مجموعی ترقی کے لئے پائیدارامن لازمی: انصاری
بانڈی پورہ//یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور تکنیکی تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے مرکزی امام باڑہ شادی پورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہاکہ عالمی امن کا کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے اور سماج کی مجموعی ترقی کے لئے پائیدار امن لازمی ہے ۔انہوں نے نوجوانوں پر امن کے قیام ، باہمی رواداری اور یگانگت کے لئے بھرپور کوششیں کرنے کے لئے زور دیا تاکہ ترقیاتی عمل کو ایک نئی سمت حاصل ہو اور سرکار کی کوششوں کے مثبت نتائج ظاہر ہوسکیں۔
جموں و کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک:بیرسٹر ترمبو
سرینگر//لبریشن فرنٹ (آر) کے چیئرمین بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے او آئی سی اور صدر یورپین کونسل ڈونالڈ ٹسک کے نام ایک خط میں جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق بیرسٹر ترمبو نے خط میں لکھا کہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کی انتہا اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ جب نہتے لوگ بھارت کے خلاف احتجاج بلند کرتے ہیں تو ان پر بندوقوں کے دہانے کھول کر انہیں مارا جاتا ہے اور آج تک پیلٹ فائرنگ کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کی بینائی ختم ہوچکی ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ وہ کامن ویلتھ سربراہوں کی نشست کے موقعہ پر نریندر مودی کی آمد پر احتجاج کریں گے اور یورپین کونسل سے وابستہ موجودہ اور سابق ممبران کو اس ساری صورتحال سے آگاہ کریں گے ۔
قربانیاں یادکرنا ضروری:تحریک مزاحمت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری محمد سلیم زرگر نے شبیر احمد بٹ کو ان کی25ویں برسی پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف حریت پسندی میں اپنی مثال آپ تھے۔بیان کے مطابق 9 اپریل 1993کو بی ایس ایف نے شبیر احمد کونوہٹہ میں گاڑی سے اتار کر زیر حراست شدید ٹارچر کرکے جاں بحق کیا۔زرگر نے کہا کہ اپنی قربانیوں کو یاد کرتے رہنا تحریک آزادی کا ایک اہم حصہ ہے۔دریں اثناء محمد سلیم زرگر،شبیر احمد زرگر، شیخ مصعب اور ریاض احمد پر مشتمل ایک وفد نے مہاراج گنج اور سکہ باغ لعل بازار جاکر غلام قادر شیخ کی ہمشیرہ اور محمد شفیع بٹ کی وفات پر لواحقین سے تعزیت پرسی کی ۔
عظیمت کا ارستہ اختیار کرنا باعث فخر:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے معرکہ پلوامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجو مصور حسین وانی ساکن ڈلی پورہ پلوامہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرفروشوں نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح قوم کی سربلندی کیلئے عظیمت کاراستہ اختیار کیااور اپنا سب کچھ قربان کر دیا وہ باعث فخر ہے ۔لیگ ترجمان کے مطابق یہی وہ حقیقی محسن ہیں جو قوم کو صحیح طرزِ حیات سکھانے کے لئے اپنا گرم گرم لہو نچھاور کرتے ہیں ۔دریں اثنا مولانا گلزار، غلام محی الدین، فیاض احمد ڈار، محمد یوسف اور غلام محمد گنائی پر مشتمل لیگ ایک وفد نے رنگت نور آباد،گوپالپورہ ،ا وکے اور پڈرپورہ جاکرکچھ ڈورہ اور سوگن شوپیان کے متاثرین سے تعزیت کی اور ان تک محبوس قائد مسرت عالم بٹ کاتعزیتی پیغام پہنچایا ۔