نیل کا وفد وزیر اعلیٰ سے ملاقی
منی گرڈ سٹیشن ، ہسپتال ، دیہی ترقی بلاک اور ایجوکیشن زون کے قیام کی مانگ
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے علاقہ نیل تحصیل رامسو کا ایک وفد وزیرا علی محبوبہ مفتی سے جموں میں ملاقائی ہوا اور وزیرا علی کو علاقہ نیل کو درپیش کئی اہم معاملات اور مشکلات سے آگاہ کیا اور وزیر اعلیٰ سے انہیں حل کرنے کی استدعا کی ۔ علاقہ نیل کے لوگوں کے اس وفد کی قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر شوکت جاوید ڈینگ کر رہے تھے۔ وفد نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کو علاقہ نیل کے وسیع وعریض علاقے میں بجلی کا ایک منی گرڈ سٹیشن ، ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر ، دیہی ترقیاتی بلاک نیل اور زونل ایجوکیشن افس نیل کے قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دور افتادہ علاقے میں بجلی اور طبی سہولیات کے خاطر کوئی انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے نیل کے درجنوں دیہات کے ہزاروں لوگوں کو روزمرہ کی زندگی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے علاقہ نیل کے وفد کے معاملات کو غور سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اْن کے جائز اور دیرینہ مطالبات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی اور اس بارے میں متعلقہ حکام اور ذمہ داروں کو مطلع کیا جائے گا۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے یقینی دہانی اور ترجیحی بنیادوں پر اہم مسئلوں کو حل کرنے کی یقین دہانی کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کا معزز شہریوں کے ساتھ اجلاس
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ میں ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی طرف سے معزز شہریوں کا اجلاس منعقد کیاگیاجس میں تمام معزز شہریوں ،سیاسی ،سماجی ومذہبی انجمنوں اورسیول سوسائٹی کے ممبران سے ہر حال میں امن بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل کی گئی ۔ تاہم معززین نے ضلع انتظامیہ کو وی ڈی سی کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ سیول سوسائٹی ممبران نے کہا کہ عصمت دری ومعصوموں کے قتل کے لئے تحت قوانین تیار کرنے اور قصورواروں کو جلد اور سخت سزا دینے کے لئے اُن کی تحریک جاری رہے گی۔ معززین نے کہا کہ ڈوڈہ صدیوں سے ہندو مسلم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مضبوط قلعہ ہے اورآئندہ بھی رہے گا اور اس کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ڈوڈہ و دیگر پولیس آفیسران بھی موجو دتھے ۔
آسیہ جیلانی کی برسی پر ڈوڈہ میں تقریب
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ کی معروف انسانی حقوق کارکن آسیہ جیلانی کی تیرہویں برسی پر ڈوڈہ میں فورم فار پیس اینڈ سیول لیبر ٹیز ڈوڈہ کی طر ف سے ایک تقریب کا اہتمام فورم کے چیئرمین نصیر احمد کھوڑا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرحومہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے کام، جذبہ ،ہمت ،حوصلہ اور مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کرنے اور بالخصوص ڈوڈہ خطہ سے خصوصی لگاؤ ہونے پر سلام پیش کیاگیا ۔مقررین نے کہا کہ آسیہ جیلانی جیسے لوگ بار بار پیدا نہیں ہوتے ہیں اور اُنہوں نے نوجوانی میں دنیاوی خواہشات عیش و آرام کو ترک کرکے راہ عظیمت اختیار کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ تقریب میں اشتیاق احمد دیو، عبدالمنان بانڈے ، وسیم راجہ ، غلام حسن پانپوری، محمد اقبال بلوان نے بھی خطاب کیا۔
رام بن میں اُجولا دیوس کی تقریب
ایم ایل اے نے ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے
رام بن //ملک بھر میں جاری گرام سوراج ابھیان (14 اپریل سے 5مئی تک)کے تحت رام بن میں اے ڈی ایف سی ایس اینڈ سی اے جی آر لون ،ڈی جی ایم ،آئی او سی پمپوش واتل اور منیجر آئی او سی راکیش تکو و دیگران کی موجودگی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب میں ایم ایل اے نیلم لنگہے اور ڈی سی طارق حُسین گنائی نے پردھان منتری اُجولا یوجنا کے تحت بی پی ایل اور ایس سی/ایس ٹی کنبہ کی مستحق خواتین میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے۔اس سکیم کے تحت بی پی ایل خواتین کو صاف ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایم ایل اے نے کہا کہ بی پی ایل خواتین کو ایل پی جی فراہم کرنے سے ملک بھر میں کھانا پکانے کا گیس ہر ایک کنبہ کو فراہم ہوگا۔اس اقدام سے خواتین کو بااختیار بنانے کے علاوہ انکے صحت میں بھی سدھار ہوگااور اس سے خواتین کا وقت بھی بچایا جا سکتا ہے۔ایم ایل سے نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبودکیلئے چلائے جارہے پروگراموں کی سراہنا کی اور اس بات پر زور دیاکہ ان سکیموں کا فائدہ مستحقین تک پہنچایاجائے ۔ڈی سی نے کہا کہ اجولا دیوس خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے صحت میں سدھار لانے اور ایندھن او رچولھے کے بوجھ کو کم کرنے کے علاوہ ان میں سکیم سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے منایاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ضلع کے موضع سناسرکو دھویں سے پاک قرار دیا گیا۔انہوںنے کہا کہ گرام سوراج ابھیان کے تحت دیگر مختلف پروگرام جیسے کہ سماجی انصاف کا دن، سوچھ بھارت دیوس، اُجولا دیوس،راشٹریہ پنچایتی راج دیوس، گرام سوراج دیوس، آیوشمان بھارت دیوس،کسانوں کی بھلائی کا دن اور آجیوکا دیوس منا رہے ہیں۔اس سے قبل ضلع نوڈل افسر انڈین آئیل کارپوریشن راکیش تکو نے پروگرام کے مکمل تفصیلات پیش کئے۔
بھدرواہ میں لڑکیوںکیساتھ چھیڑ خانی کا معاملہ
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تین کمسن بائیکرس گرفتار
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//تین کمسن بائیکرس کو پولیس نے اُس وقت گرفتار کیا، جب انٹرنیٹ پر ان تینوں بائیک والوں کا ایک سکوٹی سوار طالبہ سے چھیڑ خانی کا ویڈیو وائرل ہوگیا ۔طالبہ کے والد کی جانب سے بھدرواہ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت دائر کرنے کے بعد پولیس نے یہ کاروائی عمل میں لائی۔ایس ڈی پی او برجیش شرما کے مطابق مذکورہ طالبہ 19 اپریل کو سکول سے گھر اپنی سکوٹی پر جا رہی تھی کہ ان تین لڑکوں ،جو کہ ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے،میں سے ایک لڑکے عمر فاروق نے اسے جبری روکنے کی کوشش کی اور اس کے ساتھ بد تمیزی کی۔طالبہ اس واقعہ میں بال بال بچ گئی کیونکہ ان میں سے ایک مبینہ ملزمان نے اسکو جبری طور سے روکنے کی کوشش کی۔ان تینوں لڑکوں کو پولیس نے حراست میں لیکر موٹر سائیکل زیر نمبر JK06 3629 کو بھی ضبط کیا۔گرفتار شدگان کی پہچان عمر فاروق عمر 19سالولد فاروق احمد ساکنہ محلہ صرافان،اظہر وانی ولد انظار حُسین عمر 18سال ساکنہ سرتنگل اور نعیم اقبال بٹ عمر 19سال ولد محمد اقبال بٹ ساکنہ پسری کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 47/ 2018 زیر دفعہ 341,294,336 رنبیر پینل کو ڈد رج کیا ہے۔
کشتواڑ میں نوجوان پر تشدد کا معاملہ
پولیس نے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا
کشتواڑ//سوشل میڈیا اور پریس کے ایک طبقہ میں گشت کرر ہی خبر وں پر پولیس نے کشتواڑ ،کیشواں کے ایک نوجوان اختر حُسین ولد علی محمد حجام کو اذیتیں دیئے جانے کی تردید کرتے ہوئے الزامات کوبے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیاہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں جی ایم سی ہسپتال کے ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ کا حوالہ دیا ہے ،جس میں اسکے جسم پر کسی بھی چوٹ کو خارج کر دیا گیاہے تاہم پولیس نے رسی کے نشان کی تصدیق کی ہے،جو ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان کی طرف سے اپنی پھانسی کی کوشش کے ہیں۔پولیس نے کہا کہ جموں کے ایک انگریزی روز نامہ میں یہ خبر بغیر کسی حقائق کی تصدیق کے شائع کی ہے، جسکے بعد مذکورہ رپورٹر نے یہ خبر سوشل میڈیا اور مختلف وٹس ایپ گروپوں پر شائع کی تھی، جس میں کوئی صداقت نہیں جیسا کہ جی ایم سی کے ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ سے عیاں ہے۔
ادیانپور میں سوچھ بھارت مشن کا انعقاد
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //اودیان پور ڈالی میںبلاک ڈیولپمنٹ آفیسر یاسر وانی کی جانب سے سوچھ بھارت مشن کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام میں بی ڈی او نے بلاک کے مختلف سکولوں کے طلاب میںکتابیں تقسیم کیں۔کتابوں کی تقسیم کاری کے علاوہ بی ڈی او نے مختلف مدعوں پر اخلاقی لیکچر دیا۔مقامی لوگوں نے اس قسم کے پروگرام کی کافی ستائش کی اور توقع کی کہ مستقبل میں بھی غریب طلبا کی بھلائی کے لئے ایسے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ چیف ایجوکیشن آفیسر سے ملاقی
ڈوڈہ// لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا ایک وفد تنظیم کے ضلع صدر نیاز احمد راہیؔ کی قیادت میں چیف ایجوکیشن آفیسر سے ملاقی ہوا جس دوران اساتذہ کے مسائل کے بارے میں غور وخوض کیا گیا ۔تنظیم کے رہنما غلام حسن پانپوری نے اساتذہ کے مسائل کے بارے میں ضلع چیف ایجوکیشن آفیسر کو آگاہ کیا جبکہ کلریکل ایسوسی ایشن کے صدر غلام حسن باغوان ، عبدالستاربازدار، شکیل احمد دیو، اختر حسین گتو ، ہری کرشن گوپال سنگھ ، غلام رسول محکمہ بجلی کے مہندر سنگھ ورک سپروائزر ایسوسی ایشن کے صدر عنائت اللہ میر اور نیڈبیس ورکرز ایسوسی ایشن کے صدر عنائت اللہ شان بھی موجود تھے۔
چنہنی ناشری ٹنل کے اندر حادثہ،5 زخمی
ایم ایم پرویز
رام بن //چنہنی ناشری ٹنل کے اندر گاڑیوں کے ٹکراجانے کی وجہ سے پیش آئے ایک حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔جمعہ کے روز پانچ اشخاض اُس وقت زخمی ہوئے جب ایک ٹرک زیر نمبر JK02AA-2990 کے ساتھ مخالف سمت سے آرہی ایک کار زیر نمبر JK08E-5398 ٹکراگئی ۔اس دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجن کی شناخت اشوک کمار اور اسکی اہلیہ وینا رانی، فرزند اتُل کمار ساکنان وارڈ نمبر9 ،شییدی روڈ کشتواڑ اور ٹرک ڈرائیور گگن کمار ولدہنس راج ،بھارت بھوشن ولد جنک راج ساکنان ناگری،پرول کٹھوعہ کے بطور کی گئی ہے۔