سرنکوٹ //سرنکوٹ کے نوجوانوں کے ایک وفدنے بلاک ڈیولپمنٹ افسر قدر چاڑک سے ملاقات کرکے انہیں اس بات کا انتباہ دیاکہ اگر انہیںمرکزی معاونت والی سکیموںکے تحت انصاف نہ ملاتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔اس وفد کی قیادت بیروزگارنوجوانوں کے صدر طارق اشرف کررہے تھے ۔ انہوںنے بی ڈی او سے اپیل کی کہ مہاتماگاندھی نریگا اور دیگر سکیموں کے تحت ہوئے کاموں کی اجرت واگزار کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ چودہویں مالیاتی کمیشن سے فائدہ دیاجائے ۔طارق اشرف کاکہناتھاکہ اگر نوجوانوں کے ساتھ انصاف نہ ہواتو سنگین نتائج برآمد ہوںگے ۔ان کاکہناتھاکہ تمام تر سکیموں میںسے نوجوانوں کو حصہ دیاجائے اور کوتاہی برتے جانے پر سنگین نتائج کا سامنا کرناپڑے گا ۔انہوںنے کہاکہ وہ بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کریںگے ۔ انہوںنے بتایاکہ وہ آج ہی احتجاج کرنے جارہے تھے لیکن اس سے قبل ایک موقعہ دیاجارہاہے تاکہ نوجوانوں کے مسائل حل کئے جائیںاور انہیں نظرانداز کرنے کی پالیسی ترک کی جائے ۔بلاک ڈیولپمنٹ افسر نے تمام مسائل سننے کے بعد کہاکہ انہیں تعینات ہوئے ڈیڑھ ماہ ہی ہوئے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو ترجیح بنیاد پر کام دیئے جائیںکیونکہ نوجوانوں کی بھرپور شمولیت سے ہی مرکزی معاونت والی سکیموں کی کامیابی سے عمل آوری ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اجرتوں کی ادائیگی بھی جلد ہوگی ۔