درخت کی زد میں آکر طا لب علم لقمہء اجل
جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور انڈین جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا اظہار تاسف
محمد تسکین
بانہال // گزشتہ روز رامسو تحصیل کے سوجمتنہ علاقے میں عابد بالی ولد محمد شریف بالی ساکنہ کوٹ ، رامسو عمر 12 سال تیز اندھی چلنے کی وجہ سے جڑے سے اکھڑے ایک درخت کی زد میں آکر موقع پر ہی لقمہ اجل بنا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانچویں جماعت میں زیر تعلیم غریب والدین کا یہ بیٹا روزے سے تھا اور جمعہ کے روز مقامی مسجد میں عصرکی اذان عابد نے ہی دی تھی اور جمعہ کے روز نماز عصر عابد کیلئے آخری نماز ثابت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ عابد اپنے گھر سے کھجور لینے کی غرض سے نزدیکی دکان پر جارہا تھا اور کھجور خریدنے کیلئے اپنے گھر والوں کی طرف سے دیا گیا پچاس روپئے کا نوٹ موت کے بعد بھی اس کے ہاتھ میں ہی دبا تھا اور آندھی کی وجہ سے گرے درخت کا ایک زوردار وار عابد کے سر کے پچھلی طرف آیا اور وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بنا۔عابد گورنمنٹ مڈل سکول دلینکوٹ میں زیر تعلیم تھا اور اس حادثے کے بعد اسے پرائمری ہیلتھ سینٹر اْکڑال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس واقع سے دلینکوٹ میں صف ماتم بچھ گئی اور پرنم آنکھوں سے جمعہ کی رات دیر گئے اسے سپرد لحد کیا گیا اور عید کے روز پورے علاقے میں اس اچانک موت کی وجہ سے فضا سوگوار رہی ۔ مرحوم نیوز 18 کے نامہ نگار رام بن بلال احمد بالی کے چچا زاد بھائی تھے اور جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع رام بن اور انڈین جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع رام بن نے سوگوار کنبے اور نامہ نگار کے ساتھ اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اللہ کے حضور مرحوم کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمانے اور والدین کو اس عظیم نقصان کے بدلے اس کا نعیم البدل عطا کرنے کی دعا کی گئی۔
جرنلسٹ ایسوسی ایشن بھلیسہ وٹھاٹھری کا تعزیتی اجلاس
عظمیٰ نیوز
گندو// جرنلسٹ ایسوسیشن بھلیسہ وٹھاٹھری کا ایک ماتمی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کے مشہور صحافی ،قلمکار ، دانشور و انگریزی اخبار
ر ائزنگ کشمیر کے مدیراعلیٰ شجاعت بخاری کو ان کے محافظوں سمیت قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت و جمہوریت کا قتل قرار دیا ۔اجلاس میں فردوس احمد کھانڈے صدرایسوسیشن (نیوز 18)محمد اسحاق عارف سرپرست ( کشمیر عظمیٰ ) اشتیاق احمد ملک جنرل سیکریٹری( اڑان )،محمد رفیع چوہدری نائب صدر ( ڈیلی ایکسلشر)و محمد اکرم ( لازوال) کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے مرحوم بخاری کو ایک بیباک و نڈر صحافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پچھلے تین دہائیوں سے جس طریقے سے ریاست کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دیں و ہ قابل تحسین ہیں۔مقررین نے کہا کہ بخاری نے جہاں ریاست میں صحافت کو ایک نئی روح بخشی وہیں ریاست کی تہذیب وتمدن کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ہندوپاک کے درمیان بہترتعلقات بنانے میں بھی اہم رول نبھایا۔انہوں نے بخاری کے قتل کو افسوسناک قراردیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے ریاست میں صحافتی برادری کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے مغفرت کی بھی دعا کی۔
صدربار ایسوسی ایشن بانہال کرشن سنگھ بالی کا انتقال
مختلف مکاتیب فکرنے رنج وغم کا اظہار کیا
محمد تسکین
بانہال // صدر بار ایسوسی ایشن بانہال ایڈوکیٹ کرشن سنگھ بالی اتوار کی شام سوا پانچ بجے اپنے آبائی گاؤں اْکڑال ، بانہال میں مختصر علالت کے بعد رحلت کر گئے ہیں۔ وہ تقریبا 69 برس کے تھے، پسماندگان میں اہلیہ، چار بیٹے اور دو بیٹیاںشامل ہیں ۔ کرشن سنگھ بالی کی موت پر بانہال اور رام بن کی کئی سیاسی ، سماجی لیڈروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ بار ایسوسی ایشن بانہال نے ان کی موت پر اور ان کے احترام میں روزمرہ کا کام کاج متاثر رکھا اور انکے گھر واقع اْکڑال جاکر تعزیت برسی کی۔ تحصیل بانہال کے اکڑال پاگل پرستان کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ کرشن سنگھ بالی نہ صرف ایک بہترین وکیل تھے بلکہ انسانیت اور اخلاق کے بھی پیکر تھے۔ وہ اپنے پیشے کے ساتھ جہاں ایماندار تھے وہیں وہ غریب پرست اور مختلف کیسوں میں غریبوں کے مددگار کے طور بھی کام کرتے تھے ۔کرشن سنگھ بالی پچھلی تین دہائیوں سے بانہال میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو انجام دیتے آرہے تھے اور کئی بار، بار ایسوسی ایشن بانہال کے صدر بھی نامزد کئے گئے اور اپنے ساتھی سینئر ایڈوکیٹ خالد نظام کی رحلت کے بعد وہ اپنی موت تک بار ایسوسی ایشن بانہال کے صدر تھے ۔کرشن سنگھ بالی جو اپنے آبائی گاؤں اکڑال کی رہائش گاہ پر کچھ عرصے سے علیل تھے ، اتوار کی شام اس دار فانی سے رحلت کر گئے۔ ان کی موت کی خبر سنتے ہی بانہال سے ان کے ہمسائے یار ، دوست احباب اور ساتھی ان کے گھر اکڑال تعزیت پرستی کیلئے پہنچ گئے اور گھر والوں کے ساتھ اپنے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔بار ایسوسی ایشن بانہال نے ان کی یاد اور اعزاز میں بانہال عدالت میں اپنا روزمرہ کا کام کاج بند رکھا ۔ بار ایسوسی ایشن بانہال کے ارکان نے انہیں ایک عظیم اور پیشہ ور شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ کرشن سنگھ بالی کی موت کا خلا پْر کرنا مشکل ہے اور ان کی طویل خدمات ، شفقت اور انسان دوستی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوکیٹ کرشن سنگھ بالی نے ہمیشہ انسانی اخلاق اور اقدار کی پاسداری کی ہے اور ہمیشہ جمہوری اور سیکولر اصولوں کو آگے رکھا ہے ۔اس سلسلے میں ایک ماتمی قرارداد بھی پیش کی گئی۔ اس موقعہ پر ایڈوکیٹ خورشید رمضان ، نبیل خالد ، میر رئیس ، امروز حمید ، پیر نجم الدین، عفیہ وحید گیری ، ایم ایم ایتو ، اے آر وانی ، شوکت ملک ، کے وائی شاہ ، سرمت عطا ، اویس وانی ، عاصم اقبال وانی ، وسیم وانی ، عمران جرال سمیت کئی وکلاء موجود تھے۔ اس کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور جنرل سیکرٹری امتیاز احمد کھانڈے ، نیشنل کانفرنس کے سجاد شاہین ، بی جے پی کے محمد سلیم بٹ ، سول سوسائٹی کے حاجی عبد الغنی تانترے ، سماجی تنظیم ثواب ، بار ایسوسی ایشن رام بن ، جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن ضلع رام بن اور جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع رام بن نے بھی انکی تعزیت پر اپنے رنج وغم اور لواحقین سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کرشن سنگھ بالی کی خدمات کی سراہنا کی ہے ۔ادھر بانہال کے چملواس علاقے سے تعلق رکھنے والے ریٹارئرڈ پولیس افسر غلام محمد خان بھی اتوار کی شام اس جہاں سے رحلت کر گئے۔ انکی موت پر سیاسی ، سماجی اور سول سوسائٹیز نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور سوگوارن سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ غلام محمد خان کچھ وقت سے علیل تھے اور اتوار کو انہیں بانہال ہسپتال سے سرینگر منتقل کیا گیا لیکن وہ اونتی پورہ کے نزدیک داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ غلام محمد خان ایک شریف النفس انسان تھے اور علاقے میں انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ سینئرکانگریس لیڈر مرحوم محمد ایوب خان اور سابقہ بیروکریٹ حمید اللہ خان بانہالی کے رشتہ داروں میں ہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ مشق
فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے رام بن میں 2 روزہ پروگرام
رام بن //انڈین آرمی کی جانب سے سول انتظامیہ کے اشتراک سے ضلع کے بانہال اور رام بن علاقہ میں 18 اور19جون کو دو روزہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ مشق ’’حفاظت ء عوام ‘‘کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کا مقصد ناساز گار موسمی حالات اور اچانک پسیاں گرآنے و تودے گر آنے سے پیدا شدہ ناگہانی آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔اب کی بار فوج اس پروگام میں سول ایجنسیوں ، طبی حُکام اور مختلف این جی اوز جیسے کہ ریڈ کرائس اور سول کیو آر ٹی کو اس میں شامل کر رہی ہے۔اس سلسلہ میں ایس ڈی ایم بانہال میں ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ،جہاں پر آفات مساوی سے نمٹنے کی تربیت دی جارہی ہے،تاکہ متاثرین کو فوری طور سے راحت پہنچ سکے۔ اس سلسلہ میں پیر کے روز ایک مشق میں اچانک پسی گرآنے سے پھنسی ہوئی گاڑیوں کو شیطانی نالہ ،بانہال کو بر وقت مدد فراہم کرنے کے لئے مشق کا اہتمام کیا گیا ۔دو روزہ پروگرام میں این ایچ 44 پر بارودی سرنگ دھماکوں ، سیلاب اور پسیاں گرآنے سے بازیاب کرنے کے مختلف حالات کی مشق کی جائے گی۔فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کے اشرتراک سے منعقد کئے جارہے مشق سے آفات سماوی کے دوران متاثرین میں فوری امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
زیر تعمیر فلٹریشن پلانٹ کی تکمیل کا مطالبہ
ایم ایم پرویز
رام بن //شدت کی گرمی میں ضلع رام بن کے متعدد گام و دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے کیوں کہ جن علاقوں میں پانی میسر بھی ہے وہاں انہیں آلودہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں گندہ اور غیر فلٹر شدہ پانی براہ راست نالوں سے سپلائی کیا جاتا ہے ۔ اگر چہ رام بن قصبہ میں ایک فلٹریشن پلانٹ کئی برس قبل تعمیر کیا گیا تھا لیکن اسے مکمل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں ہو پا رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے اصرار پر عوامی نمائندوں نے کئی بار پینے کے پانی کی عدم فراہمی کا مسئلہ بورڈ اور دیگر میٹنگوں میں اٹھایا اور ہر بار محکمہ پی ایچ ای کے انجینئر فلٹریشن پلانٹ کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کروائی لیکن زمینی سطح پر ایسا نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ برسوں سے تشنہ تکمیل اس فلٹر پلانٹ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہو سکے
پدیارنہ کشتواڑ میں والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//نواحی گائوں پدیارنہ میں فوج کی جانب سے ایک والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام کروایا گیا جا کا مقصد نوجوانوں میں کھیل کود کے جذبہ کو فروغ دینے کے علاوہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے مثبت استعمال کی جانب حوصلہ افزائی کرنا بھی تھا۔ آرمی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق میچ کے آغاز میں قومی ترانہ بجایا گیا۔ ٹورنامنٹ میں کل چار ٹیموں نے شرکت کی، ان کے درمیان ہوئے دلچسپ میچوں کو دیکھنے کے لئے بھاری تعداد میں نوجوان موجود تھے جنہوں نے جوش و خروش اور کھیل کے جذبہ سے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔ مقامی نوجوانوں اور کھیل شائقین نے فوج کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے مقابلے منعقد کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔