مزید خبرں

سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں

شیخ دائود  کالونی بٹہ مالوکے لوگوں کا مطالبہ

سرینگر // شیخ دائوود کالونی بٹہ مالو میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کالونی کی گلی نمبر7میں سٹریٹ لائٹس نصب نہیںہیں جس کے نتیجے میں لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صبح اور شام علاقے میں اس قدر کتوں کے جھنڈ موجود ہوتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر خوف محسوس ہوتا ہے جبکہ کتوں کی موجودگی کی وجہ سے علاقے میںصبح کے وقت ٹیوشن کیلئے جانے والے طلباء کو بھی انتہائی مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔انہوں نے بتایا کہ کتے نہ صرف رات کو یہاں اپنا ڈھیرا جمائے بیٹھے ہوتے ہیں بلکہ دن میں بھی کتوں کی بڑی تعداد وہاں موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیر پر جمع ہوتی ہے جس سے سکولی بچوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی آمد ورفت کے دوران مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے ایس ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں۔
 

عوامی مجلس عمل حلقہ صدرلالچوک مشتاق وانی کی اہلیہ کا انتقال

میر واعظ کا اظہار تعزیت،تنظیمی وفد کی فاتحہ خوانی میں شرکت  

سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ و حریت(ع) چیرمین میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق نے تنظیم کے ایک سرکردہ عہدیدار اور حلقہ لالچوک کے صدر مشتاق احمد وانی سکونت سرائے بالا حال بڈشاہ نگر نٹی پورہ کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مشتاق احمد وانی کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔اس دوران میرواعظ کی ہدایت پر تنظیم کا ایک وفد یوتھ رہنما مشتاق احمد صوفی ،پیر غلام نبی اور  فارو ق احمد سوداگر پر مشتمل بڈشاہ نگر نٹی پورہ گیا جہاں مرحومہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعائیہ مجلس میں شرکت کے ساتھ ساتھ مرحومہ کو خراج عقیدت اور مشتا ق احمد وانی کی لالچوک سمیت ملحقہ علاقہ جات میں تنظیمی اور تحریکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور سربراہ تنظیم اور قیادت کی جانب سے وانی تک تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔اس بیچ میرواعظ نے تنظیم کے ایک اور سرکردہ رکن اور میرواعظ خاندان کے محب رشید احمد خان سکونت بوٹہ کدل لالبازار کی اہلیہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور رشید احمد خان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔
 

اقبال آباد بمنہ میں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ 

سٹی رپورٹر
 
سرینگر//اقبال آباد بمنہ میں سڑکوں کی خستہ حالی سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اقبال آباد لین 4کی سڑکیں خستہ حال ہیں ۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ ایک طویل عرصے سے علاقے کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے اور متعلقہ محکمہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہون نے کئی بار متعلقہ حکام سے شکایات کیں تاہم کوئی بھی توجہ نہیں دی گئی ۔معمولی بارشوں کے وقت یہان کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں اور جگہ جگہ گہرے گڑھے ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اور راہگیہروں کی آمد ورفت انتہائی مشکل بن جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس کثیر آبادی والے علاقے کے لوگوں کی مشکلات کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور بار بار شکایات متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائے جانے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اس جانب فوری توجہ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اقبال آباد بمنہ کے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں کی سڑکیں قابل آمد ورفت بنائی جائیں۔انہوں نے انتظامیہ سے گذارش کی کہ اس سڑک پر فوری طور مرمت اور میگڈم بچھائے جانے کا کام شروع کیا جائے ۔
 

سابق وزیر اعلیٰ غلام محمد شاہ کی برسی آج

برفباری کے پیش نظر اجتماع کا پروگرام منسوخ

سرینگر// عوامی نیشنل کانفرنس کے بانی صدر اورسابق وزیر اعلیٰ مرحوم غلام محمد شاہ کی دسو یں برسی کی تمام تقریبات برف باری اور موسم کی خرابی کے پیش نظر فی الحال منسوخ کی گئیں ۔البتہ مرحوم کے قبرستان پر حسب دستور قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریب میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔صرف 6   جنوری کو دن کے ایک بجے ہوٹل ریڈیسن (گرینڈ ممتاز ہوٹل ) میں منعقد ہونے والے اجتماع کا پروگرام منسوخ کیا گیا۔
 

خانیارمیں منشیات فروش گرفتار 

سرینگر// پولیس نے خانیار میں ناکہ چیکنگ کے دوران نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس اسٹیشن خانیار سے وابستہ ایک ٹیم نے ناکہ لگایا جس دوران اویس احمد گلہ ولد عبد الاحد ساکنہ حبہ کدل کو روک کر اُس کی جامہ تلاشی لی گئی۔ چنانچہ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کے قبضے سے 183 نشیلی ادویات کی ٹکیاں برآمد کرکے ضبط کی گئیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 01/2019کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔