ماتاویشنودیوی کٹرہ سے براہ راست’آرتی‘نشرہوگی
یو این آئی
جموں// صوبہ جموں میں ہندؤ ں کی مشہور مقدس گپھا شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی طرف سے یاتریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔ حکام نے بتایاکہ پیدل چلنے والے یاتریوں کی سہولت کے لئے کٹرہ سے ادھکواری تک راستہ میں ہائی ٹیک کثیر المقاصد صوتی نظام نصب کیاجارہاہے۔صوتی نظام کے علاوہ نئے یاترا ٹریک پر روزانہ صبح اور شام کو براہ راست’اٹکا آرتی‘ نشرکی جائے گی جس سے پیدل چلتے یاتری سن سکیں گے ۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسر انشول گارگ کے مطابق صوتی نظام پر پنڈت شیو کمار شرما سنتور ماسٹراور شرائین بورڈ ممبر کی رہنمائی میں کمپوز کئے گئے خصوصی بھگتی سنگیت اور بھجن نشروع کئے جائیں گے۔ ڈوگری زبان میں ’منتر‘، ستوتراس ،بھینٹ اور بھگتی سنگیت نشروع کئے جائیں گے۔ شرائین بورڈ حکام نے بتایاکہ بوس کارپوریشن انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ صوتی نظام نصب کر رہا ہے جس کی تخمینہ لاگت4.66کروڑ روپے ہے، اس میں پانچ سال تک دیکھ بھال اور اس کو فعال بنائے رکھنا بھی شامل ہوگا۔ یاتریوں کی سہولت کے لئے نئی تاراکوٹ مارگ کے آس پاس 15بوتھ اور550اسپیکر نصب کئے جائیں گے اور یہ عمل دسمبر2018تک مکمل ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ اپریل 2016سے درشنی ڈیوڑسی سے بھون اور بھروں تک یاترا راستہ پر ایسا ہی کثیر المقاصد صوتی نظام چل رہاہے جس کی وسیع پیمانے پر ستائش کی گئی تھی۔اس صوتی نظام کے ذریعہ یاتریوں کو یاترا سے متعلق پل پل کی خبر، احتیاطی تدابیر، اشتہارات وغیرہ بھی نشرع کئے جائیں گے۔ لوکیشن کا پتہ لگانے کے لئے سٹیٹ آف آرٹ آڈیو سسٹم کو سی سی ٹی وی کیمروں ، ایل اے این، ای پی اے بی ایکس سہولیات سے بھی جوڑا گیاہے۔یاد رہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی اہم ترین مقدس گپھا ہے جہاں پر ہندوستان بھر سے لاکھوں، کروڑوں یاتری درشن کے لئے آتے ہیں اور یہ سلسلہ سال بھرجاری رہتاہے۔
جموں سے امرناتھ یاترا بحال
۔306یاتر یوں پرمشتمل قافلہ وادی روانہ
جموں// بھارت کے 72ویںیوم آزادی کے پیش نظرعارضی طور معطل امرناتھ یاترا جموں سے ہفتہ کے روز دوبارہ شروع ہوئی۔ بیس کیمپ بھگوتی نگریاتری نواس سے 18 چھوٹی بڑی گاڑیوں پر سوار 306یاترا جن میں مرد ، و خواتین اور سادھو شامل تھے، وادی کشمیر کے لئے روانہ ہوئے۔ان یاتریوں کا اگلہ پڑاؤ بال تل اور پہلگام کیمپ ہوں گے جہاں کچھ دیر رکنے کے بعد اگلہ سفر شروع کریں گے۔28جون کو شروع ہوئی یاترا اب آخری پڑاؤ میں ہے۔ہفتہ کو یاترا52ویں روز میں داخل ہوگئی۔اب تک 2.82لاکھ یاتریوں نے پوترگپھا کے درشن کئے ہیں۔ یاترا26اگست کواختتام پذیر ہوگی۔یو این آئی
۔347یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے
سرینگر/ امر ناتھ جی یاترا کے52 ویں روز 347یاتریوں نے پوتر گپھاکے درشن کئے۔ یاترا شروع ہونے سے اب تک2,81574 یاتری اب تک پوتر گپھا میں شو لنگم کے درشن کرچکے ہیں۔
رام بن میں خاتون کی خود کشی
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع سے ایک گھریلو خاتون کی خود کشی کی اطلاع ہے۔ پولیس بیان کے مطابق موضع کوٹھلی بھاٹنی ،تحصیل و ضلع رام بن کی ایک خاتون کی نعش کو اپنے گھر میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔خاتون کی شناخت بملا دیوی عمر 37 سال زوجہ بشن داس ساکنہ کوٹھنی تحصیل و ضلع رام بن کے بطور کی گئی ہے۔پولیس اسٹیشن دھرم کنڈ نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لواازمات پُر کرنے کے لئے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا، جہاں پر اسکا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر دفعہ سی آر پی سی 174درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی، تاکہ موت کے اسباب کا پتہ لگایا جا سکے۔
ریاسی میں دوشیزہ کی خود کشی
زاہد ملک
ریاسی //ضلع میں ایک دوشیزہ کی نعش کو اسکے گھر کے عقب میں ایک میدان میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔ پولیس بیان کے مطابق 16سال کی دوشیزہ ودیا دیوی دختر بودھ راج ساکنہ کانسر بکل کی نعش کو اسکے گھر کے عقب میں واقع ایک میدان میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازمات پُر کرنے کے لئے ضلع ہسپتال میں نعش کا پوسٹ مارٹم کیا۔ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ریاسی نکھل گوگنا کے مطابق پولیس پوسٹ جیوتی پورم میں ایک معاملہ زیر دفعہ174سی آر پی سی درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔