عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//متحدہ مجلس علما ،انجمن شرعی شعیان،میر واعظ ،مفتی اعظم ،ڈاکٹر فاروق ،الطاف بخاری ،عوامی اتحاد پارٹی،سول سوسائٹی فورم ،جمعیت ہمدانیہ سمیت متعدد سیاسی ،مذہبی اور دیگر انجمنوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل کو ’’افسوسناک، اشتعال انگیز اور خطے کے امن و استحکام کیلئے نہایت خطرناک پیش رفت‘‘ قرار دیا اورعوام سے ہر حال میں پْرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
متحدہ مجلس علما
متحدہ مجلسِ علماء جو جموں و کشمیر کی دینی و مذہبی تنظیموں کا سب سے بڑا اتحاد ہے نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے، اور اسے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کھلی جارحیت قرار دیا ہے جس نے عالمِ اسلام کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔مجلس کے ارکان بشمول میرواعظ عمر فاروق، مفتی اعظم ناصر الاسلام، مولانا محمد رحمت اللہ قاسمی، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، ڈاکٹر عبدا لطیف الکندی، آغا سید محمد ہادی، مولانا مسرور عباس انصاری اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام اس ظلم و بربریت اور ایران کے خلاف جاری جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، نیز مناب میں معصوم طالبات کے قتل عام کو بھی انسانیت سوز اور قابلِ افسوس قرار دیتے ہیں۔مجلس نے کہا کہ اس سفاکانہ قتل اور خطے میں جاری جارحیت کے خلاف جموں و کشمیر کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
میرواعظ
ٍ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ ہم سید آیت اللہ خامنائی کے بہیمانہ قتل پر، جو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیا گیا اور جس نے پوری مسلم دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، گہرے دکھ اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہیں۔جموں و کشمیر کے عوام اجتماعی طور پر اس سفاکانہ عمل اورایران کے خلاف جاری جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں،۔اس انتہائی غم اور اندوہ کی گھڑی میں ہمارے دل ایران کے ثابت قدم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ وہ لمحہ ہے جب امت کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہونا چاہیے اور اس قتل اور خطے میں جاری جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔
مفتی اعظم
مفتی اعظم جموں و کشمیر نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کو امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم سانحہ اور نا قابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ ظلم اور استبداد کے خلاف جرآت، استقامت اور بے باکی کے ساتھ حق کی آواز بلند کی اور مظلوموں کی حمایت میں کبھی مصلحت سے کام نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے انصاف ، جوابدہی اور نہتے عوام کے قتل عام کے فوری خاتمے کا پْر زور مطالبہ کرتے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر حق کا ساتھ دے اور اس کے تحفظ کے لئے مضبوطی سے کھڑی ہوتا کہ امریکہ اور اسرائل منصوبوں کو شکست دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ میںجموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس نازک گھڑی میں امن وامان برقرار رکھیں ۔
انجمن شرعی شیعیان
انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے، اس وقت خود ایک عظیم سوگوار کی حیثیت سے اس صدمے کی کیفیت میں ہیں نے کہا کہ رہبر معظم کی شخصیت ایک مربی، ایک روحانی پیشوا اور ولایت فقیہ کے اس تسلسل کا نام تھی جس سے پوری کشمیری قوم کو حوصلہ اور رہنمائی ملتی تھی۔اس عظیم ملی و انقلابی خسارے کے پیش نظر، انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے جموں و کشمیرمیں چالیس (40) روزہ سوگ کا اعلان کیا جاتا ہے۔تمام مساجد، امام بارگاہوں، دینی اداروں اور مومنین کے مکانات پر سیاہ پرچم بلند کیے جائیں تاکہ اس عالمی سوگ کا اظہار ہو سکے۔وادی کے طول و عرض میں قرآن خوانی اور ایصال ثواب کے اجتماعات منعقد کیے جائیں جن میں شہید ملت کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔تمام خطباء اور مبلغین اپنی تقاریر میں رہبر معظم کی ان بے لوث خدمات کا ذکر کریں جو انہوں نے اتحاد بین المسلمین اور مظلومین فلسطین کی حمایت میں انجام دیں۔ چالیس روزہ سوگ کے دوران تمام مومنین سے اپیل ہے کہ وہ اپنی نجی و عوامی زندگی میں سادگی اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی پرمسرت تقریبات سے مکمل اجتناب برتیں۔
اے آئی پی
عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کا اتوار کو ایک ہنگامی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ وائس چیئرمین ایڈووکیٹ جی این شاہین نے اجلاس کی صدارت کی ۔پارٹی ترجمان انعام النبی نے کہا کہ اے آئی پی نے اپنی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے ذریعے اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور نقصان پر سوگواروں کے لیے صبر اور طاقت کی دعا کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سانحے کے لمحات سے پوری امت مسلمہ میں اتحاد، ہمدردی اور سوچ کی تحریک ہونی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دانشمندی اور تحمل سے کام لے تاکہ معصوم جانوں کے مزید نقصان کو روکا جا سکے اور کشیدگی پر امن اور بات چیت کو ترجیح دی جائے۔AIP نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مرحوم رہنما کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور پرامن اور باوقار انداز میں یکجہتی کا اظہار
کریں۔سول سوسائٹی فورم
جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم (JKCSF) کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے المناک نقصان نے انسانیت کے ضمیر کو شدید صدمہ پہنچایا ہے۔جے کے سی ایس ایف کسی بھی جارحیت کے عمل کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے جس سے اقوام کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ عام شہریوں بالخصوص بچوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اسے کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سکول کے بچوں اور بے دفاع شہریوں کا قتل خود انسانیت پر حملہ ہے۔JKCSF نے ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
مولانا ہمدانی
جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا مولوی ریاض احمد ہمدانی نے ایران کے رہبر اور عظیم ملی شخصیت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اختلاف یا تنازعے کا حل تشدد نہیں بلکہ مکالمہ، تدبر اور باہمی احترام کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔مولانا ہمدانی نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں اہل کشمیر کی ہمدردیاں مرحوم کے اہلِ خانہ، ایرانی عوام اور تمام سوگواروں کے ساتھ ہیں۔