مزید خبرں

پونچھ میں کانگریس کا مرکزی سرکار مخالف احتجاج 

حسین محتشم

 
پونچھ// کانگریس جماعت سے تعلق رکھنے والے کارکنا ن نے پونچھ میں مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔زنانہ پارک پونچھ میںکارکنان نے جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار جھوٹی ثابت ہوئی ہے جس نے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوایفا نہیں کیا ۔ سینئر لیڈر تاج میر نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں پورے ہندوستان میں احتجاجی مظاہرے عمل میں لائے جا رہے ہیں اوراسی سلسلہ میں ضلع پونچھ کے لیڈارن نے بھی صدر مقام پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی سرکار ہو یا ریاستی مخلوط سرکار،ہر دو حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں اور لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ پورے ملک میں افراتفری کا ماحول ہے اور فرقہ ورانہ کشیدگی بڑھائی جارہی ہے جبکہ ملک کو بھائی چارے کی ضرورت ہے ۔ضلع صدر ایڈووکیٹ راجندر سنگھ کاکا نے کہا کہ سرحدوں پر کشیدگی بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد مارے جارہے ہیں لیکن حکومت خاموش بیٹھی ہے ۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکن پروین سرور خان نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکارناکامی کی ایک مثال ہے جو ترقیاتی امور کے بجائے فرقہ پرستی کو ہوادے رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان امن وبھائی چارے کا گہوارہ تھالیکن آج بھائی کو بھائی سے لڑایاجارہاہے ۔مظاہرین نے کہاکہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں بھی ناکام ہوچکی ہے اور لوگوں کے مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں جبکہ ملک میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔
 
 

زمین مالکان 5 سال سے معاوضہ کے منتظر

طارق شال

 
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی مین مارکیٹ سے نکالی گئی ہسپلوٹ ۔ ڈھوک سڑک کی تعمیر میں آنے والی زمین کے مالکان کو گزشتہ پانچ سال سے معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔ 10 کلو میٹر طویل یہ سڑک محکمہ پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت تعمیر ہوئی ہے ۔ ڈھوک کے مقام پر محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک کی حالت بد تر ہو چکی ہے اورکھدائی کے دوران زرعی زمینوں کی حالت بگاڑ دی گئی ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر سے مالکان کی زمینیں بھی تباہ ہو چکی ہیں جن کے بدلے میں اسوقت تک مالکان کو محکمہ کی طرف سے معاوضہ بھی فراہم نہیں کیا گیا جبکہ مالکان دفتروں کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں۔ ڈھوک کے ایک نثار حسین ولد حاکم دین کا کہنا ہے کہ زمین کے بدلے میں محکمہ کی طرف سے معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ سڑک ہسپلوٹ تاڈھوک کی تعمیر میں آنے والی زمینوں کے زمین مالکان کے حق میں فوری طور پر معاوضہ فراہم کیا جائے۔
 
 

تنویر خان ایس ڈی ایم مینڈھر تعینات 

جاوید اقبال 

 
مینڈھر //کسٹوڈین چکاں داباغ محمد تنویر خان کو ایس ڈی ایم مینڈھر تعینات کیاگیاہے ۔مقامی لوگوںنے ان کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ موصوف سے ان کو کافی زیادہ امیدیں وابستہ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تنویر خان نے بی ڈی او کے طور پر بھی بہت اچھا کام کیا اور اب وہ ایس ڈی ایم تعینات ہوکر بھی اہم خدمات انجام دیںگے ۔تنویر خان کا تعلق مینڈھر کے سنگیوٹ علاقے سے ہے جو راہل کمار یادو کی جگہ ایس ڈی ایم تعینات ہوئے ہیں۔
 
 

سابق سرپنچ کے ساتھ اظہار تعزیت 

تھنہ منڈی// سابق سرپنچ کھنیال کوٹ کے والد نسبتی جمیل محمد خان 95 سال کی عمر میں رحمت حق ہو گئے۔ منشی خان کے والد نسبتی مرحوم جمیل محمد مختصر علالت کے بعد پیر کے روز انتقال کرگئے جنہیںآبائی علاقہ کھنیال کوٹ میں عصر کی نماز کے بعد پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کیاگیا۔ان کی نمازجنازہ میں بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کی ۔مقامی لوگوںنے سابق سرپنچ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میںلواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ 
 
 
 
 

ایس ٹی درجہ کیساتھ چھیڑ چھاڑ ناقابل برداشت : کانگریس

منیر خان 

 
راجوری//راجوری ڈی سی دفتر کے باہرکانگریس کارکنان نے احتجاجی دھرنا دیا جس کی قیادت ضلع صدر سائیں عبدالرشید کررہے تھے ۔ اس موقعہ پر کارکنان نے کہاکہ ایس سی ، ایس ٹی اور اوبی سی درجہ کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ خانی برداشت نہیں کی جائے گی ۔سائیں عبدالرشید نے کہا کہ مرکزی سرکار کی ایماپر ایس سی ، ایس ٹی اور اوبی سی درجہ کے ساتھ چھڑ چھاڑ کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں عوام کو ساتھ لیکر کانگریس احتجاجی سلسلہ شروع کریگی اور حالات کو قابو کرنا مشکل ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ درج ذیل قبائل کو مزید مراعات دینے کی ضرورت ہے تاہم پہلے سے حاصل مراعات بھی ختم کی جارہی ہیں ۔ اس دوران کارکنان نے ایک میمورنڈم ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا ۔
 
 

شکایت نامعلوم نوعیت کی نہیں 

معاملہ کی مزید تحقیقات پولیس کریگی:ڈپٹی کمشنر راجوری 

سمت بھارگو
 
راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی طرف سے ایسو سیٹ پروفیسر کے خلاف جنسی طور پر حراساں کرنے کی شکایت کو نامعلوم نوعیت کی قرار دینے کے ایک دن بعد ضلع انتظامیہ نے کہاہے کہ انتظامیہ کے سامنے پیش کی گئی شکایت نامعلوم نوعیت کی نہیں بلکہ شکایت کنندگان نے افسران اور پولیس سے بھی رجوع کیا اور اب کیس کی تحقیقات پولیس کرے گی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز یونیورسٹی کے رجسٹرار کی طرف سے ایک پریس بیان جاری کرکے یہ بتایاگیاتھاکہ یونیورسٹی ایسو سیٹ پروفیسر کے خلاف شکایت بے بنیاد ہے اورشکایت کنندہ کا نام بھی نامعلوم ہے ۔تاہم اس معاملے پر پیر کے روز ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کہاکہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس نامعلوم شکایت درج ہوئی تھی ۔ان کاکہناتھا’’میں یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس درج شکایت پر کوئی رائے زنی نہیں کرسکتا لیکن جو شکایت ضلع انتظامیہ کے پاس آئی وہ نامعلوم نوعیت کی نہیں ‘‘۔انہوںنے بتایاکہ دو مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں جن میںسے ایک یونیورسٹی فیکلٹی ممبر کی طرف سے ہے اور دوسری طلباء کی طرف سے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہناہے کہ شکایت کنندگان نے ان سے رجوع کیا اور وہ کیسے شکایت کو نامعلوم نوعیت کی قرار دے سکتے ہیں ۔تاہم انہوںنے شکایت کنندگان اور مور د الزام ٹھہرائے جانے والے پروفیسر کا نام ظاہر نہیں کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ سات اپریل کو ضلع انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کی ایک میٹنگ طے ہوئی تاہم یونیورسٹی نے گزشتہ روز ایک نیا بیان جاری کیاہے ۔انہوںنے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ اب اس کیس کی تحقیقات پولیس کرے گی اور انتظامیہ نے اسے پولیس کے حوالے کردیاہے ۔دریں اثناء باوثوق ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ حکومت نے بھی یونیورسٹی وائس چانسلر سے کہاہے کہ وہ اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کریں۔
 
 
 
 
 
 

کلسٹر ماڈل ولیج پروجیکٹ

ذوالفقار نے ٹرائبل سب پلان کے ترقیاتی کاموں کا جائز ہ لیا

راجوری//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھر ی ذوالفقار علی نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرائبل کلسٹر ماڈل ولیج پروجیکٹ کے تحت مختلف شعبوں میں سہولیات دوام بخشنے کے لئے کاموں کو ہاتھ میں لیں تاکہ عوامی سہولیات دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر موصوف نے ٹرائبل سب پلان کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقد ہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایل اے راجوری قمر حسین چودھری بھی میٹنگ میں موجو د تھے۔ڈی سی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ کالا کوٹ ، کوترانکا اور نگروٹہ میں گجر و بکروال ہوسٹل تعمیر کرنے اور دیگر کاموں کے لئے 7.14کروڑ ورپے صرف کئے جاچکے ہیں۔مختلف ہوسٹل عمارتوں پر سست رفتاری سے ہو رہے کام کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ اس حوالے سے کسی بھی طرح کے لیت و لعل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ راجوری ضلع میں ڈیری سیکٹر کے کافی وسائل موجود ہیں ۔انہوںنے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ اس شعبے کے وسائل کو بروئے کار لانے کے لئے خاظر خواہ اقدامات کریں۔انہوںنے کہاکہ مِلک پلانٹ چلانے کے لئے کواپریٹیو سوسائٹیاں قائم کی جانی چاہئیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر قبائلی امور محمد رفیع ، سیکرٹری قبائلی امور مختار احمد ، ایس ایس پی یوگل منہاس کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
 
 
 
 
 

 آنگن واڑی ورکروںکی احتجاجی ریلی 

منیر خان 

 
راجوری //آنگن واڑی ورکروں نے اپنے مطالبات کے حق میں ریاستی سرکار کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جو راجوری چلڈرن پارک سے شروع ہوکرڈی سی دفترکے پاس اختتام پذیر ہوئی ۔آنگن واڑی ورکروںنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں اور ورکروں کی ماہانہ تنخواہ اٹھارہ ہزار روپے اور ہیلپروں کی تنخواہ چھ ہزار روپے کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ آنگن واڑی ورکروں کے حق میں پنشن اسکیم لاگو کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار اپنے دیگر ملازمین کو ہر طرح کی رعایات دے رہی ہے تو آنگن واڑی ورکران کو کیوں نہیں ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کریں ۔
 
 
 

یوتھ این سی سرنکوٹ برہم 

فیصلہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا 

بختیار حسین 

 
سرنکوٹ //ظفر اقبال چوہدری کی بطور ضلع یوتھ نیشنل کانفرنس صدر نامزدگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے سرنکوٹ کے یوتھ کارکنان نے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے ۔اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی جوائنٹ سیکریٹری طاہر مرزا ، بلاک صدر یوتھ بفلیاز شیراز ملک ، بلاک صدر سرنکوٹ مختار زرگر ، بلاک صدر شیندرہ طارق مغل ،بلاک صدر سیڑھی خواجہ فردوس خواجہ ،تحصیل یوتھ صدر سکندر نورانی ،نائب صدر آسر منہاس ،نائب صدر ہارون خان ودیگران بھی موجودتھے ۔اس موقعہ پر کارکنان نے کہاکہ پہلے تو نامعلوم وجوہات کی بناپر ایک سال سے یوتھ صدر کی نامزدگی کامعاملہ التوا میںرکھاگیا اور پھر اچانک سے مینڈھر میں گزشتہ روز نام اعلان کردیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ نامزدگی پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو زمینی حقائق سے دور رکھتے ہوئے کروائی گئی ہے جو زمینی سطح پر محنت اور لگن سے کام کرنے والے کارکنان کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ یوتھ صوبائی صدر اعجاز جان اور سینئر لیڈر سید مشتاق بخاری نے کئی ماہ قبل شیراز ملک کو زبانی طور پر ضلع یوتھ صدر نامزد کرتے ہوئے انہیں ضلع صدر کے طور پر کام کرنے کی ہدایت دی اور موصوف کی قیادت میں یوتھ کارکنان نے پوری محنت سے پارٹی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا تاہم حیران کن طور پر اچانک سے ضلع صدر کیلئے ایسے شخص کے نام کا اعلان کردیاگیاجو جموں میں وکالت کرتاہے اور جس کے نام سے پونچھ کے این سی کارکنان بہت کم واقفیت رکھتے ہیں ۔انہوںنے دعویٰ کیاکہ شیراز ملک کے ساتھ یوتھ کے 80فیصد کارکنان چلتے ہیں اور وہی اس عہدے کیلئے موزوں ہیں ۔ یوتھ کارکنان نے پارٹی ہائی کمان سے اپیل کی کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے ۔
 
 

ظفر کی نامزدگی کا خیر مقدم 

مینڈھر // نیشنل کانفرنس کے مینڈھر دفتر میں کارکنا ن کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایڈووکیٹ ذیشان جاوید رانا نے کی ۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ ظفر چوہدری کی یوتھ ضلع صدر پونچھ کے طور پر نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر،صوبائی صدردیویندر سنگھ رانااور ممبراسمبلی مینڈھر جاوید رانا کا شکریہ ادا کیاگیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق مقررین نے کہا کہ ظفر اقبال چوہدری ایک تعلیم یافتہ باصلاحیت نوجوان ہیں جوگزشتہ کئی سال سے یوتھ نیشنل کانفرنس میں بطور بلاک صدر کام کر رہے تھے۔انہوںنے کہاکہ ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ممبراسمبلی مینڈھر نے ان کا نام ضلع یوتھ صدر کیلئے تجویز کیا جس پر پارٹی ہائی کمان نے مہر ثبت کردی ۔اس موقعہ پر حاجی محمد رشید بلاک صدر،حاجی میر محمد بلاک صدر، چوہدری محمد شریف بلاک صدر،چوہدری محمد زمان بلاک صدر ،چوہدری محمد الیاس ،حاجی محمد زمان اورسکندر چوہدری بھی موجو دتھے ۔
 
 
 

ڈگری کالج پونچھ میں سالانہ تقریب کا اہتمام

حسین محتشم

 
پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں پرنسپل سید مسرف حسین شاہ کی قیادت میں سالانہ تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے شرکت کی۔ اس تقریب کی صدرات ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے کی جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر برگیڈ کمانڈر 93انفینٹری برگیڈ اے ایس پنڈارکر اور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے موجود تھے۔اس پروگرام کے دوران پرنسپل ڈگری کالج پونچھ نے پورے سال کی کار کردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کالج ترقی کی منازل طے کررہاہے ۔ انہوںنے محکمہ اعلیٰ تعلیم کااس بات کیلئے شکریہ ادا کیاکہ پونچھ میں پوسٹ گریجویٹ کورسز شروع کئے جارہے ہیں ۔اس دوران تمام مہمانوں کو گلدستے بھی پیش کئے گئے۔بعد از آں بچوں کی جانب سے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کئے گئے جنہیں انعامات سے نوازاگیا۔