مرکزی داخلہ سیکریٹری کی جائزہ میٹنگ

سرینگر //مرکزی داخلہ سیکریٹری اجے بھلہ نے جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میںکورونا وائرس کی روکتھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جا جائزہ لیا اور کہا کہ تمام مرکزی زیر انتظام علاقوں میں ٹیسٹنگ، رابطوں کا پتہ لگانے کے علاوہ متاثرین کو علاج فراہم کرنے اور مختلف زمروں کے تحت آنے والے افراد کی ٹیکہ کاری میں تیزی لائیں تاکہ کورونا پر روک لگائی جاسکے۔ چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو کے علاوہ دیگر مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز اور ایڈمنسٹریز موجود تھے جن میں انڈوما نیکوبار، چندی گڑھ ، لداخ اور دیگر مریکزی زیر انتظام علاقے شامل ہیں۔ مرکزی زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی داخلہ سیکریٹری نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقوں میں پچھلے چند ہفتوں سے کورونا متاثرین کی تعداد میں متواتر طور پر کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی تعداد 4ہزار 244اور اموات 54تک سمٹ کررہ گئی ہے۔ داخلہ سیکریٹری نے تمام علاقوں کے منتظمین کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں کیسوں میں اضافہ کو قابو کرنے کیلئے تیار رہیں۔ داخلہ سیکریٹری کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے ایک ہفتہ کے دوران 999افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جبکہ اس دوران 9متاثرین فوت ہوگئے۔ سیکریٹری داخلہ نے جموں و کشمیر انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ مختلف زمروں کے تحت آنے والے آبادی کی ٹیکہ کاری کیلئے مخصوص دنوں پر خصوصی ٹیکہ کاری سینٹروں کا قیام عمل میں لائیں۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت دی ہے کہ ٹیکہ لینے والے افراد کو دوسرا ڈوز وقت پر دیا جائے جبکہ بغیر ویکسین کے لوگوں کی ٹیکہ کاری میں تیزی لائی جائے۔ ابتک جموں و کشمیر میں 50لاکھ لوگوں کو کورونا مخالف ٹیکہ کا پہلا ڈوذ لگایا گیا ہے اور یہ پوری آبادی کا 40فیصد ہے۔ ٹیکہ لگانے والوں میں45سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں 100فیصد جبکہ 18سال سے 45سال کے زمرے میں آنے والے 31فیصد لوگوں کو ٹیکہ لگائے گئے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے مرکزی سرکار نے درخواست کی ہے کہ جموں و کشمیر کو مزید 60لاکھ ٹیکے فراہم کئے جائیں تاکہ پوری آبادی کو کورونا مخالف ٹیکہ لگائے جائیں۔ 
 
 

مزید 128متاثر، ایک فوت

پرویز احمد 
 
سرینگر //جموں و کشمیر میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کی تشخیص کیلئے 62ہزار 108تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3سفر کرنے والوں سمیت مزید 128افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 22ہزار 142 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس سے جموں صوبے میں مزید ایک اور شخص فوت ہوگیا ہے۔ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4386ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 128افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 38جموں جبکہ 90کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 90افراد میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے ہیں جبکہ 88مقامی سطح پر وائرس کے رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 90متاثرین میں سرینگر میں 42،بارہمولہ میں 2،بڈگام میں 9، پلوامہ میں 7،کپوارہ میں 9، اننت ناگ میں 2، بانڈی پورہ میں 4، گاندربل میں 9، کولگام میں 6 اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 108ہوگئی ہے۔ جمعرات کو وادی میں وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور اسطرح کشمیر میں متوفین کی تعداد2238بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے کٹھوعہ سانبہ اور رام بن میں کوئی بھی شخص وائرس سے متاثر نہیں ہوا ہے جبکہ دیگر 7اضلاع میں 2مسافروں سمیت مزید 38افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین میں ضلع جموں میں 4، ادھمپور میں 10، راجوری میں 5، ڈوڈہ میں 6،کشتواڑ میں 6 ، پونچھ میں 4 اور ریاسی میں 3افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 22ہزار 34ہوگئی ہے۔ اس دوران گورنمنٹ مڈیکل کالج راجوری میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2148ہوگئی ہے۔