۔41ہزار رہبر تعلیم اساتذہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم
جموں //جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ریاست میں 41ہزار ٹیچروں کو تنخواہ نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان رہبر تعلیم ٹیچروں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔یہاںجاری ایک پریس بیان میں جموں وکشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ریاستی چیئر مین ایف اے تانترے نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ ٹیچروں کو سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جیسے ہی ٹیچروں کی جانب سے احتجاج شروع کیا جاتا ہے تب ریاستی انتظامیہ ایک ماہ کی تنخواہ دیتی ہے جبکہ اس کے بعد ان ٹیچروں کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے ان ٹیچروں کی روز مرہ کی زندگی پوری طرح سے متاثر ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رہبر تعلیم ٹیچروں کے کئی وفد نے ریاستی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدایداران کیساتھ ملاقات کر کے مسائل کے سلسلہ میں آگاہ کیا ہے لیکن ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ہر بار یقینی دہانیاں کروائی گئی لیکن عملی طور پر اس سلسلہ میں کچھ بھی نہیں کیا جا سکا ہے ۔جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے کہا کہ اگر ان ٹیچروں کی تنخواہ جلداز جلد وگزار نہیں کی گئی تو اس سلسلہ میں وہ دوبارہ سے احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے ۔فورم نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ٹیچروں کو درپیش مسائل کو حل کروانے کیلئے ذاتی مداخلت کریں ۔
جمکاش وہیکل کاجانی پور میں ورکشاپ قائم
جموں //جمکاش وہیکل لمیٹیڈ کی طرف سے جانی پور میں ایک ورکشاپ اور باڈی شاپ قائم کی گئی ۔اس ورکشاپ کا افتتاح ریجنل سروس منیجر MSIL راکیش نگر کی جانب سے دیگر اراکین کی موجودگی میںکیا گیا ۔اس ورکشاپ میں میکینکل کے 5سیکٹر اور باڈی شپ کے بھی 5سیکٹر قائم کئے گئے ہیں جبکہ ان سیکٹروں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس سازو سامان رکھا گیاہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ایگز یکٹو ڈائریکٹر رتن سنگھ نے کہاکہ جمکاش کی جانب سے مزید ورکشاپ کھولنے کا اصل مقصد جانی پور اور ملحقہ علا قوں کے صارفین کو بہتر ین سہولیات فراہم کر نا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جمکاش کی طرف سے جموں ،سرینگر ،ادہم پور ،پٹھا نکوٹ ،کانگڑہ ،نئی دہلی ودیگر جگہوں پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔
۔175کلو فکی کیساتھ 1گرفتار
جموں // پولیس نے منشیات کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے 175کلو فکی کیساتھ ایک اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق جموں سرینگر قومی شاہراہ پر نگروٹہ علا قہ میں پولیس کی جانب سے ایک ناکے دوران ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران 175کلو گرام فکی ضبط کر تے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔اس ملزم کی پہچان نتن شرما سکنہ آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم نے اپنی گاڑی میں مخصوص ڈبوں میں فکی کو چھپایا تھا اور وہ اس کو کشمیر سے بیرون ریاست لے جارہا تھا۔ مذکورہ ملزم کو گرفتار کر کے معاملہ در ج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
۔12برس بعد مفرور پولیس شکنجے میں
سانبہ //سانبہ پولیس نے 12برس بعد ایک مفرور شخص کو گرفتار کر کے اس پر درج معاملے کی تحقیقات دوبارہ سے شروع کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن سانبہ میں 2006میں درج ایک مقدمے زیر ایف آئی آرنمبر 145/2006 میں مطلوب شخص ہرمیت سنگھ ولد جوگیندر سنگھ کو مانسر موڑ سے ایک خفیہ جانکاری ملنے کے بعد گرفتار کر لیا او ر اس پر درج مقدمے کی تحقیقات دوبارہ سے شروع کر دی ۔
آئی ٹی آئی کالج جموںمیں سوچھ ابھیان شروع
جموں //گور نمنٹ آئی ٹی آئی کالج جموں کی جانب سے سوچھ ابھیان کے تحت دو روزہ صفائی مہم شروع کی گئی ۔اس صفائی مہم میں گورنمنٹ آئی ٹی آئی کالج بوائز اور گرلز کے 2سو سے زائد طلباء شرکت کر رہے ہیں ۔اس صفائی مہم کو شروع کر نے کا اصل مقصد طلباء کو صفائی ستھرائی اور قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے بیدار کرنا ہے ۔صفائی مہم کے دوران کالج پرنسپل کے علا وہ دیگر سٹاف ممبران بھی موجودتھے ۔کالج پرنسپل نے کہاکہ قدرتی ماحول کو صاف رکھنے کے سلسلہ میں سماج کو بیدار کرنا اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا ہر ایک فرد کا بنیادی فرض ہے ۔اس صفائی مہم کے دوران طلباء کی جانب سے تمدنی پروگرام ،سمپوزیم وغیرہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔
شراب کی 52بوتلیں ضبط، 1گرفتار
جموں //جموں پولیس نے شراب کی 52بوتلوں کیساتھ ایک شخص کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او بشناہ کی قیادت میں لگا ئے گئے ایک ناکے کے دوران ایک راہگیر کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے قبضہ سے شراب کی 52بوتلیں ضبط کر لی گئی ۔پولیس نے ملزم جس کی شناخت یشپال ولد مدن لعل کے طور پر ہوئی ہے ،کو گرفتار کر کے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 06/2019درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
میڈیکل افسروں کی فہرست اجرا ٔ کئے جانے کا خیر مقد م
جموں//ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے لداخ خطے کے دور دراز علاقہ جات کے لئے میڈیکل افسروں کی سلیکشن لسٹ جاری کئے جانے کی عمل کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت خطے کے دو ردراز علاقوں میں طبی خدمات کی بہتری میں کافی مدد ملے گی۔چیئرمین نے تمام منتخب میڈیکل افسروں کو تعیناتی کی جگہوں پر حاضری یقینی بنانے پربھی زو ردیا ہے ۔انہوں نے کرگل ضلع میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کو ہرممکنہ مدد دینے کی یقینی دہانی بھی کرائی ہے ۔
جگتی اور شیخ پورہ کالونیوں میں شہتوت کے درخت لگائے جائیں گے: فاروق احمد شاہ
جموں//سریکلچر محکمہ جگتی جموں او ر شیخ پورہ بڈگام مائیگرنٹ کالونیوں میں شہتوت کے درختوں کی شجرکاری کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ یہ جانکاری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور باز آبادکاری کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں دی گئی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سریکلچر / فائنانس ، کمشنر ریلیف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان کالونیوں میں اعلیٰ معیاری 2000 درخت لگائے جائیں گے اور یہ عمل اگلے ہفتے جگتی سے شروع کیا جائے گا۔جبکہ شیخ پورہ میں مارچ میں یہ عمل شروع ہوگا۔سیکرٹری موصوف نے متعلقین نے مذکورہ درختوں کی دیکھ ریکھ کرنے اور دیگر مقامات پر بھی ایسے درخت لگائے جانے کی گنجائشوں کا جائزہ لینے پر زور دیا۔اُنہوں نے اپنے متعلقہ محکمہ سے اس سلسلے میں ہرممکنہ مدد کی یقین دہانی کرائی۔
فاروق شاہ نے آبی پناہ گاہوں کی بحالی کے عمل کا جائزہ لیا
جموں//سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول فاروق احمد شاہ نے مختلف محکمہ جات کے افسروں کی ایک میٹنگ میں ریاست کی آبی پناہ گاہوں ، جھیلوں اور ندی نالوں کو بحال کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر آبپاشی کشمیر ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور کشمیر صوبے کے دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔یہ میٹنگ آبی پناہ گاہوں کی بحالی کے حوالے سے ہائی کورٹ حالیہ حکمنامے کے بعد منعقد کی گئی ۔سیکرٹری نے کہا کہ موجودہ آبی پناہ گاہوں کی بحالی کے لئے ایکشن پلان وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے انہو ںنے افسران کو تن دہی سے کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ 2014ء جیسی سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم سے ملبہ نکالنے اور اس میں پانی سمانے کی صلاحیت میں اضافہ سمیت سرکاری نے کئی اقدامات کئے ہیں ۔انہوں نے موجودہ ندی نالوں کی جیو ٹیگنگ کرنے اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرنے پر بھی زو ردیا۔
بی آر شرما کی والدہ فوت
گورنر اور چیف سیکریٹری کا تعزیت کا اظہار
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے سابق چیف سیکرٹری اور مرکزی وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آر شرما کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے مرحومہ کے روح کی شانتی کیلئے دعا کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری بی و ی آر سبھرامنیم نے ریاست کے سابق چیف سیکرٹری بی آر شرما کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اِظہار کیا ہے۔غمزد ہ کنبے سے ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے آنجہانی کی آتما کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے ۔اُنہوں نے غمزدہ کنبے سے تعزیت کا بھی اِظہار کیا ہے۔
جموں میں نیشنل وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام منعقد
جموں//نیشنل شیڈول کاسٹ ، شیڈول ٹرائب ہب سکیم کی مؤثر عمل آوری کے سلسلے میںکھادی ولیج بورڈ کے سیکرٹری رشید احمد قادری کی صدارت میں ایک روزہ نیشنل وینڈر ڈیولپمنٹ پروگرام منعقد ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری موصوف نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد چھوٹے اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کے کام کاج اور پیداواریت میں اضافہ کر کے ان طبقوں کی سماجی اور اقتصادی حالت میں بہتری لانے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت صنعت کاروں کو اپنی تیار کردہ اشیاء کی بہتر مارکیٹنگ میں کافی مدد ملتی ہے اور اُبھرتے ہوئے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سکیم کے تحت مذکورہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کار ایک برس میں چار بار ملک سے باہر نمائشوں میں مفت ہوائی ٹکٹ پر جاسکتے ہیں جبکہ انہیں نمائشوں کے دوران اپنے سٹال نصب کرنے کی جگہ کے علاوہ یومیہ 150ڈالر بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔اس موقعہ پر کئی متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
آئی ڈی ٹی آر سڑک حادثات میں کمی لانے کیلئے قائم کیا گیا :سامون
جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کہا ہے کہ انسٹی چیوٹ آف ڈرائیونگ، ٹریننگ اینڈ ریسرچ( آئی ڈی ٹی آر) سڑک حادثات میں کمی لانے میں اہم رول ادا کرے گا۔اس کے علاوہ ادارہ ڈرائیوروں کو گاڑی چلانے کی تربیت فراہم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ان باتوں کا اظہار پرنسپل سیکرٹری نے آئی ڈی ٹی آر کوٹ بھلوال کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات محفوظ سماج کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ڈی ٹی آر سہولیت کو معرض وجود میں لانے کا مقصد ڈرائیوروں کو عملی تربیت فراہم کرنے اور انہیں بہتر طور سے گاڑی چلانے کی عادت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمہ اس ضمن میں کئی دیگر اقدامات کر رہا ہے۔ڈاکٹر سامون نے کہا کہ اس مرکز میں تحقیقی کاموں کے علاوہ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ ادارہ گاڑی چلانے کے ہُنر میں بہتری لانے کے لئے3 ہفتے کا کپسٹی بلڈنگ تربیتی پروگرام چلائے گا اور ہر ایک بیچ میں50 ڈرائیوروں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ادارے کے تعمیراتی کام کو اپریل سے قبل مکمل کریں تا کہ اس ادارے میں تربیتی کورس شروع کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے پہلے بیچ میں جموں اینڈ کشمیرسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور سٹیٹ موٹر گیراجز ڈیپارٹمنٹ کے ڈرائیوروں کو لیا جائے۔انہوں نے ادارے کی تعمیر کے لئے معیاری مواد استعمال کرتے ہوئے دستیاب رقومات کا منصفانہ استعمال کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ادارے کے گرد ونواح میں لینڈ سکیپنگ ، تار بندی اور دیدہ ذیبی کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ سٹیٹ موٹر گیراجز ذاکر حُسین چوہدری، آر ٹی او جموں دیپ راج، جے کے پی سی سی کے ایگزیکٹو انجنیئرز، متعلقہ انجنیئرز اور دیگر افسران بھی پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔
وِجے کمار 17 جنوری کو جموں میں عوامی مطالبات سنیں گے
جموں//گورنر کے صلاح کار کے ۔وِجے کمار 17؍ جنوری 2019ء جمعرات کو جموں میں عوامی دربار میں عوام کے مطالبات سنیں گے ۔عوامی دربار میں شرکت کے خواہشمند عوامی وفود ، تنظیمیں اور افراد کنونشن سینٹرجموں میں مذکورہ تاریخ پر صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک اپنی شکایات اور مطالبات درج کراسکتے ہیں۔
آئی ٹی بی پی نے طُلاب کو بھارت درشن کیلئے روانہ کیا
جموں//ڈپٹی کمانڈنٹ52 بٹالین آئی ٹی بی پی راجندرا سنگھ نے بھارت درش پروگرام2018-19 کے تحت ضلع کٹھوعہ کے سرحدی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طُلاب کو ایجوکیشنل ایکسکرشن ٹور پر روانہ کیا۔45 طُلاب میں27 لڑکے اور18 لڑکیاں شامل ہیں۔ ان کے ہمراہ2 اساتذہ اور آئی ٹی بی پی کے3 افسران بھی ہیں۔یہ طُلاب سے23 جنوری تک ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد بچوں کو ملک کے مختلف علاقوں کی سیر کرنے کے علاوہ انہیں وہاں کے تمدن اور مذہبی مقامات کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے میں مدد فراہم ہوتی ہے۔سی ای او کٹھوعہ بشن سنگھ، زیڈ ای او ہیرا نگر بی ڈی شرما اور آئی ٹی بی پی کے افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
مسلم پرسنل لا بورڈکاظفرکھٹانہ کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں//مسلم پرسنل لا بورڈ کے صوبائی صدر و ادارہ اسلامیہ فاطمۃ الزہرا کے سرپرست مفتی نذیر احمد قادری نے سابقہ وائس چیئرمین گجر بکروال ایڈوائزری بورڈ چوہدری ظفر علی کھٹانہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میںمفتی نذیر احمد قادری نے مرحومہ کے حق میں اللہ رب العزت سے مرحومہ کی مغفرت کرنے اورلواحقین کوصبرجمیل عطافرمانے کی دعاکی ۔انہوں نے کہاکہ مرحومہ بہت ہی نیک سیرت خاتون تھیںجس کی وفات سے ایک بہت بڑا خلاپیدا ہوا ہے ۔مرحومہ ولی کامل حضرت باب نظام الدین لاروی رحمتہ اللہ علیہ کی صاحبزادی تھیں جو خاندان سیاست جموں کشمیر میں ہی نہیں بلکہ برصغیر میں جانا جاتا ہے ۔بابا جی صاحب لاروی رحمت اللہ علیہ اور انکے صاحبزادے بابا نظام الدین لاروی رحمتہ اللہ علیہ کے دربار عالیہ سے ہزاروں لوگ مستفید ہوتے ہیں۔
ویلفیئرکمیٹی بشیرگوجربستی کمیٹی کی تشکیل
عبدالرشیدبانیاں صدراورمولوی فریدسرپرست نامزد
جموں//بشیرگوجربستی رکھ رائے پور(ستواری) گاندھی نگرمیں معززین کاایک اجلاس منعقدہواجس میں ویلفیئرکمیٹی بشیرگوجربستی رکھ رائے پورستواری کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔اس دوران معززین نے بااتفاق رائے عبدالرشیدبانیاں کوویلفیئرکمیٹی کاصدرجبکہ اکائی کے دیگراراکین بھی نامزدکئے ۔اس موقعہ پرمقررین نے کہاکہ بستی میں نوجوانوں کومنشیات اوردیگرغیرقانونی کاموں سے دوررکھنے اوربستی کی تعمیروترقی کی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے کام کرے گی اوربستی کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے گی ۔مقررین نے کہاکہ بستی میں بجلی،پانی،سڑک جیسی سہولیات یقینی بنانے کے ساتھ صفائی ستھرائی ودیگرکاموں پربھی نگرانی رکھے گی ۔اس دوراج اجلاس میں چوہدری عبدالرشیدبانیاں کوصدروچیئرمین کمیٹی جبکہ چوہدری حاجی بشیراحمدکھٹانہ کوسرپرست اعلیٰ ، مولوی فریداحمدرضوی کوسرپرست ،عبدالرشیدبٹ کونائب صدر، برکت حسین کونائب صدردوم، مولوی جمیل احمدکوآرگنائزراورضاجی محمدفاروق کوجنرل سیکریٹری نامزدکیا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ بشیرگوجربستی میں لوگوں کے معیارزندگی کوبہتربنانے کیلئے تیزی کے ساتھ کمیٹی کام کرے گی ۔
پہاڑی فورم، آخون اور بہار سائنسز یونیورسٹی وی سی کی گورنر سے ملاقات
جموں//سابق آئی جی پی راجہ اعجاز علی اور شرافت علی خان کی قیادت میں جے اینڈ کے پہاڑی کلچرل اینڈ ویلفیئر فورم کا ایک وفد راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے گورنر کو پہاڑی لوگوں سے متعلق کئی معاملات کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں درخواست کی کہ پہاڑی لوگوں کیلئے تین فیصد ریزرویشن کے عمل میں سرعت لائی جائے ۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبے پر غور کیا جائے گا ۔ دریں اثناء سابق وزیر قمر علی آخون کی قیادت میں کرگل کا ایک وفد ملک سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے گورنر کو استدعا کی کہ لداخ کو صوبائی سطح کا درجہ دیا جائے اور لداخ خطے کے لیہہ اور کرگل اضلاع کو مختلف دفاتر کی متوازی تقسیم کاری فراہم کی جائے ۔ وفد نے سانکو میں ایک ڈگری کالج ، کرگل میں خواتین کا ڈگری کالج اور ایک میڈیکل کالج ، کرگل میں تعمیراتِ عامہ کا ایک الگ دفتر ، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کا ایک خصوصی سب ڈویژن ، دراس، زانسکار اور پدم کیلئے ہیلی کاپٹر خدمات ، پدم کیلئے ائیر سٹرپٹ کی تعمیر ، ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبرروں کی ملازمت میں باقاعدگی لانے ، کرگل میں 200 بستروں والے ہسپتال پر جاری کام میں سرعت لانے ، کرگل میں کام کر رہے سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس کی منظوری ، زوجیلہ ٹنل اور زیڈ موڑ پر جاری کام کو مکمل کرنے ، چاڈر سڑک پر جاری کام میں سرعت لانے ، پہلگام سے پانیکھر کیلئے سڑک تعمیر کرنے ، نئی دہلی میں کرگل بھون کی تعمیر جلد شروع کرنے ، کرگل میں کثیر السطح کی پارکنگ اور کرگل میں سب ڈویژنوں کیلئے عملے کو معرض وجود لانے جیسے مطالبات پیش کئے ۔ وفد میں سابق ایم پی حاجی غلام حسن خان ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے کونسلر مبارک شاہ اور غلام محمد ، نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر کرگل حاجی محمد حنیفہ جان شامل تھے ۔ اس دوران وائس چانسلر بہار انیمل سائنسز یونیورسٹی پٹنہ ڈاکٹر رومیشور سنگھ نے گورنر کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے گورنر کے ساتھ بہار میں انیمل ہسبنڈری سیکٹر کو ترقی دینے اور دیگر تحقیقی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر اور ڈاکٹر سنگھ نے ریاست جموں کشمیر میں پشوپالن شعبے کے ساتھ وابستہ معاملات پر سیر حاصل بحث کی اور ریاست میں اقتصادی حالت میں بہتری لانے میں پشو پالن سیکٹر کے رول پر بھی غور و خوض کیا ۔
کیول کمار شرما نے درجنوں عوامی وفود اور افراد کے مطالبات سُنے
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ روزانہ عوامی دربار میں درجنوں وفود اور افراد کی شکایات اور مطالبات بغور سُنے ۔ لگ بھگ 92 لوگ مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی ۔ مہور ریاسی کے باشندوں نے مشیر موصوف کی توجہ علاقے میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کی جا رہی سڑکوں کی طرف دلائی ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں کہ وہ اس پروجیکٹ پر رُکے پڑے کام میں سرعت لائیں ۔ بلاور کے باشندوں کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے علاقے کے ترقیاتی معاملات کے بارے میں جانکاری دی ۔ ڈی آر ڈبلیو ، صحت عامہ ، دراس کرگل کے باشندوں ، پی ایچ ای ورکرز ایسوسی ایشن ، اے ای الیکٹرککا ایک وفد، بوٹلرس ایسوسی ایشن اور کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے وفود بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور اپنے مطالبات پیش کئے ۔ مشیر موصوف نے تمام وفود اور افراد کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ مشیر موصوف نے وفود سے کہا کہ وہ اپنے جائیز مطالبات کی فہرست سروس گریونس کمیٹی کے سامنے پیش کریں تا کہ موقعہ پر ہی اُن کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ۔