قبائلی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی
۔16دیہات میں دودھ محفوظ رکھنے کے پلانٹ منظور
سرینگر //محکمہ قبائلی امور نے قبائلی دیہات میں دودھ کے گاؤں ، ملک چِلنگ پلانٹس (ایم سی پی ) ، دودھ کی مصنوعات کی پروسیسنگ اور دیگر سہولیات کے قیام کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد دودھ کی پیداوار اور سپلائی چین کو مدد فراہم کرنا اور روز گار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد 1500 سے زائد قبائلی نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنا اور پہلے مرحلے میںڈھانچے کاقیام ہے جس کے بعد تمام اضلاع میں اسے توسیع کی جائے گی ۔ دودھ کے گاؤں کے قیام کیلئے پہلے مرحلہ میں 16 دیہات بنائے گئے ہیں جبکہ1500 لاکھ روپے کی مجموعی لاگت سے جاری 2 پروجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔ یو ٹی کیپکس بجٹ کے تحت منظور شدہ 6 نئے دودھ گاؤں جن میں شوپیاں کے دو گاؤں ، پلوامہ ، راجوری ، گاندر بل اور پونچھ میں ایک ایک گاؤں شامل ہے ۔ دودھ کے دیہات کو مویشیوں کی اپ گریڈیشن ، مشینری ، آلات اور مارکیٹ کے رابطوں کیلئے 80.00 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ قبائلی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی سپانسر سکیم کے تحت جن دیہات کی80.00 لاکھ روپے فی گاؤں کی مالی اعانت کی جا رہی ہے ان میں راجوری ، اننت ناگ ، پونچھ ، جموں ، شوپیاں ، ریاسی ، کپواڑہ اور بڈگام کے آٹھ گاؤں شامل ہیں ۔پہلے منظور شدہ پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے 90 لاکھ روپے کی رقم پلوامہ میں سنگیر وانی اور راجوری میں ارگی کیلئے مختص کی گئی ہے ۔ شوپیاں اور گاندر بل کیلئے 100.00 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کئے جانے والے دو دودھ چِلنگ پلانٹس بھی منظور کئے گئے ہیں ۔ محکمہ نے سکلنگ ، لائیو سٹاک پروڈکٹ منیجمنٹ ، سپلائی چین انفراسٹریکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے دودھ سپلائی چین کے امکانات والے دیہات کی شناخت کا عمل بھی شروع کیا ہے ۔ اودھمپور، سانبہ ، کٹھوعہ ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، رام بن ، بڈگام ، بارہمولہ ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ جیسے اضلاع میں قابل ذکر قبائلی آبادی والے علاقوں کو مرحلہ وار دودھ گاؤں کے قیام کیلئے نقشہ بنایا جا رہا ہے ۔ ہنر مندی کی ترقی اور مارکیٹ کے روابط کیلئے علیحدہ رقم بھی مختص کی گئی ہے ۔ محکمہ قبائلی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سروے ، تجزیہ ، تشخیص ، ڈی پی آر کی تشکیل ، ہُنر مندی اور دیگر پہلوؤں کیلئے پہلی بار ریسرچ گرانٹ بھی فراہم کر رہا ہے ۔ قبائلی امور کے محکمہ کی طرف سے منظور شدہ تمام دودھ گاؤں صد فیصد سرکاری فنڈنگ سے قائم کئے جا رہے ہیں اس دوران محکمہ 100 ملک ولیجز اور کولنگ پلانٹس کے قیام کیلئے بنکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ فعال طور پر تعاون کر رہا ہے جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ سکیم کیلئے سبسڈی اور سود کی امداد دریافت کی جا رہا ہے ۔
اسسٹنٹ پروفیسر
اہل امیدوار وں کی سفارش محکمانہ کمیٹی کریگی
سرینگر//بلال فرقانی// انتظامیہ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم میںاسسٹنٹ پروفیسروں کے گریڈ کوجاری کرنے کیلئے محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹیوں کی تشکیل کو منظوری دی۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ اہل ا سسٹنٹ پروفیسروں کے کیسوں کی جانچ پڑتال کا ایک محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کو کاکام سونپا گیاہے۔ اس محکمہ جاتی کمیٹی کی کمان اعلیٰ تعلیم کے انتظامی سیکریٹری کو سونپی گئی ہے،جبکہ کمیٹی میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹر فائنانس، خصوصی سیکریٹری و ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم، محکمہ اے آر آئی ٹرینگس کے نمائندے،جن کا عہدہ ایڈیشنل سیکریٹری سے کم نہ ہو اور محکمہ قانون و پارلیمانی امور کا نمائندہ جس کا عہدہ بھی ایڈیشنل سیکریٹری سے کم نہ ہو، اس محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کے ممبران ہوںگے۔ آرڈر کے مطابق کمیٹی مقررہ ضوابط جن کی وقتاً فوقتاً نشاندہی ہوئی کے تحت اہل اسسٹنٹ پروفیسروںکے حق میںاعلی گریڈوں کی واگزاری کی سفارشات کریں گی۔
سیب کے باغ میں ریچھ کی موجودگی
گیراج گاندربل میں خوف و ہراس
گاندربل//ارشاد احمد//گیراج گاندربل میں سیب کے باغ میں ریچھ کی موجودگی سے ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔مقامی لوگوں نے اس ضمن میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ گیراج گاندربل میں سہ پہر کے بعد آبادی سے تھوڑی دوری پر موجود سیب کے باغ میں ریچھ کی موجودگی پائی گئی جس کے فورا بعد پولیس اور محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی گئی۔لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔ محکمہ جنگلی حیات کے عملہ نے فوری طور پر علاقہ میں پہنچ کر ریچھ کو پکڑنے کی کوششیں شروع کیں۔اس حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کاکہنا ہے کہ گیراج گاندربل سے آبادی سے تھوڑی دوری پر سیب کے باغ میں ریچھ کی موجودگی کی اطلاع ملی اور فاریسٹر کی نگرانی میں عملہ علاقہ میں تعینات کردیا گیاہے جو ریچھ کو پکڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
میاں الطاف سے سجاد لون کی تعزیت
غلام نبی رینہ
کنگن//میاں خاندان کے ساتھ تعزیتی سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد غنی لون نے بابا نگری وانگت کنگن میں میاں الطاف احمد اور میاں سرفراز احمد سے تعزیت پرسی کی۔سجاد لون کے ہمراہ سابق ایم ایل سی یاسر ریشی اور دیگر لیڈران بھی تھے جنہوں نے میاں بشیر احمد لاروی کے مزار پر فاتحہ پڑھی ۔
اجس میں خستہ حال سڑک کیخلاف احتجاج
عازم جان
بانڈی پورہ //اجس بانڈی پورہ کے لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی اور ناقص ڈرینیج نظام کے خلاف احتجاج ۔ احتجاجی لوگوں نے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ کی عدم توجہی سے عوام کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ سراپا احتجاج لوگوں نے بتایاکہ پنچ سے لیکر سرپنچ بی ڈی سی سے لے کر ڈی ڈی سی ،جنہوں نے تعمیر وترقی کے نام پر ووٹ لئے، خستہ حال سڑک کی جانب دھیان نہیں دے رہے ہیں ۔
بانڈی پورہ میں فوڈ اینڈ سپلائز یونین کے چنائو
شبیر احمد خان ضلع صدر منتخب
عازم جان
بانڈی پورہ//فوڈ اینڈ سپلائز ملازمین ضلع بانڈی پورہ کے منعقدہ انتخاب میں شبیر احمد خان کو یونین کا ضلع صدر منتخب کیاگیا۔ چترنار بانڈی پورہ میں ضلع عہدیداروں کو منتخب کرنے کیلئے فوڈ اینڈ سپلائز یونین کے چنائو منعقد ہوئے جس میں فیئرپرائس ہولڈروں سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی اور مشترکہ طور پر نئی یونین تشکیل دی۔ چنائو میں شبیر احمد خان کو بہ اتفاق رائے بانڈی پورہ یونین کا ضلع صدر ، عامر حسین شیخ کو نائب صدر اور عبدالکبیر کو سیکریٹری چنا گیا۔ نئے منتخب ضلع صدر شبیر احمد خان نے حلف لینے کے بعد کہا کہ فوڈ اینڈ سپلائز ملازمین کو آپس میں جو معمولی نوعیت کے اختلافات تھے ان کو باہمی رضامندی سے دور کیاگیا اور ایک مضبوط یونین قائم کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ ’ہم نے عہد کیا ہے کہ باہمی اتحاد اور اتفاق کومضبوطی سے قائم رکھیں گے ۔آخر میں عبدالکبیر نے تمام ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔
جی ایم سی اننت ناگ میں ایک اور آکسیجن پلانٹ نصب
نیوز ڈیسک
سری نگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال اننت ناگ میں 1ہزار ایل ایم پی آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب کیا گیا۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اسپتال میں پی ایم کیرز فنڈ کے تحت جدید آکسیجن پلانٹ نصب کیا گیا، اس سے قبل اسپتال میں 2360 ایل ایم پی آکسیجن جنریشن کی گنجائش تھی جس میں 300 آکسیجن سلنڈر کے علاوہ ہسپتال میں مجموعی آکسیجن جنریشن کی 3350ایل ایم پی کی مجموعی صلاحیت ہے۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اقبال صوفی نے کہا کہ وہ حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جی ایم سی کو 1000 ایل ایم پی آکسیجن جنریشن پلانٹ فراہم کیا۔کے این ایس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اس آکسیجن جنریشن پلانٹ کی تنصیب ایمرجنسی بیڈس، ایمرجنسی وارڈس اور آپریشن تھیٹر کو آکسیجن فراہم کرے گا جن میں ہائی فلو آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے۔پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ، ڈاکٹر (پروفیسر) سید طارق قریشی نے مکینیکل ٹیم اور عملے کو اور ایک آکسیجن پلانٹ کی کامیاب تنصیب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہسپتال میں آکسیجن سپلائی مضبوط ہوگی اور آکسیجن سپلائی چوبیس گھنٹے مہیا رہے گی۔انہوں نے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں عزم اور لگن کے ساتھ کام کرنے پر ہسپتال کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ جدید آکسیجن جنریشن پلانٹ پی ایم کیرز فنڈ کے ذریعے فراہم کیا گیا ہے۔
حضرت امام حسینؓ کی شہادت مشعل راہ: میرواعظ ہمدانی
سرینگر//روزِ عاشورہ اور یوم حسینؓ کے سلسلے میں جمعتہ المبارک کے موقعہ پر تاریخی خانقاہِ جامع پانپور میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں عاشقانِ رسولؐ اور محب اہل بیت نے شرکت کی۔ نمازِ جمعہ سے قبل میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمدہمدانی نے کہا کہ حضرت امام عالی مقامؓ نواسہ رسولﷺ نے کربلا کے میدان میں باطل کے خلاف جو جہاد محض رضا اللہ اور آنحضورﷺ کے پاک مشن کو تاقیامت زندہ رکھنے کیلئے لڑا وہ پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوںنے کہاکہ عدل وانصاف ، مساوات اور انسانیت کے عظیم اصولوں خاص کر دین اسلام کے خاطر جو عظیم شہادت حضرت امام عالی مقامؑ نے کربلا میں راہ خدا پیش کی رہتی دنیا تک انسانیت اُس پر عش عش کرتی رہے گی۔ اہلبیت رسولؐ کی محبت ہمارے ایمان کی نشانی ہے۔ ایسی ہی مجالسِ حسینیؓ کا انعقاد خانقاہِ اکملیہ حول، زیارت حضرت صبور باب صاحب ؒبربرشاہ ، خانقاہِ اول وچی، ڈورو شاہ آباد، ترال، سیر ہمدان، سوپور، نوبرا لیہہ لداخ، کھاگ، چرار شریف اور دیگر مقامات پر بھی منعقد ہوئیں۔
کنگن میں شہری گرفتار، چرس ضبط
غلام نبی رینہ
کنگن//پولیس نے کچہ نمبل کنگن میں ایک شخص کو گرفتار کرکے چرس ضبط کیا۔ ایس ایچ او کنگن ظہور احمد نے ایس ڈی پی او کنگن سید یاسر قادری کی زیر نگرانی میں پولیس کی ایک ٹیم نے کچہ نمبل چھتر گل کنگن پر ایک ناکہ کے دوران محمد شریف چیچی کو روک لیا اور تلاشی لی جس کے دوران اس کی تحویل سے 250گرام چرس برآمد کیاگیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا اور اس کیخلاف ایف آئی آر زیرنمبر94/2021زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی سی ایکٹ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ لوگوں نے پولیس کی اس کاروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ منشیات کادھندہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس سے نجات مل سکیں۔
نوجوان صالح معاشرے کے قیام میں اپنا رول ادا کریں
جامع مسجد جدید بانڈی پورہ میں مولانا رحمت اللہ کا خطاب
عازم جان
بانڈی پورہ //دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے سرپرست اعلی مولانا رحمت اللہ قاسمی نے نوجوانوں سے تلقین کی ہے کہ فروعات سے گریز کرکے صالح معاشرہ قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہاکہ صالح معاشرہ قائم ہونے سے محفوظ زندگی گزارنے کی ضمانت ملتی ہے۔بانڈی پورہ کی مرکزی جامع مسجد جدید میں نماز جمعہ سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا رحمت اللہ قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کودینِ اسلام میں پوری طرح سے داخل ہونا چاہئے اور اس میں زندگی بھر کی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلمان گوناگوں پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں ،مصائب جھیل رہے ہیں چونکہ مسلمان مکمل طور پر اپنے دین پر قائم نہیں رہتے ہیں جسکی وجہ سے ظلم کا سامنا کررہے ہیں ۔ مولانا رحمت اللہ نے کہا کہ دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اور بنی نوع انسان کے لئے رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشرے میں اپنی غلطیوں سے فسق وفجور کا دور دورہ ہے اور اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑرہا ہے اور اس کا علاج قرآن میں واضح طور پر موجود ہے۔انہوںنے کہاکہ ظلمتوں اور مصیبتوں سے نجات پانے کیلئے قرآن کریم واحد رہبر ہے۔ انہوں نے والدین سے تلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کو مروجہ تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ بیٹوں اور بیٹیوں کو دین کے سانچے میں تربیت ہوسکے۔
سالانہ امتحانات سے قبل تعلیمی اداروں کو کھولاجائے: ٹریڈ الائنس
سری نگر//وادی میں سالانہ امتحانات سے قبل تعلیمی اداروں کو تدریسی عمل کیلئے کھولنے کی تجویز کو زیر غور لانے کی وکالت کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ کورونا وائرس کے گراف میں کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے ذہنی نشو نما کیلئے سالانہ امتحانات سے قبل طلاب کو اسکولوں میں درس و تدریس فراہم کیا جانا چاہے۔ اعجاز شہدار نے کہا کہ وادی میں گزشتہ2برسوں سے تعلیمی ادارے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویڈ کی صورتحال کے نتیجے میں جہاں گزشتہ15ماہ سے اسکول مکمل طور پر مقفل ہیں وہی بچوں کے ذہنی نشو نما پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جب وادی میں کورونا کیسوں کی تعداد میں کافی کمی واقع ہو رہی ہے ،انتظامیہ کو چاہے کہ وہ اسکولوں کو سر نو درس و تدریس کیلئے کھولنے کے معاملے کو زیر غور لائے۔انہوںنے کہا کہ طبی ماہرین اور انتظامی افسراں سے مشاورت کرکے اس معاملے کو حل کرسکتے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سالانہ امتحانات سے پہلے جو عارضی طور پر نومبر میں شیڈول کئے گئے ہیں ، اسکولوں اور کالجوں کے دروازے کھولنا مناسب اور منطقی ہے۔ شہدار نے کہا کہ دسمبر سے سرمائی تعطیلات کیلئے پھر سے اسکولوں کو بند کیا جائے گا اور غالباً امتحانات آف لائن قلم اور کاغذ پر مبنی ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو طاق،جفت کلاسوں کا مناسب طریقہ کار لانا چاہیے اور اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء کے لئے دروازے کھولنے چاہئے۔
محکمہ تعمیرات عامہ کی موبائل ایپ
عوامی مشکلات کا ازالہ
محکمہ تعمیرات عامہ کی موبائل ایپ پر شکایات بھیجیں
سری نگر// تعمیرات ِعامہ محکمہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سڑک ، پُلوں ، عمارتوں وغیرہ سے متعلق اپنی شکایات ہماری سڑک موبائل ایپ پر بھیجیں۔پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ کی موبائل ایپ ’’ ہماری سڑک ‘‘ رواں سال اپریل میں عام لوگوں کے وقف کردہ استعمال کے لئے لانچ کی گئی تھی جو اَپنی شکایات اَپ لوڈ کر کے براہِ راست رائے دے سکتے تھے۔یہ شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو یقینی بنائے گا۔ایپ www.jkpwdoms.inاور اینڈرائیڈ موبائل فون کے ایپلی کیشن سٹور پر دستیاب ہے۔
ریڈیو پروگرام’عوام کی آواز‘ میں بارہمولہ کے شہری کی تجویز کاذکر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا شکر یہ اَدا کیا
سری نگر//بارہمولہ کے ظہور احمد میر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج کا شکریہ اَدا کیا ہے کہ اُنہوں نے جموںوکشمیر میں ’’ جن آوشدی کیندروں‘‘ کو مستحکم کرنے کے بارے میں اُن کی تجویز کو تسلیم کیا ۔ 15؍ اگست 2021ء کو نشر ہونے والے ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کی پانچویں قسط میں ظہور احمد کے نام کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس کی تجویز کا سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے صحت شعبے کو بہتر بنانے کے لئے موصول مختلف دیگر تجاویز جن میں جن آو شدی کیندروں کو مستحکم کرنا ، انوینٹری مینجمنٹ ، سپلائی چین اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ اَدویات کی دستیابی وغیرہ شامل ہیں، کا بھی خیر مقدم کیا ۔اُنہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ مناسب کارروائی کے لئے تجاویز کو احتیاط سے لیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوٹی کے 20 اَضلاع میں کل 103 جن آوشدی کیند ر قائم کئے گئے ہیں تاکہ مارکیٹ ریٹ سے 50فیصد کم اَدویات فراہم کی جاسکیں۔ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کی پانچویں قسط کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے موصول ہونے والی اَنمول تجاویز اور خیالات پر روشنی ڈالی ۔ حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں میں معنی خیز تبدیلیوں اور مداخلتوں سے تجویز دیں جس کا مقصد زیادہ مؤثر نتائج ، طریقہ کار کو اَحسن کرنا ، وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہے۔اِ س بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ جموںوکشمیر آج اَپنے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کر رہا ہے ۔ اَب یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم جموںوکشمیر کے ہر طبقے کی یکساں ترقی کے لئے ہر محاذ پر ٹھوس اِقدامات کے ذریعے اِس خلا کو پُر کریں۔ اگر چہ کام شروع ہوچکا ہے ، ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ میں ہر مہینے کے تیسرے اتوار کا شدت سے انتظار کرتا ہوں تاکہ یوٹی حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے جو مجھے موصول ہونے والے خیالات اور تجاویز پر کام کر رہے ہیں۔ ظہور احمد نے کہا ،’’ میں ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ میں کشمیر بھر میں پردھان منتری بھارتیہ جنو جنو شادھی مرکز کی کمی کی فراہمی کا مسئلہ اُٹھانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کا شکر گزار ہوں۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘ ایک منفرد عوامی رَسائی پروگرام ہے جو لیفٹیننٹ گورنر نے شروع کیا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ ’’ عوام کی آواز‘‘ ریڈیو پرگرام سے غریبوں اور دُور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔