پونچھ میں دماغی طور کمزور شہری کی لاش دریا کنارے برآمد
سرینگر//پونچھ میں دماغی طور معذور ایک شہری کی لاش دریا کنارے برآمد کی گئی۔ کے این ایس کے مطابق سنیچر کی صبح ساڑھے 8بجے لوگوں نے پونچھ میں شیر کشمیر پل کے نیچے دریا کے کنارے ایک شہری کو مردہ پایا۔ لوگوںنے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جس نے لاش کو اپنی تحویل لے لیا۔ لاش پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لائی گئی۔ مذکورہ شہری دماغی طور کمزور تھا اور علاقہ میں گھومتا رہتا تھا۔ تاہم مذکورہ شہری کی مرنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔
کووڈ19 :تیسری لہر کی دستک کاخدشہ
رہنماخطوط کی پاسداری لازمی:ڈپٹی کمشنرسرینگر
سرینگر//کووِڈ- 19کی ممکنہ تیسری لہر سے بچنے کیلئے کورونامخالف ٹیکہ کاری ہی واحدہتھیار ہے اور کورونا وائرس سے بچنے کے لئے سرکاری کی طرف سے جاری کئے گئے رہنماخطوط کی مکمل پاسداری میں کسی لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اس بات کااظہار ڈپٹی کمشنرسرینگرمحمد اعجازاسد نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کی جانب سے اس بات کی پیشگوئی کی جا رہی ہے کہ کووڈ کی تیسری لہر بھی دستک دے سکتی ہے، لہذا اس کو سمجھنالازمی ہے اور اس لہر پر قابو پانے کیلئے ہمیں ویکسین لگانے کی اشد ضرورت ہے تب ہی جاکر ہم تیسری لہر کو روک سکتے ہیں ۔ انہوں نے اس کے ساتھ کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ کووڈ کیلئے واضح کردہ ایس او پیز پر من و عن عمل کریں کیونکہ وائرس سے بچنے کیلئے ان چیزوں پر عمل ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈائون میں آئندہ کچھ مزید نرمی دی جا سکتی ہے تاہم اس کیلئے لازمی ہے کہ ٹیکہ کاری صد فیصد مکمل ہو ۔
چوگام میں کرنٹ لگنے سے محکمہ بجلی کاڈیلی ویجرزخمی
سرینگر//چوگام کولگام میں کرنٹ لگنے سے محکمہ بجلی کا ڈیلی ویجرزخمی ہوگیا۔ کے این ایس کے مطابق عبدالحمید نجار ولد غلام حسن سنیچر کی صبح ساڑھے 9بجے چوگام میں ترسیلی لائنوں کی مرمت کررہا تھا۔ اس دوران مذکورہ ڈیلی ویجر کو بجلی کا زوردار جھٹکا لگا جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اس موقعہ پر عبدالحمید کو فوری طور پر جی ایم سی اننت ناگ لے جایاگیا جہاں اس کا علاج و معالجہ کیاجارہاہے۔
کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزی
۔611670روپے جرمانہ وصول،3گاڑیاں ضبط
سرینگر//کوروناوائرس کی دوسری لہر کوپھیلنے سے روکنے کی کوششوں کوجاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیرمین 5115افراد سے کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں611670روپے جرمانہ کے طور وصول کیاجبکہ ایک ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ تین گاڑیوں کو بھی کورونا گائیڈ لائنزکی پاسداری نہ کرنے پر ضبط کیا گیا۔کشمیروادی کے تمام اضلاع میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رہی تاکہ کووِڈ- 19کی عالمگیر وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ- 19گائیڈ لائنز کی سختی سے پاسداری کو یقینی بنائے ۔
تاجراتحاد کاوفد صوبائی کمشنر سے ملاقی
سرکاری جائیداد میں قائم دکانوںکے کرایوں میں رعایت کا مطالبہ
سرینگر//وادی میں گزشتہ دو برسوں کے حالات کے پیش نظر تاجروں اوردکانداروں کو ہوئے مالی نقصانات کے پیش نظر سرکاری محکموں،نیم خود مختار اداروں اور مذہبی و سماجی انجمنوں کی جائیداد میں قائم دکانوں کے کرایوں میں رعایت دینے کا معاملے اٹھاتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے ڈویژنل کمشنر کشمیر سے ہفتہ کے آخر میں لاک ڈائون کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی این آئی کے مطاق کشمیر ٹریڈ الائنس کے وفد نے صدر اعجاز احمد شہدار کی قیادت میں ہفتہ کو صوبائی کمشنر کشمیر سے ملاقات کی ۔اس دوران دکانداروں اور تاجروں کو درپیش مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔شہدار نے کہا کہ سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں تاجروں کوگزشتہ دو برسوں کے حالات،لاک ڈائون اور وبائی بیماری کے نتیجے میں بندشوں سے سخت مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا،جس کے نتیجے میں انہیں قریب50ہزار کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں،میونسپل کونسلوں،سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی،دیگر بلدیاتی اداروں،نیم خود مختار محکموں سمیت مذہبی،سماجی اور فلاحی انجمنوں کے جائیداد میں موجود دکانوں کے مالکان کو کرایوں میں رعایت فراہم کی جائے تاکہ انہیں کچھ حد تک راحت فراہم ہوسکے۔شہدار نے کہا کہ سماج کے دیگر طبقوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ چھوٹے تاجروں کی مدد کریں۔ میٹنگ کے دوران کشمیر ٹریڈ الائنس کے وفد نے سال2014میں تباہ کن سیلاب کے دوران دکانداروں اور تاجروں کو ہوئے نقصانات کا معاملہ بھی اٹھایا۔انہوں نے صوبائی کمشنر کشمیر کو اس بات سے آگاہ کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے سیلاب کے بعد جو امدادی چیکیں فراہم کی گئی تھی،اُن میں سے ابھی بھی سینکڑوں چکیں واجب الادا ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا فوری طور پر ان چیکوں کی رقومات کو متاثرہ دکانداروں کے بنک کھاتوں میں جمع کیا جانا چاہے۔ اعجاز شہدار کی قیادت والے کشمیر ٹریڈ الائنس کے وفد نے وادی میں کرونا بیماری کے مریضوں اور پھیلائو میں کمی کے پیش نظر ہفتہ کے آخری دنوں میں لاک ڈائون کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو کافی مالی تنگی کا سامنا ہے۔ شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر چوک ،بڈشاہ چوک اور ملحقہ علاقوں میں گنجان تجارتی مراکز کے باوجود بھی تاجروں اور خریداروں کیلئے گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ موجود نہیں ہے،جس کی وجہ سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کا براہ راست اثر ان کے کاروبار پر پڑتا ہے۔تاجروں نے کہا کہ اگرچہ امسال کئی سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا اور انکی مرمت کی گئی تاہم اس کے باوجود درجنوں سڑکوں پر ابھی بھی تار کول نہیں بچھایا گیا جبکہ اس عمل میں سرعت لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بازاروں اور شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے بھی صوبائی کمشنر کشمیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی کمشنر نے صبر و تحمل سے کشمیر ٹریڈ الائنس کے وفد کی بات سنی اور ہفتہ کے آخر میں لاک ڈائون کو ہٹانے کے معاملے کو عید کے بعد زیر غور لانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی سرینگر میں سب سے زیادہ کرونا کیس سامنے آرہے ہیں ،جبکہ ٹیکہ کاری مہم بھی ابھی تک اختتام پذیر نہیں ہوئی۔ان کا کہناتھا کہ آنے والے ایام میں کرونا کیسوں میں کمی آنے کا امکان ہے،جس کے بعد ہفتہ کے آخر مین لاک ڈائون کو ہٹانے کا معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔ صوبائی کمشنر نے موقعہ پر ہی چیف انجینئر جل شکتی کو فون پر پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور اس کی رسائی کو بہتر بنانے پر بات کی۔ وفد میں مُندر سنگھ، فیاض احمد،تنویر خان، سجاد حیدر، معراج الدین وانی شبیر شال،غلام نبی اور محمد رفیق بھی شامل تھے۔
حبہ کدل میں دوشیزہ کی خودکشی
گلے میں پھنداڈال کراپنی جان لی
ارشاداحمد
سرینگر//حبہ کدل سرینگر میں سنیچروار کی سہ پہر کو 20 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر خودکشی کرکے زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر کے علاقہ حبہ کدل قرفلی محلہ کی لڑکی نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں گلے میں پھندہ ڈالکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس کے مطابق اگرچہ گھر والوں نے اُسے صدر ہسپتال پہنچایا، تاہم وہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش لواحقین کے سپرد کرکے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے خودکشی کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی۔
سڑک خستہ حال ،لوگ مشکلات سے دوچار
بنر رفیع آباد کی آبادی تعمیرات عامہ سے برہم
فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے بنر رفع آباد علاقے میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور طلاب کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بنر سے بارہمولہ تک رابطہ سڑ ک کافی خستہ ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اورجگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ مسافروں اورٹرانسپورٹروں کو سخت مسائل کا سامنا ہے۔ بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو مطلع کیا لیکن انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ ایک مقامی شہری نثار احمد نے بتایا کہ سڑک کی حالت ا س قدر خستہ ہے کہ اب ٹرانسپورٹر بھی مشکل سے ہی اپنی سروس جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا خمیازہ مقامی آبادی کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔لوگوں نے گونر انتظامیہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔
سب ڈویژن گلمرگ میں بیشتر سڑکیں ناقابل آمدورفت
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //سب ڈویژن گلمرگ میں بیشتر سڑکوںکی حالت ناگفتہ بہہ ہے جس کے سبب لوگوں کو سخت دشواریوںکاسامنا کرناپڑرہاہے۔ گلمرگ کے ہرد شورہ سے سونلی پورہ رابط سڑک میں جگہ جگہ کھڈبن چکے ہیںاورسڑک ناقابل آمدورفت بن گئی ہے جس کی وجہ مقامی لوگوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات درپیش ہیں ۔ہردہ شورہ کے سماجی کارکن غلام محی الدین بابا نے بتایا کہ ہردہ شورہ سے سونلی پورا سڑک کی حالت اس قدر خراب ہے کہ گاڑیوں میں سفر کرنا تو دور پیدل چلنا بھی باعث عذاب ہے۔ اسی طرح کی شکایت کھئی پورہ کے لوگوں نے کی ۔ان کا کہنا ہے کہ ٹنگمرگ سے شیخ پورہ سڑک کو کشادہ کرنے اور آمدورفت کے قابل بنانے کیلئے پی ایم جی ایس وائی نے جو وقت مکمل کرنے کے لیے مقرر کیا ہے وہ صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے جبکہ زمینی سطح پرایسا کچھ دکھائی نہیں دیتا ہے بلکہ سڑک کو کشادہ کرنے کے نام پر ناقابل استعمال بنایا گیاہے۔ ادھر محکمہ آر اینڈ بی ماگام کے تحت آنے والا مانچھی کھڈ تا زنڈہ پال رابط سڑک کی حالت بھی ناگفتہ بہہ ہے اور لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے ان سڑکوں کی فوری مرمت اور میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیاہے۔
جسٹس ماگرے نے پہلگام میں عدالت کا سنگ بنیاد رکھا
اننت ناگ // جسٹس علی محمد ماگرے جو جموں و کشمیر اور لداخ کی ماتحت عدالتوں میں انفراسٹرکچر کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں ، نے پہلگام میں ایڈیشنل خصوصی موبائل مجسٹریٹ عدالت کا سنگ بنیاد رکھا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اننت ناگ ، نصیر احمد ڈار اور دیگر سینئر جوڈیشل افسران نے بھی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر جسٹس ماگرے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے مناسب نظام کے لئے مطلوبہ سہولیات والا بہتر بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عدالتیں وقت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ سہولیات سے آراستہ ہوں گی جس سے فیصلہ سازی کے عمل کے معیار اور رفتار میں بہتری آئے گی۔جسٹس ماگرے نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسی کو یہ منصوبہ بھی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی
آڑو پہلگام میں سیلانیوں اور طلبہ کومشکلات کا سامنا
سرینگر//آڑو پہلگام میں موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کی وجہ سے سیلانیوںاورعام لوگوں کے ساتھ ساتھ طلباء کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگر کسی کو فون پر کہیں رابطہ کرنا ہوتا ہے تو اسے پہلگام جانا پڑتا ہے جو آڑو سے آٹھ کلو میٹر دور ہے۔ لوگو ںنے کہاکہ کووڈ19کے پیش نظر بچوں کو آن لائن تعلیم دی جارہی ہے لیکن اس بستی کے بچے اس سے بھی محروم ہیں کیونکہ انٹرنیٹ سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے سیاح بھی موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہوجاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کئی بار حکام سے مداخلت کی اپیل کی گئی لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔مقامی آبادی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ علاقہ کی طرف توجہ دیکر موبائل نیٹ ورک کی بحالی کیلئے اقدامات کریں۔سی این آئی
فوج کا پلوامہ میں مارے گئے اہلکار کو خراج عقیدت
سرینگر// فوج نے ہفتہ کے روز پلوامہ ضلع میں عسکریت پسندوں کے ساتھ مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے حولدار کاشری بمناللی کو خراج تحسین پیش کیا۔ایک فوجی عہدیدار نے بتایا ’’بادامی باغ چھاؤنی میں ایک خصوصی تقریب میں چنار کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور تمام طبقات نے قوم کی جانب سے بہادر سپاہی کو خراج عقیدت پیش کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ 37 سالہ حولدار بمناملی جنوبی کشمیر کے ہانجن میں انسداد عسکریت پسندی آپریشن کا حصہ تھا۔ جب علاقے میں تلاشی لے رہے تھے تو عسکریت پسندوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔عہدیدار نے بتایا کہ بمناللی کو سینے میں گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بعد میں وہ 92 بیس ہسپتال میں انتقال کرگئے۔مذکورہ فوجی 2006 میںبھرتی ہوا تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ اس کا تعلق کرناٹک کے ضلع وجے پورہ تحصیل بی باگیواڑی کے گاؤں اوکال سے تھا اور اس کے بعد ان کی اہلیہ ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا رہ گیا‘‘۔حوالدار کاشیری بمنعلی کی باقیات کو آخری رسومات کے لئے ان کے آبائی گائوںپہنچایا گیا ، جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسوم ادا کئے جائیںگے۔
نیشنل کانفرنس شمالی کشمیر کا اجلاس
تنظیمی امور اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیالات
سرینگر// نیشنل کانفرنس شمالی زون کا ایک اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے شمالی زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبرلون اور چودھری محمد رمضان کے علاوہ سینئر لیڈران،ضلع صدور اور کانسچونسی انچارج بھی موجود تھے۔اجلاس میں شمالی کشمیر میں جاری تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے علاوہ لوگوں کے مسائل و مشکلات پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا اور اس کے علاوہ پارٹی ممبرشپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔ شرکاء نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مشکلات اُجاگر کئے اور کہا کہ عام آدمی اس وقت زبردست مشکلات سے دوچار ہیں اور انتظامیہ میں شنوائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ موجودہ دور میں لوگ اُن ضروریات کیلئے بھی ترس رہے ہیں جو ماضی میں خود بہ خود میسر رہا کرتی تھیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر اسلم وانی نے کہا کہ عوام اس وقت انتظامی ناکامی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ افسرشاہی عوام کیلئے وبال جان ثابت ہورہی ہے ، زمینی سطح پر لوگوں کی داد رسی نہیں ہورہی ہے۔ ایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے اپنے خطاب میں شمالی کشمیر میں جاری ممبرشپ مہم کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کے باوجود بھی جس طرح سے ممبرشپ مہم کامیاب رہی ہے وہ ایک خوش آئندہ بات ہے۔ انہوں نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کے ساتھ ہر حال میں رابطے میں رہیں۔ اجلاس میں صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت میر، سینئر لیڈران خواجہ یعقوب وانی، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون، جاوید احمد ڈار، میر غلام رسول ناز، محمد اشرف گنائی، فاروق احمد شاہ، ریاض بیدار، غلام حسن رہی، ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ، ہلال احمد لون اور ایڈوکیٹ نیلوفر مسعود بھی موجود تھی۔
مرکزی جوائنٹ سیکریٹری ریشم نے محکمہ سریکلچر کا جائزہ لیا
سرینگر// مرکزی جوائنٹ سکریٹری (سلک) ، وزارت ٹیکسٹائل سنجے شرن نے یہاں سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر سریکلچر جموں و کشمیر منظور احمد قادری ، ڈائریکٹر سی ایس آر اینڈ ٹی آئی پانپور ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ، ایس ڈی آئی ڈی کشمیر ، پروجیکٹ ایگزیکٹو آفیسرز دیگر افسران ، ریشم کے تاجروں اور اس صنعت سے وابستہ کسانوں نے اس اجلاس میںشرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جموں کشمیرنے جوائنٹ سکریٹری کو محکمہ کے کام کاج کے بارے میں آگاہ کیا اور مختلف اسکیموں اور پروگراموں کی پاورپوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی۔جوائنٹ سکریٹری (سلک) نے اہم اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ اہم معاملات اٹھائے ۔انہوں نے غنچہ ابریشم سے وابستہ کاشتکاروں اور ریشم کے تاجروں کو اس بات کا یقین دلایا کہ ان کے مسائل کواطمینان کے مطابق حل کیا جائے گا۔شرن نے شعبہ کو ترقی دینے اور مختلف اقدامات کے لئے محکمہ کی تعریف کی۔
رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام
کولگام میں مالی معاونت کیلئے 28 کیس منظور
کولگام //ضلعی ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی زیر صدارت ضلعی سطح کی ٹاسک فورس کمیٹی (ڈی ایل ٹی ایف سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مالی معاونت کے لئے 28 مقدمات کی منظوری دی گئی ، جس سے انہیں رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (JKREGP) کے تحت اپنے روزگار پیدا کرنے والے یونٹ قائم کرنے کے قابل بنایا گیا۔امیدواروں کا انتخاب ضلعی سطح کی ٹاسک فورس کمیٹی (ڈی ایل ٹی ایف سی) کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔کمیٹی کے سامنے رکھے گئے 50 کیسوں میں 28 منصوبوں کو 151.35 لاکھ روپے لاگت سے منظور کیا گیا ، جس میں 5.9.97 لاکھ روپے کی مارجن منی شامل ہے ، جو ان کے منصوبوں کی عملداری اور مصنوع کی بازاری کی بنا پر ہے۔اس دوران ضلع کولگام کے بے روزگار نوجوانوں کو نقل و حمل کے شعبے کے ذریعہ پائیدار ذریعہ معاش کے قیام کیلئے ، ضلعی ترقیاتی کمیٹی (ڈی ایل سی) کا اجلاس ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کولگام کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں ملک سکیم کے تحت 34 مقدمات کی منظوری دی گئی۔اس اسکیم کے تحت مالی اعانت سامان کی نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والی چھوٹی گاڑیاں (منی ٹرک ) کی خریداری کے لئے فراہم کی جائے گی۔
پہلو کولگام میں ہرناگ چشمے کی بحالی کا کام شروع
کولگام// محکمہ دیہی ترقی کولگام نے ہرناگ چشمے کی بحالی کاکام شروع کیا۔اس منصوبے کا سنگ بنیاد ضلعی ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے رکھا تھا۔یہ منصوبہ منریگا اسکیم کے تحت کام شروع کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ 19.95 لاکھ کی لاگت سے مکمل ہو گا۔اے سی ڈی محمد عمران خان نے بتایا کہ موسم بہار میں روزانہ 2 ہیکٹر سے زیادہ اراضی کو سیراب کرنے میں مدد ملے گی اور پہلو علاقے کے متعدد دیہات کو اس چشمے کی بحالی سے پینے کے پانی کی سہولت ملے گی۔اس چشمے کی متوقع بہاؤ 5000 گیلن فی گھنٹہ ہے اور ایک دلکش جگہ پر واقع ہے ۔ اس جگہ کو ایک سیاحتی مقام کے طور پر تیار کیا جاسکتا ہے۔
دربار مو کی منسوخی کا فیصلہ جلد بازی:جموں مسلم فرنٹ
سرینگر//جموں مسلم فرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفرنے دربارمو کی منسوخی کے فیصلے کو جلد بازی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جب حد بندی پر کام جاری ہے اور انتخابات بھی جلد ہی ہو رہے ہیں تو ایسا حکم کیوں جاری کیا گیا؟ یہ فیصلہ حکومت پر کیوں نہیں چھوڑا گیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ دربار مو کے خاتمے سے جموں کے کاروبار پر بہت منفی اثر پڑے گا اور خطے کے لوگوں کے مابین فاصلہ بڑجائے گا۔شجاع ظفر نے کہاکہ اس طرح کے فیصلے سے چھوٹے کاروباری بھی اثر انداز ہو ں گے جن کے اصل گاہک کشمیری تھے۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس آرڈر پر نظر ثانی کریں۔سی این ایس
یتیم فائونڈیشن نے بانڈی پورہ کے آتشزدگان کی امداد کی
سرینگر//جے اینڈ کے یتیم فائونڈیشن نے مرکزی بیت المال بانڈی پورہ کے تعاون سے بونہ کوٹ بانڈی پورہ کے آتشزدگان میں 75ہزار روپے مالیت کی ٹین کی چادریںاوربرتن تقسیم کئے۔ تین کنبوں میں ٹین کی90چادریں اوربرتنوں کے سیٹ تقسیم کیے جو حال ہی میں آگ سے متاثر ہوئے تھے ۔ تقسیم کی گئی اشیا میں 75000روپئے مالیت کے گیس چولہے اورکھانا پکانے والے گیس سلنڈر شامل ہیں ۔