مینڈھرکی 43 پنچایتوں میں پولنگ آج
پولیس وسول انتظامیہ محترک ،حفاظتی انتظامات سخت
پونچھ//پونچھ میں پنچایتی انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت ضلع کی سب سے بڑی بلاک مینڈھر کی 43پنچائتوں میں آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے سخت سکیورٹی انتظامات کیے ہیں ۔اس سلسلہ میں بوائز ہائیر سکنڈری سکول مینڈھر میں سوموار کو پولنگ پارٹیاں بھاری تعداد میں کاغذات حاصل کرنے کے لئے جمع ہو گئیں جہاں پر لوگوں کی کافی گہماگہمی دیکھی گئی ۔مینڈھر بلاک ضلع پونچھ کا سب سے بڑا بلاک ہے جہاں پر آج 43سرپنچوں کے ساتھ ساتھ پنچوں کے بھی انتخابات عمل میں لائے جا رہے ہیں لیکن انتظامیہ نے کئی حساس پنچائت حلقوں میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں کیونکہ کئی جگہوں پر لڑائی جھگڑوں کا اندیشہ ہے جس کے لئے انتظامیہ بالکل تیار ہے تاکہ آخری مرحلے کے ضلع پونچھ کے انتخابات پر امن طریقہ سے کروائے جائیں۔ جس کے لئے تمام آفیسران چوکس ہیںجبکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بھی اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی ہوئی ہیں کیونکہ دو بڑی پارٹیوں کے بائیکاٹ کے باوجود ان کے کئی عہدیداران الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ حالات سے نپٹنے کے لئے بالکل تیار ہے جبکہ سوموار کو تمام پولنگ بوتھ پارٹیاں بڑی تعداد میں ہائرسکینڈری سکول مینڈھر میں جمع ہو کر اپنے اپنے کاغذات لے رہی تھیں اور مینڈھر قصبہ میں بھاری رش دیکھنے کو مل رہا تھا اور ٹریفک کا بھی لمبا لمبا جام لگا ہوا تھا جس کے لئے پولیس ہر چوک میں تعینات تھی تاکہ جام کو ختم کرکے تمام پولنگ پارٹیاں آرام سے اپنے اپنے سٹیشنوں پر پہنچائی جائیں ۔
خاتون سرپنچ اُمیدوارکے کاغذات نامزدگی مستردہونے پرتنازعہ
اپرراج نگرپنچایت حلقہ کے لوگوں کاانتظامیہ کیخلاف احتجاج
سمیت بھارگو
راجوری//ضلع کے علاقہ بدھل میںگزشتہ دیرشام لوگوں نے ایک خاتون سرپنچ اُمیدوارکے کاغذات نامزدگی کومستردکرنے کے معاملے کولے کراحتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق سومواردیرشام کوبدھل کے اپرراج نگرپنچایت حلقہ کے متعددلوگوں نے پولنگ سٹیشن ہائی سکول گبرمیں جمع ہوکرانتظامیہ کے خلاف احتجاج کیااورنعرے بازی کی۔اس دوران سراپااحتجاج لوگوں نے الزام لگایاکہ دوسرے اُمیدوارکوفائدہ دینے کی خاطرایک خاتون اُمیدوارکے کاغذات نامزدگی مستردکیے گئے ہیں۔انہوں نے پولنگ کومعطل کرنے کامطالبہ کیاہے۔احتجاج کی خبرملتے ہی ایس ایچ اوبدھل اوراے ڈی سی کوٹرنکہ موقعہ پرپہنچے۔انہوں نے سراپااحتجاج لوگوں کویقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے ساتھ زیربحث لایاجائے گا۔دریں اثنا ضلع انتظامیہ راجوری کے ایک اہلکارنے بتایاکہ ایک خاتون سرپنچ اُمیدوارکے کاغذات نامزدگی تاریخ پیدائش متنازعہ ہونے کی وجہ سے مستردکیے ہیں جس کوچیلنج کیاگیاتھااوراب اعلیٰ حکام نے فارم کومسترکرنے کاحکم دیاتھا۔
سیاسی لیڈران کا ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کاسلسلہ جاری
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں پنچائتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوتے ہیں سیاسی جماعتوں کے لیڈران سرپنچوں اور پنچوں کو اپنی طرف کھینچ رہے ہیں ۔تمام پارٹیوں کے لیڈران دعویٰ کر تے پھر رہے ہیں کہ ان کی پارٹی کے نمائندگان ہی جیت رہے ہیں۔گزشتہ روز اس وقت سوشل میڈیا پر کھل بلی مچھ گئی جب پنچایت سرل سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہونے والے چوہدری کمال دین نے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر پر الزام لگایا کہ وہ جب سرپنچ بنے تو ان کے گھر مبارکباد دینے کے لئے آئے سینئر لیڈر نے ان سے پوچھے بغیر اعلان کر دیا کہ وہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار تھے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ان کے گلے میں زبردستی ہار ڈالاگیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ ان کا تعلق نہ تو نیشنل کانفرنس سے اور کسی پارٹی کے ساتھ ہے بلکہ وہ پی ڈی پی کے لیڈرہیں۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعت کے امیدواروں کو ہار پہنا کر مبارکباد دینا اور اس کے بعد اعلان کرتے پھرنا کچھ لیڈران کی عادت بن گئی ہے جو شرمناک عمل ہے ۔
بالاکوٹ اورمنکوٹ بلاکوں میں نئے اورنوجوان اُمیدوارکامیاب
معروف سیاسی وسماجی شخصیات کوخطرہ لاحق ،لوگوں کامن پسنداُمیدوارکوووٹ دینے کارجحان
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے دو بلاکوں میں جہاں یکم دسمبر کو الیکشن کروائے گئے تھے جس میں کئی اتار چڑھائواوراُلٹ پھیر دیکھنے کو ملے ہیں اور زیادہ تر نوجوان اور نئے امیدوار انتخابات جیت کر سامنے آئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ بلاک کے سنگیوٹ کے نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نکہ منجہاڑی سے بھی نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر تنویر خان کو دو مرتبہ الیکشن جیتنے کے بعد شکست کا سامنا کرناپڑا جبکہ وہ اپنی وارڈ سے ممبر بھی نہیں بن سکے اورانہیں دونوں انتخابات میں شکست سے دو چار ہونا پڑا جبکہ بالاکوٹ کی سرحدی پنچائتوں سے بھی نئے امیدوار الیکشن جیت کر سامنے آئے ہیں اور کئی جانی مانی شخصیات کو لوگوں نے ووٹ نہیں دئیے اورانہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔اسی طرح منکوٹ بلاک کے چھجلہ علاقہ سے نیشنل کانفرنس کے سکریٹری محمدسعیدکو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بڑی تعداد میں پرانے سرپنچوں کو لوگوں نے نظر انداز کرکے نئے امیدواروں کو سامنے لایا ہے تاکہ زمینی سطح پر کام کاج ہو سکیں ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ مینڈھر بلاک میں کیا الٹ پھیر ہو تا ہے اس کا آج شام کو پتہ چلے گا ۔ کیونکہ منکوٹ بلاک اور بالاکوٹ بلاک کے انتخابات کو دیکھتے ہوئے کئی پرانے اور پارٹیوں سے وابستہ عہدیداران کوشکست کاخطرہ لاحق ہے کیونکہ لوگ من مرضی سے اپنا ووٹ ڈال رہے ہیں اور کسی بھی قسم کا عام لوگ خطرہ مول لینے کیلئے تیار نہیں ہیں اور کئی جانی مانی شخصیات کو نظر انداز کیا جا رہاہے ۔
یوتھ سنٹرسرنکوٹ میں دوستانہ والی بال میچ کاانعقاد
پونچھ //فوج کی جانب سے نوجوانوں کے کھیل کے تئیں رجحان کوفروغ دینے کے مقصدسے یوتھ سنٹرسرنکوٹ میں ’فرینڈلی والی بال میچ ‘کااہتمام کیاگیاجس میں فوج اورسرنکوٹ قصبہ کے نوجوانوں کے درمیان دوستانہ میچ کھیلاگیا۔میچ کے انعقادکامقصد نوجوانوں میں تندرست طرززندگی کی اہمیت کواُجاگرکرنااوران میں جذبہ کھیل کوفروغ دیناتھا۔
ساج میں آتشزدگی سے گھاس کاڈھیرخاکستر
طارق شال
راجوری/ تھنہ منڈی کے علاقہ ساج میں آتشزدگی کے نتیجے میںخشک گھاس کاڈھیرخاکستر ہو گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پنچائت ساج کے موہڑا کوپرا میں یکم اور دو دسمبر کی درمیانی رات کو رفیق حسین ولد شیر محمد کی تقریبا 600 بھری (گڈیاں)خشک گھاس کو اچانک آگ لگ گئی۔اس دوران اچانک گھاس سے شعلے اُٹھے جس کے بعدگائوں والوں نے آگ بجھانے کی بھرپورکوشش کی لیکن آگ تمام ترکوششوں کے باوجودخشک گھاس کوبچانے میں ناکام رہے ۔آتشزدگی کی اس واردات سے گھاس کے مالک کوبھاری نقصان پہنچاہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے رپورٹ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ہے۔
نوشہرہ وسندربنی میں11 افرادزخمی، 1جموں منتقل
نوشہرہ//نوشہرہ کے رادھاسوامی ست سنگ گھرکے پاس ایک آٹواورکارکی آپسی ٹکرمیں دس افرادزخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق رادھاسوامی ست سنگ گھرکے پاس گزشتہ شام ٹاٹاآٹومیجک زیرنمبری JK11-4975 وکارزیرنمبری JK02H-6451 کے درمیان ٹکرہوگئی جس میں پون چودھری،راجیو کمار،ٹونی چودھری،امرت کور، مہندرلعل، سریش کماری ،ویناکماری ،نیتاکماری،پرینکاچودھری،نریش کمار،تیج پال کوروپرمجیت کورزخمی ہوگئے ۔زخمیوں کوعلاج ومعالجہ کیلئے نوشہرہ ہسپتال میں داخل کروایاگیاہے اوربتایاجارہاہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہرہے ۔اس سلسلہ میں پولیس نے معاملہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔سندربنی کے راہ سلیوٹ علاقہ میں ہائی وے پرایک دیگرسڑک حادثہ میں آٹواورٹریکٹرکی ٹکرہوئی جس کے نتیجے میں روہت پوری ولد موہن لال ساکن سندربنی زخمی ہواجسے مقامی ہسپتال پہنچایاگیاجہاں سے اسے مزیدعلاج ومعالجہ کیلئے جموں میڈیکل کالج ریفرکیاگیا۔پولیس نے دونوں معاملات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
محلہ میراں ناکھاں والی روڈ پونچھ میں سڑک کی تعمیرپراظہاراطمینان
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ قصبہ کی نئی کالونی جسے میر کالونی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے یہ ناکھا والی سڑک کے قریب محکمہ جنگلات کے صدر دفتر کے متصل واقع ہے۔ محلہ میں سڑک کی تعمیرات عوام کے پرزور مطالبہ کے بعد شروع کی گئی جو نہایت ہی خوش اسلوبی اور معیاری طورپر جاری ہے۔ سڑک کی تعمیر کے دوران پانی کے نکاس اور دیگر تمام ضروری اقدامات کا خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں سڑک کی وجہ سے کالونی میں رہنے والے لوگوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے اس کالونی کے مقامی شخص غلام احمد نے بتایا کہ ان لوگوں کی اپیل پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت پر یہ سڑک محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام تعمیر کی جا رہی ہے جس کا کام نہایت معیاری طریقہ سے انجام دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس کے لئے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ کا اور خصوصی طور پر سڑک کی تعمیرات کرنے والے ٹھیکیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جو نہایت اچھی طرح اس سڑک کی تعمیرات کر رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تعمیرات جلد مکمل ہوں گی جس کے بعد میر کالونی پونچھ مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح قصبہ پونچھ کے دیگر محلہ جات میں بھی سڑکوں کا معیاری کام کروایاجائے گا۔
karmara confrnce2 photos
کرماڑہ میں سالانہ میلادمصطفےؐ کانفرنس کاانعقاد
ذات و سیرتِ مصطفی میں زندگی کا حقیقی شعورپنہاں: مفتی ابراہیم مصباحی
پونچھ // جو خوشی دیکھے سب میں بانٹے، وہ نفع پہنچا کر راحت پائے ،اور عزت دے کر، عزت لائے ، یہی معیار عزت ہے خدا کے ہاں۔۔۔ اور یہی ہے سیرت میرے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ان خیالات کا اظہار سرحدی گاوں کھڑی کرماڑہ کی جامع مسجد طیبہ میں حسب روایت منعقدہ میلاد مصطفے ؐکانفرنس میں علماء نے کیا۔ مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی مرکزی امام پونچھ نے کہا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمیشہ عام لوگوں کے ساتھ گھل مل کر رہے جو چاہتا، جب چاہتا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مل سکتا تھا دستر خوان پر کبھی اکیلے کھانا نہ کھاتے ہر ایک کو شریک طعام کرتے۔مجلس میں کبھی نمایاں جگہ نہ لیتے حلقہ عام میں گھل مل کربیٹھتے چلتے ہوئے ہمرائیوں سے الگ نہ ہوتے ساتھ ساتھ چلتے سواری پر کسی ہمسفر کو ساتھ بٹھاتے مریضوں کی عیادت کرتے اور جنازوں میں شامل ہوتے۔ سیرت مصطفی بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر مولانا مفتی ابراہیم مصباحی ریسرچ اسکالر بابا غلام بادشاہ ینورسٹی راجوری نے اس موقعہ پر کہا کہ سرکار کی پوری زندگی کا اگر مطالعہ کیا جائے درس یہی ملتا ہے کہ آقا کریم کی زندگی عالم انسانیت کے لئے مثال ہے ۔انہوںنے کہا آپ غریبوں کی دلجوئی کرتے ان کی دعوت قبول فرماتے اور ان کے گھر جاتے لوگوں کے کام کرتے اور ان کی ضرورتیں بھرلاتے سفر حضر میں ہر اجتماعی موقع پر چھوٹے بڑے کام میں صحابہ کے ساتھ شریک محنت ہوئے مسجد کی تعمیر، خندق کی کھدائی، جہاد کی تیاری، کاروان سفر، اور پڑاؤ ڈالنے کے مواقع پر حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر قسم کے کاموں میں عملاً بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ۔ یہ سماجی شعور کی وہ برتر سطح ہے جو میرے آقا و مولا نے اپنے کمال فکر، ندرت احساس اور عظمت کردارکے ذریعہ اجاگر فرمائی نوع بشر کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اجتماعیت، رفاقت، باہمی تعاون، دوستی اور خدمت کے جن اعلی اصولوں اور پاکیزہ روایات سے عملاً روشناس کرایا اس کی مثال تاریخ عالم میں کہیں اور نہیں ملتی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طرز حیات میں جو فطری بے ساختگی نظر آتی ہے وہ کائنات میں سب سے یکتا اور انمول ہے حسن کردار کا ایسا خزانہ جو دنیا والوں کے لئے ہمیشہ آئیڈیل رہے گا۔ خطاب کرنے والے علمائے کرام میں مولانا بشارت حسین ثقافی، مولانا اسماعیل نعیمی،مولانا حافظ عبد المجید مدنی تھے جامع مسجد طیبہ کے امام مولانا نور الہی نقشبندی نے کہا میلاد کانفرنس حسب روایت ہر سال ہوگی جوکہ پچھلے سال سے جاری ہے ۔واضح رہے پونچھ کے کڑمارہ گاوں میں میلاد کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کافی تعداد میں علماء نے شرکت و عوام نے شرکت کی۔
خشک موسم سے ضلع پونچھ میں شدید سردی
بیماریوں میں مبتلامریضوں کاہسپتالوں میں بھاری رش
عشرت حسین بٹ
منڈی//گزشتہ کئی دنوں سے جہاں پوری ریاست میں موسم میں خشکی پائیی جا رہی ہے وہیں ضلع پونچھ میں بھی موسم خشک ہے جس کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے اور اس خوش سردی کی وجہ سے لوگ متعدد بیماریوں میں مبتلاہورہے ہیںاگرچہ دن کو دھوپ نکلتی ہے مگر تحصیل منڈی کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں شدید وقہرانگیزسردی ہے اور سردی میں کافی شدت پائی جاتی ہے ۔دن کی بنسبت ضلع میں رات کا درجہ حرارت کافی حد تک گر جاتا ہے ۔لوگ شدت کی سردی کی میں مشہور کانگڑی اور گرم ملبوسات پہن کر سردی سے اپنا بچاو کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خشک موسم کی وجہ سے لوگوں میں زکام بخار اور کھانسی کی بیماریاں عام ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں عوام کی کافی حد تک بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے۔ عوام کا ماننا ہے کہ اس سال سردی نے بہت جلد دستک دی ہے اگر موسم اسی طرح سے خشک رہتا ہے تو لوگوں کی پریشانیوں میں کافی حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
students surankote
ڈگری کالج سرنکوٹ کے طلبا کاانتظامیہ کیخلاف احتجاج
آمدن اورپہاڑی سرٹیفکیٹ کے اجراء میں تاخیرپربرہمی کااظہارکیا
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ تحصیل کمپلیکس کے باہر طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس دوران مظاہرے میں بار ایسوسیشن صدر سرنکوٹ ایڈوکیٹ یاسر خان جنجوعہ اور بار جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ ماجد خان نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر بار صدر نے کہا کہ مخلوط سرکار ٹوٹنے کے بعدگورنر راج نافذ ہونے سے پہاڑی ایڈوائزری بورڈ کے ممبران کے اختیارات بھینہ رہے جس سے طلبہ کو کافی مشکلات جھیلناپڑرہی ہیں اور کالج کے طلبہ ہر روز پریشان ہونے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب پہاڑی سرٹیفکیٹ بنانے کے لیے تحصیلدار سے رجوع کیا جاتا ہے تاہم تحصیلدار سرنکوٹ کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کی طلبہ کو سہولت نہیں دی جارہی ہے جس کا ہمیں افسوس ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ پندرہ دنوں سے سرنکوٹ گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلبہ کو تحصیلدار دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ طلبہ نے مظاہرے کے دوران تحصیلدار سرنکوٹ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امتحانات سر پر ہیں اور سکالرشپ فارم دسمبر کی دس تاریخ تک داخل کروائے جانے ہیں۔ اور ہماری سرٹیفکیٹ بنانے کے بجائے ہمیں ٹال مٹول کر کے واپس بھیج دیا جاتا ہے جس سے ہماری تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہمیں آج مجبورہوکر احتجاج کرنا پڑا جب احتجاج کی خبر ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو ملی تو وہ فوراً موقعہ پر پہنچے اور طلبہ و طالبات کو یقین دہانی کروائی کہ جو غریب طلبہ ہیں وہ انکم سرٹیفکیٹ کے ساتھ صرف بی پی ایل کارڈ فوٹو سٹیٹ کاپی لگائیں اور جن کے راشن کارڈاے پی ایل ہیں وہ مکمل رپورٹ پٹواری سے بنوائیں اور تمام لوازمات لے کر آئیں اور پہاڑی سرٹیفکیٹ کیلئے تمام طلبہ وطالبات اپنے کاغذات میرے دفتر میں جمع کروائیں اور ان کو جلد پہاڑی سرٹیفکیٹ مل جائے گی۔
shehnaz ganai
ڈاکٹرشہنازگنائی کابراچھڑمنڈی میں عوامی اجلاس
عشرت بٹ
منڈی//رکن قانون سازکونسل شہنازگنائی نے تحصیل منڈی کی بلاک لورن کے براچھڑگائوں میں عوامی میٹنگ کاانعقادکیاجس میں کثیرتعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پربولتے ہوئے شہنازگنائی نے کہاکہ لوگوں کوبہترطریقے سے خدمات کی فراہمی تبھی یقینی بن سکتی ہے جب زمینی سطح پرموثرگورننس ہو۔انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام میں عوام طاقت کاسرچشمہ ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں ووٹ کی کافی زیادہ اہمیت ہے اورلوگ اپنے ووٹ کاصحیح استعمال کرکے اپنے نمائندے چنتے ہیں۔انہوں نے منتخب ہوئے پنچایت نمائندوں بالخصوص خواتین کومبارکبادپیش کی۔انہوں نے حکومت پرزوردیاکہ وہ فرنٹ لائن فیلڈافسران کے رویے کوپنچایت نمائندوں کے تئیں بہتربنانے کیلئے کہے اورپنچایت نمائندوں کی عزت کرکے انہیں ترقیاتی عمل میں حصہ داربنائیں۔ڈاکٹرشہنازگنائی نے ریاستی گورنرانتظامیہ پرزوردیاکہ وہ زیرالتواسڑک پراجیکٹوں کی تکمیل کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دیہات کاانحصار سڑکوں پرہے اوراسی طرح ایریگیشن کے جال کوبھی وسیع بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آبی وسائل کابہترڈھنگ سے استعمال یقینی بن سکے۔گنائی نے کہاکہ خواتین کوبااختیاربنایاجاناچاہیئے اوران کے ساتھ کوئی بھی امتیازنہیں برتناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ پنچایتی راج بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ منتخبہ سرپنچ وپنچ سرکاری محکموں کے کام کاج کی نگرانی کرنے میں کلیدی رول اداکرسکتے ہیں۔انہوں نے اُمیدظاہرکی پنچایتی انتخابات کی تکمیل کے بعدریاست میں تعمیروترقی کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔