ریاست کی مالی خود مختاری کے خلاف سازش:حکیم یاسین
سرینگر // پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے جموں وکشمیر بنک کے بارے میں لئے گے فیصلے کو ریاست کی مالی خود مختاری کے خلاف ایک گہری سازش سے تعبیر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جی جے پی سابق مخلوط سرکارنے پہلے جی ایس ٹی قانون کو نافظ کیا اور اب جموں وکشمیر بنک کے بارے میںبنک کا حالیہ فیصلہ ریاست کی اقتصادی صورتحال کو کمزور کرنے کی دوسری بڑی سازش ہے اور اس فیصلے سے عام لوگوں اور تجارتی حلقوں میں طرح طرح کے خدشات نے جنم لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہئے تو یہ تھا کہ ریاست میں کام کر رہے دیگر تقریباــ50کے قریب بنکوں اور مالیاتی اداروں کے خلاف ان کی ناقص کارکردگی پر اُن سے جواب مانگا جاتا مگر اس کے برعکس جموں وکشمیر بنک جس کی اجتماعی کارکردگی سالا سال سے بہتر رہی ہے کے خلاف مذکورہ اقدامات کئے گے ہیںجو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں ۔
پردھان منتری آواس یوجنا ، ریاست کو مزید 15334 مکانات ملے
نئی دہلی//پردھان منتری آواس یوجنا شہری کی سنٹرل سینکشننگ اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کی ایک میٹنگ کل یہاں منعقد ہوئی جس میں جموں کشمیر کیلئے مذکورہ سکیم کے تحت 15334 مکانات کو منظوری دی گئی ۔ یہ منظوری کمیٹی کی 40 ویں میٹنگ میں دی گئی ۔ سی ایس ایم سی نے 205442 اضافی مکانات کی تعمیر کو منظوری دی ہے جس میں پی ایم اے وائی کے تحت مہاراشٹرا میں 116042 اور کرناٹکا میں 31657 کے علاوہ بہار میں 26880 ، تامل ناڈو میں 15529 اور جموں کشمیر میں 15334 مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ یوجنا کے تحت مجموعی طور منظور کئے گئے مکانات کی تعداد 6504037 تک پہنچ گئی ہے ۔
اکہال دیوسر میں آگ،دو گائو خانے خاکستر
سرینگر//دیوسر کولگام میں واقع اکہال نامی گوجر بستی میں اچانک آگ نمودار ہونے کے نتیجے میں دو گائو خانے خاکستر ہوگئے۔دیوسر کولگام سے 10 کلو میٹر کی دوری پر واقعہ گوجر بستی اکھال میں اس وقت افرتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب محمد حسین شاہ اور محمد مقبول شاہ ولد احمد علی شاہ ساکن گوجر بستی اکھال دیوسرکے دو گائو خانوں میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے خطرناک رخ اختیار کرتے ہوئے دونوں گائو خانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس دوران محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے جائے واردات پر پہنچنے کی کوشش کی لیکن خستہ حال سڑک کے نتیجے میں محکمہ کی گاڑیاں وقت پر گائوں میں پہنچ نہیںپائیں جس کے نتیجے میں دو گائو خانے مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔
وادی میں سردی لی لہر جاری
موسم خشک رہنے کی پیش گوئی
سرینگر//محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطلع ابر وآلود ہی رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ رات کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے باعث درجہ حرارت میں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2ڈگری سیلشیس درج کیاگیا جبکہ معروف سیر افزاء مقام پر پہلگام میں یہ درجہ حرارت1.4ڈگری اورگلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 0.8ڈگری سیلشیس درج کیا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ آئندہ24گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال خشک رہنے کا قوی امکان ہے ۔ جموں میں رات کا درجہ حرارت13.2ڈگری سیلشیس،کٹرا میں12.2،بٹوت میں 7.8ڈگری سیلشیس،بانہال میں5.5ڈگری سیلشیس اور بھدرواہ میں 4.6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔
بھاجپا کے ادارے عیاں ہوگئے :سی پی آئی ایم
جموں//سی پی آئی ایم نے کہاہے کہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے جموں و کشمیر میں حکومت سازی سے متعلق بیانات سے ان خدشات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ بی جے پی دانستہ طور پر ریاست میں کسی بھی طرح سے اپنی حکمرانی نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ایک بیان میں سی پی آئی ایم نے کہا اب ریاست و ملک کے عوام پر سب کچھ واضح ہوگیاہے کہ بی جے پی ریاست جموں وکشمیر میں دراصل کیا چاہتی ہے۔سی پی آئی ایم نے کہاکہ ریاستی عوام نے ہمیشہ تفریق پسنداورفرقہ پرست قوتوں کو ناکام بنایا اورمستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔
نیشنل کانفرنس کی آتشزدگان کی بازآبادکاری کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر اسلام آباد الطاف احمد کلو نے آگ کی ایک بھیانک واردات میں کئی مکانوں اور دکانوں کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ضلع ترقیاتی کمشنر اسلام آباد سے تاکید کی کہ متاثرین کی بازآبادکاری اور فوری امدادکاری کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبے اس واردات میں اپنا سب کچھ کھو بیٹھے ہیں اور ان کی بروقت امداد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ کنبوں کی بھر پور مالی معاونت کرے۔دریں اثناء پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر نے باٹو ٹنگمرگ میں آگ کی واردات میں تین رہائشی مکانوں کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کی ہے۔
گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان
شوپیان میں ورکشاپ
شوپیان//اے ڈی سی سی شوپیان ڈاکٹر محمد سلیم ملک نے آج گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان کی مناسبت سے منعقدہ ایک جانکاری پروگرام اورورکشاپ کی صدارت کی۔اسی پروگرام میں مشن انتودیا سروے کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان اور پنچایت سیکریٹری کے رول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ فلیگ شِپ پروگراموں کی عمل آوری میںپنچایتوں کا اہم رول ہے۔انہوںنے لائین محکموں کے تمام متعلقہ آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ فرنٹ لائین ورکروں کو نامزد کریں جو کہ محکمہ دیی ترقی کے فیلڈ ورکروں کے ساتھ تال میل کرکے گرام سبھا منصوبوں کی موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔
جمکیش کی طرف سے نئی گاڑی ’ارٹیگا‘ کی رسم رونمائی
سرینگر// نو عمر خریداروں کے طرز زندگی میں جدت لانے کے لئے جمکیش وہیکلیڈز نے اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے گاڑیوں کی تازہ ترین اقسام میں ’ارٹیگا‘ کی رونمائی کر کے اسے سڑک پر اُتارا ہے۔اس سلسلے میں حیدرپورہ میںایک تقریب پر اندرونی اور بیرونی سجاوٹ سے پُر اس گاڑی کا افتتاح کیا گیا۔ تقریب پر جموں و کشمیر بنک کے کلسٹر ہیڈ بشیر احمد سندرو مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر جمکیش وہیکلیڈز گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر عرفان احمد اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر اعوان احمد نے کہا کہ پیٹرول انجن کی حامل یہ ایرٹیگا 13 فیصد زیادہ طاقتور ہے اور یہ سفر کرنے کے لئے محفوظ گاڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی ہر طرح کے جھٹکے برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔