مزید خبرں

راجوری جوینائل جسٹس ایکٹ کی پاسداری کرنے والا پہلا ضلع

جسٹس مسعودی نے جوینائل جسٹس پر کیپسٹی بلڈنگ ورکشاپ کا افتتاح کیا 

راجوری//راجوری عنقریب ریاست کاایسا پہلا ضلع ہوگا جہاں جوینائل جسٹس ایکٹ کی مکمل پاسداری ہوگی اور اس سلسلے میں تمام مطلوبہ ڈھانچہ دستیاب ہوگا۔ان باتوں کا اظہار سلیکشن کم اوور سائیٹ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس ( ر) حسنین مسعودی نے ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ضلع کے ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد بھی موجود تھے۔ضلع میں پہلے ہی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی، جوینائل جسٹس بورڈ،ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور سپیشل جوینائل پولیس یونٹ کا قیام عمل میں لایاگیا ہے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ ضلع میں 15؍ فروری 2019ء تک قواعد و ضوابط کے تحت دیہی سطحی کی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں او بلاک سطح کی چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ان کمیٹیوں کے قیام سے ضلع میں جوینائل جسٹس ایکٹ کی مکمل عمل آوری یقینی بنے گی۔آئی سی پی ایس کی منیجنگ ڈائریکٹر جی اے صوفی ، ایس ایم ڈی اور آئی سی پی ایس کے ممبرسیکرٹری اس مقصد کے لئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم کریں گے۔میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی لیا گیا کہ سی سی آئی کو موجودہ عمارت سے کسی مناسب جگہ منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع انتظامیہ نے راجوری میں سی سی آئی کی تعمیر کے لئے پہلے ہی 15کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔
 

ٹریکٹر حادثے میں 2زخمی 

راجوری //راجوری کے کیری اگراتی علاقے میں پیش آئے ایک ٹریکٹر حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ٹریکٹر زیر نمبر JK11B 3672سڑک پر چلتے ہوئے الٹ کر کھیتوں میں جاگرا جس کے نتیجہ میں ڈرائیور راکیش کمار اور اس کاایک ساتھی زخمی ہوئے جن دونوں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہیں۔
 

نوپنال میں پانی کی شدید قلت 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //نوپنال پنچایت کے محلہ لاڑیاں میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے عوام پریشان ہیں ۔ لاڑیاں محلہ کے لوگوں نے بتایاکہ وہ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس گئے ہیں اور محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کی طرف سے ایک ماہ میں محض دو مرتبہ پانی سپلائی کیاجاتاہے اور محکمہ کے ملازمین انتہائی درجے کی لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ان کاکہناہے کہ عارضی ملازمین ہڑتال پر ہیں جبکہ مستقل ملازمین اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام ثابت ہورہے ہیں ۔ مقامی شہریوں روشن سنگھ ، رام لعل ،جیون سنگھ ، جوگندر سنگھ وغیرہ نے محکمہ کے افسران سے اپیل کی کہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے ۔
 

۔23گاڑیاں ضبط 

۔ 40ڈرائیوروںپر جرمانہ 

راجوری//ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے پر حکام نے راجوری میں 23 گاڑیوں کو ضبط کرتے ہوئے 40 ڈرائیوروں کیخلاف جرمانہ عائد کیاہے۔ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر پولیس کی مختلف ٹیموں نے کئی مقامات پر ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران ڈرائیوروں کو قوانین شکنی کرتے ہوئے پایاگیا۔اس دوران پولیس نے تئیس گاڑیوں کی ضبطی عمل میں لائی جن کے ڈرائیوروں کے پاس کاغذات نہیں تھے ۔اس کے ساتھ ہی چالیس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف جرمانہ عائد کیاگیا۔
 

ہاڑی کو آر بی اے کادرجہ دینے کی مانگ 

بختیار حسین 
 
سرنکوٹ// نو منتخب سرپنچ ہاڑی لوور لیفٹ سکندر نورانی کی زیر قیادت ایک وفدپونچھ میں ریاستی گورنر مشیر خورشید احمد سے ملاقی ہوا ۔وفد نے مانگ کی کہ ہاڑی گائوں کو آر بی اے کا درجہ دیا جائے کیونکہ یہ علاقہ سرنکوٹ صدر مقام سے پندرہ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے جہاں بنیادی سہولیا ت بھی فراہم نہیں ۔وفد کے ارکان نے کہاکہ علاقے کیلئے پانی کی چار لفٹ سکیمیں منظور کی جائیں اور بفلیاز سے منڈی تا پھاگلہ سڑک کاکام مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس روڈ کو موہڑہ بچھائی سے جوڑا جائے ۔نورانی نے کہا کہ موہڑہ بچھائی سے ہائی اسکول ہاڑی تک ایک لنک روڈ جلد نکالی جائے تاکہ اسکولی بچے پریشان نہ ہوں اور وہ وقت پر اسکول پہنچ سکیں ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کھمبے اور ترسیلی لائنیں فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کی پنشن لگائی جائے اور انہیں بی پی ایل زمرے میں رکھاجائے ۔گنائی نے تمام مطالبات سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔
 

مینڈھر کے نو منتخب سرپنچوں کی گنائی سے ملاقات 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//مینڈھر سے تعلق رکھنے والے نومنتخب سرپنچوں کا ایک وفد سرپنچ چھجلہ امان اللہ چوہدری کی قیادت میں ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سے ملاقی ہوا۔ڈاک بنگلہ پونچھ میں ملاقات کرنے والے اس وفد نے گنائی سے مینڈھر سب ڈویژن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی مانگ کی ۔وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ مینڈھر سب ضلع ہسپتال میں کوئی بھی سپیشلسٹ ڈاکٹر موجود نہیں جس سے لوگوں کو کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے فوری طور ڈاکٹروں کی خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے پر زور دیا تاکہ مینڈھر علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو در در کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں۔ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر کے اندر بجلی ،پانی اور سڑکوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے لہٰذا بجلی وپانی جیسی اہم سہولیات کی لوگوں تک پہنچایا جائے کیونکہ مینڈھر میں بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول نہیں اور محکمہ من مرضی سے کام لے رہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ زمینی سطح پر پانی کی سپلائی کا حال انتہائی خراب ہے اور لوگوں کو پینے کا پانی فراہم نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ مینڈھر میں سڑکوں کی حالت بھی خستہ ہے جن پر تارکول بچھانے اور مرمت کیلئے مزید رقومات واگزار کی جائیں ۔وفد میں منی سیکریٹریٹ مینڈھر کی عمارت کے ادھورے کام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے رقومات واگزا رکی جائیں ۔گنائی نے تمام مطالبات سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔
 

راٹھورکی قیادت میں وفد گنائی سے ملاقی 

پونچھ //نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر پونچھ باغ حسین راٹھور کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے گورنر کے مشیر خورشید گنائی سے ملاقات کرکے انہیں اس سرحدی خطے کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر راٹھور نے مانگ کی کہ سرحدی علاقوں میں پولیس اور ایس پی اوز کی بھرتی کی اسامیوں کی تعداد بڑھائی جائے اورتاربندی کو مزید پیچھے کیاجائے تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہوسکے ۔انہوں نے عارضی ملازمین کی ملازمت کو مستقل بنانے ،ٹھیکیداروں کی بقایا رقومات واگزار کرنے، راشن ، تیل خاکی اور کھانڈ فراہم کرنے ،خستہ حال سڑکوں کی حالت بہتر بنانے ،ایس ایس اے اساتذہ کو ساتویں تنخواہ کمیشن کا فائدہ دینے ، الیکشن ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے اور پنچایتوں کے مالی /چوکیداروں کے مسائل حل کرنے کی مانگ کی ۔راٹھور نے کہاکہ گورنر راج کو لوگ تبدیلی کے طور پر دیکھ رہے تھے لیکن ابھی تک زمینی سطح پر کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی اور مسائل جوں کے تو ں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں اور بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جائیں ۔
 
 

ایس ڈی پی او تھنہ منڈی کے اعزاز میں الوداعیہ 

تھنہ منڈی //طارق شال // تھنہ منڈی کے ڈاک بنگلہ میں سابق سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کے تبادلہ پر ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیا سی کارکنان،سابق پنچائتی نمائندگان اوربیوبارمنڈل اراکین نے شرکت۔ اس تقریب کا اہتمام میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے نو منتخب صدر شکیل احمد میر کی طرف سے کیاگیاجس میں صدر بیو پار منڈل تھنہ منڈی حاجی غلام محی الدین عارف بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے ایس ڈی پی او کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران احسن طریقہ سے خدمات انجام دیں اور عوام کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کئے ۔انہوں نے کہا کہ افتخار احمد چوہدری نے عوام کو احساس مہیا کیا جس میں ہر شخص تحفظ محسوس کررہا ہو۔ انہوں نے پولیس افسر کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس دوران افتخار احمد چوہدری نے کہاکہ تھنہ منڈی میں دو سال کی تعیناتی کے دوران انہیں بے حد پیار ملا ۔اس موقعہ پر سول سوسائٹی تھنہ منڈی کے چیئر مین شمیم احمد مغل، مشتاق احمد شال، حاجی محمد اقبال رینہ، محمد اسلم گنائی، محمد حنیف چوہدری، ماسٹر عبدالغنی شال، محمد ریاض سمیال، نور حسین سرپنچ، حاجی مقبول رینہ، سردار شوکت جاوید،ایڈووکیٹ نوید انجم شال، ایڈووکیٹ ارشد سمیال، عبدالحمید ڈار، محمد حنیف کملاک، نذیر احمد گنائی ، منصور احمد رینہ وغیرہ بھی موجو دتھے۔
 

منکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس منعقد 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//زون منکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت زونل صدر محمد الیاس چوہدری نے کی ۔اس موقعہ پر اساتذہ نے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کی کہ پانچ سال مکمل کرنے والے اساتذہ کو مستقل زمرے میں لایاجائے اور ان کی فائلیں جو ڈائریکٹر دفتر کی دھول چاٹ رہی ہیں ،کو فوری طور پر منظور کیاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ خطہ پیر پنچال کے کئی رہبر تعلیم اساتذہ اپنی معیاد پوری کر چکے ہیں جنہیں مستقل کیاجاناچاہئے تاہم گورنر انتظامیہ نے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ فورم کے جنرل سکریٹری مشتاق چوہدری نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں اور پنچایتی اور میونسپل الیکشن میں ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے ۔اجلاس میں سینئر وائس صدر رفیق چوہدری ،نائب صدر جاوید منیر،پرویز چوہدری،سلیم جٹ،مختار نذیر، ظفر چوہدری، ایاز خان، رحمن ،علی شاہ،یاور عباس،ذوالفقار چوہدری،رئیس خان اور محبت چوہدری نے شرکت کی۔
 
 

پی ایچ ای کے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرسراپا احتجاج 

حسین محتشم
 
پونچھ//پی ایچ ای ایمپلائز یونین کے زیراہتمام محکمہ کے آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرز مطالبات کے حق میں محکمہ کے مین پمپنگ سٹیشن پرساڑھے چار ماہ سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔منگلوار کو ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنا اور مظاہرہ جاری رکھا گیا جس دوران ایک بار پھر انہوںنے محکمہ کے افسران کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔آئی ٹی آئی ڈپلومہ ہولڈرز یونین پونچھ کے ضلع صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری اوراور دیگر مقررین نے کہا کہ گورنرانتظامیہ  ایک طرف نئی نوکریاں فراہم کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف کئی کئی سال سے عارضی بنیاد پر کام کرنے والے ملازمین کو نہ ہی مستقل کیاجارہاہے اور نہ ہی ان کی تنخواہ واگزار کی جارہی ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ ان میں سے بیشتر اپنی عمر کی بالائی حد عبور کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ساڑھے چار ماہ سے لگاتار احتجاج کر رہے ہیں لیکن گورنر انتظامیہ کو ٹس سے مس نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کی خبرگیری تک نہیں لی جارہی اور الٹا ان کو دھمکایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گورنر انتظامیہ کا یہی رویہ رہا تو وہ بھوک ہڑتال شروع کردیں گے ۔ ان ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی کئی سال سے دور افتادہ علاقوں میں عوام کو پانی کی سہولیات پہنچا رہے ہیںمگر انہیں وقت پرمعمولی سی تنخواہ بھی نہیں ملتی ۔انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ ان کے مستقلی کے احکاما ت جاری کئے جائیں۔
 

دور دراز علاقہ جات کے طلاب کو مشکلات کاسامنا

تھنہ منڈی میں بورڈ کے سب آفس کے قیام کا مطالبہ

طارق شال
 
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی طلبا یونین نے نوشہرہ اور کوٹرنکہ کی طرح جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے سب آفس کے قیام کا مطالبہ کیاہے۔ ماڈل بوائز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی، گرلزہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی، ایم ای ٹی بابا غلام شاہ بادشاہ ہائر اسکنڈری اسکول، کیرالائٹ پبلک ہائر اسکنڈری اسکول، لٹل اینجلز ہائر اسکنڈری اسکول اولڈ اور لٹل انجلزہائر اسکنڈری اسکول نہو،ہائر اسکنڈری اسکول بہروٹ، گرلزہائر اسکنڈری اسکول پلانگڑھ،ہائی اسکول راجدھانی، ہائی اسکول شاہدرہ شریف، ہائی اسکول منگوٹہ،ہائی اسکول منہا ل، ہائی اسکول عظمت آباد اور آفتاب میموریل ہائی اسکول پرانہ تھنہ میں زیر تعلیم دسویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباکو بورڈ کا سب آفس نہ ہونے سے کافی مشکلات کاسا منا کرنا پڑتا ہے۔ اسکے علاوہ ان تین جماعتوں میں پرائیویٹ امتحان میں حصہ لینے والے طلباکو فارم بھرنے اور اسکی فیس جمع کرانے کے لئے بھی راجوری کے کئی کئی چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔مقامی طلباء کاکہناہے کہ ان کیلئے باربار راجوری جانے کیلئے پیسے بھی نہیںہوتے اور وہ اس پریشانی سے تنگ آچکے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ حکومت تعلیم کو فروغ دینے کی باتیں کررہی ہے لیکن انہیں بورڈ کی سہولت میسر نہیں ۔ سٹوڈنٹس یونین تھنہ منڈی نے چیئر مین سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن سے مطالبہ کیاکہ نوشہرہ اور کوٹرنکہ کی طرح تھنہ منڈی میں بھی ریاستی بورڈ کا سب آفس کھولا جائے تاکہ مستقبل میں انہیں مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے نہ ہوں۔رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ سکریٹری بوڑ آف اسکول ایجوکیشن اشوک کمار دتا نے کہاکہ اس سلسلے میں لوگوں بالخصوص سرپنچوں ، پنچوں اور طلباء یونین کی طرف سے میمورنڈم ریاستی گورنر اور بورڈ کے چیئرمین کو بھیجاجاناچاہئے تاکہ اس مطالبے پر کوئی فیصلہ لیاجاسکے۔