مزید خبرں

راجوری میں کووڈ کے 44نئے کیس درج ،1مریض کی موت 

راجوری //راجوری ضلع میں کورونا وائرس کے 44نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران وائرس کی وجہ سے ایک مریض کی موت بھی واقعہ ہو گئی ہے ۔اس دوران ریڈزون قرار دئیے گئے 14علاقوں میں سے بھی پابندیاں ہٹائی گئی ہیں ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق ضلع میں درج ہوئے نئے کیسوں میں سے 5کا تعلق درہال سے ہے جبکہ کالاکوٹ سے 8،کنڈی سے 7نوشہرہ سے 2منجا کوٹ سے 20اور سندر بنی سے 2نئے کیس درج کئے گئے ہیں ۔اس دوران گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج ایک مریض کی موت بھی واقعہ ہو گئی ہے جس کا تعلق ضلع کے سندر بنی علاقہ سے تھا ۔اسی دوران ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت 14ریڈ زون علاقوں سے پابندیاں بھی ہٹائی گئی ہیں ۔جن علاقوں سے بندشیاں ہٹائی گئی ہیں ان میں چوکیاں سی ،چوکیاں ،ڈوڈا ج ،ٹوپہ ،اوجان اے ،تھنہ منگ بی ،تھنہ منگ سی ،تھنڈا نکہ اور ناریاں درہال شامل ہیں ۔اسی دورا ن ضلع انتظامیہ راجوری کی جانب سے ویکسین لگانے کیلئے مہم مسلسل جاری رکھی گئی ہے ۔اس مہم کے دوران ویکسین کیمپوں کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے ۔
 
 

 سانگلہ میں جموں وکشمیر بینک کی شاخ کھولنے کا مطالبہ 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے سانگلہ گائوں کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کے صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے گائوں میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں بینک شاخ نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو دیگر علاقوں میں قائم کر دی بینک شاخوں میں جانے کیلئے مشکل درپیش رہتی ہیں جبکہ ان کا وقت بھی ضائع ہو جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ گائوں میں بینک کی شاخ کھولنے کی منظوری پانچ برس قبل ہوئی تھی لیکن ابھی تک مذکورہ پروجیکٹ کو پائیہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جاسکا ہے ۔دو سال قبل جموں کشمیر بینک کے متعلقہ  ڈی جی ایم اوربینک منیجر موقعہ پر گے  اور انہوں نے محلہ چیڑ سانگلہ وارڈ نمبر 2 میں محمد رشید قریشی کی عمارت میں برانچ کھولنے کا فیصلہ کیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ابھی تک برانچ نہیںکھولی جاسکی ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ بینک شاخ کھولنے سے علاقہ کی چھ پنچایتوں کی عوام کو فائدہ ہوسکتا ہے جبکہ بینک کی عدم موجودگی کی وجہ سے علاقہ کی خواتین اور بزرگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد علاقہ میں بینک شاخ کھولی جائے ۔
 
 

 کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس کارروائیاں

پونچھ میں 233کیس درج ،15.5لاکھ روپے جرمانہ عائد 

پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں جموں وکشمیر پولیس کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کررہی ہے جس کے دوران ضلع میں کل 233ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں جبکہ قاعدہ پر عمل نہ کرنے والوں پر 15.5لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں زیادہ تر لوگ کووڈ ایس اوپیز پر عمل کرتے ہوئے تاہم کچھ افراد قاعدہ کی خلا ف ورزی میں بھی مصرو ف ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ایس پی پونچھ کی قیادت میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جس کے بعد اس سلسلہ میں کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ۔انہوں ے بتایا کہ موجودہ برس ضلع کے تمام پولیس سٹیشنوں میں 233معاملے درج کئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں 15لاکھ 58ہزار اور 700روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ماسک نہ پہننے ،سماجی دوری کا خیال نہ رکھنے ،عوامی مقامات پر تھوکنے کیساتھ ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر 8298افراد کا جرمانہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ماسک کا استعمال نہ کرنے پر بدھ کے روز ہی 248افراد کا چالان کیا گیا ہے ۔ضلع پولیس پونچھ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کووڈ ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کریں جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 

ڈی سی راجوری نے مختلف محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا 

راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے آفیسران کا ایک اجلاس منعقد کر کے مختلف محکموں کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اجلاس کے دوران آفیسر موصوف نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی ،جل شکتی ،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور پی ڈی ڈی کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے محکموں کے زیر تحت جاری تعمیراتی و ترقیاتی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے آفیسران کو ہدایت جاری کیں کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کیا جائے ۔آفیسران نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں 600نئے ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں جبکہ ناکارہ ہوئے ہینڈ پمپوں کے سلسلہ میں آفیسران نے بتایا کہ 268ہینڈ پمپوں کی مرمت بھی کی گئی ہے ۔ڈی سی نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ باقی ناکارہ ہوئے ہینڈ پمپوں کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے ۔اس کے علاوہ انہوں نے پینے کے صاف پانی کی سہولیات کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات کے سلسلہ میں بھی آفیسران کو ہدایت جاری کیں ۔اس کے علاوہ ضلع میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت ہوئے تعمیر اتی کاموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی گئی ۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ عوامی مفاد کیلئے پروجیکٹوں کو جلداز جلد مکمل کیا جائے ۔اس اجلاس میں سی پی او ،ایس ای محکمہ جل شکتی ،ایس ای محکمہ پی ڈبلیوڈی ،ایگز یکٹو انجینئر محکمہ پی ڈبلیو ڈی ودیگر متعلقہ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔