مرکزی کابینہ اجلاس | چھوٹے قرض لینے والوں کیلئے ریلیف سکیم کے لیے 974کروڑ روپے مزید منظور

نئی دہلی/یو این آئی/حکومت نے نیشنل کمیشن برائے صفائی کرمچاری (این سی ایس کے ) کی مدت کار 31 مارچ سے آگے تین سال بڑھانے کی تجویز کو بدھ کے روزمنظوری دے دی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیاگیا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے 58 ہزارسے زیادہ صفائی کرمچاری اور ہاتھ سے کچرا اٹھانے والے مستفید ہوں گے ۔واضح رہے کہ 31 مارچ 2021 تک ایم ایس ایکٹ سروے کے تحت شناخت شدہ ہاتھ سے کچرااٹھانے والوں کی تعداد 58098 ہے ۔کابینہ نے 2020 میں حکومت کی جانب سے 2 کروڑ روپے تک کے قرض لینے والوں کو چھ ماہ کی خصوصی مدت کے لیے کمپاؤنڈ سود اور سادہ سود کے درمیان فرق کو حکومت کی جانب سے بقیہ رقم کے طور پر ادائیگی کرنے کے منصوبہ کے دعووں کے تصفیہ کے لیے تقریباً 974 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے صحافیوں کو بتایاکہ "کابینہ نے 973.74 کروڑ روپے کی ایکس گریشیا رقم کی ادائیگی کو منظوری دی ہے جو کہ یکم مارچ 2020 سے 31 اگست 2020 تک ہے ۔ مرکب سود اور چھ ماہ کے سادہ سود کے درمیان فرق اس مدت کے دوران مخصوص قرض کھاتوں میں قرض لینے والوں کو بطور ایکس گریشیا ادائیگی کے لیے ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کا تعلق قرض دینے والے اداروں (ایل آئی) کی طرف سے جمع کرائے گئے بقایا دعووں سے ہے جو ایکس گریشیا ادائیگی کی اسکیم کے تحت ہے ۔یہ اسکیم کابینہ نے اکتوبر 2020 کو دی تھی، جس کے لیے پہلے 5,500 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے ۔ اس کے مستفید ہونے والے چھوٹے اور درمیانے یونٹس سے لے کر ہاؤسنگ، تعلیم اور ذاتی قرضوں کے خواہاں صارفین تک ہیں۔یہ اسکیم پریشان حال / کمزور زمرے کے قرض لینے والوں کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔ اس کا مقصد کووڈ-19 وبائی امراض سے ذریعہ معاش کے بحران کو برداشت کرنے اور دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں ان کی مدد کرنا تھا۔ اس کے تحت تمام چھوٹے قرض دہندگان کو سود کے فرق کی ادائیگی کرکے راحت دی جانی تھی، قطع نظر اس کے کہ وہ اس وقت بینکوں کی طرف سے اعلان کردہ قرض کی ادائیگی کی تاخیر کا فائدہ اٹھا رہے تھے یا نہیں۔ مرکزی حکومت نے بدھ کو سرکاری ملکیت والی آئی آر ای ڈی اے کو 1,500 کروڑ روپے کا شیئر کیپٹل فراہم کرنے کی تجویز کو منظوری دی ہے جو ملک میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے میں مصروف ہے ، تاکہ پروجیکٹوں کو قرض دینے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے ۔ اطلاعات و شریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے بتایاکہ"وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی نے آج انڈین رینیوایبل انرجی ڈیولپمنٹ سوسائٹی لمیٹڈ (آئی آر ای ڈی اے ) میں نقد دے کر ایکویٹی شیئرز خریدنے کے لئے 1500 روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے ۔