیا تھا جبکہ سیموہ اوت امیر آباد ترال میں دوریچھوں کو بے ہوش کرنے کے بعد جنگل میں چھوڑ دیا گیا تھا ۔
میاں بشیر کون تھے ؟
ارشاد احمد
گاندربل//میاں بشیر احمد لاروی کا جنم بابانگری وانگت میں 1921کو ہوا تھا۔اُن کی ابتدائی تعلیم گھر میں ہی ہوئی تھی جس کے لئے ضلع راجوری کے علاقہ بدھل سے مولوی محمد عبداللہ چچی جن کو دربار بابا جی سے بڑی عقیدت تھی کی خدمات حاصل کی گئیں تھیں۔اس کے بعد مکتب سے فارغ ہوکر مروجہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے گورنمنٹ پرائمری سکول وانگت میں داخل کئے گئے۔انہوں نے دینی تعلیم مظفرآباد کے مولوی فضل الرحمن، ولی وار کے مولوی عبدالقدوس اور چھترگل کے مولوی محمد ابراہیم سے حاصل کی تھی ۔ 1931/32میں انہوںنے سیاست میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس وقت موصوف کی عمر صرف دس سال ہی تھی جب آپ اپنے پھوپھا زاد بھائی میاں لعل الدین عرف لالہ صاحب کے ہمراہ سرینگر جایا کرتے تھے جہاں وہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے قائم کردہ ریڈنگ روم میں اکثر وبیشتر بیٹھ کر سیاست میں حصہ لینے لگے۔ 1942میں پونچھ کے علاقہ لسانہ کے چودھری غلام حسین لسانوی کی چھوٹی صاحبزادی سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔میاں بشیر احمد کو 1967میں حلقہ انتخاب کنگن سے کانگریس کی جانب سے منڈیٹ ملا اور 1971میں نائب وزیر کے طور پر وزراء میںشامل کیا گیا۔انہوں نے 1967،1972،1977میں مسلسل کنگن کی نمائندگی کی اور 1987میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی اور پوری طرح تبلیغ دین میں پیش پیش رہے۔1985میں میاں بشیر احمد لاروی کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوئی اور.26جنوری 2008کو سماج میں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند نے پدم بھوشن کے ایوارڈ سے نوازا۔
ہانجی دانتر اننت ناگ میںنقب زنی
اڈھائی لاکھ روپئے کے زیورات اڑالئے
سرینگر// اننت ناگ کے ہانجی دانتر علاقے میںگزشتہ روز نقب زنوں نے دن دہاڑے ایک مکان میں گھس کر وہاں سے لاکھوں روپئے مالیت کے زیورات اُڑالئے ۔ سجاد احمد بٹ ولد محمد یوسف ساکن ہانجی دانتر اننت ناگ اور ان کی اہلیہ محکمہ تعلیم میں ملازمت کررہے ہیں اوراتوار کو سرکاری تقریب میںشرکت کرنے کی غرض سے گھر سے باہر تھے ۔ اس دوران گھر میں کوئی اور موجود نہیں تھا جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے نقب زنوں نے گھر میں گھس کر 2.50لاکھ روپے کے سونے کے زیورات اُڑالئے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
محکمہ آیوش کی جانب سے گانگو میں طبی کیمپ
سرینگر//محکمہ آیوش پلوامہ کی جانب سے گانگو میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 200 سے زیادہ مریضوں کا معائنہ کیا گیا اورمفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ کیمپ کے انعقادکیلئے علاقے کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور آیوش کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر الطاف شاہ نے کہا کہ محکمہ آیوش کی طرف سے اس طرح کے کیمپ آنے والے دنوں میں دیگر علاقوں میںبھی منعقد ہونگے ۔