محبوس لیڈر کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا
مسرت عالم کیخلاف صادر فیصلہ نا قابل قبول:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے محبوس لیڈر مسرت عالم بٹ کے 36thپی ایس اے کے حوالے سے دائر پٹیشن کو کالعدم قرار دینے کو اکیسویں صدی کی سب سے بڑی اور بدترین سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے۔ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی نے اخباروں کے نام اپنے بیان میں کہا کہ مسرت عالم کے متعلق صادر کیا گیا فیصلہ قانون کے رو سے کم اور سیاسی نوعیت کا زیادہ دکھائی دیتا ہے کیونکہ جس طرح کی رپورٹ مسرت عالم کے خلاف تیار کی گئی ہے اور جس کی بنیاد پر فیصلہ سنایا گیا ہے وہ سراسر آئین و قانون کو روند تے ہوئے سیاسی عناد کا جیتا جاگتا ثبوت ہے جس کا مدعا و مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ قانون کے نام پر مسرت عالم کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سلاخوں کے پیچھے رکھا جاسکے۔ رفیق گنائی نے بار ایسو سی ایشن پاکستان، بار ایسو سی ایشن کشمیر،انسانی حقوق کونسل، ریڈ کراس، ایمنسٹی اینٹرنیشنل اور دوسری بشری حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم کو سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنانے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی اسیری کو بلاجواز طول دینے اور ان پر فرضی کیس عائد کرنے کے مذموم عمل کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
گرفتاریوں اور سیفٹی ایکٹ کا اطلاق
انتظامیہ عوام کو زچ کرنے کے درپے:تحریک حریت
سرینگر// تحریک حریت نے شوپیان میں 8افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرنے اور کٹھوعہ جیل میں نظربند عمر عادل ڈار کو اخلاقی مجرموں کے ساتھ رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے گرفتاریوں کے سلسلے کو تیز کرتے ہوئے کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ حالات کو سازگار بنانے کی آڑ میں یہاں کے جوانوں کو انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ محمد حسین وگے ہمہونہ زینہ پورہ، غلام جیلانی گنو ملک محلہ شوپیان، عابد احمد شاہ بالانوپور، فیصل امین میر عرف چھوٹا گیلانی بنہ بازار، شکیل احمد ٹھوکر میمندر شوپیان، امتیاز احمد ڈار پہنو شوپیان، محمد لطیف ڈار زاورہ شوپیان، بلال احمد بٹ چیک چولند شوپیان اور سبزار احمد میر کھیلن پلوامہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ لگاکر وادی سے باہر کوٹ بھلوال اور کٹھوعہ جیل منتقل کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔بیان میںکہا گیا کہ محمد حسین وگے، محمد لطیف ڈار اور دیگر نظربند گزشتہ دو برسوں سے مسلسل جیل میں بند ہیں اور آج پھر ایک بار اُن پر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا۔ تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر عمر عادل ڈار کو کٹھوعہ جیل میں اخلاقی قیدیوں کے ساتھ رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ لیڈر وہاں ذہنی کوفت میں مبتلا ہے، کیونکہ اخلاقی مجرموں کی عادتیں ایک شریف اور سنجیدہ انسان کے لیے ہر وقت باعث عذاب ہوتی ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ عمر عادل ڈار کو اسلام آباد کی عدالت کے احاطے میں گرفتار کرکے ایک پرانے کیس کو بنیاد بناکر PSAلگایا جس کیس میں وہ پہلے ہی Bailoutہوچکے تھے۔ تحریک حریت نے انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیموں آئی سی آر سی، ایشیا واچ، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس سے اپیل کی کہ و ہ جیلوں میں بند سیاسی کارکنوں کی حالت زار کا نوٹس لے کر ان کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔
کیرلہ سیلاب متاثرین کی امداد
جوڈیشل افسروں نے 593470 روپے پیش کئے
سرینگر//ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس سرینگر کی مختلف عدالتوں میں تعینات جوڈیشل افسروں اور جوڈیشل ملازمین نے 593470 روپے کی رقم جمع کر کے اسے چیف جسٹس کے سرکاری اکاؤنٹ برائے ڈسٹرس ریلیف فنڈ وزیر اعلیٰ کیرالہ میں جمع کروایا ہے ۔
سوپور میں دلدوز حادثہ
شہری درخت سے گر کر لقمہ اجل
سری نگر//شمالی کشمیر کے سوپور میں ایک شہری درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا۔تفصیلات کے مطابق سورپور میں سنیچر کے روز ایک45سالہ شہری مشتاق احمد کالے ولد عبد الرحمان کالے ساکنہ نگلی سوپور سنیچر کے صبح اپنے کھیت پر درختوں کی کٹائی کر رہا تھا جس دوران وہ ایک درخت سے پیر پھسلنے کی وجہ سے گر گیا ۔عین شاہدین نے بتایا درخت سے گر نے کی وجہ سے مزکورہ شہری چوٹ لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوا ہے جس کو فوری طور نذدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ بعد میںزخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔نمائندے کے مطابق جب مزکورہ شہری کی نعش ان کے آبائی گھر نگنی پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ہے ۔
ایکسائز کمپلیکس میں تعزیتی میٹنگ
KAS افسر نوید جیلانی کو خراج
سرینگر//ایکسائیز کمشنر اور صدر کے اے ایس آفیسرز ایسوسی ایشن نے جواں سال کے اے ایس آفیسر نوید جیلانی کے پہلگام میں کولہائی گلیشر میں لقمہ اجل بننے پر رنج و غم کا اظہا رکیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی میٹنگ میٹنگ ایکسائیز ٹیکزیشن کمپلیکس سولنہ میں ایکسائیز کمشنر طلعت پرویز روح اللہ کی صدارت میں منعقد ہوئی اور اس میں صدر کے اے ایس افسرز ایسوسی ایشن تصدق حسین میر ، پبلسٹی سیکرٹری وسیم راجہ اور دیگر ایگزیکٹو باڈی ممبران نے شرکت کی جبکہ ایکسائیز ٹیکزیشن محکمہ کے کئی دیگر افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔ طلعت پرویز اور دیگر مقررین نے نوید جیلانی کے لقمہ اجل بننے پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے دُکھ کی اس گھڑی میں سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔میٹنگ میں شرکاء نے نوید جیلانی کو شریف اور ایماندار افسر قرار دیا ۔ واضح رہے کہ نوید جیلانی کل پہلگام میں ماؤنٹ کولا ہائی پر ٹریکنگ کے دوران ایک حادثے کا شکار ہوئے ۔ اس حادثے میں عادل شاہ نامی ایک اور شخص بھی جاںبحق ہوا جبکہ اس گروپ کا ایک اور رُکن شدید طور پر زخمی ہوا ۔
ہم جنس پرستی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول:جمعیت علماء
سرینگر//علماء دیوبند کے متحدہ فورم جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں وکشمیر نے بدکرداری وبد اخلاقی کو قانونی جواز فراہم کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنس پرستی دنیا کے کسی بھی مذہب یا مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے اورنظام خداوندی میںکبھی بھی ایسے کسی غلط کام کو قانونی جوازیت فراہم نہیں ہوسکتی ہے ، جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں وکشمیر کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہا کہ بداخلاقی وبد کرداری کا ساتھ دینا معاشرے کو تباہ وبرباد کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم جنس پرستی اخلاقی وفطری طور پر بھی انتہائی ناپسندیدہ و برا عمل ہے اسکی روک تھام اور ملک وملت سے اس ناسور کوختم کرنے کیلئے ہر ادارہ وشخص کو کردار نبھانا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے زیادہ اور کیا بد قسمتی ہوسکتی ہے کہ آئے روز بداخلاقی وبدکرداری کو قانونی جوازیت فراہم کرنے کی کوششیں ہورہی ہیںاور حیوانیت و درندگی کو انسانیت پرجبراً مسلط کرنے کے مختلف بہانے تلاش کئے جاتے ہیں جب حالات اس حد تک بگڑ جائیں تو پھر اللہ کے قہر سے کوئی نہیںبچا جاسکتا ۔
لواحقین سے تعزیت پرسی کی
ظفر اقبال
اوڑی//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے قتل کی گئی 9سالہ مسکان کے گھرجاکر لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ محبوبہ مفتی نے سید الطاف بخاری اور دیگرلیڈران کے ہمراہ لڑی ترکانجن بونیار اوڑی جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ اس شرمناک واقعے نے پوری وادی کو جھنجھوڑ کررکھ دیا ہے ۔
حاکم الرحمان کا بہیمانہ قتل المناک سانحہ: صحرائی
سرینگر//تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے رُکن حاکم الرحمان کو ہلاک کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو ایک المناک سانحہ قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حاکم الرحمان نے 2016 کی عوامی تحریک میں جو رول ادا کیا ،اسی بنیاد پر اُن کو گرفتار کرکے جیل میں مقید رکھا گیا اور 3ماہ قبل ہی ان کی رہائی عمل میں لائی گئی تھی۔ صحرائی نے کہا حاکم الرحمان کو بہیمانہ قتل کئے جانے کا مقصد تحریک آزادی سے وابستہ افراد کو خوفزدہ کرنے کی کارروائی ہے۔
ڈورو میں گیس ایجنسی کوارٹر میں آگ
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو میں سنیچر کی شام کیلو گیس ایجنسی کے کوارٹر میں آگ نمودار ہوئی جس کی وجہ سے کوارٹر کو نقصان پہنچا ہے۔فائر سروس محکمہ کی بروقت کارروائی سے بہت بڑا سانحہ ٹل گیا کیونکہ کواٹر کے ساتھ ہی گیس سلینڈر گودام موجود ہے اور آگ سلینڈروں تک پہنچنے سے پہلے ہی کنٹرول کیا گیا۔آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔
قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر اظہاربرہمی
سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سیاسی قائدین اور اراکین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی انتظامیہ حق پر مبنی آواز کو دبانے کے لئے سیاسی قائدین کے لئے زمین تنگ کررہی ہے۔انھوں نے بیان میں مزاحمتی قائدین پر بے جا بندشوں اور روک کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پْر امن احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ظفر بٹ نے اچھہ بل معرکہ میں جاں بحق بلال احمد بٹ کو خراج عقیدت اداکیا۔
امام حسینؑ کا اسوۂ حسنہ مشعل راہ: نثار راتھر
سرینگر//حضرت امام حسین ؑ کے اسوۂ حسنہ کو مردانِ حُر کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے تحریک و حدت اسلامی کے سر براہ نثار حسین راتھر نے کہا ہے کہ محرم وہ مہینہ ہے جو ملی وحدت کو زیادہ سے زیادہ مستحکم اور پائیدار رکھنے کا درس دیتا ہے۔ نثار حسین راتھر نے محرم الحرام کی آمد پرکہا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں خون کو تلوار پر کامیابی نصیب ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ محرم وہ مہینہ ہے جس نے تاریخ کے ہر دور کی نسل کو طاغوت کے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے کا سلیقہ سکھایااورامام عالی مقام ؑ نے ستمگروں کے ساتھ لڑنے کا انداز بتایا۔
سوپور میں ریٹائرڈ
پولیس اہلکاروں کی نشست
سرینگر//ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کرانے کی خاطر پانزلہ پولیس اسٹیشن میں ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ میٹنگ میں 30ریٹائرڈ پولیس آفیسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں نے میٹنگ کے دوران اپنی کارکردگی ، تجربے اورانہیں درپیش مسائل پر روشنی ڈالی ۔ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن پانزلہ نے ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں اور آفیسران کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیںگے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال اور سوپور پولیس آئے روز اس طرح کی میٹنگوں کا انعقاد عمل میں لا رہے ہیں تاکہ ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں اور حاضر سروس آفیسران و اہلکاروں کے ساتھ اُن کے تعلقات مستحکم رہے۔
ایم آر ٹیکہ کاری مہم
بیداری پیدا کرنے کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت:کوتوال
سرینگر//صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال نے ایس ٹی ایف آئی اور سٹیٹ اوپریشن گروپ کی ایک میٹنگ کے دوران ریاست بھر میں جاری میزلز روبیلہ ویکسی نیشن مہم 2018 کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ ریاست میں 9 ماہ سے لیکر 15 برس تک کی عمر کے تمام 3772960 بچوں کو ٹیکا کاری کے دائرے میں لانے کی وعدہ بند ہے تا کہ 2020 تک میزلز کا خاتمہ ہو اور روبیلہ کو کنٹرول کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں بیداری پیدا کرنے کیلئے سول سوسائیٹی ، مذہبی لیڈروں اور اساتذہ کی مدد حاصل کی جانی چاہئیے تا کہ مختلف بیماریوں سے بچوں کو پاک رکھا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے معروف کھلاڑیوں عرفان پٹھان ، پرویز رسول اور تجمل اسلام کی خدمات حاصل کی ہیں تا کہ وہ ایمبسڈر بن کر ٹیکا کاری مہم کے حوالے سے بیداری پیدا کر سکیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں کو ویکسی نیشن کے دائرے میں لانے کیلئے موبائیل اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور دونوں صوبوں میں ٹیکہ کاری کے کام پر نظر گذر رکھنے کیلئے صوبائی اور ضلع سطح کے کنٹرول روم قایم کئے گئے اور فیڈ بیک ایس ٹی ایف آئی اور ایس او جی کو دیا جاتا ہے ۔ توقع ہے کہ ویکسی نیشن پروگرام اس مہینے کے وسط میں شروع کیا جائے گا اور اس کے تحت تین ہفتے تک ٹیکہ کاری کی مہم سکولوں میں شروع کی جائے گی اور بعد میں دیگر علاقوں میں یہ مہم چلائی جائے گی ۔ علاوہ ازیں محکمہ ہیلتھ نے ریاست بھر کے 29382 سکولوں میں بچوں کو ٹیکے کے قطرے پلوانے کیلئے 6062 تربیت یافتہ ویکسی نیٹر تیار رکھے ہیں ۔ اس موقعہ پر میڈیکل کالجوں کے سربراہ ، سینئر ڈاکٹر صاحبان ، ڈبلیو ایچ او کے نمائیندے ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر کشمیر ، جوائینٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر اور پرذیڈنٹ جے اینڈ کے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن بھی موجود تھے ۔
پیغام امن کے تحت22طلباء ماحولیاتی دورے پرروانہ
ارشاد احمد
گاندربل//پیغام امن کے تحت مانسبل فوجی کیمپ میں فوج نے22 طلباء اور2اساتذہ پر مشتمل ایک گروپ کو تین روزہ ماحولیاتی دورے پر روانہ کیا۔ دورے کے دوران یہ طلباء گلمرگ،پہلگام اور جموں کی سیر کریں گے۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب پر سعید عثمان علی کمانڈر3راشٹریہ رائفلز نے اس گروپ کو مونسبل سے ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔
خورشید گنائی 10 ستمبر کو جموں میں عوام سے ملیں گے
سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کنونشن سنٹر ( سٹیٹ گیسٹ ہاوس ) کنال روڈ جموں میں دس ستمبر کو دوپہر ڈیڑھ جے سے سہ پہر ساڑھے چار بجے تک عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کیلئے حاضر رہیں گے ۔