سرکاری کتابوں کی کالابازاری
کتب فروش کے خلاف مقدمہ درج
طارق شال
تھنہ منڈی //سرکاری کتابوں کی کالابازاری کرنے کی پاداش میں پولیس نے ساج کے ایک کتب فرو ش کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق تھنہ منڈی پولیس نے چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کی طرف سے اطلاع ملنے پر سب ڈیویژنل پولیس آفیسر افتخار احمد چوہدری و ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نذیر احمد ڈار کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے کر اس کتب فرو ش کی دکان پر چھاپہ مارا جس دوران ایسی کتابیں بھی برآمد ہوئیں جو سرکاری سکولوں میں بچوں کو مفت دی جاتی ہیں ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ زیر نمبر 2018/43 زیر دفعات 109/409 آر پی سی کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
محکمہ تعمیرات عامہ نے شجر کاری مہم چلائی
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ تعمیرات عامہ پونچھ کی جانب سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک تقریب بعنوان’شجرکاری مہم‘ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی شاہ محمد تانترے، سابق ڈپٹی چیئر مین قانون ساز کونسل جہانگیر حسین میر، اسسٹنٹ ایگزیکٹوانجینئر محکمہ تعمیرات عامہ امتیاز میر اور جونیئر انجینئر ڈاک بنگلہ پونچھ بھی موجود تھے۔ اس دوران رکن اسمبلی اور سابق ممبر قانون ساز کونسل نے پیڑ پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے ماحولیات پر قابو پایاجاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو بڑے پیمانے پر چلانے پر زور دیا اور کہا کہ دیہی لوگوں کو اس سے متعلق تربیت دے کر شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں بیدار کیاجائے تاکہ انہیںیہ پتہ چل سکے کہ ہمارے ماحول میں آکسیجن کی کمی، ہوا کی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی نظام میں خرابی کی وجہ سے کن کن مسائل کا سامنا کرناپڑتاہے ۔
پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس
طارق شال
تھنہ منڈی // ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں پی ایچ ای ایمپلائز ایسو سی ایشن کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جسکی سربراہی انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس طاہر احمد شال نے کی۔ اس موقعہ پر محکمہ میں کام کر رہے عارضی ملازمین نے ٹریڈ یونین لیڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے دس سال کے الجھے ہوئے مسائل کو حل کروایاگیاہے ۔ ضلع صدر نے بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال اورایگزیکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای نثار احمد خان کا شکریہ ادا کیاکہ ان کے تعاون سے مسائل حل ہوئے ہیں ۔اس دوران ورکس سپر وائزر پرویز احمد خان کا تنظیم میں واپسی پر استقبال کیا اور انہیں تحصیل صدر کے عہدے پر فائز کیاگیا۔ اس موقعہ پرعبدالحمید کو ضلع نائب صدر،شوکت جاوید کو تحصیل نائب صدرجبکہ شبیر خان کو ضلع چیئرمین بنایاگیا۔
مسائل کاجائزہ لینے پر اظہار تشکر
جاوید اقبال
مینڈھر//بالاکوٹ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کا علاقے میں دربار لگاکر مسائل سننے پر شکریہ ادا کیاہے ۔ سابق سرپنچ سرپنچ ماسٹر عنایت اللہ خان، سابق سرپنچ شادم خان،فیض اکبر خان وغیرہ نے کہاکہ محمد اعجاز اسد نے ضلع آفیسران کے ہمراہ بالاکوٹ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور موقعہ پر ہی کئی مسائل حل کئے جس کیلئے وہ ان کے شکر گزار ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ موصوف خود بھی مینڈھر سے ہی تعلق رکھتے ہیں اوراچھی طرح سے جانتے ہیں کہ سرحدی لوگوں کو کس طرح کے مسائل کاسامناہے ۔انہوںنے کہاکہ ان سے انہیں بہت زیادہ توقعات ہیں اور امید ہے کہ وہ ان پر پوراتریںگے ۔ ان کاکہناتھاکہ وہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کے شکر گزار ہیں جنہوںنے ان کے مسائل سنے اور موقعہ پر کئی مسائل حل بھی کئے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈپٹی کمشنر نے موقعہ پر ہی بینکر تعمیر کرنے کی ہدایت اور کہاکہ تمام بینکر دس دنوں کے اندراندر مکمل کئے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ موصوف نے ابھی تک متاثرکن کارکردگی پیش کی ہے اور آئندہ بھی ان سے ایسی ہی امیدیں ہیں ۔
سڑک کی خراب حالت پر گریف پر تنقید
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے لوگوںنے محکمہ گریف کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بھمبر گلی تا مینڈھر اور اوچھاد جانے والی سڑک کی حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سڑک کے بیچ بڑے بڑے کھڈے پید اہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اس پر سفر کرنا مشکل ہے ۔انہوںنے کہاکہ سڑک کی اس خراب حالت سے سبھی واقف ہیں تاہم متعلقہ حکام لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ یہ ایسی سڑک ہے جس پر ہزاروں لوگ سفر کرتے ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں چلائی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بار محکمہ کے افسران سے شکایت کی گئی کہ روڈ کی مرمت کی کی جائے لیکن کوئی اس جانب دھیان نہیں دے رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھمبر گلی سے لے کر اوچھاد تک اگر دیکھا جائے تو بیچ میں کہیں کہیں ان کے مزدور کھڑے ضرور ہوتے ہیں لیکن سڑک پر کوئی بھی آدمی کام کرتے نظر نہیں آتا ۔ لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر محکمہ گریف کی طرف سے سڑک پر دھیان نہیں دیاجارہاتو پھر اسے کسی دوسرے محکمہ کو سونپ دیاجائے ۔
عبدالکلام ہیومن ویلفیئر فائونڈیشن
نعیمہ احمد مہجور کے ہاتھوں ویب سائٹ معارف ہوگی
عشرت بٹ
منڈی// ضلع پونچھ میں رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات انجام دے رہی غیر سرکاری تنظیم عبدالکلام ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن 20 اپریل بروز جمعہ اپنی ویب سائٹ متعارف کرنے جارہی ہے ۔ویب سائٹ متعارف چیئر پرسن برائے ریاستی خواتین کمیشن نعیمہ احمدمہجورکے ہاتھوں ہوگی جو اس روز منعقد ہورہے پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوں گی ۔ یہ تنظیم ضلع پونچھ میں متعدد سیمینار اور کیمپ منعقد کروا چکی ہے ۔کلام فاؤنڈیشن کے صدر خلیل بانڈے نے ویب سائٹ متعارف کرنے کے متعلق بتایا کہ فاؤنڈیشن عرصہ دراز سے یہ کاوش جا ری رکھے ہوئے تھی کہ ایسے پروگرامات کا انعقاد کیا جائے جس سے یہاں کے لوگوں کو متعدد شعبوں میں پیش آنے والی پریشانیاں ختم ہو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے دو سال کی انجام کردہ کارکردگی کو آن لائن کیا گیا ہے اور ہر شخص اس ویب سائٹ کے ذریعہ سے کلام فاؤنڈیشن اور اس کی کارکردگی کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتا ہے ۔ان کاکہناہے کہ تنظیم کی طرف سے خدمات انجام دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بھگوان پرسورام جینتی کے موقعہ پر ریلی نکالی گئی
منیر خان
راجوری//راجوری کے برہمن طبقہ نے بھگوان پرسورام کی جینتی کے موقعہ پر الفا گیٹ سے ڈھانگری چوک اور پھر سوامی جی کے مندر تک موٹر سائیکل ریلی نکالی جس کا مقصد بھگوان پرسورام کے پیغام کو عام کرنا تھا ۔ واضح رہے کہ ہندومذہب میں بھگوان کی طرف سے کل چھ اوتار بھیجے گئے ہیں جن میں سے برہمن قوم بھگوان پرسورام کو چھٹا اوتار مانتی ہے اور ان کے پیغام جس میں تعلیم ،آپسی بھائی چارہ محبت رواداری کو عام کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے وکرانت شرما نے کہاکہ بھگوان پرسورام چھٹے اوتار ہیں جنہوں نے زمین پر لوگوں کے درمیان محبت بھائی چارے اور گیان کا درس دیا جس کو عام کرنے کیلئے ہر سال کی طرح امسال بھی برہمن طبقہ بھگوان پرسورام کی جینتی مناتاہے ۔
ایس ڈی ایم مینڈھر کاتعارفی اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر خان نے تمام افسران کی میٹنگ لی جس دوران ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔یہ ایک طرح کا تعارفی اجلاس تھا ۔واضح رہے کہ ایس ڈی ایم مینڈھر حال ہی میں کسٹوڈین چکاں داباغ کے عہدے سے تبدیل ہوکر مینڈھر تعینات ہوئے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہوں نے افسران سے تلقین کی کہ وہ عوامی مسائل حل کریں اور لوگوںکو خالی ہاتھ جانے پر مجبور نہ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کے کام کئے جائیں اور ان کو دربدر نہ کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ سبھی افسران و ملازمین حاضری کو یقینی بنائیں اور ایسا نہیں ہوناچاہئے کہ دور دراز علاقوںسے آنے والے لوگ دفتر پہنچیں اور وہاں افسران ہی نہ ملیں ۔انہوںنے کہاکہ لوگ امیدوںسے دفاتر آتے ہیں جہاں ان کے کام ہونے چاہئیں۔
اسکولوں میں کمپیوٹرو دیگر سامان تقسیم
حسین محتشم
پونچھ// بی ایس ایف کی پچاس بٹالین کھنیتر نالہ کی جانب سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول کھنیتر، گورنمنٹ ہائی سکول ٹانڈا، گورنمنٹ مڈل سکول دلیرانہ، گورنمنٹ ہائی سکول پونچھ، گورنمنٹ ہائی سکول جھلاس کے لئے کمپیوٹر وقف کئے گئے۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈی آئی جی دنیش پال سنگھ اور مہمان اعزازی کی حیثیت سے مادھوکر کمانڈنگ ایڈمنسٹریٹر راجوری نے شرکت کی۔اس دوران بی ایس ایف پچاس بٹالین کھنیتر کے کمانڈنگ افسر نے نریش چتر ویدی نے مہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو سال سے بی ایس ایف نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت کئی پروگرام منعقد کئے جن میں مفت طبی کیمپ، مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹ، کمپیوٹر ٹریننگ اور سلائی کڑھائی سینٹر کا قیام کئے جانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھارت درشن پر روانہ کیا جاناقابل ذکر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بی ایس ایف کی جانب سے پونچھ کے کھلاڑیوں کے لئے ایک فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا جس میں فائنل میچ میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو( بھارت درشن) کے تحت پورے ہندوستان کی سیر کروائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اب ان بچوں کے اسکولوں میں بی ایس ایف کی جانب سے کمپیوٹر وقف کئے جا رہے ہیں تاکہ بچے کمپیوٹر بھی سیکھ سکیں۔اس دوران 5اسکولوں میں کمپیوٹر، پرنٹر، انورٹر اور بیٹریز تقسیم کی گئیں۔دریں اثناء فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی رنراپ او ونر ٹیموں مختلف مضامین کی کتابیں، فٹ بال کیٹ ، ٹرائک سوٹ اور جوتے تقسیم کئے گئے۔ ڈی آئی جی دنیش پال سنگھ نے اس دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر سکیورٹی فورس عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت تیار ہے۔انہوںنے مقامی لوگوںسے امن و بھائی چارہ بنائے رکھنے کی اپیل کی۔