مزید خبرں

ماگام میں مفت بینکنگ انٹرنس کوچنگ شروع

 سرینگر// انجمن شرعی شعیان یوتھ آرگنائزیشن کے اہتمام سے ماگام میں چالیس روزہ مفت بینکنگ انٹرنس کوچنگ کا آغاز کیا گیا جہاں اس شعبہ سے وابستہ کئی معروف ماہرین اپنی خدمات انجام دیںگے۔ اس نوعیت کے کیمپ جڈی بل اور بڈگام میں پہلے ہی شروع کئے جا چکے ہیں جہاں خواہش مند طلبہ و طالبات بینکنگ شعبے میںداخلے کی کوچنگ حاصل کررہے ہیں ۔ مذکورہ تربیتی کیمپوں کے انعقاد میں دست تعاون اور سرگرم رول ادا کرنے والے مدثر حسین بیگ ،تفضل حسین او ر میرمنور کا انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے شکریہ ادا کیا ۔
   

سنگھ پورہ بلاک کے مختلف پولنگ مراکز پرناقص انتظامات 

ڈیوٹی پر تعینات ملازمین نالاں

 بارہمولہ /فیاض بخاری/ پنچایتی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران ضلع بارہمولہ کے سنگھ پورہ بلاک کے مختلف پولنگ مراکز پر ڈیوٹی پر تعینات ملازمین نے ناقص انتظامات کی شکایت کی ۔ پولنگ ڈیوٹی پرتعینات ملازمین نے شکایت کی کہ انہیں رات بھر ٹھٹھرتی سردی میں کھلے آسمان تلے رہنا پڑا۔ ان کے رہنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کسی طرح کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آرم پورہ وارڑوں میں تعینات ملازمین نے بھی الزام لگایا کہ انہیں رات بھر سردی میں سیکورٹی کے بغیر کئی جگہوں سے گھوما پھیرا کر گرمی کے انتظام کے بغیر کمروں میں رہنا پڑا۔ ان کا یہ الزام ہے کہ انہیں دن بھر کھانے پینے کیلئے بھی کچھ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کئے جانے والے ملازمین کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ انہیں مشکلات نہ کرنا پڑے۔
 

 جعفر شریف کے انتقال سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ رنجیدہ

سرینگر// نیشنل کانفرنس  کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق مرکزی وزیر جعفر شریف کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیلی فون پر مرحوم کے پسماندگان کی ڈھارس بندھائی اور اُن کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ 
 

جموں میں 8 دسمبر کو قومی لوک عدالت کا انعقاد ہوگا

جموں//ریاستی ہائی کورٹ کی لیگل سروسز کمیٹی کی طرف سے ہائی کورٹ کی جموں وِنگ میں 8 دسمبر کو قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مختلف نوعیت کے معاملات کی سنوائی ہوگی۔جو اشخاص مذکورہ لوک عدالت میں اپنے معاملات کا نپٹارا چاہتے ہیں، انہیں جموں ہائی کورٹ کی رجسٹری اور فرنٹ آفس میں 28نومبر تک اندراج کرانے کے لئے کہا گیا ہے۔
 

مرکوٹ گریزمیں محکمہ مال کاکیمپ

کاغذات کی درستگی اورسٹیٹ سبجیکٹ اسناد کی اجرائی

گریز/ارشاد احمد/محکمہ مال کی طرف سے مرکوٹ گریز میں ریونیو کیمپ کااہتمام کیا گیا ،جسکے دوران درجنوں افراد کو موقعہ پر ہی سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفیکیٹ اجراء کی گئی۔تحصیلدار گریز،نائب تحصیلدار اور دیگر ملازمین محکمہ مال کے ہمراہ اس کیمپ میں موجودتھے ۔اس دوران انتخاب گرداوری سمیت دیگر ملکیتی زمین کے کاغذات کی درستگی بھی کی گئی ۔
 

صحرائی کا آغا سید حسین مدنی کے انتقال پر اظہارتعزیت

سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے آغا سید مظفر مدنی کے والد اور سید امتیاز حیدر کے ماموں آغا سید حسین مدنی ساکن نوگام سمبل کے انتقال پر اُن کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک عالم دین تھے ۔انہوں نے مرحوم کے حق میں جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
 

عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک:جاوید میر

سرینگر// لبریشن فرنٹ (ح) چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا ہے کہ کشمیر میں فورسز کی طرف سے زیادتیوںپر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ فورسز نے انسانی حقوق کے تمام ریکارڈ توڑ کر ایک نئی مثال قائم کی ہے اور کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہو چکا ہے۔ جاوید میر نے کہا کہ حکومت ہند کشمیریوں کی پُر امن آواز کا جواب پچھلی سات دہائیوں سے ہمیشہ طاقت سے دیتا آرہا ہے جس کے نتیجے میں دن بہ دن حالات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔
 

خانپورہ بارہمولہ میں سید جانباز ولیؒ کا عرس 

بارہمولہ /فیاض بخاری/ شمالی قصبہ بارہمولہ کے خانپورہ علاقے میں 7 دسمبر کو زیارت حضرت سید محمد جانباز ولیؒ کاسالانہ عرس منعقد ہورہا ہے ۔ اس سلسلے میں2  دسمبر کو شب خوانی ہوگی۔زیارت کے متولی خورشید احمد شاہ نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عرس پر بجلی ،پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے تاکہ زائرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔
 

سنگرونی پلوامہ میں کسانوں کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

پلوامہ//کاشتکاری کے عمل میں جدت لانے اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لئے محکمہ زراعت سب ڈویژن کاکہ پورہ کھیگام نے کھیگام اورسنگرونی میں کسانوں کے لئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سب ڈویژنل ایگریکلچر آفیسر کاکہ پورہ نے کہا کہ زرعی سرگرمیوں کے دوران سائنسی طریقہ کار اپنانے سے فصلوں کی پیداوار میں جہاں اضافہ ہوسکتا ہے وہیں اسے مزید منافع بخش بھی بنایا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کسانوں پر آرگینک فارمنگ اپنانے پر زوردیا جس سے اگرو ۔ایکو نظام کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔اس دوران محکمے کے زرعی سائنسدانوں اورتیکنیکی عملے نے کسانوں کو تربیت فراہم کی اور اُن پر ہِل اگریکلچر ،ہائی آلٹچوڈ فارمنگ اورمکسنگ فارمنگ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت پر زوردیا ۔تربیتی پروگرام میں ایگریکلچر ایکسٹنشن آفیسر اور دیگر آفیسران کے علاوہ بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔
 

قیدیوں کی سرینگر سے جموں منتقلی انتقام گیری:مسلم لیگ

سرینگر//مسلم لیگ نے سرینگر سے کئی قیدیوں کو جموںکی مختلف جیلوں میں منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام گیری قرار دیا ہے ۔ لیگ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے چند دنوں میںمتعدد قیدیوں کو وادی سے باہرمنتقل کیا گیا اور اسی سلسلے کی کڑی کے تحت  پچھلے پانچ برسوں سے مقید اسد اللہ پرے، عبدالقیوم تانترے اور عبدالحمید بٹ کو بارہمولہ جیل سے کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا جس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ان قیدیوں کو ذہنی و جسمانی اذیتوں میں مبتلا کرنے کے لئے یہ سب کھیل کھیلا جارہا ہے ورنہ جس واقعہ کو بنیاد بنا کر ان قیدیوں کو پریشان کیا جاتا ہے وہ قطعاََ صحیح نہیں ہے اور نہ اس بنا پر سب قیدیوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکا جاسکتا ہے۔