مزید خبرں

پنشنروں کے مسائل حل کرنے کی اپیل 

جموں //حال ہی میں گورنر انتظامیہ کی طرف سے جاری ایس آر او333مورخہ2اگست2018کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر آل جموں و کشمیر پنشنرس اینڈ سیول سوسائٹی ایسوسی ایشن جموں سردار اجیت سنگھ ریڈیال نے کہا ہے کہ پنشنروں کے ساتھ یہ نا برابری جنوری1996 سے چلی آرہی تھی۔ اس دائیرے میں جن پے سیلز کو اپگریڈ کیا گیا ہے اس میں پنشنروں کے حق میں کوئی ذکر نہیں ہے انہیں ترمیم اشد ضرورت ہے ۔اسکے علاوہ بڈیال اپنے جاری پریس بیان ریاستی پنشنروں کے مطالبات کو دہرایا جس میں ساتویں کمیشن ایرئر کویکمشت ادا کرنا۔میڈیکل الاونس کو2000ماہوار کرنا،واگذاری6%مہنگائی ماہ جنوری 2009سے جون 2009تک  پنشن فکسیشن میں سرعت لانے کے مطالبات شامل ہیں۔انہوںنے گورنر مشیر بی بی ویاس انچارج محکمہ خزانہ سے ان جائیز مطالبات کو جلد حل کرنے کی اپیل کی۔ 
 
 

گول کا وفد خورشیدگنائی سے ملاقی

 عوامی مسائل بارے یاداشت پیش

زاہد بشیر
 
گول// حلقہ انتخاب گول ارناس کا ایک وفد گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کے ساتھ ملاقی ہوا جہاں پر انہوں نے گول گلاب و ارناس کے عوامی مسائل اُن کے سامنے رکھے ۔ وفد، جس کی قیادت سابق ڈپٹی کمشنر غلام قادر مغل کر رہے تھے، نے خورشید احمد گنائی کو ایک یاداشت پیش کی جن میں ذیل درج مسائل مفصل تھے ۔ گول گلاب گڑھ کی جغرافیائی صورتحال اور گول گلاب گڑھ میں ایک پہاڑی ضلع کی مانگ ، ارناس میں منصف کورٹ، جڈا میں نیابت کا قیام، گول گلاب گڑھ کو ایک الگ ٹورازم ڈولپمنٹ اتھارٹی کا قیام، گول میں سپیشل سب ڈویژن پی ڈبلیو ڈی، اور پی ڈی ڈی سب ڈویژن ، محکمہ جنگلات گول رینج کو دھرماڑی ڈویژن سے الگ کر کے رام بن فارسٹ ڈویژن کے ساتھ منسلک کرنے ،پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تعمیری سڑکوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے اور نئی سڑکوں کی مانگ ، سرکنٹھہ بھیمداسہ اور ڈگا باسن میں چھوٹے پن بجلی پروجیکٹ، گول اور ارناس کے ایسے علاقوں میں محکمہ صحت کے سینٹروں کا قیام جہاں  پر ابھی تک نہیں ہیں ، ایسے علاقوں کو جلد از جلد بجلی کی فراہمی جہاں ابھی تک بجلی نہیں گئی ہے اور جہاں پر بجلی سے متعلق عوامی مسائل جیسے پول ، تاریں وغیرہ ہیں انہیں بہم پہنچانااور گول گلاب میں کئی جگہوں پر موقعہ پر ہی پولیس کی بھرتی کی مانگ جیسے مسائل یاداشت میں درج تھے ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے وفد کے مسائل کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ جائز مطالبات کو ضابطے کے تحت پورا کیا جائے گا۔
 
 
 

معاملہ دفعہ 35- اےکے دفاع کا 

بٹھنڈی میں نیشنل کانفرنس او بی سیل کا احتجاجی مارچ 

 

عظمیٰ نیوز 

 
جموں//نیشنل کانفرنس او بی سی سیل نے اتوار کے روز جموں کے بٹھنڈی علاقہ میں دفعہ35-اے کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں شامل ورکروں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور پوسٹر اٹھارکھے تھے جن پر ریاست کی خصوصی پوزیشن کو بحال رکھنے کی ضرورت پرزور دیاگیاتھا۔مظاہرین متنبہ کیاکہ اگر دفعہ35 اےکو ہٹایاگیا تھا اس کے بہت زیادہ نقصانات ہوں گے ، نوجوان جوکہ پہلے ہی بے روزگاری کی مار جیل رہے ہیں ، کا روزگار چھن جائے گا، بیرون ریاست کے لوگوں کی وجہ سے مقامی تجارتی برادری بری طرح متاثرہوگی۔مظاہرین سے سیل کو چیئرمین عبدالغنی تیلی، صوبائی نائب صدر چوہدری ہارون وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے واضح کیاکہ دفعہ 35Aبلالحاظ مذہب وملت، رنگ ونسل جموں، کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے وسیع ترمفادات میں ہے ۔مقررین نے دفعہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کے کونے کونے میں تمام مکاتیب فکر کو اس دفعہ کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کرے گی تا کہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ اس دفعہ کی ریاست کو کس قدر اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ سے ریاست کے تینوں خطوں جموں، کشمیر اور لداخ کے رہنے والوں کے مفادات بلالحاظ مذہب و ملت جڑے ہوئے ہیں اس لئے نیشنل کانفرنس اس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا رول نبھائیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سماج کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے کمیشن کی سربراہی کے لئے او بی سی طبقہ کے کسی لیڈر کو مقرر کرنے کی بھی مانگ کی۔ ریلی کو خطاب کرنے والوں میں اوتار سنگھ، تلک راج ، سریندر سنگھ، شاہد محمد، نذیر احمد اور وجے پانڈے کے علاوہ شکر دین ، موہنو کمار اور امیتاز احمد بھی شامل تھے۔ 
 

نٹرنگ ٹھیر کی سنڈے پیشکش ، منشی پریم چند کے افسانہ ’کفن‘ پر مبنی ناٹک کھیلا گیا 

عظمیٰ نیوز 

 
جموں//اپنے اتوار سیریز کے تحت نٹرنگ تھیٹر نے منشی پریم چند کے شہرہ آفاق افسانہ ’کفن‘ پر مبنی ڈرامہ پیش کیا ، نیرج کانت کی ہدایت کاری میں پیش اس ڈرامہ میں انسانی اقدار اور نئی نسل کی اس سے بے راہ روی کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ یہ کہانی ایک مزدور باپ بیٹے کے ارد گرد گھومتی ہے ، بیٹے کی بیوی زچگی کے دوران قریب المرگ ہو جاتی ہے اسے فوری طور پر طبی امداد کی ضرورت ہے لیکن غریب کنبہ یہ سب فراہم نہیں کر سکتا۔ زچہ درد سے کراہتی رہتی ہے لیکن باپ گھیسو اور اس کا بیٹا مادھو بے بسی سے دیکھتے رہتے ہیں، زچگی کے عمل سے گزرتے ہوئے خاتون کی موت واقع ہو جاتی ہے ، گھیسو کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ، وہ اس کی آخری رسومات اداکرنے کی بھی سکت نہیں رکھتے۔ گائوں والوں کو پتہ چلتا ہے تو وہ چندہ اکٹھا کر کے کچھ رقم گھیسو اور مادھو کو دیتے ہیں تا کہ وہ شہر جاکر کفن اور دیگر ساز و سامان خرید سکیں لیکن وہاں جاکر ان کا ذہن بدل جاتا ہے اور وہ کفن کے بجائے شراب خرید کر پینا شروع کر دیتے ہیں۔ کفن میں منشی پریم چند نے غریبی اور غریبوں کی بے حسی نیز شراب نوشی کی بری لت کو دکھانے کی کوشش کی ہے ۔ شوم سنگھ، شیتل، اجے کمار، منوج کمار ، ذیشان حیدر، ابھیجیت، رئیس خان اور راہل گپتا نے کھیل میں عمدہ کردار ادا کئے ، سائونڈ آفاق خان جب کہ کارڈی نیشن محمد یاسین کی تھی۔ 
 

بانہال میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام

چاپناڑی اور یوتھ کلب کھڑی نے خطاب جیتے

عظمیٰ نیوز 
 
بانہال//تحصیل بانہال کے چاپناڑی ناون اور کھڑی میں کرکٹ ٹورنامنٹ پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا۔ اس ٹورنامنٹ کا اہتمام تحصیل بانہال کے ناون علاقے میں چاپناڑی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے کیا تھا جس میں 64 ٹیموں نے شرکت کی اور فائنل میں چاپناڑی یوتھ نے ٹھاچی کرکٹ کلب کو ہرا کر چاپناڑی پرئمیر لیگ اپنے نام کر لیا۔دریں اثنا کھڑی میں بھی پی ڈی پی یوتھ آرگنازیشن کی طرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع رام بن کے کئی علاقوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں نے شرکت کی ۔’ یوتھ کپ‘  کے آخری مقابلہ میں یوتھ کلب کھڑی نے اسلامیہ کرکٹ کلب ہرنی ہال کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ان دونوں ٹورنامنٹس کی اختتامی تقاریب میں پی ڈی پی ضلع یوتھ صدر فیاض احمد مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو کھیل کود کے ساتھ ساتھ تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی اور ہونہار کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے بھی نوازہ ۔ پی ڈی پی بلاک صدر محمد ایوب،تحصیل کوآرڈی نیٹر خورشید احمد، بہار احمد نائک، دانش اقبال اور سوہل جاوید وغیرہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ 
 
 

کھنہ کی صدارت میں بھاجپا لیڈروں کی میٹنگ 

بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

عظمیٰ نیوز 
 
جموں//بی جے پی کے قومی نائب صدر اور جموں کشمیر امور کے انچارج اویناش رائے کھنہ نے اتوار کو ریاست میں عنقریب منعقد ہونے جا رہے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ اس میٹنگ میں جنرل سیکرٹری اشوک کول کے علاوہ نریندر سنگھ ، یدھویر سیٹھی، ست شرما، دیپک گپتا، گوپال مہاجن اور دیگران بھی موجود تھے جنہوں نے کھنہ کو ریاستی اکائی کی تیاریوں کا خاکہ پیش کیا۔ اس سے قبل سابق  وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ کھنہ نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی لیڈڑان پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر پارٹی اور مرکزی حکومت کی حصولیابیوں کو اجاگر کریں اور انہیں مرکز کی طرف سے چلائی جا رہی اسکیموں کے بارے میں بتائیں۔ اس موقعہ پر کرگل ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے لئے ہو رہے انتخابات پر بھی غور و خوض کیا گیا اور بتایا گیا کہ ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ کرگل کونسل کی ہر ایک سیٹ بی جے پی اور اس کے حواریوں کی جھولی میں ہی آ گرے ۔ 
 

شریف نیاز کی قیادت میں وفد مشیر سے ملاقی 

 بھلیسہ کی سڑکوں کی تکمیل اور انتظامی یونٹوں کو فعال بنانے کی مانگ

 عظمیٰ نیوز 
 
جموں//سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر محمد شریف نیاز کی قیادت میں پارٹی کارکنان کا ایک وفد گزشتہ روز گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوا اور علاقہ کو درپیش مسائل کے بارے میں انہیں مطلع کیا۔ یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق نیاز نے ایڈوائزر کو بتایا کہ گندو درواڑی سڑک کی تعمیر قریب 7 برس قبل شروع کی گئی تھی لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر ادھوری چھوڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے علاقہ کو روڈ رابطہ سے جوڑنے کا خواب ادھورا پڑا ہے ۔ انہوں نے علاقہ میں زیر تعمیر دیگر سڑکوں کی فوری تکمیل اور ان کی مرمت کی جانب دھیان دئیے جانے کی بھی مانگ کی۔ وفد  نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود نئے انتظامی یونٹ پوری طرح سے فعال نہٰں بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، انہوں نے تحصیل چلی، تحصیل چنگا، تحصیل چنتا، بھالرہ نیابت، سیری نیابت، سنو نیابت، گوراکھا نیابت، بلاک اٹھکار، بلاک سنو ، بلاک چنتا بھالرہ اور بلاک بھیلہ میں موجود خامیوں کو فوری طور پر پورا کرنے کے علاوہ تمام ڈیلی ویجروں، ایس ایس اے اور آر ای ٹی اساتذہ ودیگر عارضی ملازمین کی تنخواہیں آئندہ رکھشا بندھن اور عید سے قبل واگزار کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ وفد میں اوم پرکاش پریہار،ندیم، تاج دین، فیروز دین، نعیم احمد، کرشن لال، بودھراج، کرشن چندر اور گلزار شامل تھے۔