جوڑیاں کرکٹ پریمیرلیگ کااہتمام
جموں//نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھارلانے کے مقصدسے فوج کی جانب سے جوڑیاںکرکٹ پریمیرلیگ کااہتمام کیاگیاجس میں جوڑیاں،کھوڑ،اکھنور،منچک، چک، دیوی پوراورمنڈی والادیہات کے نوجوانوں نے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے سلسلے میں ضلع اکھنورکی 12 ٹیموں نے اندراج کرایا۔ٹورنامنٹ کامقصد نوجوانوں کوپلیٹ فارم مہیاکرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ تعلقات کوبہتربناناہے ۔ مقامی لوگوں نے فوج کاکرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقادکے فیصلے کوسراہتے ہوئے فوج حکام کاشکریہ اداکیاہے۔
دوروزہ گوجری لوک موسیقی میلہ 3 اور4 فروری کوہوگا:ڈاکٹرشاہنواز
جموں//ریاستی کلچرل اکادمی 3، اور 4 فروری کو کے۔ ایل سہگل حال میں دو روزہ گوجری لوک موسیقی میلہ کا اہتمام کر رہی ہے جس میں ریاست بھر سے نامور گوجری گلو کار اور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اوراس گوجری لوک موسیقی میلے میں کثیرتعدادمیںمعززین کی شرکت متوقع ہے۔ان خیالات کااظہارسربراہ شعبہ گوجری ریاستی کلچرل اکادمی ڈاکٹر شاہ نواز نے یہاں جاری پریس بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اکادمی تاریخ میں یہ ایسا پہلا لوک موسیقی کا میلہ ہوگا جسے بڑے پیمانے پر تیاریوں کے ساتھ منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گوجری ثقافت کے تحفظ کے ایسے اقدامات کرنے پڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عزیز حاجنی سیکرٹری اکادمی کی نگرانی میں شعبہ گوجری نے نئی بلندیوں کی طرف پیچھلے تین سالوں سے جس کمال سے کام کیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ہے۔ ڈاکٹر شاہ نے کہ گوجری شعبہ مستقبل قریب میں ایک عظیم الشان کل ریاستی سطح کی گوجری کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں سے تمام گوجری ادبا اور دانشور حصہ لے رہے ہیں جس کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر شاہنواز نے اپنے بیان میں مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ گوجری حضرت میاں نظام الدین لاروی رحمت اللہ علیہ کی روحانی زندگی پر دو روزہ کل ریاستی سیمینار کا انعقاد بھی کرنے جا رہا ہے جس میں ریاست میں بولی جانے والی تمام زبانوں کے اسکالرز اپنے مقالات پیش کریں گے ۔مذکورہ سیمینار کی کارروائی دو دن تک چلے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گوجری شعبے کی سرگرمیوں کوفروغ دے کرگوجری ثقافت کاتحفظ یقینی بناناہے۔
دھوبی ویلفیئرسینٹرل کمیٹی کااجلاس منعقد
اوبی سی طبقہ کے حق میں 27فیصدریزرویشن کامطالبہ
جموں//جموں وکشمیردھوبی ویلفیئرسینٹرل کمیٹی کاایک اجلاس خادم حسین کی صدارت میں منعقدہواجس میں بنسی لال چوہدری ، عبدالقادرنے بطورمہمانان شرکت کی۔اس دوران مقررین نے جموں وکشمیرمیں اوبی سی طبقہ کے حق میں 27 فیصدریزرویشن لاگونہ ہونے پرتشویش ظاہرکرتے ہوئے اسے اوبی سی طبقہ کے ساتھ ناانصافی قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ اوبی سی طبقہ کودوفیصدریزرویشن دیناایک بھدامذاق اورسازش ہے ۔انوہں نے کہاکہ ریاست میں اوبی سی کی جگہ سازش کے تحت اوایس سی بنایاگیاہے جوکہ اوبی سی طبقہ کے ساتھ کھلی سازش ہے ۔انہوں نے کہاکہ اوبی سی آبادی مراعات سے محروم ہے ۔مقررین نے ریاستی گورنر سے مانگ کی کہ اوبی سی طبقہ کے تحفظات کودورکرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مانگوں کوپوراکیاجائے۔انہوں نے کہاکہ اوبی سی طبقہ کی مانگوں پرمشتمل میمورنڈم ریاستی گورنرکے مشیرخورشیدگنائی کوطبقہ کے ایک ذی شعورافرادکے وفدنے جانکاری دی تھی اوران کی مددسے ایس آراو07 مورخہ 7-1-2019جاری ہوا ۔ انہوں ریاستی گورنرسے پرزوراپیل کی کہ جموں وکشمیرکے اندرسول سیکرٹریٹ سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ ریکارڈ میں اوبی سی کی جگہ ایک سازش کے تحت اوایس سی لکھاگیاہے جسے فوری طورپراوبی سی کیاجاناچاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کمزورطبقات کوفوری طورپرمنڈل کمیشن کے تحت 27فیصد ریزرویشن دی جانی چاہیئے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 72برسوں سے اوبی سی طبقہ ریزرویشن کی مانگ کررہاہے لیکن 27 فیصدریزرویشن نہ ملنے کی وجہ سے اوبی سی طبقہ پچھڑگئے ہیںاورباوقارزندگی جینے کیلئے سہولیات ومراعات سے محروم ہیں۔
پی ڈی پی کے صوبہ جموں کے لیڈران کااجلاس منعقد
جموں//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے صوبہ جموں کے لیڈران کاایک اجلاس پارٹی کے ریاستی نائب صدرچوہدری عبدالحمیدکی صدارت میں منعقدہواجس میں پارٹی کومضبوط کرنے سے متعلق حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ میں تمام دس اضلاع کے ضلع صدوروپارٹی کارکنان نے حصہ لیا۔اس موقعہ پرپارٹی لیڈران نے پی ڈی پی کوزمینی سطح پرمضبو ط کرنے پرزوردیاگیا۔اس دوران خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی ایک ایسی جماعت ہے جس نے ریاست میں انقلاب لایا اورریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کیلئے کام کیا۔اس دوران متعددقرارداد بھی پیش کیں گئی اوریہ کہاگیاکہ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے پارٹی کارکنان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔میٹنگ میں ایف سی بھگت، آرکے بالی، فلیل سنگھ ،سرجیت کور،راجندرمنہاس، امریک سنگھ رین، نریندرسنگھ رینہ ، اشوک جوگی، ایس کے رینہ، سکھویندرسنگھ، ست پال چاڑک ،ہرمیش سلاتھیہ، چمن لال منیال، ایس ایس سنگرال، اعجازمرزا، شفیق الرحمان، ناصررفیق ملک، سوہت شرما، رچھپال سنگھ بلوریہ، دویندرڈوگرہ، چھترسنگھ سینی ، پرویزوفا، حافظ وانی،محمداقبال بٹ، موہندرکوتوال، انو،ای پیٹر،درشن منگوترہ ودیگران شامل تھے۔
نائب مہتمم دارالعلوم دیو بند کی جموں آمد جمعہ کو
بٹھنڈی جامع مسجد میں خطاب،کتاب کا اجراء کریں گے
عظمیٰ نیوز
جموں//نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند پہلی بار جموں تشریف لا رہے ہیں جہاں وہ ایک دینی مجلس کو خطاب کرنے کے علاوہ سیرت پر قلمبند کی گئی ایک کتاب کی رونمائی بھی کریں گے۔ یہا ں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلی کی آئندہ 18 جنوری بروز جمعہ جموں آمد متوقع ہے ، یہ ان کا سرزمین جموں کا پہلا دورہ ہوگا ۔ مولانا موصوف30: 12بجے جامع مسجد مدینہ ہلز بٹھنڈی میں خطاب فرمائیں گے جو نماز جمعہ تک جاری رہے گا۔ اس دوران سیرت رسولؐکے موضوع پرجامعہ مرکز المعارف کے صدر مفتی فیض الوحید کی نئی کتاب ’’سراجا منیرا‘‘ کا اجراء بھی کریں گے۔منتظمین نے خواتین و حضرات کو شرکت کی دعوت دی ہے اور بتایا گیا ہے کہ مستورات کیلئے بھی مذکورہ وقت پر ہی دار ارقم میںنظم کیا گیاہے۔
ایس ایم سی مئیر گورنر سے ملاقی
جموں //سرینگر میونسپل کارپوریشن کے مئیر جنید عظیم متو نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ متو نے گورنر کو عوامی خدمات سے متعلق ایس ایم سی کی طرف سے بہتر کارکردگی یقینی بنانے کے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے ایس ایم سی کی طرف سے متعلقہ علاقے میں صحت و صفائی یقینی بنانے کے سلسلے میں کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ گورنر نے متو کو ایس ایم سی کے مئیر کے طور پر چارج سنبھالنے پر مبارکبادی اور سرینگر شہر کو صاف اور شفاف رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے متو کو شہر سرینگر کے لوگوں کیلئے تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے بھی زور دیا ۔
اتر پردیش کے وزیر کی مملکت ستیہ پال ملک سے ملاقات
جموں //اتر پردیش کے دیہی ترقی ، صحت و طبی تعلیم کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیندر کمار سنگھ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈاکٹرسنگھ اور گورنر نے ملک کے دور دراز علاقوں میں طبی خدمات اور دیہی علاقوں میں ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ بات چیت کے دوران گورنر نے بنیادی سطح پر ترقی یقینی بنانے کیلئے پنچائتی راج اداروں کو استحکام بخشنے کی اہمیت اجاگر کی ۔
ایم ایل سیز ، سابق وزیر اور ارکانِ قانون سازیہ کیول کمارشرما سے ملاقی
جموں //قانون ساز کونسل کے ممبران ، سابق وزیر اور قانون ساز اسمبلی کے سابق ممبران نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں گورنر کے مشیر کیول کمار شرما سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات اور معاملات اُن کے نوٹس میں لائے ۔ ایم ایل سی چرن جیت سنگھ خالصہ نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور ریاست بھر میں سرکاری سطح پر گورو نانک دیو جی کا 50 واں جنم دن منانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع سطح پر سیمنار و دیگر پروگراموں کو منعقد کرنے کی بھی تجویز پیش کی ۔ چرن جیت سنگھ نے جموں یونیورسٹی میں گورو نانک دیو چئیر قایم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تا کہ گورو نانک دیو جی کی فلاسفی اور تعلیمات پر تحقیق کا کام شروع کیا جا سکے انہوں نے ریل ہیڈ پر گورو نانک بھون تعمیر کرنے اور سکھ ہیری ٹیج کو محفوظ رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ کیول کمار شرما نے یقین دلایا کہ محکمہ خزانہ محکمہ تمدن کی طرف سے اس معاملے پر غور و خوض کر کے ضروری تعاون فراہم کرے گا ۔ ایم ایل سی وبود گپتا نے راجوری میں فلٹریشن پلانٹ کی طرف مشیر موصوف کی توجہ مبذول کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کیلئے ایک سال قبل ٹینڈر الاٹ کئے گئے تھے لیکن اب تک اس پروجیکٹ پر ضروری کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ مشیر موصوف نے صحت عامہ کے چیف انجینئر سے اس پروجیکٹ کے بارے میں فون پر جانکاری حاصل کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ کا ڈیزائین پروجیکٹ کیلئے رکاوٹ ثابت ہوا ۔ مشیر موصوف نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میںضروری اقدامات کریں ۔ دریں اثنا سابق وزیر سنیل شرما کی قیادت میں کشتواڑ میں محکمہ جنگلات میں کام کر رہے ڈیلی ویجروں کا ایک وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنی ملازمتوں میں باقاعدگی لانے کا مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو گریونس کمیٹی میں اٹھائیں گے تا کہ سرکاری ملازمین کی شکایت دور کی جا سکے ۔ سابق وزیر نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آر یو ایس اے کے تحت ڈگری کالج پاڈر کو منظوری دی ۔ سابق ممبر قانون سازیہ راجوری چودھری قمر حسین نے اپنے حلقہ انتخاب میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑک مکمل کرنے اور ٹرانسفارمر اور ہینڈ پمپوں کو نصب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سابق رُکنِ قانون ساز اسمبلی گاندر بل شیخ جبار نے مشیر موصوف کو اپنے حلقہ انتخاب میں نئے گاندر بل ہائیڈرو پروجیکٹ اور خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی مرمت کا مطالبہ کیا ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ شیخ جبار کے مطالبات کو پورا کریں ۔ بعد میں ریٹائیرڈ انجینئروں کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے مطالبات پیش کئے ۔
محکمہ تعلیم میں کام کر رہا کنٹریکچول عملہ
گنائی کا ملازمتوں میں باقاعدگی لانے پرتبادلہ خیال
جموں //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے یہاں سکولی و اعلیٰ تعلیم محکموں کی طرف سے کنٹریکچول بنیادوں پر اساتذہ سے متعلق اُن کی ملازمتوں کو باقاعدگی یقینی بنانے کیلئے ایک افسروں کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ انہوں نے سکولی تعلیم کے سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ سکولی تعلیم میں ایسے کنٹریکچول عملے کو ایک ماہ مزید 15 فروری 2019 تک اُن کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کے احکامات جاری کریں ۔
مرکزی فائنانس سیکرٹری کی میٹنگ
ریاست جموں و کشمیر سے متعلق امور کا جائیزہ لیا
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی فائنانس سیکرٹری اے این جھا نے ایک میٹنگ میں ریاست جموں و کشمیر سے متعلق مختلف مالی معاملات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، کمشنر سیکرٹری بجلی اور محکمہ خزانہ کے افسران کے علاوہ مرکزی وزارت بجلی اور دیگر محکمہ جات نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بجلی کی خرید سے متعلق واجبات کیلئے سٹیٹ بانڈ کے تحت 3500 کروڑ روپے حاصل کرنے سے متعلق روڈ میپ کو منظوری دی گئی ۔ میٹنگ پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے نوین چودھری نے کہا کہ فائنانس اور بجلی محکموں کی طرف سے ان امور کو نمٹانے کیلئے ضروری کاروائی کی جائے گی ۔
سی ای اونے انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائیزہ لیا
جموں //چیف الیکٹورل افسر شلیندر کمار نے آج ضلع انتخابی افسروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں ریاست میں آنے والے انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوںنے ضلع انتخابی افسروںسے انتخابات کے احسن انعقاد سے متعلق اُن سے تجاویز حاصل کیں ۔ میٹنگ میں ضلع رابطہ سنٹروں کے قیام ، پولنگ سٹیشنوں میں ضروری لوازمات کی دستیابی ، ووٹنگ مشینوں کی ضروریات ، ویب کاسٹنگ ، کمیونی کیشن پلان ، ٹرانسپورٹ پلان اور دیگر تمام لوازمات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ سی ای او نے تمام افسروں کو ضروری انتظامات وقت پر دستیاب کرانے اور شہریوں کی سہولیت کیلئے تربیت یافتہ اہلکاروں کو تعینات کرنے سمیت بوتھ لیول افسران کو انتخابی عمل سے متعلق تربیت دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں کو انتخابی عمل کے احسن انعقاد کیلئے تعاون دینے اور اُن کی شکایات کا نمٹارہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انتخابی فہرستوں کی تشکیل نو کی سراہنا کرتے ہوئے انہوں نے متعلقین کو مبارکباد دی ۔ اس کے تحت 307984 نئے ووٹروں کا اندراج کرایا گیا ہے جو گذشتہ چار برسوں میں سب سے زیادہ ہے اس کے علاوہ 125931 ووٹروں کو فہرست سے ہٹا کر 94659 معاملات کی درستگی کی گئی ۔ متعلقہ افسروں نے چیف الیکٹورل افسر کو انتظامات کے بارے میں مدلل جانکاری فراہم کی ۔ میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں ، جوائینٹ سی ای او اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔