ممبئی/یو این آئی// ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعرات کو کہا کہ پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مابین ایک مربوط کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داس نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکسوں کے معاملے میں مرکز اور ریاستوں کو مشترکہ اقدامات کرنے چاہیں تاکہ وہ اپنی قیمتوں کو کم کرسکیں۔ انہوں نے کہا ، "مرکز اور ریاستوں کے مابین مربوط کارروائی کی ضرورت ہے کیونکہ دونوں کے ذریعہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے۔‘‘تاہم انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں دونوں پر محصولات کا دباؤ ہے۔ ان کو ملک اور لوگوں کو کووڈ۔19 کے وبا کے پیدا کردہ دباؤ سے نکالنے کے لئے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑے گی۔آر بی آئی کے گورنر نے کہا ، "ایسی صورتحال میں محصول کی ضرورت اور حکومتوں کی مجبوری کو پوری طرح سمجھا جاتا ہے۔ لیکن یہ سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ اس کا اثر افراط زر پر بھی پڑتا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی اعلی قیمتوں کا مینوفیکچرنگ لاگت پر اثر پڑتا ہے۔ "انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک ڈیجیٹل کرنسی پر داخلی طور پر بہت سارے کام کر رہا ہے اور جامع ہدایت نامے کے ساتھ پیش رفت کی دستاویز جلد ہی جاری کی جائے گی۔