کوٹرنکہ میں عوامی شکایات ازالہ کیمپ منعقد
کوٹرنکہ// ڈپٹی کمشنرراجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری نے عوامی دربار لگاکرلوگوں کے مسائل سنے ۔اس عوامی دربار میں تحصیلدار کوٹرنکہ محمد رفیق چوہدری، زونل ایجوکیشن پلاننگ آفیسر کوٹرنکہ چوہدری سخی محمد، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر امتیاز چوہدری، تحصیل سپلائی آفیسر روشن لال و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔کیمپ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی جن میں سے کئی کے مسائل موقعہ پر حل کئے گئے ۔اس موقعہ پر سینکڑوں افراد میں مستقل پشتنی باشندہ سند، آر بی اے سرٹیفکیٹ،ایس ٹی،انکم ، میڈیکل سرٹیفکیٹ تقسیم کی گئیں جبکہ 40سے زائد گیس کنکشن بھی دیئے گئے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ اس کیمپ کا اصل مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرناتھا اور ایسے مسائل موقعہ پر ہی حل کئے گئے جن کیلئے پندرہ پندرہ دن لگ جاتے تھے ۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کے ساتھ بہتر روابط نہ ہونے کی وجہ سے اکثر لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوپاتے اور انہیں مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے لیکن اس طرح سے عوامی دربار منعقد کرکے عوامی مشکلات کا موقعہ پر ہی ازالہ کیاجاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے مزید کیمپ بھی منعقد کئے جائیںگے۔
بورڈ میٹنگ میں منظور ہوئی رقومات ناکافی
جاوید رانا نے پانی کی سپلائی کیلئے 36لاکھ روپے دینے کااعلان کیا
عشرت حسین بٹ
پونچھ//ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے گزشتہ روز ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں مینڈھر کیلئے منظور ہونے والی رقومات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہاکہ تحصیل میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے رقم جاری نہیں کی گئی ۔ان کاکہناتھاکہ اس حوالے سے رقومات کی منظوری کی مانگ کی گئی لیکن بورڈ چیئرمین نے اس بات کے حوالے سے کوئی بھی رقومات دینے کا اعلان نہیں کیا ۔بورڈ میٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنے سی ڈی فنڈ سے 36لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے موقعہ پر ہی بورڈ کے چیئر مین کو اس حوالے سے تحریری طور پر لکھ کر دیاکہ اس پیسہ سے تین ٹینکرخریدے جائیں گے جومینڈھر تحصیل کے علاقہ بالاکوٹ، منکوٹ اور مینڈھر کے صدر مقام کی آبادی کو پانی فراہم کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید ظاہر کررہے تھے کہ وزیر اعلیٰ کے بھائی تصدق مفتی جو ضلع پونچھ بورڈ کے چیئرمین ہیں،کوئی بڑا اعلان کریںگے لیکن انہوں نے ضلع کیلئے بہت کم رقم کو منظوری دی ہے جس سے تعمیر وترقی نہیں ہوسکے گی ۔جاوید رانا نے کہا کہ ان کے حصہ میں ہر سال تین کروڑ پچاس لاکھ روپیہ واگزار کیا جاتا تھا مگر اس دفعہ ریاستی حکومت نے اس پیسہ میں سے ممبران کے لئے محض بیس فیصد رقومات واگزار کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کو ریاستی حکومت ہر لحاظ سے نظر انداز کر رہی ہے ۔این سی لیڈرنے کہا کہ سخی میدان تا کلائی سڑک کو آج تک مکمل نہیں کیاگیااور یہ پروجیکٹ تعطل کاشکار بن کر رہ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ افسران نے اس سڑک کو اے ٹی ایم بنا رکھا ہے اوروہ جب چاہتے ہیں تب اس سڑک کی تعمیر کے کاغذات بنالیتے ہیں اور رقومات نکالی جاتی ہیں۔
۔3فیصد ریزرویشن کا معاملہ تعطل کاشکار
پہاڑی ایکشن فورم کا عید کے بعد احتجاج کا انتباہ
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی ایکشن فورم مینڈھر نے پہاڑی طبقہ کیلئے تین فیصد ریزرویشن کے معاملے کو حل نہ کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انتباہ دیاہے کہ عید کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔ فورم کے صدر ایڈووکیٹ شوکت چوہدری ، محمد اعظم فانی ، ماسٹر عنایت اللہ خان، خورشید میر ،محمد رزاق خان، شوکت علی خان، خورشید احمد ودیگران نے کہاکہ ریاستی گورنر کی طرف سے کئی ماہ قبل ریزرویشن کی فائل کواعتراضات کے ساتھ حکومت کو بھیجاگیاتاہم اس حوالے سے اس قدر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجارہاہے کہ آج تک حکومت نے جواب کے ساتھ یہ فائل واپس گورنر کو پیش نہیں کی ۔انہوںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت وقت گزاری سے کام لے رہی ہے اور اسے پہاڑی طبقہ کی فلاح و بہبود کی کوئی پرواہ نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ پہاڑی طبقہ کو صرف ووٹ بنک کے طور پر استعمال کیاجارہاہے اور الیکشن کے وقت ہر ایک سیاسی جماعت کی طرف سے بڑے بڑے اعلانات کئے جاتے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ ابھی شیڈیول ٹرائب درجہ ملنے کی بات تودور کی ہے لیکن ریاستی حکومت وہ کام بھی کرسکی جو اس کے حد اختیار میں ہے اور ریزرویشن کی فائل نہیں معلوم کس دفتر کی دھول چاٹ رہی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ اس فائل کو ایک ہفتے کے اندر واپس کیاجاناچاہئے تھالیکن کئی ماہ بعد بھی اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ۔فورم ارکان کاکہناتھاکہ ایسا کسی سازش کے تحت ہورہاہوگا اور وزیر اعلیٰ کو خود اس میں مداخلت کرکے تین فیصد ریزرویشن کے نفاذ کو یقینی بناناہوگا ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر انہی دنوں میں کوئی فیصلہ نہ ہواتو وہ عیدکے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے اور سرینگر چلو کی کال دے کر سیکریٹریٹ کا گھیرائو کیاجائے گا۔
گوہلد میں پانی کی شدید قلت
جاوید اقبال
مینڈھر //پانی کے بحران پر مینڈھر کے گوہلد علاقے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت پروین سرور خان نے کی ۔اس موقعہ پر لوگوںنے بتایاکہ انہوںنے پانی کی قلت پر احتجاج بھی کیاتھا جس دوران انتظامیہ نے یقین دلایاکہ غیر قانونی کنکشن ختم کئے جائیںگے تاہم ایسا نہیں کیاگیا اور انتظامیہ کے افسران نے کوئی اقدام نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ وہ رائزنگ لائن کو ہی اکھاڑ پھینکیں گے جو ان کی زمینوںسے ہوکر جاتی ہے ۔انہوںنے محکمہ کے لائن مینوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوںنے تمام رشتہ داروں کو رائزنگ لائن سے کنکشن دیئے ہوئے ہیں جبکہ عام لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے تڑ پ رہے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناتھاکہ محکمہ کی غفلت اور بد انتظامی کی وجہ سے لوگ پیاسے ہیں ۔
ویلی ویو آرمی پبلک سکول میں کیمپ اختتام پذیر
راجوری //راجوری کے ویلی ویو آرمی پبلک سکول میں طلباء کیلئے منعقد کیاگیا گرما کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔اس کیمپ کا افتتاح چند دن قبل ہواتھا جس میں بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی ۔حکام کے مطابق اس کیمپ کا مقصد طلباء کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے بارے میں پلیٹ فارم فراہم کرناہے تاکہ ان کی مجموعی طور پر ترقی ہوسکے ۔اس کیمپ کی حتمی تقریب میں آرمی بریگیڈیئر اور کمانڈنگ افسر بھی موجود تھے جنہوںنے طلباء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا۔انہوںنے کہاکہ انسانی زندگی کیلئے جس قدر تدریسی سرگرمیاں اہم ہیں اسی قدر غیر تدریسی سرگرمیاں بھی اہمیت کی حامل ہیں جن میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنی چاہئے۔
تحصیلدار منڈی کی صدارت میں میٹنگ
جمعتہ الوداع اور عید الفطر انتظامات کا جائزہ لیاگیا
عشرت حسین بٹ
منڈی//جمعتہ الوداع ،شب قدر اور عید الفطر کے حوالے سے تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے تحصیلدار منڈی ظہیر رانا کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں افسران اور سیول سوسائٹی کے ارکان و مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔ تحصیلدار منڈی نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان تینوں ایام کے لئے مکمل انتظامات کئے جائیںگے ۔اس دوران انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔تحصیلدار نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے بھی اس سلسلہ میں ہدایات جاری ہوئی ہیں اور تحصیل انتظامیہ اس بات کا پورا خیال رکھے گی کہ تمام تر انتظامات وقت پر پورے ہوں اور لوگوں کو اس حوالے سے کوئی پریشانی پیش نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو تمام تر سہولیات دستیاب رکھی جائیں جس کا جائزہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ بھی لے رہے ہیں ۔ ان کے مطابق تحصیل کے کچھ علاقوں میں پانی کی پریشانی رہی لیکن یہ پریشانی نہ صرف یہاں بلکہ ضلع بھر میں ہے اور اس حوالے سے لوگوں کی پریشانیوں کے ازالہ کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے تحصیل انتظامیہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دوران بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے ۔
ریت بجری کا غیر قانونی اخراج
ڈپٹی کمشنر نے کریک ڈائون لگانے کے منصوبہ کاجائزہ لیا
راجوری //ضلع مجسٹریٹ راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ریت اور بجری کے غیر قانونی عمل پر کریک ڈائون لگانے کیلئے منصوبہ کا جائزہ لیا ۔اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں متعلقہ افسران بھی موجو دتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ندی نالوں کے کناروںسے غیر قانونی طور پر ریت اور بجری کے اخراج کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت جاری کی کہ محکمہ جاتی اثاثوں، ڈ گ ویل ، سڑکوں اور پلوںو زرعی نہروں کے نزدیک سے نکالی جارہی ریت اور بجری پر پابندی لگائی جائے اور خلا ف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اس دوران بتایاگیاکہ محکمہ پی ایچ ای نے رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق سنگام، بڈھون، پلمہ ، درہالی ، کلر ودیگر علاقوں میں اس غیر قانونی عمل کی وجہ سے قدرتی ذرائع پر اثر پڑاہے ۔اس موقعہ پر اس بات کافیصلہ لیاگیاکہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیاجائے گا تاکہ غیر قانونی طور پر ریت وبجری کا اخراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔یہ فیصلہ بھی ہواکہ غیر قانونی طور پر کام کررہے ٹھیکیداروں ، کاروباریوں اور سٹون کرشر مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اس حوالے سے محکمہ مال ، محکمہ پولیس ، محکمہ دیہی ترقی ، محکمہ پی ایچ ای ، ایریگیشن و مائننگ کی مشترکہ ٹیم معائنہ کاری کرے گی تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔