رام بن میں پانی کے ہنڈپمپ ناکارہ
محکمہ جل شکتی مرمت کرنے میں ناکام
ایم ایم پرویز
رام بن // رام بن ضلع کے قصبہ جات اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کچھ سال قبل ضلع میں پانی کے ہینڈ پمپ نصب کئے گئے تھے، تاکہ ان سے لوگوں کو فائدہ مل سکے لیکن ان کی مرمت نہیں کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کا مشکلات پیش آرہی ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ باولی بازار ،کورٹ روڈ، بس اسٹینڈ کے پاس نجی ہینڈ پمپ لگائے گئے ہیںجبکہ ضلع ہیڈکواٹر میں نصب ہنڈ پمپ دو برسوں سے مرمت کے منتظر ہیں لیکن ان کی مرمت کرنے میں محکمہ جل شکتی مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں گرمیوں کے موسم میں اکثر پانی کی قلت رہتی ہے اور اب اگر ان ہی پمپ کی مرمت کی جاتی تو ان کا فائدہ لوگوں کو مل سکتا تھا ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ انہوں نے اس تعلق سے محکمہ جل شکتی کو آگاہ کیا کہ ان پمپوں کی مرمت کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات کئے جائیں لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔بوالی بازار بس اسٹینڈ کے رہائشیوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
فوج نے کیمونٹی ہیلتھ سینٹر مڑواہ کو سامان فراہم کیا
عاصف بٹ
کشتواڑ //فوج دورافتادہ علاقہ جات میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کے ازلہ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے اور اسی کڑی کے تحت فوج نے سنیچر کو ضلع کشتواڑ کے مڑواہ میں کیمونٹی ہیلتھ سینٹر کیلئے متعدد میڈیکل سازسامان فراہم کیا جس سے اس علاقہ میں رہ رہے لوگوں کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔مقامی لوگوں نے فوج کے اس اقدام کی سرہنا کی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ مستقل میں بھی فوج لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گئی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سامنے آئے گی ۔
کورونا وائرس
کشتواڑ میں اب تک 21اموات
عاصف بٹ
کشتواڑ //کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران ضلع میں ابتک اس مہلک بیماری سے 1756افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 21 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ہفتہ وار کورونا پریس بریفنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار شرما نے کہا کہ ہنوز ابھی بھی ضلع کے 11 مقامات مایکرو کنٹینمٹ زون ہیں جبکہ اس وقت بھی ضلع ہسپتال میں 5 مریض زیر علاج ہیں جبکہ کل ضلع میں 157 مثبت معاملات ہے جہاں گزشتہ ہفتے 92مثبت معاملے سامنے آئے تھے ۔وہیں اس ہفتے ا94معاملات درج کئے گے تھے جس میں سے 69 صحتیاب ہوئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ٹیکہ لگائیںتاکہ اس مہلک بیماری سے بچاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پی پر عمل پیرا ہونے کی سخت ضرورت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چیف میڈیکل افسر کے مطابق کورونا ویکسین حاملہ خواتین کو بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ یہ ویکسین ان کیلئے محفوظ ہے اور انہیں ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے حاملہ خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نذدیکی مراکز پر جا کر اس ویکسین کو لگوائیں تاکہ وہ اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں ۔۔۔۔۔۔۔۔
موسم کا بدلا مزاج
میدانی علاقوں میں بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی
عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں سنیچر کو بعد دوپہر ہوئی بارشوں سے جہاں عوام کو گرمی سے راحت ملی،وہیں زمیندار بھی کافی خوش نظر آرہے ہیں ۔پچھلے کچھ دنوں سے کشتواڑ ضلع میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے جبکہ لوگوں نے پنکھوں کا استعمال بھی کم کر دیا ہے ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی دنوں سے گرمی سے ان کا برا حال ہے تھا اور لوگ گرمی سے بچنے کیلئے سیاحتی مقامات کا رخ کرتے تھے لیکن گذشتہ دو روز سے لوگ گھروں میں ہیں ۔اس دوران وہ زمیندار طبقہ بھی کافی خوش ہیں جن کی فصل گرمی سے سوکھ جاتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں سے ان کی فصلوں کو پانی ملا ہے ۔
مویشی سمگلروں کے خلاف کارروائی
ریاسی پولیس نے 72مویشوں کو بازیاب کرایا
نیوز ڈیسک
ریاسی //ریاسی پولیس نے ضلع بھر میں مویشی ا سمگلروں کے خلاف کارروائی کو سخت کرتے ہوئے ان کے قبضے سے72میویشیوں کو بازیاب کرایا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ اپریل سے اب تک اس تعلق سے 32ایف آئی آر درج کئے گے ہیں اور 262مویشیوں کو بازیاب کر کے 54سمگلروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔اسمگلنگ کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے ریاستی پولیس کی چھاپہ مار ٹیموں نے سنیچر کو ضلع کے مختلف علاقوں میں مویشی سمگلروں کے خلاف کریک ڈائوں شروع کیا اور ان کے قبضہ سے 72مویشی بازیاب کرائے ۔ یہ چھاپا مار کارروائیاں تھانہ ارناس ، چسانہ۔ چسرو اور دیگر پولیس کی ٹیموں کے زیر تحت عمل میں لائی گئی تھیں جس دوران ان سمگلروں سے مویشیوں کو بازیاب کرایا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی ۔ سمگلر کے معاملے میں ملوث افراد کی گرفتاریاں عمل میں لا کر ان کے خلاف کیس درج کئے گے ہیں ۔ ایس ایس پی ریاسی نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت کے موجودہ سیزن میں مویشی اسمگلنگ کے خلاف درج ایف آئی آر کے 32 کیسوں میں 262 مویشیوں کو بازیاب کیا گیا ہے اور اپریل 2021 سے اب تک 54 سمگلروں کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ہے۔
مدد کیلئے سوشل ویلفیئر ایسوسیشن کی عوام سے اپیل
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی کھڑی تحصیل میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں خاکستر ہوئے ایک درجن سے زائد رہائشی مکانوں میں رہنے والے 32 کنبوں کی مالی مدد کیلئے ضلع رام بن کی سب سے پرُانی اور معتبر سماجی تنظیم سوشل ویلفیئر ایسوسیشن بانہال یا SWAB نے بھی ہجوا متاثرین کی بھرپور مالی مدد کیلئے نہ صرف عوام سے بلکہ علاقے کی رضاکار اور سماجی انجمنوں سے بھی تعاون اور مدد کی اپیل کی ہے۔ ثواب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری چھوٹی سی کوشش اور چھوٹی چھوٹی سی مدد سے اگر کسی کا گھر تعمیر ہوسکتا ہے تو اس کیلئے اللہ رب العزت کی زات سے بہترین اجر کی اُمید رکھنی چاہئے کیوکہ اللہ کی زات کبھی وعدہ خلافی نہیں کرتی۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کا وفد ڈی سی ملاقی
محکمہ تعلیم میں ٹرانسفر پالیسی لاگو کرنے و بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ نے محکمہ تعلیم میں ٹرانسفر پالیسی لاگو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دور افتادہ علاقوں میں عرصہ دراز سے تعینات اساتذہ کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ہے۔ہفتہ کے روز فیڈریشن کا ایک وفد زیر قیادت نیاز احمد راہی ضلع صدر لوپیڈ ایمپلائز ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما سے ملاقی ہوا اور ایک یادداشت پیش کی جس میں انہوں نے دور افتادہ علاقوں میں بیس برسوں سے تعینات اساتذہ کا اپنے نزدیکی علاقوں میں تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔ لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے کہا کہ مرد و خواتین ٹیچر پچھلے بیس برسوں سے اپنے گھروں سے کوسوں دور تعینات ہیں اور محکمہ ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کرتاہے اور کچھ لوگ برسوں سے اپنے گھروں کے نزدیک تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہورہی ہیں جس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد میں غلام حسن پانپوری، شکیل احمد دیو، رشپال سنگھ، فاروق احمد و غلام حسن باغوان بھی شامل تھے۔
سیزنل اساتذہ کی چیف ایجوکیشن افسر ڈوڈہ سے ملاقات
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ تعلیم میں کام کر رہے سیزنل اساتذہ کا ایک وفد ضلع صدر غلام نبی مجنوں و یاسین شاہین جنرل سکریٹری ایسوسی ایشن کی قیادت میں چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ سے ملاقی ہوا جس دوران انہوں نے سیزنل اسکولوں میں تعینات ای ویز کو درپیش مسائل سے سی ای او کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے سیزنل ٹیچر پہاڑوں پر جاکر خانہ بدوش طبقہ کے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں اورقلیل وسائل کے باوجود اپنی ڈیوٹی تن دہی و لگن سے انجام دے رہے ہیں۔وفد نے سیزنل ایویز کو کوؤڈ کیٹس فراہم کرنے،بنیادی ڈھانچہ دستیاب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 برسوں سے ای ویز قلیل سی رقم پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود کچھ مقامات پر حکام انہیں ہراساں کرتے ہیں۔ سی او نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کی ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
ڈوڈہ میں کوؤڈ 19 کے 42 نئے مثبت معاملات
25 مریض صحتیاب، 142341 افراد کو ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ سے سنیچر کو کوؤڈ 19 کے 42 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 25 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری، عسر و گندوہ میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 42 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں بھیجا گیا ہے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 215 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 6543 پہنچ گئی ہے اور کورونا وائرس سے اب تک 117 اموات درج کی گئی ہیں جبکہ ضلع میں 142341 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
جموں مسلم فرنٹ نے دربار کو ختم کرنے کے فیصلے کو جلدی بازی سے تعبیر کیا
سرینگر// شجاع ظفر چیئرمین جموں مسلم فرنٹ نے دربار اقدام کی منسوخی کو جلد بازی کا اقدام قرار دیا جس کے بعد متعدد جواب طلب سوالات اٹھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب حد بندی میں کام جاری ہے اور انتخابات بھی جلد ہی ہو رہے ہیں تو ایسا حکم کیوں جاری کیا گیا؟ یہ فیصلہ حکومت پر کیوں نہیں چھوڑا گیا۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ دربار منتقل مشق کے خاتمے سے جموں کے کاروبار پر اثر پڑے گا اور مرکزی خطے کے لوگوں کے مابین فاصلہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آرڈر نے اس کے پس پردہ جذبہ اور مقصد کو ختم کردیا ہے۔شجاع ظفر نے کہاکہ اس طرح کے حکم سے چھوٹے کاروباری بھی اثر انداز ہو ں گے جن کے اصل گاہک کشمیری تھے۔ظفر نے ایل جی منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس آرڈر پر نظر ثانی کریں۔ انہوں ننے کہاکہ اس آرڈر سے 200 کروڑ کی بچت ہوسکتی ہے لیکن اس سے جس طرح کا مسلہ پیدا ہوگا وہ عوام کے لئے فائدہ مند نہیں ہوگا کیونکہ وہ کاروباری رابطے سے محروم ہوجائیں گے