ریاست کے تشخص کےساتھ چھیڑ چھاڑ نہ ہو
جموں مسلم فرنٹ کی مرکزو سپریم کورٹ سے اپیل
عظمیٰ نیوز
جموں//جموں مسلم فرنٹ نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں کشمیر کے تشخص اور خصوصی پوزیشن کیساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہ دے بلکہ وقتاً فوقتاً ہوئے معاہدوں کی روشنی میں ریاست کی شان رفتہ کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ سماج کے تمام طبقوں نیز سیاسی جماعتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دفعہ 35Aمعاملہ کے حتمی حل تک بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کو موخر کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو یہ بات واضح کرنی چاہئے کہ ایک ہی معاملہ پر کتنی دفعہ پٹیشنیں دائر کی جا سکتی ہیں، کیوں کہ بار بار ایسے تنازعات کو عدالت کے توسط سے ہوا دینا نہ صرف عوام الناس میں بے چینی پیدا کرتا ہے بلکہ اس سے عدالت کی بھی توہین ہوتی ہے ، چونکہ دفعہ 35اے کا نفاذ 1954میں عمل میں لایا گیا تھا اور یہ ایک حساس معاملہ ہے اس لئے عدالت کو اسے ایک ہی بار ہمیشہ کےلئے نبٹا دینا چاہئے۔ میٹنگ میں شجاع ظفر اور قاضی عمران موجود تھے۔
سابق حکومتوں نے ریاستی خواتین کی حق تلفی کی: جتیندر سنگھ
35-Aمعاملہ پرسپریم کورٹ پر یقین، جو ہوگا بہترہی ہوگا
یو این آئی
جموں// وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے جموں وکشمیر کی خواتین کے ساتھ امتیاز برتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ریاست جن بیٹیوں کی شادیاں ہوئی ہیں انہیں متعلقہ حکومتوں نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر مالکانہ حقوق سے محروم رکھا۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ دفعہ35-Aمعاملہ عدالت میں زیر سماعت ہیں، اس پر وہ کوئی رائے زنی نہیں کریں گے، ہمیں اپنی عدالت، سپریم کورٹ پر پورا یقین ہے کہ وہاں سے جوبھی ہوگا بہتر ہوگا۔انہوں نے کہاجہاں تک خواتین کے ساتھ نا انصافی کا تعلق ہے تو یہ حقیقت ہے کہ سابقہ حکومتیں چاہے وہ کانگریس ہو یاکوئی اور انہوں نے جموں وکشمیر کی بیٹیوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے طلاق ثلاثہ کو ختم کرنے کے خلاف بھی آواز بلند کی تھی۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ پچھلے چار سالہ بھاجپا کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والوں کو اپنی65سالہ کارکردگی کو دیکھنا چاہئے کہ انہوں نے کیا کیا، اور جونہیں کیا تو کیوں نہیں کیا؟۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر کو دفعہ35Aکے تحت حاصل خصوصی پوزیشن کے تحت ریاست جموں وکشمیر کی جن بچیوں کی بیرون ریاست شادی ہوجاتی ہے، انہیں مبینہ طور پر مالکانہ حقوق حاصل نہیں ہیں۔انہوںنے دعویٰ کیا ہے کہ وادی کشمیر کی بیشتر آبادی خاص طور سے عام آدمی کومودی حکومت پر اعتماد ہے اور وہ موجودہ این ڈی اے حکومت کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کا بھرپور فائیدہ اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے نوجوان مودی سرکار کی طرف سے فراہم کسی بھی موقع کو گنوانا نہیں چاہتے ، اس لئے وہ زندگی کے ہرشعبہ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ سول سروسز امتحانات ہوں یا آئی آئی ٹی ایگزام ، کشمیر کے نوجوانوں نے ٹاپ کیا ہے ،خاص بات یہ ہے کہ جنگجویت سے زیادہ متاثرہ والے علاقوں کے بچے ترقی کر رہے ہیں، ہر نوجوان کی خواہش ہے کہ وہ کوئی بھی موقع نہ گنوائیں۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ کشمیر کے اندر جنگجوو¿ں کا بھاری نقصان ہوا ہے، سیکورٹی فورسز نے مکمل طور ان پر شکنجہ کسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر اپنے مفادات کے لئے ملی ٹینسی کو رکھنا چاہتے ہیں کہ اور وہی غلط تاثر قائم کر رہے ہیں کہ اکثریتی آبادی مخالف ہے۔
جسمانی طور سے خاص طلاب
کےلئے وظیفہ کی درخواستیں طلب
سرینگر//سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون کے مطابق جسمانی طور خاص بچوں کے لئے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور اعلیٰ تعلیم کے لئے وظیفہ حاصل کرنے کی غرض سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔یہ وظائف مرکزی سرکار کے ڈیپارٹمنٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز کی جانب سے دیئے جاتے ہیں۔مذکورہ بچوں کے لئے پری میٹرک سکالر شِپ وظیفہ کی درخواستیں 30 ستمبر 2018 جبکہ پوسٹ میٹرک اور اعلیٰ تعلیم وظیفہ کے لئے درخواستوں کی رجسٹریشن31 اکتوبر 2018 تک کرائی جاسکتی ہے۔ یہ درخواستیں نیشنل سکالر شِپ پورٹلhttps://scholarships.gov.in/. پر درج کرائی جاسکتی ہیں۔ڈاکٹر لون نے مستحق بچوں سے کہا ہے کہ وہ اس سکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔
سابق ممبر پارلیمنٹ شیخ عبدالرحمان گورنر سے ملاقی
جموں//سابق ممبر پارلیمنٹ شیخ عبدالرحمان نے آج سرینگر راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر انہیں مبارک باددی۔گورنر اور شیخ عبدالرحمان نے ملک کی ترقی سے جڑے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔پچھلے قریب 50برس سے ریاست کی سیاست کے اتار چڑھاﺅ دیکھ چکے بزرگ لیڈر شیخ عبدالرحمان نیشنل کانفرنس کے ساتھ وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ چناب ویلی ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے لئے بھی کوشاں ہیں اور جموں خطہ کی سیاست میں اہم مقام رکھتے ہیں۔
۔26ویں جموں ڈسٹرکٹ بلیرڈ اینڈ سنوکر چمپئن شپ جاری
عظمیٰ نیوز
جموں//یہاں جاری سب جونئر سنوکر مقابلہ میں پیر کے روز دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ریاستی بلیرڈ اینڈ سنوکر ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام مولانا آزاد میموریل سٹیڈیم میں 26ویں جموں ڈسٹرکٹ بلیرڈ اینڈ سنوکر چمپئن شپ میں امیش آنند، فیضان چودھری اورسنکلپ سونی فاتح رہے انہوں نے یہ میچ 2-1سے جیت کر اگلے دور میں جگہ بنا لی۔ اس موقعہ پر سہیل خالد چیف ریفری جب کہ اشک چودھری آرگنائزنگ سیکرٹری اور راکیش شرما مارکر کے طور پر موجود رہے ۔ اس سے قبل آرین مہاجن نے اننت ملہوترہ کو 2-1 (66-47, 55-61, 60-40) سے، امیش آنند نے کیتن شرما کو 2-1(37-40, 50-24, 33-31)سے، جتین نارنگ نے مانو پٹھانیہ کو 2-1 (62-33, 36-61, 60-20)سے، دنیش بھگت نے فیضان چودھری کو 2-1 (40-38, 40-44, 53-20) سے ، فاروق وانی نے کرشنا کو 2-0 (58-17, 40-34)سے ، کرشن بھگت نے انمول سنگھ کو 2-0 (41-35, 60-44)سے، سوربھ سنتری نے اکشانت گپتا کو 2-1 (59-66, 59-32, 70-27)سے، سنکلپ نے اکشت کو 2-1 (57-70, 63-27, 61-48)سے، سدھانشو نے پرتنیش شرما کو 2-1 (20-70, 47-39, 108-92سے، آیمن مہاجن نے منہاس ساہنی کو 2-1 (28-55, 56-46, 73-43)سےشکست دے دی ۔