مینڈھر میں 36گھنٹوں کے بعد بجلی سپلائی بحال
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ اور سب ڈویژن کے کچھ دیگر علا قوں میں 36گھنٹوں کی کٹوتی کے بعد بجلی کی سپلائی دوبارہ سے بحال کی گئی ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جمعرات کی شام بجلی سپلائی میں خلل آگیا تھا جس کی وجہ سے سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے زیا دہ تر علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہو گئی تھی تاہم جمعہ کی شام ہی محکمہ کی جانب سے اکثر علا قوں میں بجلی سپلائی بحال کر دی گئی تھی لیکن مینڈھر سب ڈویژن بالخصوص قصبہ مینڈھر اور ملحقہ کچھ دیہات میں بجلی کی سپلائی سنیچر کو بحال کی گئی ۔صارفین نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین صرف لوگوں کو بجلی کی بھاری بل تقسیم کرنے کیلئے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بجلی سپلائی میں آنے والی خرابی کی جلد مرمت ہی نہیں جاتی جس کی وجہ سے بجلی کی مدد سے چلنے والا پوراکارو بار بھی متاثر رہتا ہے ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں محکمہ بجلی کے لاپرواہ ملازمین کو جلدازجلد تبدیل کیا جائے تاکہ ان کو معیاری سپلائی دستیاب ہو سکے ۔
پونچھ میں کووڈ کے 11نئے کیس درج
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں کرونا وائرس کے 11 نئے مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں ۔ضلع نوڈل آفیسر کوڈ-19 زمود احمد نے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا کے 11 نئے معاملات سامنے آئے،اس دوران ضلع بھر کے مختلف کوڈ کئیر سنٹروں سے 15 مثبت افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد اپنے اپنے گھروں کو روانہ کیا گیا ہے جبکہ ابھی بھی ضلع میں 195 فعال معاملات ہیں۔
شیر کشمیر پل کے قریب عدم شناخت لاش بر آمد
حسین محتشم
پونچھ// ہفتہ کے روز ضلع پونچھ میں شیر کشمیر پل کے نیچے ندی کے کنارے ذہنی طور پر معذور شخص کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق کچھ لوگوں نے صبح کے وقت اس شخص کی لاش کو شیر کشمیر پل کے نیچے پڑے ہوئے دیکھا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ شخص پونچھ کے مذکورہ علاقہ میں اکثر گھومتارہتا تھا ۔لاش کے پڑنے ہونے کے سلسلہ میں لوگوں نے لیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اس کو ضلع ہسپتال منتقل کر دیا ۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے اسٹیشن ہاؤس آفیسر پونچھ ایس ڈی سنگھ نے بتایا کہ یہ شخص ذہنی طور پر کمزور تھا اور اس علاقے میں گھومتارہتا تھا ۔