مشکوک نقل وحرکت
راجوری میں کئی دیہات کامحاصرہ
راجوری//فوج نے مشکوک نقل وحرکت کے بعد نوشہرہ راجوری کے کئی دیہات کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی ۔معلوم ہوا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ نوشہرہ راجوری میں بعض مشکوک افراد گھوم رہے ہیں ۔اس اطلاع کی بنیاد پر فوج نے نوشہرہ راجوری کے کئی دیہات کا بہ یک وقت محاصرہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لام بیری کے نزدیک کئی دیہات میں پیر کی علی صبح سے تلاشی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ،جس دوران یہاں سرحدی آبادی کے گھروں کی تلاشی لی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ فوج نے وسیع جنگلی علاقے کو بھی محاصرے میں لیا ہے اور مشکوک افراد کی تلاش بڑے پیمانے پر کی ۔تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ،تاہم اس دوران مشکوک افراد اور فوج کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا ،نہ ہی کسی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
سابق وزیر مشتاق احمد لون کی 16 ویں برسی
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ امور مشتاق احمد لون کی 16ویں برسی پر انہیںزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم ماہر قانون ، شریف النفس اور کم گو شخصیت کے مالک تھے۔ مرحوم نے اپنے فرائض اور عوامی خدمات نہایت ایمانداری سے انجام دیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اورمعاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے بھی مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم لون کے ناقابل فراموش اور قابل ستائش سیاسی اور سماجی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ پارٹی کے دیگرسینئر لیڈران نے بھی مرحوم کے ناقابل فراموش سیاسی ، سماجی اور ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک سچے مسلمان اور محب وطن تھے۔یا د رہے کہ مرحوم مشتاق احمد لون کی برسی کے سلسلے میں ۱۱؍ستمبر کو مرحوم کے مقبرہ واقع سوگام لولاب میں تقریب منعقد ہورہی ہے جس میں صبح صادق ہی قرآن خوانی کے بعد اجتماعی فاتحہ خوانی اور گلباری کی جائیگی۔
پروفیسرسید محمد رضاموسوی کی چوتھی برسی
شیخ العالم ہال بڈگام میں تقریب
سرینگر// ریاست کے سرکردہ اردو ادیب وشاعرپروفیسر سید محمدرضا موسوی کی چوتھی برسی کے موقعہ پرشیخ العالم ہال بڈگام میں ایک تقریب منعقد ہوئی،جس میں کئی معروف قلمکاروں نے مرحوم کے تئیں نذرانہ محبت و عقیدت پیش کیا۔اس موقعہ پرسامعین کی اچھی خاصی تعداد موجود تھی۔ مرحوم سیدرضا کوخراج عقیدت پیش کرنے والوں میں فاروق نازکی، شفق سوپوری، شفیقہ پروین ، پروین راجہ، اشرف عادل، ضمیر انصاری ، محمد یوسف فگار،غلام محمد خان شریف، عبدالاحد واحد، بشیر بڈگامی اور غلام حسن بابا شامل تھے۔ تقریب میں مرحوم کی ادبی خدمات کو سراہا گیا۔اس موقعہ پر ایک مختصرمشاعرہ بھی منعقد ہوا اورفاروق نازکی کی ایک کتاب کی اجرائی بھی عمل میں لائی گئی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مشہور شاعرہ رخسانہ جبین نے انجام دی۔ محفل میںآغا سعید احمدالموسوی،سیدشفاعت حسین ، ڈاکٹر رفیق احمد منتظر مہدی خان، سید امتیاز حیدر، سید فرمان علی، سید منیب علی، ڈاکٹر مظفر خان اورمدثر احمد لون بھی شامل تھے۔
محکمہ اِطلاعات راج بھون کو لگاتار اُردو اخبارات فراہم کررہاہے:ترجمان
سرینگر//سرکار نے اُس خبر کی سخت تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ راج بھون کی طرف سے اُردو اخبارات کے پرچوں کا حصول (Subscription)کو بند کیا گیا ہے۔ایک سرکاری ترجمان نے مقامی انگریزی روز نامے میں شائع ایک نیوز رپورٹ کے ردِّعمل میں بتایا ہے کہ یہ خبر بے بنیاد ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ راج بھون کو ریاستی محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی طرف سے لگاتار اُردو اخبارات اور اہم خبروں کے ترجمے فراہم کئے جارہے ہیں ۔ پہلے پہل تمام اخبارات راج بھون کو نیوز ایجنٹ کے ذریعے فراہم کئے جاتے تھے لیکن کچھ عرصہ سے یہ اخبارات راج بھون کو محکمہ اطلاعات کی طرف سے فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ اخبارات کے علاوہ محکمہ اطلاعات کی طرف سے انگریزی ، اُردو اور ہندی اخباروں میںچھپی اہم خبروں اور رپورٹوں کوبھی راج بھون کو بھیجا جاتا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ علاوہ ازیں اُردو اخبارات کی طرف سے اُجاگر کی گئی عوامی شکایات کامحکمہ کی طرف سے روزانہ انگریزی میںترجمہ کر کے گورنر سیکرٹریٹ ، گورنر کے صلاح کاروں اور چیف سیکرٹری کو بھیجا جاتا ہے۔
سینئرقانون دان ایڈوکیٹ عبدالحمیدککرو کا انتقال
میرواعظ ، ہائی کورٹ بارو ضلع بارایسوسی ایشنوں کااظہار رنج
فیاض بخاری
بارہمولہ // شمالی ضلع بارہمولہ کے سینئرقانون دان اورسماجی کارکن ایڈوکیٹ عبدالحمیدککرومختصرعلالت کے بعدسوموار کی صبح اپنی رہائش گاہ واقع کانسپورہ بارہمولہ میں انتقال کرگئے ۔اُن کی نمازجنازہ میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔مرحوم کو آبائی مقبرہ کانسپورہ میں سپردلحدکیا گیا۔اس دوران حریت (ع) چیئرمین اورعوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق اور کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایڈوکیٹ ککرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ حریت (ع) چیئرمین اورعوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروقنے کشمیر کے ایک سرکردہ ماہر قانون مرحوم مولانا محمد فاروق کے قریبی رشتہ دار ایڈوکیٹ عبدالحمید ککرو ساکن بارہمولہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم ککرو کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ نے ایڈوکیٹ ککرو کی خدمات بالخصوص تنظیم اور تحریک کے تئیںمخلصانہ کاوشوںکو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم اکثر و بیشتر مرحوم مولانا محمد فاروق کی خدمت میں سرینگر آتے رہتے تھے اور تنظیم اور تحریک کے معاملات پر اپنی مخلصانہ تجاویز بھی پیش کرتے تھے۔انہوں نے اُن کی وفات کو ذاتی اور خاندانی صدمہ قرار دیتے ہوئے اُن کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو سراہا ہے۔اس سلسلے میں بار کی ایگزیکٹیو کمیٹی کاایک تعزیتی اجلاس ہائی کورٹ کانفرنس روم میں منعقد ہواجس میں مرحوم کو خراج عقیدت ادا کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ مرحوم انتہائی شریف اور نیک انسان تھا جو قانون کی پیچیدگیوں سے پوری طرح واقف تھا۔ بار نے غمزدہ خانادان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔اس دوران بار ممبران نے مرحوم کے احترام اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے پیر کو عدالتوں میں کام کاج کا بائیکاٹ کیا۔بار ممبران نے نوید جیلانی کے موت پر بھی افسوس کا اظہار کیا جو سینئر ایڈوکیٹ بشیر احمد خان اوراعجاز احمد دلال کا قریبی رشتہ دار تھا۔اِدھر بارہمولہ بارایسوسی ایشن کاایک تعزیتی اجلاس ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بارہمولہ میں ایسوسی ایشن کے صدرایڈوکیٹ عبدالاسلام راتھرکی صدارت میںمنعقد ہواجس میں ایسوسی ایشن کے سبھی ممبران موجودتھے ۔بار ترجمان نے کہاکہ تعزیتی میٹنگ میں بہ اتفاق رائے یہ فیصلہ لیاگیاکہ بارہمولہ کی وکلاء برادری ایڈوکیٹ عبدالحمیدککرو کی یادمیںاظہاریکجہتی کے بطور تین دن کیلئے عدالتوں میں کام کاج معطل رکھیں گے۔تعزیتی میٹنگ میں مرحوم کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بار صدر ایڈوکیٹ عبدالاسلام راتھرنے کہاکہ موصوف بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک سینئرقانون دان ہی نہیں بلکہ وہ ایک انتہائی شریف النفس انسان تھے جنہوں نے بطورایک سیاسی وسماجی کارکن بھی گراں قدرخدمات انجام دی ہیں ۔پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نظام الدین بٹ نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
مفتی ناصر الاسلام کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ناقابل برداشت:مسلم پرسنل لاء بورڈ
سرینگر//مسلم پرسنل لاء بورڑ نے گذشتہ چند ایام سے نامعلوم افراد کی جانب سے مفتی ناصر الاسلام کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا ہے کہ یہ سب کچھ اُن ہی ایجنسیوں کے ذریعے کیا جارہا ہے جنہوں نے مولوی محمد فاروق ، مولوی قاضی نثار، خواجہ عبدالغنی لون اور شجاعت بخاری جیسے لوگوں کو مارڈالا،جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ عوام کے جذبات اور احساسات کی نمائندگی کرنے والی آواز کو خاموش کیا جائے۔ بیان کے مطابق اس سلسلے میں بورڈ کا ایک ہنگامی اجلاس صدر دفتر صورہ میں منعقد ہوا جس میں بورڈ کے سبھی ممبران نے شرکت کی اورصورتحال پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ لیا گیا کہ حکومت مذموم عناصر کی نشاندہی کر کے پائے جارہے خدشات کو دور کرے۔اجلاس میں کہا گیا کہ یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خواہشات کی ترجمانی کرنے والے نمائندوں کی سلامتی کو یقینی بنائے اور اگر ایسا کوئی واقعہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔
امتحانی مرکز میں تبدیلی،KAS خواہشمند متوجہ ہوں
سرینگر//کے اے ایس پری لیمنر امتحان2018 کے خواہشمند اُمید وار جن کا تحریری امتحان ڈی پی ایس ہائیر سکینڈری سکول اتھواجن سرینگر میں 16 ستمبر2018 کو منعقد ہونا تھا، اب اس مرکز کو تبدیل کر کے سرینگر برٹش سکول باغِ مطہورہ نوگام بائی پاس سرینگرمنتقل کیا گیا ہے۔اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ایڈمٹ کارڈ کمیشن کی آفیشل ویب سائٹhttp://www.jkpsc.nic.in سے فوری طور سے دوبارہ ڈاؤن لوڈ کریں۔اُمیدوار کسی بھی وضاحت کے سلسلے میں9419720902 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
بی بی ویاس کا کوہ پیماؤں کی رحلت پر تعزیت کا اظہار
سرینگر//گورنرکے مشیر بی بی ویاس نے کولہائی گلیشئر میں واقع ہوئی دو کوہ پیماؤں کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ان کوہ پیماؤں کا نام عادل شاہ اور جونیئر کے اے ایس افسر نوید جیلانی تھا۔ا پنے ایک تعزیتی پیغام میں مشیر موصوف نے کہا ہے کہ نوید جیلانی کی وفات ریاستی انتظامیہ کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کوہ پیماؤں کی وفات سے ریاست نے دو ابھرتے ہوئے کوہ پیماؤں کو کھو دیا ہے۔مشیر نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی ہے۔
مسئلہ کشمیر وعدہ خلافیوں کی دین: فریڈم پارٹی
سرینگر//جموں وکشمیر کی صورتحال کو دھماکہ خیز قرار دیتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا کہ آبادی والے علاقوں میں فورسز کی بھاری موجودگی نے اب خطرناک اور سنگین رُخ اختیار کر رکھا ہے۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اُس کے صحیح تناظر میں ایڈریس کرکے تاریخ رقم کریں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ چاہتے ہیں کہ ایسے اقدامات کئے جائیں جن کا مدعا و مقصد تنازعہ کشمیر کا حل ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ نئی دلی اور اسلام آباد کو چاہئے کہ جنوب ایشیائی خطے میں بسنے والے لوگوں کی بقا، حفاظت، خوشحالی اور ترقی کیلئے ٹھوس اقدام کرکے اس دیرینہ تنازعہ کے مستقل حل کیلئے عملی تعاون کریں۔ فریڈم پارٹی ترجمان نے ریاستی عوام، خاص کر وادی کشمیر کے آزادی پسند لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کی مسلسل جد و جہد اور لامثال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہئے کہ جموں کشمیر کے عوام اُس کے کسی قانونی حصے کو اُس سے چھیننا نہیں چاہتے ہیں اور نہ ہی وہ بھارت کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔بلکہ کشمیری عوام کا مسئلہ تو مسلسل وعدہ خلافیوں کی دین ہے اور وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ اُن سے کئے گئے وعدوں کا ایفا کیا جائے۔
ادھمپور جیل میں قیدیوں کی حالت تشویشناک:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے دلی میں مقیم پاکستانی سفیر اور بشری حقوق سے وابستہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اُدھم پور جیل میں بند پاکستانی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک کا سنجیدہ نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ان قیدیوں کی حالت زار کا از خود مشاہدہ کریں کہ کس طرح انہیں جسمانی اذیتوں سے دوچار کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پریشانیوںمیں مبتلا کیا جارہا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ اُدھم پور جیل سے پاکستانی اسیروں کے بارے میںجو افسوسناک خبریں موصول ہورہی ہیں وہ نہایت ہی دلخراش ہیں جس کی تازہ مثال پاکستان کے تین قیدی علی بھائی،ہاشم اور عبداللہ ہیں جو پچھلے تقریباََ دس پندرہ برسوں سے بند ہیں اورجنھیں ایک مہینے پہلے سینٹرل جیل سرینگر سے اُدھم پور منتقل کیا گیا ،ان تینوں کو پہلے ہی دن سے تنگ و تاریک کوٹھریوں میں بند رکھا گیا ہے ۔بیان کے مطابق ان قیدیوں کو اُن سبھی ضروری چیزوں سے محروم رکھا جارہا ہے جو جیل مینول کے مطابق وہ ساتھ رکھ سکتے ہیں مثلاً کپڑے،کتابیں،کھانے پینے کی اشیاوغیرہ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں ہر روز زبردستی گھاس کاٹنے کے لئے نکالا جاتا ہے اور انکار کی صورت میں انہیں زدوکوب کیا جاتا ہے۔سجاد ایوبی نے کہا کہ یہ صورتحال جیل مینول کی خلاف ورزی ہے اور قیدیوں کے حقوق کی بدترین پامالی ہے ۔مسلم لیگ نے ان قیدیوںکی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں فی الفور وادی منتقل کرنے پر زور دیا ہے۔
بہتر سماج کی تعمیر کیلئے بے راہ روی کا خاتمہ لازمی:مولانا حامی
بھدرواہ میں کاروان اسلامی کی سیرت کانفرنس
سرینگر//کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ شراب ، منشیات اور بے راہ روی کا خاتمہ کر کے ہی اخلاقی قدروں کو زندہ رکھا جاسکتا ہے۔مولانا حامی بھدورواہ میں ایک سیرت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مرکزی عیدگاہ میں منعقدہ اس سیرت کانفرنس میں لوگوںکی بھاری تعدادشامل تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف قوتیں اسلام اور مسلمانوں کو مٹانے کی ناپاک کوشش میں مبتلا ہیں اور انسانیت سوز منصوبوں کو عملانے کے لیے نِت نئے حربے آزمائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریاست بھر میں شراب و منشیات کی بھر مار سے لوگوں کا جینا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور نوجوان نسل اس تباہی کاشکار بن رہی ہے، اس لئے حکومتی سطح پر اس کی مکمل پابندی ناگزیر بن گئی ہے۔مولانا موصوف نے کہا کہ قرآن و سنت کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ اقوا م عالم کو تباہیوںسے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اولیاء کاملین نے اپنے اپنے وطن چھوڑ کر کشمیر میں آکر چپے چپے میں قرآن و سنت کی ترویج کا کام کیااسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اُن کے چھوڑئے گئے اُس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔کانفرنس کے دوسرے روزکا روان اسلامی کے اہتمام سے غوثیہ ایجوکیشنل انسٹچوٹ کا افتتاح کیا گیا۔
نئے ہجری سال پر عوام کو مبارکباد
سرینگر// متحدہ مجلس علماء کے امیرمیرواعظ محمد عمر فاروق نے اسلامی کلینڈرکے لحاظ سے نئے سال1440 کی آمد پراہلیان جموںوکشمیرسمیت عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کو مبارکبادپیش کی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق میرواعظ نے کہا ’’ ہر نیا سال اور نئی تقویم ہمیںاحتساب نفس کی دعوت دیتا ہے ۔ ایسے میںہمیں اپنے ماضی سے سبق لیکر اپنے حال اور مستقبل کو بہتر بنانے کی کوششیں تیزکرنی چاہئیں‘‘۔انہوںنے کہا کہ عصر حاضر میں ملت اسلامیہ اور اسلام کو جن چلینجز اور گوناگوں مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے اور وطن عزیز جموںوکشمیر میں جو انتہائی سنگین اور ابتر صورتحال ہے اور سماجی سطح پر من حیث القوم ہم جن مصائب کا شکار ہیں ان سے نجات کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ ملت اسلامیہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں خصوصیت کے ساتھ کتاب و سنت اور وحدت کی بنیاد پرملی اتحاد و یکجہتی اور دین حق کے تئیں اپنے غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا مظاہرہ کریں۔ میرواعظ نے دعا کی کہ نیا سال کشمیری عوام سمیت پوری نوع انسانیت کے لئے خوشحالی، تعمیر و ترقی اور استحکام اور آزادی کا تحفہ لیکر آئے اور انسانیت پھولے پھلے۔اس دوران جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ریاست کے مسلمانوں کو نئے سال کی آمدپر مبارکباد پیش کی ہے ۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ یہ سال عالم اسلام کی فتح ونصرت ، کامیابی اور کامرانی کا باعث ہو۔
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے نئے ہجری سال پر عالم اسلام خصوصاًملک کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ نیا سال عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء اور ریاست جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان کا باعث بنے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے بھی ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو نئے ہجری سال پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وادی میں اقلیتی برادری کو کوئی خطرہ لاحق نہیں: پنڈت سنگھرش سمیتی
سرینگر//وادی میں رہائش پذیر اقلیتی برادری کو خطرہ لاحق ہو نے کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہو ئے کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی نے کہا کہ ایسی افواہیں اسلئے پھیلائی جارہی ہیں تاکہ ریاست میں دفعہ 35Aکے معاملے سے توجہ ہٹائی جائے ۔سمیتی نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور اس بات کا فائدہ اٹھا کر نیشنل میڈیا میں من گھڑت افواہیں پھیلا کر عوام میں عدم اعتماد پیدا کر نے کی کو شش کی جارہی ہے ۔سنگھرش سمیتی کے صدر سنجے تکو نے نیشنل میڈیا میں چلائی جانے والی ان خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہو ئے من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا جن میں یہ بتایا گیا ہے کہ وادی میں رہائش پذیر کشمیری پنڈتوں کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ چو نکہ ریاست میں سیاسی عدم استحکام پایا جارہا ہے اور اس عدم استحکام کا فائدہ اٹھا کر نیشنل میڈیا میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنڈت برادی کے اپنے ہمسایوں اور عوام سے بہتریں تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ریاست میں سیاسی عدم استحکام پایا جارہا ہے اور کئی ماہ سے دفعہ 35Aکتے معاملے پر ریاست میں سیاسی ما حول گرم ہے تو نیشنل میڈیا کی جانب سے اس اہم معاملے سے توجہ ہٹانے کی غرض سے ایسی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ۔
بارہمولہ میں2 بھائیوںکی برسی
بارہمولہ/فیاض بخاری/شمالی قصبہ بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے دو جنگجوئوں فارق احمد مغلو اور فیاض احمد مغلو کی برسیاں 13 اور 14ستمبر کو منائی جارہی ہیں ۔اہل خانہ نے برسیاں منانے کا فیصلہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود دونوں بھائیوں نے اپنے روشن مستقبل کو قوم کے کل کی خاطر قربان کیا ۔اس دوران بیو پار منڈل بارہمولہ کے جنرل سکریٹری انجینئر طارق احمد مغلو نے اپنے دونوں بھائیوں کو یاد کرتے ہوئے اُن کی مغفرت کیلئے دعا کی۔