مریکا میں آیا نے دوماہ کا بچہ قتل کرکے لاش ماں کے حوالے کردی

وسکونسن//  امریکی ریاست وسکونسن میں آیا پر 2 ماہ کے بچے کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے جس نے بچے کی لاش بغیر بتائے ماں کے حوالے کردی تھی۔ خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن میں 28 سالہ مارسا ٹائٹسورٹ پر2 ماہ کے بچے کا جان بوجھ کرقتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بچے کی ماں کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی کہ 28 سالہ مارسا ٹائٹسورٹ نے اکتوبرمیں اس کے 2 ماہ کے بچے کوقتل کیا، ماں نے الزام لگایا کہ جب وہ اپنے بچے کو آیا کے پاس دیکھ بھال کے لیے چھوڑ کرگئی تو 2 گھنٹے بعد آیا نے موبائل پر رابطہ کیا اور پیغام بھیجا کہ وہ کسی کو نہ بتائے کہ میں بچے کی دیکھ بھال کررہی ہوں کیونکہ ایک ویب سائیٹ نے میرے متعلق ایک خبرچھاپی ہے جس میں مجھ پر پہلے ہی بچوں کے ساتھ بد سلوکی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ماں جب اپنے بچے کو واپس لینے آئی تواس نے دیکھا کہ اس کا 2 ماہ کا بچہ آیا کی گاڑی میں موجود تھا جس کے منہ پرایک ہیٹ تھا اوراسے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑے پہنائے ہوئے تھے، ماں سمجھی کہ بچہ سورہا ہے تاہم کچھ دیربعد ماں نے محسوس کیا کہ بچہ سانس ہی نہیں لے رہا تو وہ گھبرا گئی اور پھرمزید غورسے دیکھنے پراسے پتہ چلا کہ اس کے بچے کے ہونٹ نیلے پڑے ہوئے تھے اوراس کے سر پربھی چوٹیں تھیں، جو یہ ظاہر کررہا تھا کہ بچہ کئی گھنٹے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ اس حوالے سے آیا نے پولیس کو بتایا کہ اسے معلوم تھا کہ بچہ مرچکا ہے لیکن اس کا بچے کے قتل سے کوئی لینا دینا نہیں تاہم پولیس اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔