انتظامیہ ناکام ثابت ،عوام بنیادی سہولیات سے محروم:چوہدری قمر
سمت بھارگو
راجوری //سابقہ ممبر اسمبلی راجوری اور جموں وکشمیر اپنی پارٹی لیڈر چوہدری قمر حسین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت صرف کھوکھلے دعوئے کررہی ہے جبکہ اس مشکل دور میں عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ پنچایتوں میں پانچ بستروں والے کووڈ مراکز قائم کرنے کے بجائے ہسپتالوں میں مزید کووڈ وارڈیں قائم کی جائیں ۔انہوں نے کہاکہ مریضوں کو اس مشکل وقت میں جہاں معیاری سہولیات میسر نہیں ہیں وہائیں راجوری ضلع میں کووڈ سے شرح اموات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ پنچایتوں میں کووڈ مراکز قائم کرنے کے بجائے ہسپتالوں میں کووڈ وارڈ وں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام پنچایتوں میں آکسیجن کی قلت کوپورا کرنا انتہائی مشکل ہے جبکہ مریضوں کو سہولیات بھی معیاری فراہم نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے مزید کہاکہ آکسیجن کیساتھ ساتھ دیگر کئی ایسی چیزیں ہیں جن کی کووڈمریضوں کو ضرورت ہوتی ہے اور ان کو مہیا کرنا مشکل عمل ہے ۔انہوں نے بھاجپا لیڈران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لیڈران ہسپتالوں میں صرف نمائش کیلئے آئے ہیں تاہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں حکومت پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔
فوج نے کووڈ پر آن لائن لیکچر کا انعقاد کیا
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع میں کووڈ پر ایک آن لائن لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران عام لوگوں کو وائرس کے پھیلائو کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔راجوری ضلع کے گلہوتی علاقہ میں منعقدہ اس پروگرام کے دوران فوجی آفیسران نے کووڈ کو روکنے کیساتھ ساتھ اس کے دوران احتیاری کی جارہی احتیاطی تدابیر و دیگر مسائل کے بارے میں بیدار کیا ۔فوجی آفیسران نے کہاکہ ہرایک فرد کو چاہئے کہ وہ کووڈ کے بچائے کیلئے اپنے ہاتھ بار بار صابن سے صاف کرئے جبکہ سماجی دوری اور ماسک کا استعمال ہر وقت کیا جائے ۔اس آن لائن پروگرام کے دوران مکینوں کو کووڈ ویکسین کے تیسرے مرحلے کیلئے رجسٹرڈ کرنے کے بارے میں بھی عملی جانکاری فراہم کی گئی ۔مکینوں نے مشکل وقت میں فوج کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کی گئی ۔
لوگوں سے کووڈ ویکسین لگوانے کی اپیل
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میں پولیس اور سیول انتظامیہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلدازجلد کووڈ ویکسین لگوائیں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔ تحصیل تھنہ منڈی میں کم وقت کے اندر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین دینے کے حوالے سے محکمہ صحت ، پولیس اور سول انتظامیہ عوام کو ویکسین کیلئے آگے آنے کی ترغیب دینے میں مصروف عمل ہے۔ایسے میں حکومت اور انتظامیہ کے ذریعہ ٹیکہ کاری پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم تیزی سے جاری ہے۔محکمہ صحت ، جموں و کشمیر پولیس اور تحصیل انتظامیہ نے لوگوں سے یہ گزارش کی کہ جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں لگائی وہ ویکسین لگائیں اور 18 سال کی عمر کے اوپر جو ہیں ان کو بھی ویکسین سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کی مہم جاری ہے۔ یاد رہے کہ تحصیل تھنہ منڈی میں میں پہلی کھیپ سے 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکے لگائے گئے تھے۔ اب یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کو جن کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے ان کو کورونا کی ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ پولیس اور تحصیل انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی بیماری آپ کی صحت پر اثر کرتی ہے تو اس کیلئے بچاؤ بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کووڈ کو ختم کرنے کیلئے جلداز جلد ویکسین لگوائی جائے ۔
’خالصہ ایڈ انڈیا‘نامی تنظیم نے آکسیجن کنسٹریٹر عطیہ کئے
راجوری //جموں کی ایک نجی تنظیم ’خالصہ ایڈ انڈیا ‘کی جانب سے ضلع انتظامیہ راجوری کو کووڈ کے اس مشکل وقت میں 5آکسیجن کنسٹریٹر عطیہ کئے گئے تاکہ وائرس کا شکار مریضوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔این جی او رضا کاروں کی جانب سے راجوری کے زچہ بچہ ہسپتال میں مذکورہ آلات حکام کے حوالے کئے گئے ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل برج موہن گپتا ،اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال ،گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے کووڈ ایڈ منسٹریٹوو آفیسر کیساتھ ساتھ پیر امیڈیکل سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔میڈیکل کالج کے پرنسپل نے این جی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ صحت کا اس مشکل وقت میں تعاون کیاجارہا ہے ۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلا ئو کو کم کرنے کیلئے اپنے آپ کا جلدازجلد کووڈ ٹیسٹ کروائیں ۔اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال نے کہاکہ اس مشکل وقت میں نجی تنظیم کی جانب سے انتظامیہ کیساتھ تعاون کرنا ایک خوش آئند عمل ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماج کو کووڈ سے بچانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔