کشتواڑ کے دیہات کو پانی کی سخت قلت کا سامنا
کشمیر عظمیٰ
کشتواڑ//محکمہ صحت عامہ پر لوگوں کی حالت زار کو نظر انداز کرنے کاالزام لگاتے ہوئے کشتواڑ کے مکینوں نے فوری طور سے انکے مطالبات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اندرا نگر، ہُلڑ، پوہی،کلئید، زیلنہ، سنگرام بھاٹا، چیرہاڑ ودیگر دیہات کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ گُذشتہ ایک ماہ سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی بہت زیادہ قلت ہے۔مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے حُکام کے خلاف کئی مرتبہ احتجاج کیا لیکن بد قسمتی سے اسکا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر روز اخبارات میںکشتواڑمیں پانی کی قلت کی خبریں شائع ہوتی ہیں لیکن محکمہ صحت عامہ نے ابھی تک اس مسئلہ کا حل کرنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اُٹھایا ہے۔پانی کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مٹا ،سرکوٹاور دیگر دیہات کے مکینوں نے محکمہ سے ان علاقوں میں پانی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔لوگوں نے کہا کہ سرکار کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود محکمہ ان علاقوں میں پینے کا پانی مہیا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ان لوگوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے اہلکار با رسوخ افراد اور سیاسی لیڈراں کو پانی کی سپلائی کرتے ہیں ۔ان کا الزام ہے کہ ان دیہات کے لئے مقرر کئے گئے واٹر ٹینکر بھی ناکارہ ہیں۔انکا الزام ہے کہ انہیںٹیوب ویل سے پانی لانے کے تقریباً ایک کلو میٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ ان لوگوں نے انتباہ کیا کہ اگر ان علاقوںمیں پانی فوری طور سے فراہم نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو جائیں گے۔
صحافیوں کا اظہاردکھ
زاہد ملک
مہور//18سالہ آصف ملک جو مہور بگہ کا رہنے والا تھا، کی لاش دو روز قبل جموں میں اس کی گاڑی میں پائی گی، کا ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ آصف کی موت کیسے واقع ہوئی۔ میڈیا ایسو سی ایشن مہور نے آصف کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک 18سالہ لڑکے کی دشمنی کس سے ہوگی جنہوں نے آصف کا بے رحمی سے قتل کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے آصف کی موت پورے علاقے کے لوگوں کو غم زدہ کر گئی ہے۔ہر گھر میں یہی بات چل رہی ہے کہ آخر آصف کے ساتھ ایسا کیوں ہوا۔ہر انسان کے منہ سے یہی آواز نکلتی ہے اس خربصورت اور نوجوان لڑکے کا کوئی کیسے قتل کر سکتا ہے کیا قتل کرنے والے کے پاس دل نہیں تھا یا انسانیت نہیں۔آصف کی اس موت پر پورے علاقے کے لوگ زار زار رو رہے ہیں۔ مہور میڈیا زاہد ملک،آر جے بشیر،نواز مغل اور وزیر خان نے آصف کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور دکھ زدہ کنبے کو صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔
مغل میدان میں سروڑی کاعوامی دربار
کشتواڑ//ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے یہاں تحصیل مغل میدان کے علاقہ کوچھال میں ایک عوامی دربا ر کا انعقاد کیا ۔اس دوران محکمہ دیہی ترقی،صحت عامہ،امور صارفین ،واٹر شیڈ، بجلی اور تعلیم کے افسران موجود تھے۔ عوام نے راشن،سڑک،بجلی،منریگا،تارکول اور صحت جیسے مسائل اٹھائے ۔اس موقع پر سروڑی نے کہا کہ ان کے دور اقتدار موقع پر عوامی مسائل کو سماعت کرنا ایک خاص پہلو ہے۔انہوں نے عوام سے تمام کاموں کے متعلق جانکاری حاصل کی اور افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام کاموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔انہوں نے عوام کو ہائی اسکول کوچھا ل کو درجہ بڑھنے پر مبارک بادی پیش کی وہیں موصوف نے ککروگاں تا کوچھا اور ڈیڈ پتھ تا ٹگوڈ سڑک پر تارکول کا اعلان کیا اور کہا دو ماہ تک ان سڑکوں پر تارکول بچھا لیا جائے گا ۔انہوں نے کوچھال اور سمبل میں حوض بنانے کا بھی اعلان کیا جس سے پانی کی قلت میں کمی لائی جا سکے گی ۔موصوف نے کہا کہ وہ پسماندہ علاقہ جات کی عوام کے مسائل و مشکلات سے با خبر ہیںاور ترقیاتی پلان سے یہاں افادیت حاصل ہو گی ۔سروڑی نے وامی دربار میں عوام کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے گا ۔انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکیموں سے افادیت حاصل کی جائے ۔