جشن صدیق اکبر ؓ کااٹھارہواں اجلاس
علماء و مقررین نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا
منیر خان
راجوری //راجوری کی دینی درسگاہ مدرسہ رضویہ اشرفیہ میں ہر سال کی طرح امسال بھی جشن صدیق اکبر ؓ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ اس دوران12 خوش بخت حفاظ کرام کی دستاربندی بھی عمل میں لائی گئی جنہوں نے قرآ ن پاک کو حفظ کیاہے ۔ دینی اجتماع میں کابینہ وزیر چودھری ذوالفقار علی ، ایم ایل اے راجوری چودھری قمر حسین سمیت دیگر کئی سیاسی سماجی لیڈران نے بھی شرکت کی اور علماء کرام کے خطاب سنے۔ اس موقعہ پر جہاں حضرت صدیق اکبر ؓ کی سیرت پر مفصل گفتگو کی گئی وہیں علماء کرام نے معاشرے میں پھیل رہی برائیوں پر بھی بات کی اورمعاشرتی بدامنی کو دین سے دور ی کا نتیجہ قرار دیا ۔ علماء کرام نے امت مسلمہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اپنے گھروں میں دینی تعلیمات کولازم قرار دیاجائے تاکہ فحاشی ور دیگر کبیرہ گناہوں کا سدباب ہوسکے ۔ انہوںنے کہا کہ بچے والدین کی نافرنیاں کررہے ہیں اورچھوٹے اپنے بڑوں کی تعظیم نے کرتے جبکہ بڑے چھوٹوں پر رحم نہیں کھاتے جس کی وجہ سے معاشرہ تباہی کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام برائیوں سے بچنے کاصرف ایک ہی ذریعہ ہے کہ قرآن پاک کو اپنی زندگی میں اپنایاجائے اور بچوںکی تعلیم وتربیت بھی اسلامی اطوار سے کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ نماز دین کا ستون ہے جس کی ادائیگی پابندی سے کی جائے ۔سرپرست اعلیٰ مدرسہ ہذامولانا فاروق احمد نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینی اجتماعات کا مقصد امت مسلمہ کو یکجاکر نا اور ان تک دینی پیغامات پہنچاناہے تاکہ ہمارے گھروں میں دینی ماحول پیداہواور ہم ایک دوسرے کے لئے خیر خواہ بنیں اورنیکی میں ایک دوسرے کو تعاون کریں ۔ اس تقریب میں خطیب جامع مسجد حافظ محمد سعید ، حافظ الیاس ودیگر علماء بھی موجو دتھے ۔
معذور شہری ریچھ کے حملے میں زخمی
عشرت بٹ
منڈی//منڈی کے علاقہ چکھڑی پلیرہ میںقوت سماعت وقوت گویائئی سے محروم ایک شخص ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگیا۔عبدالقیوم ولد محمد علی خان ساکنہ چکھڑی پلیرہ صبح اپنے گھر سے باہر نکلاکہ اچانک اس پر ریچھ نے حملہ کردیاجس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔ بعد ازآں اسے زخمی حالت میں سب ضلع اسپتال منڈی لایا گیا جہاں اس کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ عبدالقیوم کے بھائی کے مطابق وہ صبح سویرے اپنے گھر سے تھوڑی دوری پر منہ ہاتھ دھونے نکلاکہ اچانک ایک ریچھ نمودار ہواجس نے اس پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ انہوں نے کہا کہ قیوم نہ ہی زبان سے کچھ بول سکتا ہے اور نہ ہی کانوں سے کچھ سن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچانک گائوں کے کتوں کے بھونکنے کی آوازیں آئیں اور باہر نکل کر دیکھاتو ریچھ قیوم پر جھپٹا ہوا تھا ۔انہوںنے مزید بتایاکہ سبھی نے ریچھ پر پتھروںسے حملہ کیا اور وہ وہاںسے بھاگ گیا۔ وہیں زخمی شخص کو فوری طور پر منڈی اسپتال لایاگیاجہاں وہ زیر علاج ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گرمیوں کے موسم میں جنگلی جانور انسانی بستیوں کی طرف آجاتے ہیں جن سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ محکمہ وائلڈ لائف کو ہدایت دے کر ان کی زندگیوں کو تحفظ دیاجائے ۔
گاڑی حادثے کاشکار، سینکڑوں مرغے مرگئے
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں اگرچہ کوئی انسانی جانی نقصان نہیں ہواالبتہ سینکڑوں مرغے مرگئے ۔یہ گاڑی تب حادثے کاشکار ہوئی جب وہ جموںسے پونچھ جارہی تھی ۔اس گاڑی میں مرغے بھرے ہوئے تھے ۔ذرائع کاکہناہے کہ گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سڑک سے پلٹ گئی ۔اس دوران البتہ کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن سینکڑوں کی تعداد میں مرغے مر گئے۔ حادثے کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں مقامی لوگ موقعہ پر پہنچے اورانہوںنے مرغوں و ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکالا۔ اس سلسلہ میں گورسائی پولیس نے موقعہ پر جا کر حالات کا جائزہ لیا اور ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔
ایڈووکیٹ ظفر این سی یوتھ کے ضلع صدر نامزد
جاوید اقبال
مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے صدر و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے ایڈووکیٹ ظفر چوہدری کو یوتھ نیشنل کانفرنس کا ضلع صدر پونچھ نامزد کیاہے ۔مینڈھر سے واپسی پر بھمبر گلی کے مقام پر انہوںنے ظفر چوہدری کی نامزدگی کا اعلان کیا۔ اس موقعہ پر یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز جان ،نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا ،نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمدرانا،یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی سکریٹری ذیشان رانا ،سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر چوہدری ولی داد،سابق ایم ایل اے بملا لتھراودیگر کارکنان بھی موجو دتھے ۔ظفر چوہدری نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے وہ دی گئی ذمہ داری کو پورا کرنے کی پوری پوری کوشش کریںگے ۔ اس دوران سکندر چوہدری،سرفراز چوہدری،حسین چوہدری،ظفر ندیم،اعجاز کوہلی،فرید چوہدری،افضل چوہدری،غلام رسول،ظفر نمبردار،شوکت چوہدری،کریم چوہدری،منظور چوہدری،بشیر چوہدری،فاروق چوہدری ،طاہر قریشی،طاہر امین بھی موجو دتھے جنہوںنے ظفر کی نامزدگی کا خیر مقدم کیا ۔
مقامی صحافی کے ساتھ اظہار تعزیت
تھنہ منڈی // مقامی صحافی جمشید ملک کے ماموں رحمت حق ہو گئے ۔ جمشید ملک کے ماموں محمد رفیق ملک کی عمر 75 سال تھی جوہفتہ کے روز د ن کے دو بجے حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اس دنیا سے کوچ کرگئے ۔ مرحوم کو اپنے آبائی شہر راجوری میں سپردخاک کیا گیا جنکی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ان کی وفات پر خطہ پیر پنچال کے صحافیوں نثار خان،رشید زرگر،طارق خان،قمر رضوی،بشارت راتھر،سرفراز چک،یاسر عرفات،عامر سہیل،جے بی سنگھ،صدام بٹ،پریم سنگھ، طارق شال،عمران خان،جاوید خان،جہانگیر خان وغیرہ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمشید ملک کے ساتھ ہمدردی کا اظہا رکیاہے ۔
بزم ادب سرنکوٹ کا تعزیتی اجلاس
سرنکوٹ // سرنکوٹ میںبزدم ادب ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں بزرگ شاعر اور ادیب مرحوم خادم حسین گوہر کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا گیا ۔مرحو م کی موت کو پہاڑی اور گوجری ادب کیلئے ایک نقصان قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ اجلاس کی صدارت بزرگ شاعر وادیب حسام الدین بیتاب نے کی جبکہ ا س موقعہ پر شیخ آزاد احمد آزاد، محمد ایوب شبنم ،بشیر لوہار ،جنت حسین ، منیر منہاس ،نذیر بھٹی، ڈاکٹر امیر جعفری، ریاض صابر،ایاز سیف ،محمد حسین ، بشارت حسین بشارت، جاید احمد جاوید، نذیر قریشی ،سلیم قریشی ،احتشام بٹ، صدیق احمد صدیقی اور محمود طاہر بھی موجو دتھے۔
نجی تعلیمی اداروںکیخلاف شکایات
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے ٹاسک فورس تشکیل دی
نیوز ڈیسک
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے شروع کی گئی تجارتی سرگرمیوں کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ضلع سطح کی ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دی ہے ۔یہ کمیٹی لوگوں کی طرف سے ان شکایات کے بعد تشکیل پائی ہے جن میں کہاگیاہے کہ نجی تعلیمی ادارے من مرضی کی فیس وصول کررہے ہیں اوراس کے علاوہ دیگر طریقوںسے بھی پیسے بٹورے جارہے ہیں ۔ایسی بھی شکایات ہیں کہ ان سکولوں کی انتظامیہ کی طرف سے کتابیں ، وردیاں اور سٹیشنری کاسامان خریدنے کیلئے طلباء کو مخصوص جگہوںپر جانے پر مجبور کیاجاتاہے ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق یہ بھی پایاگیاہے کہ کچھ سکول اپنے احاطے میں ہی سٹیشنری کی دکان چلارہے ہیں جو قوانین کے منافی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ان شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ کو ٹاسک فورس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیاہے جبکہ ضلع پنچایت افسر پونچھ ، متعلقہ تحصیلدار ، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائراسکینڈری سکول پونچھ سدرشن کمار اور پرنسپل گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول شیندرہ منموہن سنگھ اس کمیٹی کے ممبران ہوںگے ۔اس سلسلے میں جاری ہوئے حکمنامے کے مطابق یہ کمیٹی شکایات کا جائزہ لے گی اور نجی تعلیمی اداروں کو قوانین پر عمل درآمد کرنے کا پابند بنایاجائے گا۔حکمنامے میں بتایاگیاہے کہ کمیٹی ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے گی ۔اس سلسلے میں شکایات سننے کی خاطر فون زیر نمبر 9419124007بھی جاری کیاگیاہے ۔
بدھل میں این سی کارکنان کا اجلاس
بدھل //ترگائیں بدھل میں نیشنل کانفرنس کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت نسیم لیاقت نے کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر پی ڈی پی کے متعدد کارکنان نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔اپنے خطاب میںنسیم لیاقت نے کہا کہ موجودہ سرکار عوامی مسائل حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے مشکلات میں روز افزوں اضافہ ہورہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت نے عوامی منڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ کیاہے اور بدلائو کا نعرہ دے کر عوام کو دھوکہ دیاگیا۔انہوںنے کہاکہ ریاست کی ترقی صرف این سی ہی کرسکتی ہے ۔نسیم لیاقت نے کہاکہ موجودہ سرکار نے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے بجائے گولی اور خون خرابے کا تحفہ دیاہے ۔
سیاحتی مقام دیرہ گلی میںہوٹل کا افتتاح
تھنہ منڈی//راجوری وپونچھ کے وسط میں واقع معروف سیاحتی مقام دیرہ گلی میں ایس ڈی پی اوتھنہ منڈی افتخارچوہدری نے ہوٹل وریستوران کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پررینج آفیسرراجوری ظفررینہ ،فاراسٹراشتیاق میر،میجرمیورپٹیل ،مفتی رحیم خان، سردارحاکم دین خان، شمیم احمدمغل ،شمشیراحمدلون، شہبازخان دیگر لوگ بھی موجو دتھے ۔ ایس ڈی پی اوودیگران نے ہوٹل مالک کومبارک بادپیش کی اورکہاکہ یہ ایک سیاحتی مقام ہے جہاں دونوں اضلاع کے لوگوں کے ساتھ ساتھ ریاست و بیرون ریاست کے سیاح بھی آتے جاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ روزانہ مغل شاہراہ سے سینکڑوںلوگوں کا گزر یہاںسے ہوتاہے جنہیں اس ہوٹل کی وجہ سے خدمات ملیںگی ۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ اس سیاحتی مقام کو مزید ترقی دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ دیرہ گلی پتنی ٹاپ سے بھی خوبصورت جگہ ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو ترقی دی جائے ۔
سنئی پنیالی میں سالانہ مشاعرے کا اہتمام
بختیار حسین
سرنکوٹ//مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں انجمن منتظر یہ پنیالی سنئی کے زیر اہتمام مکتب امامیہ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی طرحی مقاصدہ منعقد ہوا جس میں ضلع پونچھ کے شعرائے کرام نے شرکت کرکے اپنا اپنا کلام پیش کیا ۔اس موقعہ پر تصدق شاہاں، قربان علی شہباز، مولانا بشیر جعفری، محتشم احتشام، سید عظمت جعفری، ڈاکٹر شبیر عنوان، عاشق پرواز نے دئیے گئے مصرع طرحی’’جب علی ؑ آ گئے زندگی آ گئی‘‘ پر اپنے اپنے اشعار پیش کئے ۔اس موقعہ پر مقررین نے امام علی علیہ السلام کی ولادت پر مفصل روشنی ڈالی اور انکی عظمت و کمالات بیان کئے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں امام ؑ کے اصولوں کو اپناتے ہوئے دین کی خدمت کرناچاہئے ۔انہوںنے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔اپنے صدارتی خطاب میںمولا سید صفدر حسین شیرازی نے مولائے کائنات ؑ کی ولادت پر تمام محبانِ علی علیہ السلام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو آپسی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اپیل کی۔محفل کے اختتام پر سید قربان علی شہباز صدر انجمن منتظریہ پنیالی نے تمام شعرائے کرام اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔محفل کے دوران نظامت کے فرائض مدثر حسین جعفری نے انجام دئیے۔