معروف شاعر پرتھوی ناتھ کول سائل فوت
نعیم اخترکا اظہار تعزیت
سرینگر// کشمیری پنڈت شاعر ،مصوراور خطاط پرتھوی ناتھ کول سائلؔ فوت ہوگئے ہیں ۔ثقافت کے وزیر نعیم اختر نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ آنجہانی ایک شریف النفس انسان تھے جنہوں نے شاعری اور خطاطی کی دنیا میں نام کمایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ریاست نے ایک پُر اخلاق انسان کو کھویا ہے جو تمدن اور ثقافت کے بارے میں بہت زیادہ علم رکھتے تھے ۔
قربانیوں کی حفاظت اہم:محاذ آزادی
سرینگر// محاذآزادی کے ایک دھڑے کے 40 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں سرینگر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں تنظیم کے نائب صدر قطب عالم، جنرل سیکریٹری جمشید عادل سیکریٹری ارشاد حسین شاہ،سینئر رہنما محمد یقوب بٹ،منظور احمداورحاجی محمد اسماعیل کے علاوہ کئی ممبران نے شرکت کی ۔تنظیم کے صدر محمد اقبال میرنے اس موقع پر اپنے خطاب کہا کہ محاذآزادی کی تاریخ قربانیوں اور جہد مسلسل سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس موقع پر ہم قربانیوں کی حفاظت کا اعلان کر تے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج محاذآزادی کا یہ قافلہ اپنے یوم تاسیس کو یوم تجدید عہد کے طور پر بھی مناتے ہیں تاکہ جذبہ حریت کسی طور بھی کمزور نہ ہو۔
مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر طے شدہ تنازعہ:مسلم کانفرنس
اقوام متحدہ قراردادوں میں حل مضمر
سرینگر//مسلم کانفرنس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک طے شدہ تنازعہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ قراردادوں میں مضمر ہے۔تنظیم کے ایک دھڑے کی نشست چیئرمین شبیر احمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں محمد سلطان،شمیم احمد، منظور احمد،فداحسین ،حاجی مظفر شیخ اور دوسرے کارکنان نے شرکت کی۔نشست سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر طے شدہ مسئلہ ہے جس کا حل بین الاقوامی قرادادوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس یہ محسوس کرتی ہے جو قربانیاں اس وقت قوم دے رہی ہے وہ اس تحریک کا عظیم اثاثہ ہے اور ان قربانیوں کی حفاظت کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔
بانڈی پورہ میں منشیات فروش گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران بانڈی پورہ پولیس نے ایک منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے 480گرام چرس برآمد کرلیا۔ نشاط پارک بانڈی پورہ کے نزدیک پولیس پارٹی نے ناکہ کے دوران محمد رفیق وانی ساکن آیت مولہ بانڈی پورہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس کے قبضے سے 480گرام چرس برآمدلیا۔اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 69/2018زیر دفعہ 8/20این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
اوڑی میں میڈیکل کیمپ
اوڑی/ظفر اقبال / اوڑی کے نامبلہ گائوں میں راشٹریا بل سرکشا کریا کرم( آر بی ایس کے) سکیم کے تحت محکمہ صحت نے میگا سکریننگ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ میں بارہمولہ اور اوڑی کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے 18 سال تک کے قریب 13 سو بچوں کی جانچ کی ۔اس دوران بچوں کو ادویات بھی فرہم کی گئیں۔ اس پروگرام کا افتتاح نیشنل کانفرس کے لیڈراور ایم ایل اے اوڑی کے نمائندے ڈاکٹر سجاد شفیع اور ایس ڈی ایم اوڑی ڈاکٹر بصیرلحق چوہدری نے چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ ڈاکٹربشیر احمد چالکو،بلاک میڈیکل آفیسر اوڑی ڈاکٹر محمد رمضان کے علاوہ محکمہ تعلیم ،چائلڈ ڈیولپمنٹ محکمہ کے افسران اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی موجود گی میں کیا۔
بانڈی پورہ میں آر ٹی آئی پرورکشاپ
بانڈی پورہ/عازم جان/ضلع بانڈی پورہ کے کانفرنس حال میں کامن ویلتھ نئی دہلی انشیٹیو کے اشتراک سے جموں و کشمیر آر ٹی آئی وضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے جانکاری ورکشاپ منعقد کیا جس کی صدارت وجاہت حبیب اللہ نے کی ۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی اور جموں و کشمیر آر ٹی آئی کے ڈاکٹر غلام رسول مہمان خصوصی تھے ۔ ورکشاپ میں مقررین نے آر ٹی آئی ایکٹ 2009 کے متعلق معلومات فراہم کی گئیں ۔
حکومت لوگوں کی بہبودی کے لئے وعدہ بند:خلیل بندھ
سرینگر//زراعت کے وزیر محمد خلیل بندھ نے آج پلوامہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے دورے کے دوران سرکٹ ہاوس پلوامہ میں کئی وفود سے بھی ملاقات کی۔وزیر نے عید گاہ جدید کا دورہ کیا جو 3.50کروڑ روپے کی لاگت سے 18کنال اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مرد و خواتین کے لئے علاحدہ وضو خانے تعمیر کریں اور دیدہ ٔ ذیبی کو بھی یقینی بنائیں۔وزیر نے کمیونٹی فیسلٹیشن مرکز کی تعمیر کے سلسلے میں مجوزہ سائیٹ کا بھی جائزہ لیا جہاں 7.96کروڑ روپے کی لاگت سے چار منزلہ مرکز تعمیر ہوگااور جس میں بیک وقت کسی بھی تقریب میں 1500لوگوں کی گنجا ئش ہوگی۔انہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ تمام ضروری کام وقت پر مکمل ہوں تاکہ ان سہولیات کا فائدہ لوگوں تک پہنچے ۔ اس سے قبل ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود وزیر موصوف سے ملاقی ہوئے اورانہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ مطالبات میں پینے کے پانی، بجلی، صحت ، سڑکوں کی دیکھ ریکھ ،گلیوں اور ڈرینوں کی اَپ گریڈیشن ، واٹر سپلائی سکیموں کی مرمت اور آبپاشی مقاصد کے لئے کنوئوں کا کھودنا شامل تھے۔پی ایچ ای ملازمین کی ایک وفد نے وزیر کو ان کے التوا میں پڑے تنخواہوں کی واگزاری کا مطالبہ کیا۔ وزیر موصوف نے لوگوں کے مسائل بغور سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ حکومت لوگوں کی بہبودی کے لئے وعدہ بند ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کی متمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں سے ملاقات کا مقصد زمینی سطح پر لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنا اور انہیں وقت پر حل کرنا ہے۔
خون خرابہ کی پالیسی ترک کی جائے
پارٹی کنونشن سے وکیل کا خطاب
سرینگر// جموں و کشمیر بچائو تحریک کی طرف سے ایک روزہ کنونشن سرینگر میں منعقد ہوا جس میں صوبہ کشمیر سے وابستہ ڈیلی گیٹس اور ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پارٹی کے صدر عبدالغنی وکیل نے کی ۔کنونشن سے جن لیڈران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اُن میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری سید رفیق شاہ، پارٹی کے ترجمان اعلیٰ حکیم پرویز احمد، سیکریٹری ایڈوکیٹ سید گوہر،سیکریٹری انچارج یوتھ رضوان الٰہی اورآرگنائزر عبداللہ کشمیری قابل ذکر ہیں۔ کنونشن میں کئی قراردادیں پاس کی گئیں۔ پہلی قرار داد میں مرکزی سرکار پر زور دیا گیا کہ وہ ریاست میں خون خرابہ کی پالیسی اوربیرون ریاست کشمیریوںکو خوف زدہ کرنے کی پالیسی پر روک لگانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ دوسری قراردادمیں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ریاستی عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں جسے ایڈرس کرنے کی ضرورت ہے۔ عبدالغنی وکیل نے اپنے صدارتی خطبے میں مرکزی سرکار پر ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرنے کا مشورہ دیا اورپاکستان اور حریت کانفرنس کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کی اپیل کی۔
نل کے قریب منشیات فروش گرفتار، 6کلو فکی ضبط
سرینگر //پولیس پوسٹ جواہر ٹنل سے وابستہ ٹیم نے ناکہ کے دوران گاڑی زیر نمبر JK05C-9469کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے فکی برآمد ہوئی ۔ پولیس نے سریندر کمار ولد ناصب چند ساکنہ منوال بمیال پٹھان کوٹ پنجاب کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 116/2018زیر دفعہ 8/15این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قاضی گنڈ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا۔
نعیم اختر نے نبارڈ پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا
جموں//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے آج جموں خطے میں نبارڈ اور سینٹرل روڑ فنڈ سڑک اور پُل پروجیکٹوں پر جاری کام کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا۔تعمیرات عامہ ، سیاحت ، امور قبائل کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے ستواری ائیرپورٹ آر ایس پورہ روڑ ، چار گلیاروں والی ستواری کنجوانی سڑک ، چوکی چورہ سے کتھر تک جانے والی لنک روڑ کی مرمت اور اَپ گریڈیشن ،اُتربینی پرمنڈل سڑک کو وسعت دینے ،جٹھانہ ضلع کٹھوعہ میں دریائے اجھ پرپُل کی تعمیر ، ہتھلی سڑک کی مرمت اور اَپ گریڈیشن و دیگر پلوں کے پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔تعمیرات عامہ کے وزیر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ان پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔شکتی راج پریہا ر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ و ہ سڑکوں کی میکڈمائزیشن کاموں کے لئے مقررہ معیار کے علاوہ جاری پروجیکٹوں کو معیاد بند طریقے پر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔اس سے قبل تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئروں نے جموں خطے میں مختلف سڑک اور پُل پروجیکٹوں کے موجودہ صورتحال سے میٹنگ کو مطلع کیا۔ میٹنگ میں چیف انجینئر آر اینڈ بی ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ، ایس ای آر اینڈبی جموں ،کٹھوعہ، اودھمپور اور دیگر انجینئر صاحبان شامل تھے۔