کووِڈ کیئر سینٹر کھمبرنے کام کرنا شروع کیا
سری نگر//حکومت کی کوششوں کے ایک حصے طور پر دیہی علاقوں میں کوویڈ مثبت مریضوں کی شناخت اور انہیں بروقت علاج و معالجہ مہیا کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ سری نگر نے پانچ بستروں پر مشتمل کووِڈ کیئر سینٹر سری نگر کی پنچایت حلقہ کھمبر میں قائم کیا ہے۔ آئی ایس ایم ڈاکٹر محمد اَیوب صوفی جو اس وقت کووِڈ ٹریٹمنٹ سینٹر میں موجو د ہیں نے کہا کہ کھمبر کووِڈ کیئر سینٹر کی پنچایت عمارت کا کام 2 جون سے شرو ع ہوا۔ڈاکٹر صوفی نے کہا کہ سینٹر میں آنے والے متاثرہ اَفراد کی شناخت کے لئے مرکز میں کووِڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور آج سات کووِڈ ٹیسٹ کئے گئے جس میں دو اَفراد مثبت پائے گئے۔انہوں نے کہا کہ بخار ، کھانسی یا نزلہ کی علامت نہ ہونے کے باوجود وہ دونوں مثبت ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی آکسیجن سچوریشن معمول سطح سے زیادہ ہے ۔ڈاکٹر صوفی نے مزید کہا کہ اِن دو مریضوں کو نگرانی اور علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے اور علاقے کے دوسرے باشندوں میں وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے ان کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔اُنہوں نے جانکاری دی کہ کووِڈ کیئر سینٹر میں دستیاب سہولیات میں واش روم ، پانی ، بجلی سمیت تمام بنیادی سہولیات میسر ہے۔
ڈپٹی کمشنر گاندربل کاکووِڈ کیئر مراکز کا معائینہ
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے ضلع میں قائم پانچ بستروں پر مشتمل کووِڈ کیئر سینٹروں کا دورہ کیا تاکہ مریضوں کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول تھیرو، ایم ایم سی وتلار، گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول منیگام ،پی ایچ سی منیگام ، پنچایت گھر کج پورہ ، پنچایت گھر پرنگ اور پنچایت گھر رامواری قائم کووِڈ کیئر سینٹر وں کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات ،بجلی ، پانی کی فراہمی ، وینٹیلیشن ، بستروں سمیت تمام اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے پنچایت گھر رامواری کے دورے کے دوران وہاں داخل مریضوں سے بات چیت؎ کی اور ان کی صحت اور ان کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِ ن مراکز میں تعینات عملے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان سے کہا کہ وہ پوری محنت ، لگن سے کوشش کریں اور چوبیس گھنٹے کام کریں تاکہ مریضوں کو طبی اِمداد کی تمام ضروری سہولیات کی دستیابی اور ان مراکز کی مناسب کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔
محکمہ ایکسائز نے40کنال اراضی پر سے خشخاش کی فصل تباہ کردی
سرینگر//محکمہ ایکسائز نے 40کنال اراضی پر پھیلی خشخاش کی کاشت کو تباہ کیا ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن آفیسر، جنوب، شمال اور سینٹرل ایکسائز رینج کی سربراہی میں اینفورسمنٹ ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 40کنال اور6مرلہ پر کاشت کی گئی خشخاش فصل کو تباہ کیا۔ خشخاش کی فصل کو صوبائی کمشنر کشمیر اور ایکسائز کمشنر کی ہدایت اور ڈپٹی ایکسائز کمشنر (ایگزیکٹیو) کشمیر طاہر اعجاز کی نگرانی میں ضائع کیاگیا ہے۔ کشمیر وادی میں آج کی تاریخ تک 610کنال پر پھیلی خشخاش فصل کو تباہ کیا گیا ہے اور 12ایف آئی آر ملوثین کیخلاف درج کئے گئے ہیں
ڈی سی بانڈی پورہ نے قصبے میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج ترقیاتی سرگرمیوں کا معائینہ کرنے اور کووِڈ ۔19 ایس او پیز کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے بانڈی پورہ قصبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈاکٹر اویس نے بانڈی پورہ مارکیٹ کا دورہ کیا اور تاجروں سے بات چیت کی ۔ اُنہوں نے رہنما اَصولوں پر عمل درآمد پر اطمینان کا اِظہار کیا اور تاجر برداری کا وَبائی امراض سے نمٹنے میں اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر شکر یہ اَدا کیا۔ضلع میں لوگوں کے تعاون سے گزشتہ دِنوں کے دوران مثبت معاملات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں جاری میکڈیمائزیشن کے عمل کا بھی معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے پٹوشاہی ڈگر کالج روڈ کی جاری میکڈیمائزیشن کا معائینہ کر کے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ کام کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے ۔اُنہوں نے متعلقین کو مزید ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں سرعت لاکر تمام میکدیمائزیش کو کووڈ رہنما اَصولوںپر عمل کر کے بروقت مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔
مویشیوں میں پر اسرار بیماری
آرہ خوشی پورہ اننت ناگ میں 7 مویشی ہلاک
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ ضلع کے مختلف علاقوں میں مویشیوں میں پھیلی پراسرار بیماریوں سے متعددمویشی ہلاک ہوگئے ہیں جس کے باعث کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔آرہ خوشی پورہ علاقہ میں جمعہ کو 7 گائیں پر اسرار بیماری کے باعث ہلاک ہوگئیںجوغلام حسن میر، عارف ایتو، عبدالخالق ایتو، غلام رسول ڈار اور محمد رمضان ڈارکی تھیں۔متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ ایک دن قبل ایک گائے میں انفیکشن کی علامت نظر آرہی تھی جس کے بعد انفیکشن مزید جانوروں میں پھیل گیا اور 7 گائے ہلاک ہوگئیں۔ انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام سے اپیل کی کہ وہ بیمار جانوروں کی جانچ اور ویکسین لگانے کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجے تاکہ پر اسرار بیماری کا بروقت پتہ لگایا جا سکے ۔واضع رہے سرہامہ میں دو روز قبل کہی جانور بیماری کے باعث ہلاک ہوگئی تھی ۔چیف انیمل ہسبنڈری اننت ناگ ڈاکٹر عباس کا کہنا ہے کہ انہوں نے متاثرہ علاقہ میں ٹیم بھیجی ہے جنہوں نے مردہ گائیں میں وائرس جیسے کسی بھی علامت کو نہیں پایا ہے لہذا کسانوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور کسی بھی معاملہ میں محکمہ سے رابط قائم کیا جائے ۔
غیر قانونی طور مٹی کااخراج اور باربرداری
بڈگام پولیس نے3ڈرائیور گرفتار کئے
سرینگر//بڈگا م میںپولیس نے غیر قانونی طور پر مٹی کے اخراج اور باربرداری کرنے پر 3افراد کو گرفتار کرکے 3ٹپروں کو ضبط کیا ہے۔ پولیس پوسٹ نارہ بل سے وابستہ اہلکاروںنے شبانہ گشت کے دوران 3ٹپروں کو روک لیا جن میں غیر قانونی طور پر کھودی گئی مٹی لدی ہوئی تھی۔ اس موقعہ پر پولیس نے ساحل احمد صوفی، سمیر احمد چوپان اور محمد یوسف شاہ ساکنان سوئیہ بگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس ضمن میںپولیس تھانہ ماگام میں ایف آئی آر زیر نمبر113/2021درج کرلیا ہے۔
ضلع ہسپتال شوپیاں سے
آکسیجن پلانٹ کی منتقلی قابل مذمت: پی ڈی پی
سرینگر//پی ڈی پی نے ضلع ہسپتال شوپیاں میں حال ہی میں نصب کئے گئے آکسیجن پلانٹ کو دوسری جگہ منتقل کرنے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے ایسا کرنے کیلئے خبردار کیا ہے۔ ایک بیان میں پی ڈی پی سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سے شوپیاں محمد یوسف بٹ نے کہاکہ جمعرات کی شب انتظامیہ نے شوپیاں سے آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ کو دوسری جگہ نصب کرنے کی کوشش کی جس کے سبب عوام میں شدید غم وغصہ کی لہر دور گئی اور انتظامیہ کورات دیر گئے تک عوامی مظاہروں کے پیش نظر یہ فیصلہ بدلنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ ’دورافتادہ ہونے اور شوپیاں ضلع کا قیام کچھ عرصہ قبل ہی عمل میں آیا ہے اور یہاں پہلے ہی بنیادی طبی سہولیات کا ڈھانچہ نامناسب ہے اوراس یہ قدم عوام کش ہے، ہم انتظامیہ کو یہ باور کرتے ہیں کہ اس اقدام سے اجتناب کیاجائے اور ضلع کے لوگوں کی زندگیوں سے کھلواڑ نہ کیاجائے‘۔پی ڈی پی ضلع شوپیاں صدر و سابق ممبر اسمبلی وچی اعجاز احمد میر نے اس اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وباہ کے دوران زندگی بچانے والے آکسیجن جنرینٹنگ سہولیات سے محروم کرنا اور وہ بھی رات کے دوران، ڈکیتی کرنے کے مترادف ہے۔
عوامی مجلس کے بہی خواہ فوت
میرواعظ کااظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم اور تحریک سے وابستہ کئی سرگرم کارکنوں اور بہی خواہوں ،جن میں منظور الحسین ہمدانی سکونت سید محلہ صدرہ بل ،جو ڈاکٹر محسن بن مشتاق سرپرست ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ماموں اور دارالخیر کے ایک سرگرم ممبر بھی تھے،قدرت اللہ زرگر سکونت نائد کدل سرینگر اور میر نذیر احمد سکونت بوٹہ کدل کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ بیان میں مرحومین کی سماج کے تئیں مختلف نوعیت کے خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے ہمدانی ، زرگراور میر خانوادوں کے ساتھ تنظیم کی قیادت خاص طور پر گزشتہ دو سال سے نظر بند رکھے گئے سربراہ تنظیم میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالی سے مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
غرقآبی کا 5واں دن
نوجوان کی لاش بازیاب نہ ہوسکی
سرینگر//ارشاد احمد//سرینگر کے علاقہ قمرواری میں سیمنٹا پل سے 31 مئی کو دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے والے نوجوان کی لاش5 ویں روز بھی بازیاب نہیں ہوسکی جبکہ لاش کو بازیاب کرانے کے لئے تلاشی مہم جمعہ کو بھی جاری رہی۔واضع رہے کہ 22 سالہ مصدق مقصود ڈار ولد مقصود احمد ساکنہ نیو کالونی پالپورہ سرینگر گھر سے 31 مئی کو سائیکل پر نکل کر قمرواری میں سیمنٹ پل سے سائیکل سڑک کنارے پر رکھ کر دریا جہلم میں کود گیا۔جس کے بعد سے اب تک لگاتار پانچ روز سے پولیس، نیوی،امدادی کارکن اور مقامی غوطہ خور دریاے جہلم میں مذکورہ نوجوان کی لاش کوکھوج رہے ہیں تاہم ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
اپنی پارٹی لیڈران راکیش پنڈتا کے لواحقین سے ملاقی
سرینگر//اپنی پارٹی ڈس پلیسڈ کشمیری پنڈتوںکے ریاستی کارڈی نیٹرز نے جمعہ کے روز میونسپل کمیٹی ترال صدر راکیش پنڈتاکے سوگواران ِ کنبہ کے ساتھ ملاقات کر کے اُن سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اپنی پارٹی کشمیری پنڈتوں جموں کارڈی نیٹر ونود پنڈیتا اور کشمیر صوبہ سے کارڈی نیٹر سنجے دھرنے پارٹی ریاستی صدر سید محمد الطاف بخاری اور جنرل سیکریٹری وجے بقایہ کی ہدایات پر سوگوارن ِ کنبہ تک اپنی پارٹی قیادت کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور کہاکہ پوری جماعت دُکھ کی اِس گھڑی میںبرابر کی شریک ہے۔ ونود پنڈیتا نے کہا ہے کہ انہوں نے کشمیر صوبہ سے اپنے ہم منصب سنجے دھر کے ساتھ مقتول راکیش پنڈیتا کی سوگوار کنبہ کے ساتھ روپ نگر رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی ہائی کمان کا تعزیتی پیغام اُن کو دیا اور غمزدہ کنبہ کو یقین دلایاکہ غم کی اس گھڑی میں اپنی پارٹی اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔ دونوں لیڈران نے اپنی پارٹی صدر کی طرف سے یقین دلایاکہ وہ جلد ہی کنبہ کے کسی ایک فرد کے لئے سرکاری نوکری کا معاملہ حکومت کے ساتھ اُٹھائیں گے اور ترجیحی بنیادوں پر اِس کا حل بھی نکالاجائے گا۔
اومپورہ کی کمسن بچی کی ہلاکت
سیول سوسائٹی بڈگام کااظہار افسوس
سرینگر//سیول سوسائٹی بڈگام نے ہاسنگ کالونی اومپورہ میں 4سالہ بچی ادا یاسر دختر یاسر احمد میر کی تیندوے کے ہاتھوں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سوسائٹی کے ارکان بشیر احمد ڈار ،فیاض احمد ،کفایت حسین ،ایڈوکیٹ فیروز احمد ،ڈاکٹر جی اے ڈار،سید فیاض بخاری،محمد یوسف ڈار ،ایم ملک،سید سمیع اللہ ، نامور معالج حکیم یعقوب ، لیکچرار عبدالغنی ،غلام محمد حقانی ،پرنسپل بشیر احمد و عبدالرشید بٹ،ماہر تعلیم محمد شفیع میر،طاہر الحمید نے کہا کہ وسطی ضلع بڈگام کی ہاسنگ کالونی اومپورہ علاقے کے ملحق جنگلی نرسری میں کی تیندوے عرصہ دراز سے گھوم رہے ہیں اوروسیع آبادی کے عین قریب ہونے سے ہر وقت ان تیندوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ جنگلی حیات اس خطرے سے نمٹنے کیلئے خاموش بیٹھاہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ محکمے کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھا کر فوراً ٹھوس کارروائی کرے۔سوسائٹی کے ممبران غمزدہ خاندان کے ساتھ کے تئیں دلی اظہار ہمدردی پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کواس غمناک واقعہ پر صبر جمیل اور اجر جزیل عطافرمائے ۔