بانڈی پورہ //قبائلی اَمور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا جو ضلع بانڈی پورہ کے دو روزہ دورے پر ہیں، نے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کا اَچانک دورہ کیا تاکہ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے ضلع ہسپتال میں ٹیکہ کاری سینٹر کا دورہ کیا اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے کووِڈ وَبائی مرض سے نمٹنے کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔مرکزی وزیر نے ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹروں کے ساتھ ملاقات کی اور ہسپتال میں لوگوں کو فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور صحت دیکھ ریکھ کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر موصوف کو ضلع میں کووِڈ صورتحال او روَبائی اَمراض سے نمٹنے کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ اُنہوں نے ضلع میں نمونے لینے ، جانچ او رٹیکہ کاری کے عمل کے علاوہ کووِڈ تخفیفی اقدامات کا جائزہ لیا ۔ وزیر مملکت ارجن منڈا نے کووِڈ وَبائی مرض سے نمٹنے میں صحت کی دیکھ ریکھ کرنے والے کارکنوں اور ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اُن پر زوردیا کہ وہ محنت ، لگن اور تن دہی کے ساتھ کام جاری رکھیں۔بعد میں وزیرموصوف نے آلوسہ بانڈی پورہ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کا بھی دورہ کیا او روہاں مرکزی وزیر نے تیسری بٹالین کے سی آر پی ایف جوانوں سے بات چیت کی۔ مرکزی وزیر کو کمانڈنٹ سی آر پی ایف تیسری بٹالین راکیش شرما نے ضلع میں اَمن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔مرکزی وزیر موصوف نے سی آر پی ایف اور جے کے پولیس جوانوں کی تعریف کی ۔