بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر کی حکومت نے پیر کو 2027 کی مردم شماری کے لیے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح کی مردم شماری کیلئے کوارڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کے چیئرمین چیف سکریٹری جموں و کشمیر ہوں گے۔حکومتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ” اسکی منظوری یونین ٹیریٹری لیول کی مردم شماری کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئین کے مطابق ہے، جس میں ہموار منصوبہ بندی، عمل درآمد، نگرانی، بروقت تکمیل اور مردم شماری 2027کے کامیاب انعقاد کے لیے مندرجات شامل ہیں۔”یہ کمیٹی مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح پر تمام ایجنسیوں کے درمیان سنسس 2027 کی سرگرمیوں کی ہموار منصوبہ بندی، عمل آوری اور کی نگرانی کرے گی۔ قومی سطح پر، حکومت ہند نے فیصلہ کیا ہے کہ مردم شماری2027 کا آغاز یکم مارچ ، 2027 سے ہوگا، جبکہ برفانی علاقوں جیسے کہ جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں اور لداخ میں یہ کارروائی یکم اکتوبر، 2026 سے شروع کی جائے گی۔ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام خطوںکو ہدایت دی گئی ہے کہ31دسمبر ، 2025 تک انتظامی سرحدوں میں ممکنہ تبدیلیاں مکمل کر دے تاکہ مردم شماری کے دوران کوئی تکنیکی دشواری پیش نہ آئے۔جموں کشمیر کی مجموعی آبادی کے حوالے سے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 میں آبادی کا تخمینہ تقریباً 1.373 کروڑ تھا، جبکہ اندازہ ہے کہ یہ 2025 تک بڑھ کر 1.383 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے ۔ دیگر تخمینوں کے مطابق، 2024 میں آبادی 1.582 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور 2025 میں یہ 1.599 کروڑ متوقع ہے۔اس پیش رفت سے امید کی جا رہی ہے کہ جموں کشمیر میں مردم شماری2027 تمام انتظامی و عملیاتی چیلنجوں کے پیش نظر بروقت اور موثر انداز میں مکمل ہو سکے گی۔حکومتی آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ کمیٹی یونین ٹیریٹری سطح پر تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی اور مردم شماری سے جڑی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔ یہ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ مردم شماری کے دوران مطلوبہ وسائل، لاجسٹک سہولیات، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر معاون سپورٹ بروقت دستیاب ہو۔ کمیٹی وقتاً فوقتاً مردم شماری سے متعلقہ سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ بھی لے گی تاکہ اس عمل کو مقررہ مدت میں کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔حکم کے مطابق انتظامی سیکریٹری، منصوبہ بندی، ترقی اور مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ،انتظامی سیکرٹری، محکمہ خزانہ،انتظامی سیکریٹری، ہائوسنگ اور شہری ترقی محکمہ، انتظامی سیکریٹری ریونیو ڈیپارٹمنٹ، انتظامی سیکریٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، انتظامی سکریٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمہ، ڈائریکٹر پلاننگ، (ایکسپینڈیچر ڈویژن-II، فنانس ڈیپارٹمنٹ)کو اس کے رکن کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ڈائریکٹر، مردم شماری آپریشن، جموں و کشمیر کو اس کا کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔